Tag: Indonesia

  • مسافر طیارہ دوران لینڈنگ اچانک ایک جانب جھک گیا، چیخ و پکار مچ گئی

    مسافر طیارہ دوران لینڈنگ اچانک ایک جانب جھک گیا، چیخ و پکار مچ گئی

    انڈونیشیا کے سوکارنوہٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر طیارہ شدید موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے دوران لینڈنگ کے دوران حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق باتک ایئر لائن بوئنگ 737 مسافر طیارہ ایئرپورٹ پر پر لینڈنگ کے دوران اچانک آنے والی تیز ہواؤں کی لپیٹ میں آگیا۔

    ہوا کے تیز جھونکوں نے مسافر طیارے کو ایک جانب جھکا دیا، جس سے دائیں بازو اور انجن رن وے سے ٹکراتے ٹکراتے رہ گئے۔

    اس وقت موسم بہت خراب تھا، تیز بارش اور آندھی چل رہی تھی۔ ایسی صورتحال میں لینڈنگ کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ بارش کی وجہ سے نظر کم ہو جاتی ہے اور پائلٹ کیلیے جہاز کو سنبھالنا مشکل ہوجاتا ہے۔

    طیارہ لینڈنگ کے دوران ایک جانب جھکاؤ کا شکار ہوا، تاہم پائلٹ کی مہارت اور بروقت ردعمل کے باعث طیارے کو بحفاظت رن وے پر اتار لیا گیا۔ اس موقع پر مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔

    ایئرپورٹ حکام کے مطابق واقعے کے بعد طیارے کی مکمل چیکنگ اور معائنہ کیا گیا تاہم کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    باتک ایئر کے ترجمان نے واقعے سے متعلق کہا کہ تمام تر حفاظتی اقدامات و ہدایات پر عمل کیا گیا تھا، اور پائلٹوں نے بھی انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں صورتحال پر قابو پایا۔

    واضح رہے کہ طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے، جنہیں بحفاظت اتار لیا گیا۔ واقعے کے بعد مسافروں کو متبادل پروازوں کے ذریعے ان کی منزلوں کی جانب روانہ کیا گیا۔

  • انڈونیشیا نے جے 10 طیاروں کی خریداری پر غور شروع کر دیا

    انڈونیشیا نے جے 10 طیاروں کی خریداری پر غور شروع کر دیا

    پاکستانی فضائیہ کی جانب سے بھارت کو دھول چٹانے کے بعد جے 10 طیاروں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔ انڈونیشیا نے چین سے جے 10 طیاروں کی خریداری پر غور شروع کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ چین سے جے 10 طیاروں کی خریداری کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    نائب وزیر دفاع کے مطابق پاکستان کی جانب سے جے 10طیارے سے بھارتی طیارے مار گرانے کو مدنظر رکھیں گے۔

    انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع کے مطابق امریکی ساختہ ایف 15اور فرانسیسی رفال طیاروں کی خریداری بھی زیر غور ہے۔

    دوسری جانب انڈونیشیا نے بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے پہلے مفت کھانے کا حکومتی پروگرام شروع کردیا ہے۔

    انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے اپنے ایک چوتھائی سے زیادہ لوگوں کو مفت کھانا فراہم کرنے کا اربوں ڈالر کا مہتواکانکشی پروگرام سرکاری طور پر جاری ہے جس کے افتتاحی دن 570,000 کھانے کھلائے گئے۔

    گزشتہ سال پرابوو کو اقتدار میں لانے والی انتخابی مہم کا مرکز ہونے کے باوجود، اس اسکیم کو پیر کے روز خاموشی سے شروع کیا گیا۔

    حکام نے بتایا کہ 20 سے زائد اسکول کے بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے پہلا کھانا تیار کرنے میں صرف 190 کچن شامل تھے۔

    مفت کھانے کے منصوبے کا ہدف 2029 تک ملک کی 280 ملین آبادی میں سے 82.9 ملین تک پہنچنا ہے۔

