Tag: Indonesia

  • انڈونیشیا میں تیل کے گودام میں خوفناک آتش زدگی، 17 افراد ہلاک، ہزاروں افراد کا انخلا

    انڈونیشیا میں تیل کے گودام میں خوفناک آتش زدگی، 17 افراد ہلاک، ہزاروں افراد کا انخلا

    جکارتا: انڈونیشیا میں تیل کے گودام میں خوفناک آتش زدگی کے باعث 17 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعہ کو انڈونیشیا کے دارالحکومت کے سرکاری فیول اسٹوریج اسٹیشن میں آگ لگنے سے سترہ افراد ہلاک جب کہ 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں، علاقے سے ہزاروں افراد کو انخلا بھی کرنا پڑا۔

    خوفناک آگ نے گرد و نواح میں واقع رہائشی علاقے کو بھی لپیٹ میں لے لیا، کئی گھر جل کر خاکستر ہو گئے، آگ بھڑکنے کے بعد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

    آتش زدگی اور دھماکوں کے بعد خوف کے شکار علاقہ مکینوں نے گھروں کو خالی کر دیا۔ انڈونیشیائی فائر حکام نے بتایا کہ کم از کم 260 فائر فائٹرز اور 52 فائر انجن آگ پر قابو پانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

    اے پی نیوز کے مطابق ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی آگ کی ویڈیو میں کمیونٹی کے سیکڑوں افراد کو خوف و ہراس میں بھاگتے ہوئے دکھایا گیا، جب کہ سیاہ دھویں اور نارنجی رنگ کے شعلوں نے آسمان کو چھپا دیا تھا، اور فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں مصروف تھے۔

    شمالی جکارتا کے علاقے تانا میرا کے گنجان آباد علاقے میں موجود سرکاری کمپنی سے انڈونیشیا کی ضروریات کا 25 فی صد ایندھن سپلائی کیا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گودام میں آگ لگنے سے ملک میں ایندھن کی سپلائی متاثر نہیں ہوگی۔

  • انڈونیشیا میں 7 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

    جکارتا: انڈونیشیا کے شمالی صوبے مالوکو جزیرے میں 7.0 شدت کے زلزلے سے زمین لرز اٹھی، جبکہ سونامی وارننگ جاری کردی گئی۔

    خبر ایجنسی کے مطابق آنے والے زلزلے کی شدت 7.0 ریکارڈ کی گئی ہے، پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کی ہے جس میں کہا کہ زلزلے کے مرکز کے 300 کلومیٹر کے اندر واقع ساحلوں پر خطرناک سونامی کی لہریں آسکتی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے ملائیشیا میں بھی محسوس کیے گئے ہیں تاہم اب تک زلزلے کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ 21 نومبر کو انڈونیشیا کے مرکزی جزیرے جاوا کے مغربی ج صوبے میں 5.6 شدت کے زلزلے سے 602 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    26 دسمبر 2004 کو اسماٹرا کے قریب ایک بڑے زلزلے نے بحر ہند میں سونامی کو جنم دیا جس میں سری لنکا، بھارت اور تھائی لینڈ تک 230,000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • انڈونیشیا :  پولیس اسٹیشن پر خود کش حملہ، پولیس افسر ہلاک، 10 زخمی

    انڈونیشیا : پولیس اسٹیشن پر خود کش حملہ، پولیس افسر ہلاک، 10 زخمی

    جاوا : انڈونیشیا میں ایک پولیس اسٹیشن میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جس میں ایک پولیس افسر جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کے بانڈونگ شہر میں پیش آیا، پولیس نے حملہ آور کی شناخت ایک سزا یافتہ اور دہشت گرد تنظیم کے رکن کے طور پر کی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے روئٹر کے مطابق اس حملہ آور کا نام آگس سوجاتنو بتایا گیا ہے جبکہ اسے ابو مسلم کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔

    خود کش بمبار نے پولیس اسٹیشن میں اُس وقت داخل ہونے کی کوشش کی جب وہاں بڑی تعداد میں اہلکار موجود تھے تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر اسے روکنے کی کوشش کی جس پر اُس نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔

    زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکاروں سمیت ایک راہگیر بھی شامل ہے، اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے ایک اور دھماکا خیز مواد بھی ملا جو پھٹنے سے رہ گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق خود کش حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے اور خودکش بمبار کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔

  • انڈونیشیا میں خوفناک زلزلہ، درجنوں ہلاکتیں

    انڈونیشیا میں خوفناک زلزلہ، درجنوں ہلاکتیں

    جکارتہ: جنوب مشرقی ملک انڈونیشیا میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچادی جس میں اب تک 50 کے قریب افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق زلزلہ صوبہ ویسٹ جاوا میں آیا اور اس کے جھٹکے دارالحکومت جکارتہ میں بھی محسوس کیے گئے۔

    زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    حکام کے مطابق زلزلے کے باعث کم از کم 46 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے، زلزلے سے ممکنہ طور پر ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور امدادی کام جاری ہے۔

    حکام کی جانب سے کہا گیا کہ زلزلے کے مرکز کے قریب افراد کو محتاط رہنا چاہیئے کیونکہ آفٹر شاکس کا خطرہ موجود ہے۔

    زلزلے کے جھٹکوں سے جکارتہ میں بھی متعدد عمارات 3 منٹ تک لرزتی رہیں جبکہ کچھ کو خالی بھی کروایا گیا۔

    خیال رہے کہ انڈونیشیا رنگ آف فائر یعنی مسلسل زلزلے اور آتش فشاں کے دھماکوں والے علاقے میں آباد ہے، فروری 2022 میں 6.2 شدت کے زلزلے سے مغربی سماٹرا میں 25 افراد ہلاک اور 460 زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل جنوری 2021 میں صوبے مغربی سولوویسی میں 6.2 شدت کے زلزلے سے 100 سے زیادہ افراد ہلاک اور ساڑھے 6 ہزار کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

    انڈونیشیا میں 2004 میں آنے والی تباہ کن سونامی کے نتیجے میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  • انڈونیشیا میں لیگ فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی، 174 افراد ہلاک

    انڈونیشیا میں لیگ فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی، 174 افراد ہلاک

    جاوا: انڈونیشیا کے صوبے مشرقی جاوا میں لیگ فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی میں 174 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں فٹ بال میچ کے دوران تماشائی آپے سے باہر ہو گئے، ہارنے والی ٹیم کے حامیوں نے اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی شروع کر دی، 2 کلب ٹیموں کے شائقین آپس میں لڑ پڑے، بھگدڑ کے دوران 174 افراد جان سے گئے، جب کہ 180 افراد زخمی ہو گئے۔

    نیوز رپورٹس کے مطابق مشرقی جاوا کے کنجوروہن اسٹیڈیم میں لیگ فٹبال میچ جاری تھا، ٹیم اریما ایف سی کو ٹیم پرسیبا سورابایا نے شکست دی تو اریما ایف سی کے سپورٹرز مشتعل ہو گئے اور میدان میں دھاوا بول دیا، اریما کلب کے کئی کھلاڑیوں پر بھی حملہ کیا گیا۔

    تصادم کے دوران پولیس نے مشتعل شائقین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس شیلنگ کی، جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی، اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں لوگ دم گھٹنے اور بھگدڑ میں روندے جانے سے ہلاک ہوئے۔

    انڈونیشیا کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد کی موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی، انڈونیشیا کے صدر نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، فٹبال لیگ کے صدر نے ایک ہفتے کے لیے تمام میچز ملتوی کر دیے۔

    روئٹرز کے مطابق مشرقی جاوا کے پولیس چیف نیکو افنتا نے صحافیوں کو بتایا کہ جب ہارنے والی ہوم ٹیم کے حامیوں نے ہفتے کی رات مشرقی جاوا صوبے میں اپنی مایوسی کا اظہار کرنے کے لیے گراؤنڈ پر حملہ کیا تو افسران نے صورت حال پر قابو پانے کی کوشش میں آنسو گیس فائر کی، جس سے بھگدڑ مچ گئی اور دم گھٹنے کے واقعات رونما ہوئے۔

