Tag: Indonesia

  • انڈونیشیا: بریک فیل ہونے پر بس کو بڑا حادثہ

    انڈونیشیا: بریک فیل ہونے پر بس کو بڑا حادثہ

    جکارتہ: انڈونیشیا میں ایک بس بریک فیل ہونے کے باعث پہاڑ سے ٹکرا گئی، حادثے میں 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو انڈونیشیا کے جزیرے جاوا پر فیکٹری ورکرز کو لے جانے والی ایک ٹور بس کے حادثے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہو گئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ گاڑی کے بریک فیل ہونے کے سبب پیش آیا، بریک فیل ہونے کے بعد گاڑی بے قابو ہو گئی تھی، یہ حادثہ انڈونیشیا کے صوبے یوگیاکارتا میں پیش آیا۔

    زندہ بچ جانے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے ڈرائیور گھبراہٹ کا شکار ہو گیا تھا، رفتار کم کرنے کے لیے مسلسل گیئر شفٹ کرتا رہا۔

    بنتول ریجنسی کے ضلعی پولیس سربراہ احسان نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے جن عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کی انھوں نے بتایا کہ انھوں نے ڈرائیور کو گھبراتے ہوئے دیکھا، وہ گیئر اسٹک کو سنبھالنے کی جدوجہد کر رہا تھا، اس لیے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ بریک کام نہیں کر رہا تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ بس اتوار کی دوپہر 2 بجے کے قریب کھڑی ڈھلان سے نیچے جا رہی تھی کہ ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول ختم ہو گیا، حادثے میں ڈرائیور بھی نہ بچ سکا۔

    بس کے مسافروں نے یہ بھی بتایا کہ حادثے سے کچھ ہی دیر قبل مسافروں کو عارضی طور پر اترنے کے لیے کہا گیا تھا، کیوں کہ بس کو اوپر جانے میں دشواری ہو رہی تھی۔

    27 کروڑ آبادی پر مشتمل اس جزیرے والے ملک میں جان لیوا ٹریفک حادثات عام ہیں، جہاں گاڑیاں اکثر پرانی ہیں اور ان کی دیکھ بھال بھی ناقص ہے، اور سڑک کے قوانین کو معمول کے مطابق نظر انداز کیا جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں بھی مغربی جاوا صوبے کے شہر سمیدانگ میں درجنوں زائرین کو لے جانے والی ایک بس گہری کھائی میں گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  • انڈونیشیا کے ایک گاؤں پر لاوے کا تودا گر گیا

    انڈونیشیا کے ایک گاؤں پر لاوے کا تودا گر گیا

    جکارتہ: انڈونیشیا کے ایک گاؤں میں شدید بارش کی وجہ سے ٹھنڈے لاوے کا ایک تودا گر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں بارش سے آتش فشانی مواد کی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، ٹھنڈے لاوے میں متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔

    جمعرات کے روز انڈونیشیا کے ماؤنٹ میراپی کی ڈھلوان کے ارد گرد ہونے والی شدید بارش سے یوگیاکارتا کے سلیمان ضلع میں دریائے بویونگ کے کنارے، ٹھنڈے لاوے کا تودا گر گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ لاوے کی لینڈ سلائیڈنگ میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، بدھ کو ماؤنٹ میراپی سے آتش فشانی کی صورت میں لاوا اور سفید دھواں بھی نکلتے دیکھا گیا۔

    واضح رہے کہ دنیا کے سب سے زیادہ فعال آتش فشاں میں سے ایک، ماؤنٹ میراپی، وسطی جاوا اور یوگیاکارتا کے صوبوں کے درمیان سرحد پر واقع ہے۔

    دریائے بویونگ کے کنارے ماؤنٹ میراپی سے نکلنے والے ٹھنڈے لاوے کے مواد میں پھنسی گاڑیوں کو مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔

  • انڈونیشیا میں طاقت ور زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

    انڈونیشیا میں طاقت ور زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

    جکارتہ: انڈونیشیا میں آنے والے طاقتور زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