    پرابوو نے اس پروگرام کا دفاع کیا ہے اور گزشتہ ماہ اسے بچوں کی غذائی قلت کا مقابلہ کرنے اور علاقائی سطح پر انڈونیشیا کی معیشت میں ترقی کو تیز کرنے کے لیے حکمت عملی قرار دیا تھا۔

    پاکستان سے تعلقات امریکا کے لیے انتہائی اہم قرار

    اس سال پہلے مرحلے میں 71 ٹریلین روپے ($4.39bn) لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس سے 15 ملین لوگوں کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔

  • سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے انڈونیشیا میں تباہی، 20 ہلاک

    سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے انڈونیشیا میں تباہی، 20 ہلاک

    جکارتہ: انڈونیشیا میں مسلسل ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے، 20 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلابی ریلے راستے میں آنے والی ہر شے بہا لے گئے ہیں، کئی مقامات پر پل بھی بہہ گئے، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد افراد مٹی کے تودوں تلے دب گئے ہیں، ہفتے کے روز سے شروع ہونے والی شدید بارش نے شمالی سماٹرا کے چار اضلاع میں تباہی مچائی، جس سے جان لیوا سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔

    طوفانی بارشوں سے جکارتہ اور اطراف کے علاقوں میں سیلاب آ گیا، جس کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

    جنوبی کوریا، برف باری کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مصروف ہیں، درجنوں گاڑیاں تباہ ہو چکی ہیں، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

  • انڈونیشیا کے صدر کی ٹرمپ کو فون کال وائرل ہو گئی

    انڈونیشیا کے صدر کی ٹرمپ کو فون کال وائرل ہو گئی

    واشنگٹن: انڈونیشیا کے صدر کی نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو خوب وائرل ہو رہی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے منگل کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی اور واشنگٹن کے سرکاری دورے کے موقع پر نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون پر مبارک باد پیش کی۔

    انڈونیشین صدر نے ٹرمپ کے ساتھ فون پر ہوئی اس گفتگو کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تو یہ خوب وائرل ہو گئی، ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ انڈونیشین صدر نے امریکی صدر سے ون ٹو ون ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تو ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی انڈونیشین صدر کے بولنے کے انداز کی تعریف کی۔

    پرابوو سوبیانتو نے کہا ’’آپ جہاں کہیں بھی ہوں، میں آپ کو ذاتی طور پر مبارک باد دینے کے لیے تیار ہوں۔‘‘ ٹرمپ نے جواب دیا ’’ہم ایسا ہی کریں گے، جب بھی آپ چاہیں گے۔‘‘

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی جیت کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے انھیں ایک بڑا مینڈیٹ مل گیا ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ انڈونیشیا کے صدر انتہائی قابل احترام ہیں اور ان کی انگریزی کی تعریف کی، جس پر اسپیشل فورسز کے سابق کمانڈر پرابوو نے جواب دیا: ’’سر، میری تمام تربیت امریکی ہے۔‘‘

    گفتگو میں انڈونیشین صدر نے انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ پر قاتلانہ حملے پر صدمے، اور بچ جانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ٹرمپ نے کہا ’’ہاں میں بہت خوش قسمت ہوں، میں صرف صحیح سمت کے ساتھ صحیح جگہ پر تھا، ورنہ میں ابھی آپ سے بات نہیں کر رہا ہوتا۔‘‘

    ٹرمپ کے ساتھ گفتگو کے بعد انڈونیشین صدر نے اوول آفس میں جو بائیڈن سے بھی ملاقات کی، جس میں انھوں نے کہا ’’میں انڈونیشیا اور امریکا کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بہت محنت کروں گا، اور دو طرفہ مضبوط تعاون کے لیے کام کروں گا۔‘‘