    پولیس چیف نے کہا مشتعل شائقین نے افسران پر حملے کیے، اور انھوں نے کاروں کو بھی نقصان پہنچایا۔

    مقامی اسپتال کے سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرین میں سے کچھ کو دماغی چوٹیں آئی ہیں، اور مرنے والوں میں ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

    فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے اپنے حفاظتی ضوابط میں واضح کیا ہے کہ پولیس کوئی آتشیں اسلحہ یا ’کراؤڈ کنٹرول گیس‘ نہیں لے جانی چاہیے اور نہ ہی اس کا استعمال کرنا چاہیے۔ تاہم اس سوال کا جواب نہیں مل سکا ہے کہ کیا مشرقی جاوا پولیس اس طرح کے ضوابط سے واقف تھی یا نہیں۔

  • انڈونیشیا: جنگل میں چہل قدمی کرتے شخص کا حیرت انگیز چیز سے واسطہ پڑ گیا

    انڈونیشیا: جنگل میں چہل قدمی کرتے شخص کا حیرت انگیز چیز سے واسطہ پڑ گیا

    جکارتہ: انڈونیشیا میں جنگل میں چہل قدمی کرتے شخص کا ایک حیرت انگیز پھول سے واسطہ پڑ گیا، جس سے مردے کی طرح بدبو آتی ہے۔

    ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو کے مطابق انڈونیشیا کے جنگل سے گزرتے ہوئے ایک شخص کو نایاب پھول نظر آیا، جسے گلِ نعش بھی کہا جاتا ہے، لیکن اس کا سائنسی نام ریفلیشیا ارنولڈائی ہے، اور یہ دنیا کا سب سے بڑا پھول ہے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ یہ پھول صرف چند دنوں کے لیے کھلتا ہے، اس سے بہت زیادہ بدبو آتی ہے، اس لیے اسے گل نعش کہا جاتا ہے۔

    ویڈیو پوسٹ کے مطابق اس پھول کی ویڈیو جس شخص نے بنائی وہ جنگل میں ٹریکنگ پر تھا۔

    یہ پھول انڈونیشیا کے برساتی جنگلات میں پایا جاتا ہے، اور یہ 3 فٹ تک بڑھ سکتا ہے، اور اس کا وزن 15 پاؤنڈ تک ہو سکتا ہے۔

    شیئر کی گئی ویڈیو میں اس دیوہیکل پھول کو جنگل میں زمین پر پڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، سرخ پھول، پورا کھلا ہوا ہے، اس پر سفید دھبے ہیں اور اس کی پانچ پنکھڑیاں ہیں۔

  • چین کا انڈونیشیا کی مدد کے لیے اہم اقدام

    چین کا انڈونیشیا کی مدد کے لیے اہم اقدام

    جکارتہ: انڈونیشیا کا کہنا ہے کہ چین انڈونیشیا کی برآمدات بڑھانے کے لیے پام آئل کی درآمدات میں اضافہ کر رہا ہے، اس سے مقامی کسانوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے بحری امور اور سرمایہ کاری کے رابطہ کار وزیر کا کہنا ہے کہ چین کا انڈونیشیا سے خام پام آئل (سی پی او) کی درآمدات میں اضافہ کرنے کا وعدہ، مؤخر الذکر کی برآمدی قدروں کو بڑھانے اور تازہ پھلوں کے گچھوں (ایف ایف بی) کی قیمت میں اضافے میں نمایاں مدد کرے گا۔

    لوہت بنسر پنڈجیتن نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ انڈونیشیا سے سی پی او درآمدی حجم میں اضافہ کرنے کے بارے میں چین کے عزم کے لیے آپ کے بہت شکر گزار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں یہاں انڈونیشیا میں پام آئل کے تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ مقامی کسانوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    دنیا کے سب سے بڑے پام آئل پیدا کرنے والے ملک میں کسانوں کے درمیان ایف ایف بی کی قیمتیں اس وقت ذخیرہ اندوزی اور ضرورت سے زیادہ سپلائی کی وجہ سے کم ہو رہی ہیں۔