    واضح رہے کہ انڈونیشین صدر چین سے سیدھے واشنگٹن پہنچے تھے، چین کا یہ گزشتہ ماہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا، جہاں انھوں نے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ یاد رہے کہ واشنگٹن جنوب مشرقی ایشیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک انڈونیشیا کو اس خطے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے، کیوں کہ اس خطے میں اس کے حریف بیجنگ کے گہرے تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط استوار ہیں۔ انڈونیشیا دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا مسلم اکثریتی ملک بھی ہے۔

  • انڈونیشیا : ٹیک آف سے پہلے مسافر طیارہ کو حادثہ : متعدد زخمی

    انڈونیشیا : ٹیک آف سے پہلے مسافر طیارہ کو حادثہ : متعدد زخمی

    جکارتہ : انڈونیشیا میں ایک مسافر طیارہ ٹیک آف سے کچھ لمحے قبل بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، اڑان بھرنے سے پہلے ہی رن وے پر پھسل گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کہ انڈونیشیا کے مشرقی علاقے پاپوا میں پیر کے روز ایک طیارہ جس میں 48 افراد سوار تھے، رن وے سے پھسل گیا واقعے میں متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی ایشیائی جزیرہ نما پاپوا پہاڑی خطے میں ڈھکا ہوا ہے جہاں بار بار خراب موسم کی وجہ سے پرواز میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔

    تریگانا ایئر سے تعلق رکھنے والا اے ٹی آر 42 طیارہ پیر کی صبح یاپن جزیرے کے ایک ہوائی اڈے سے دارالحکومت جایا پورا کے لیے پرواز کرنے ہی والا تھا کہ ٹیک آف سے پہلے رن وے سے پھسل گیا۔ پرواز میں ایک بچے سمیت 42 مسافر اور عملے کے چھ افراد سوار تھے۔

    جہاز کا توازن بگڑتے ہی مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی، متعدد مسافر جھٹکے لگنے سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں بعد ازاں بی امداد کیلیے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہم اس واقعے کی تحقیقات اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ ایسا دوبارہ کبھی نہ ہو۔

    یاد رہے کہ سال2015 میں ٹریگانا ایئر کا ایک طیارہ اسی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار تمام 54 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی ہلاک

    فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی ہلاک

    جکارتہ : انڈونیشیا میں آسمانی بجلی فٹبالر کی جان لے گئی، انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے دوران ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں ایک فٹ بال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک کھلاڑی کی موت نے ہرطرف خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

    واقعے کے بعد کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، زخمی کھلاڑی کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔

    مذکورہ کھلاڑی کی شناخت "ایف ایل او” سوبانگ ٹیم کے 30 سالہ سپیٹان کے نام سے ہوئی ہے۔

    lightning

    سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھیل کے میدان میں فٹ بال کھلاڑی دوستانہ میچ کھیل رہے تھے جب اچانک گرج چمک ساتھ بارش شروع ہوگئی۔

     

  • انڈونیشیا جانا اب بہت آسان، نئی ویزا پالیسی متعارف

    انڈونیشیا جانا اب بہت آسان، نئی ویزا پالیسی متعارف

    انڈونیشیا نے گزشتہ ماہ 20 ممالک کے شہریوں کو ویزے کے بغیر داخلے کی اجازت دینے کے بعد اب نئی ویزا پالیسی کے تحت 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزے کے اجراء کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    خوبصورت جزیروں اور دلفریب نظاروں کی سرزمین انڈونیشیا دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتی ہے، یہ ملک سیاحوں کے لیے ایک جنت کی مانند ہے۔

    ان سیاحوں کی آمد کے حوالے سے حکومت وقت نے نئی ویزا پالیسی متعارف کرادی ہے جس کے تحت اب وہاں ایک وزٹ میں 2مہینوں کے لیے سیر و تفریح کی جاسکتی ہے اور یہ سہولت صرف ایک 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزے کی صورت میں حاصل ہوگی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن نے حال ہی میں ایک اہم ویزا پالیسی کا اعلان کیا ہے جس نے 5 سالہ ملٹی پل ویزے کی شکل میں ملک میں سیاحت و کاروبار دونوں کو ایک نئے دور میں داخل کردیا ہے۔

    Indonesia

    اس ویزے کے تحت سیاح اپنے ہر چکر میں 2 ماہ تک انڈونیشیا میں رہتے ہوئے سیر و تفریح، دوستوں اور عزیزوں سے ملنے اور ثقافتی تقریبات میں شرکت جیسی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

    اس اقدام کا بنیادی مقصد انڈونیشیا میں کاروبار اور سیاحت دونوں سرگرمیوں کا ارادہ رکھنے والے غیر ملکیوں کے لیے سفر کی راہ ہموار کرنا ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل امیگریشن سلمیٰ کریم نے نئی ویزا پالیسی کے مثبت اثرات کے بارے میں امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملٹی پل انٹری ویزا غیر ملکیوں کے لیے اعلیٰ نقل و حرکت کے لیے ایک بڑی سہولت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اس نئی ویزا پالیسی کے نتیجے میں مزید غیر ملکی شہری انڈونیشیا کا دورہ کریں گے۔

     Visa Policy

    انڈونیشیا کا 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزا

    حال ہی میں شروع کیے گئے 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزے کے اجرا کی صورت میں سیاحت یا کاروباری مقاصد کے لیے ملک کی سیر کرنے کا ارادہ رکھنے والے غیر ملکیوں کے لیے فی وزٹ 60 دن تک رہنے کی اجازت ہوگی۔

    انڈونیشیا کے لیے معیاری سیاحتی ویزا عام طور پر ایک ہی اندراج کے ساتھ 30 دن کے قیام کی اجازت دیتا ہے جبکہ اس کی میعاد ختم ہونے سے پہلے مزید 30 دن توسیع بھی کرائی جاسکتی ہے۔

    ویزا

    ویزے کی اقسام ’ڈی 1‘ اور ’ڈی 2‘

    مذکورہ ویزے کا اجرا جنوری 2024 سے ہوگا جس کے تحت غیر ملکیوں کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ 2 متعدد داخلے والے ویزوں کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرلیں۔ ان میں سے ہر ایک 5 سال کے لیے کارآمد ہوگا۔

    ڈی 1 کے تحت سیر و تفریح کی اجازت ہوگی جبکہ ڈی 2 کاروباری مسافروں کے لیے ڈیزائن کیا گیا۔ ڈی 2 کے تحت مسافر ملک میں کہیں بھی میٹنگز، کانفرنسز، نمائشوں اور کاروباری مذاکرات میں حصہ لینے جیسی سرگرمیوں کے لیے فی دورہ 60 دن تک قیام کرسکیں گے۔ تاہم کل وقتی ملازمت یا تجارتی سرگرمیوں میں مشغول ہونے کی اجازت نہیں ہوگی جن کے لیے ورک پرمٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔

  • انڈونیشیا میں بڑی کارروائی : ‌سابق وزیر کی گرفتاری

    انڈونیشیا میں بڑی کارروائی : ‌سابق وزیر کی گرفتاری

    جکارتہ : انڈونیشیا میں ایک اور وزیر کو بدعنوانی کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا اس سے قبل پانچ وزراء بھی ہیں جن کیخلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے سابق وزیر زراعت سہرال یاسین لیمپو کو ملک کے انسداد بدعنوانی کمیشن نے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    غیرملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں بدعنوانی کے خاتمے کے کمیشن (کے پی کے) کے ترجمان علی فکری نے میڈیا کو بتایا کہ سہرال یاسین لیمپو اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی وجہ سے گزشتہ ہفتے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور کے پی کے نے بدھ کو انہیں باضابطہ طور پر مشتبہ نامزد کیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ کمیشن نے انھیں اس خدشے کی وجہ سے حراست میں لیا کہ وہ فرار ہو جائیں گے یا ثبوت مٹا دیں گے۔ واضح رہے کہ سہرال یاسین لیمپو چھٹے وزیر ہیں جن کے خلاف 2014میں صدر جوکو ویدوڈو نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بدعنوانی کی تحقیقات کی ہیں۔