    انڈونیشین پام آئل ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ انڈونیشیا میں پام آئل کا موجودہ ذخیرہ حد سے زیادہ 70 لاکھ ٹن تک پہنچ گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ چین ہماری پام آئل کی تجارت کو بڑھا کر انڈونیشیا کی مدد جاری رکھے گا۔

  • کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی، مزید کتنا وقت لگے گا؟

    کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی، مزید کتنا وقت لگے گا؟

    جکارتہ : انڈونیشیا میں پام آئل کی برآمدات پر پابندی کے خاتمے کے باوجود ملک میں غیر یقینی کی سی کیفیت ہے، صنعت کاروں کو نئی پریشانی درپیش ہے کہ خوردنی تیل کا کتنا فیصد حصہ ملکی استعمال کیلیے رکھنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا حکومت کی جانب سے پام آئل کی برآمدات پر گزشتہ ماہ لگائی جانے والی پابندی کا خاتمہ تو کردیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود تیل کا بحران جوں کا توں برقرار ہے۔

    اس حوالے سے صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ اس وقت تک پام آئل کی ترسیل دوبارہ شروع کرنے کا امکان نہیں ہے جب تک یہ تفصیلات سامنے نہیں آجاتیں کہ ملک میں خوردنی تیل کا کتنے فیصد حصہ ملکی استعمال کے لیے روکنا ہوگا۔

    palm oil

    دنیا کا چوتھا سب سے زیادہ آبادی والا ملک انڈونیشیا جو پام آئل کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے، انڈونیشیا نے گزشتہ ماہ اپریل سے کوکنگ آئل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی روک تھام کے لیے مقامی مارکیٹ کو خوردنی تیل کی ترسیل روک دی تھی۔

    روس یوکرین جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے عالمی حالات اور سپلائی کی کمی نے عالمی خوردنی تیل کی منڈیوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

    پابندی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کمپنیوں کو برآمدی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا جو صرف ان کمپنیوں کو دیا جائے گا جو ڈومیسٹک مارکیٹ کی شرائط "ڈی ایم او” کو پورا کرنے کے قابل ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : کوکنگ آئل کا سب سے بڑا پیداواری ملک بھی بڑھتی قیمتوں پر قابو نہ پاسکا

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا ڈی ایم او قوانین کے تحت 10 ملین ٹن کوکنگ آئل کی ملکی سپلائی برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے جبکہ تاجروں کا کہنا ہے کہ وہ ڈی ایم او قوانین کی مکمل تفصیلات کا انتظار کر رہے ہیں۔

    ڈی ایم او پالیسی کیا ہے؟

    ڈی ایم او پالیسی کے تحت آئل ڈیلر کو اپنی مصنوعات کا ایک حصہ مقامی سطح پر اور مخصوص قیمت پر فروخت کرنا ہوتا ہے، مذکورہ پالیسی برآمدات پر پابندی سے قبل مقامی سطح پر لاگو کی گئی تھی لیکن پھر بھی کوکنگ آئل کی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

  • ایشیا کپ ہاکی: پاکستان نے انڈونیشیا کو آؤٹ کلاس کردیا

    ایشیا کپ ہاکی: پاکستان نے انڈونیشیا کو آؤٹ کلاس کردیا

    جکارتہ: ایشیا کپ ہاکی میں پاکستان ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں میزبان انڈونیشیا کو آؤٹ کلاس کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ ہاکی میں پاکستان ٹیم کی اپنے دوسرے میچ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان انڈونیشیا کیخلاف گول کی برسات کردی۔

    انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے تیرہ گول داغ کر انڈونیشیا کی دفاعی لائن کو تہس نہس کر ڈالا، پاکستان نے پہلے کوارٹر میں 4، دوسرے میں 5، تیسرے میں 3 جبکہ چوتھے کوارٹر میں ایک گول اسکور کیا۔