  • انڈونیشیا میں پھنسے پی آئی اے طیاروں کے معاملے میں حکومت پاکستان کا مداخلت کا فیصلہ

    انڈونیشیا میں پھنسے پی آئی اے طیاروں کے معاملے میں حکومت پاکستان کا مداخلت کا فیصلہ

    کراچی: انڈونیشیا میں پھنسے پی آئی اے طیاروں کے معاملے میں حکومت پاکستان بے مداخلت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں پھنسے پی آئی اے کے 2 طیاروں کے معاملے کو انتظامیہ دو سال سے حل نہیں کر سکی ہے، جس پر حکومت پاکستان نے مداخلت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سلسلے میں سیکریٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں پی آئی اے کا اعلیٰ سطحی وفد اتوار کو ملائیشیا جائے گا، وفد میں پی آئی اے کے سی ای او اور ڈائریکٹر انجینئرنگ شامل ہوں گے۔

    پی آئی اے ترجمان نے سیکریٹری ایوی ایشن اور پی آئی اے کے وفد کے دورے کی تصدیق کر دی ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ وفد لیزنگ کمپنی ایئر ایشیا سے طیاروں کا معاملہ حل کرنے کے لیے مذاکرات کرے گا۔

    ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے دو ایئر بس اے 320 طیارے لیزنگ کمپنی سے تنازعے کے سبب ستمبر 2021 سے جکارتہ میں کھڑے ہیں، پی آئی اے ری ڈلیوری کے لیے ان طیاروں پر 30 ملین ڈالرز خرچ کر کے انھیں خرید لینا چاہتی ہے، 30 سے 32 ملین ڈالر خرچ کر کے طیارے نئے جیسے ہو جائیں گے۔

    پی آئی اے کی پرواز کو کینیڈا میں کیوں روکا گیا؟

    ترجمان نے بتایا کہ لیزنگ کمپنی پہلے طیاروں کی فروخت پر راضی تھی اب انکار کر دیا ہے، وفد طیاروں کی پی آئی اے کو فروخت کے لیے لیزنگ کمپنی سے مذاکرات کرے گا۔ ترجمان کے مطابق طیاروں کی ڈیلیوری جکارتہ میں ہونی تھی اس لیے طیارے انڈونیشیا میں کھڑے ہیں۔

  • آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے دل دہلا دینے والے مناظر

    آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے دل دہلا دینے والے مناظر

    جکارتہ: انڈونیشیا میں آتش فشاں پہاڑ ماؤنٹ میراپی پھٹنے کے دل دہلا دینے والے مناظر سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں دو دن قبل مشہور آتش فشانی پہاڑ میراپی پھٹ پڑا ہے اور اس سے لاوا بہنے لگا ہے، آتش فشانی کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی گاؤں اس کی راکھ کی لپیٹ میں آ گئے، اور قریبی علاقوں میں دھواں پھیل گیا۔

    آتش فشاں کا لاوا 7 کلو میٹر کے رقبے تک پھیل گیا ہے، دھوئیں اور راکھ کے بادل فضا میں بلند ہوتے رہے، جنھیں دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔

    آتش فشاں آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ راکھ کے بادل تین ہزار میٹر بلندی تک پہنچ گئے تھے۔

    سوشل میڈیا پر اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، ایک ویڈیو میں قریبی علاقے کے لوگ پکنک مناتے ہوئے آتش فشاں پہاڑ سے بلند ہوتے دھوئیں کو دیکھ رہے ہیں، اور ویڈیو بنا رہے ہیں۔

    ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راکھ اور دھواں نہایت تیز رفتاری کے ساتھ پہاڑ سے نیچے کی طرف چلا جا رہا ہے، جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ اگر کوئی اس کی زد پر تھا تو اس کے لیے بچ نکلنا ناممکن ہوتا۔