    پاکستان کے پینالٹی کارنر اسپیشلسٹ رضوان علی ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب رہے، اعجاز، منان، رانا وحید نے دو دو گول اسکور کیے۔ مبشر علی، شان علی، غضنفر علی اور شکیل معین نے ایک ایک گول کیا تاہم انڈونیشیا کوئی گول نہ کرسکی۔

    یہ بھی پڑھیں: ایشیا ہاکی کپ: پاک بھارت میچ کا نتیجہ آگیا

    گذشتہ روز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کھیلے گئے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا تھا، قومی ٹیم کی جانب سے واحد گول رانا عبدالوحید نے کیا۔

    خیال رہے کہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا یہ گیارہواں ایڈیشن ہے، اس ایونٹ میں 8 ٹیمیں شریک ہیں، پول اے میں پاکستان، بھارت، جاپان اور میزبان انڈونیشیا شامل ہیں جبکہ پول بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، عمان اور بنگلا دیش شامل ہیں۔

  • انڈونیشیا نے دنیا کو بڑی پریشانی میں مبتلا کر دیا

    انڈونیشیا نے دنیا کو بڑی پریشانی میں مبتلا کر دیا

    جکارتہ: دنیا کے سب سے بڑے پام آئل پروڈیوسر نے برآمدات پر پابندی لگا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا نے جمعہ کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سبزیوں کے تیل کی برآمدات پر پابندی عائد کرنے جا رہا ہے۔

    ماہرین کے مطابق یہ ایک حیران کن اقدام ہے جو عالمی سطح پر اشیائے خورو نوش کی مہنگائی میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔

    یہ کوکنگ آئل کیک سے لے کر کاسمیٹکس تک کی مصنوعات میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے، اس کے خام مال کی ترسیل کو روکنے سے عالمی سطح پر پیکڈ فوڈ پروڈیوسرز کے اخراجات بڑھ سکتے ہیں، خیال رہے کہ انڈونیشیا پام آئل کی عالمی سپلائی کا نصف سے زیادہ حصہ رکھتا ہے۔

    انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈوڈو نے ایک ویڈیو نشریات میں کہا کہ وہ فوڈ پروڈکٹس کی اپنے ملک میں دستیابی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں، کیوں کہ روس کی طرف سے فصل پیدا کرنے والے بڑے ملک یوکرین پر حملے کے بعد عالمی سطح پر اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی ریکارڈ حد تک بڑھ گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ میں اس پالیسی کے نفاذ کی نگرانی اور جانچ کروں گا تاکہ مقامی مارکیٹ میں کوکنگ آئل کی دستیابی وافر اور سستی ہو۔

    ٹریڈ باڈی سالوینٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (SEA) کے صدر اتل چترویدی نے کہا کہ اس اعلان سے سب سے زیادہ ہندوستانی خریدار اور عالمی سطح پر صارفین کو نقصان پہنچے گا، یہ اقدام انتہائی بدقسمتی اور مکمل طور پر غیر متوقع ہے۔

    انڈونیشیا کی جانب سے یہ پابندی 28 اپریل سے نافذ العمل ہوگی، تاہم اس اعلان کے سامنے آتے ہی متبادل سبزیوں کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، دوسرا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سبزیوں کا تیل سویا بین شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں 4.5 فی صد اضافے کے ساتھ 83.21 سینٹ فی پاؤنڈ کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

    انڈونیشیا خام پام آئل کو کھانا پکانے کے تیل کے لیے استعمال کرتا ہے، اس کی عالمی قیمتیں اس سال تاریخی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں، کیوں کہ رواں سال اس کی طلب میں جتنا اضافہ ہوا، اتنا ہی انڈونیشیا اور ملائیشیا کی جانب سے اس کی کم پیداوار ہوئی، نیز انڈونیشیا نے جنوری میں پام آئل کی برآمدات کو محدود کرنے کا قدم اٹھایا جسے مارچ میں اٹھا لیا گیا۔