    خبرایجنسی کے مطابق انڈونیشیامیں 7.6شدت کا زلزلہ آیا ہے، جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئیں ہیں، زلزلے کا مرکز مشرقی نوسا ٹنگارہ کے شمال میں 95کلو میٹر دور تھا۔

    شدید ترین زلزلے کے بعد جزیرے کے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ خوف وہراس کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے، فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق زلزلہ خطرناک سونامی لہروں کا سبب بن سکتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر متاثرہ علاقے کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علاقے میں افراتفری کا سماں ہیں اور لوگ بدحواسی کے عالم میں دیوانہ وار بھاگتے چلے جارہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا: ماؤنٹ سیمیرو کا آتش فشاں بپھر گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    بحر الکاہل کے ’رنگ آف فائر‘ جہاں ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی رہتی ہیں، جس کی وجہ سے انڈونیشیا کو اکثر زلزلوں اور آتش فشاں کے پھٹنے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    دو اٹھارہ اٹھارہ میں اسی جزیرے پر 7.5 شدت کے زلزلے اور اس کے نتیجے میں سونامی کے نتیجے میں 4300 سے زیادہ افراد ہلاک یا لاپتہ ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ چھبیس دسمبر 2004 کو سماترا کے ساحل پر 9.1 شدت کے زلزلے نے ایک تباہ کن سونامی کو جنم دیا تھا جس سے پورے خطے میں 220000 ہلاکتیں ہوئی تھیں جن میں 170000 اموات صرف انڈونیشیا میں ہوئی تھیں۔

  • انڈونیشیا کا کابل میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

    انڈونیشیا کا کابل میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

    بالی: انڈونیشیا نے کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا نے فیصلہ کیا ہے کہ افغانستان میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا جائے گا، تاہم وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مطلب امارت اسلامیہ کو باضابطہ تسلیم کرنا نہیں ہے۔

    انڈونیشیا کی وزارت خارجہ کے ڈی جی عبدالقادر جیلانی نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان میں جامع حکومت کی تشکیل کے لیے امارت اسلامیہ کے عزم کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    عبدالقادر جیلانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ انڈونیشیا افغانستان میں انسانی حقوق کی پاسداری، اور انسدادِ دہشت گردی کے عزم کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں افغانستان کا میوزیم طالبان کی سیکیورٹی کے ساتھ دوبارہ کھل گیا ہے، طالبان، جو اگست میں برسراقتدار آئے تھے، نے افغانستان کے قومی عجائب گھر کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی ہے، جس میں ملکی تاریخ کی نمائش کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ ماضی میں طالبان نے ملک کے اس قومی ورثے کو تباہ کر کے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا تھا۔ فی الحال تقریباً پچاس سے سو افراد روزانہ اس میوزیم کا دورہ کر رہے ہیں، جن میں سے کچھ طالبان کے ارکان بھی شامل ہیں۔

  • انڈونیشیا: ماؤنٹ سیمیرو کا آتش فشاں بپھر گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    انڈونیشیا: ماؤنٹ سیمیرو کا آتش فشاں بپھر گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں ماؤنٹ سیمیرو کا آتش فشاں پھٹ گیا، جس کی زد میں آکر 13 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق لاوے پھٹنے سے متاثرہ علاقے میں مکمل اندھیرا چھا گیا، قدرتی آفت کے آنے سے علاقے میں ہر طرف افراتفری پھیل گئی اور لوگ لاوے سے بچنے کے لئے دیوانہ وار ادھر ادھر بھاگنے لگے۔

    سوشل میڈیا پر متاثرہ علاقے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہورہی ہیں ، جس میں مقامی افراد کی جانب سے جان بچانے کے جتن کرنے اور علاقے سے بھاگنے کی ویڈیوز سامنے آرہی ہیں۔

    https://twitter.com/PatrickHWalsh/status/1467157498985656327?s=20

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاوے کی زد میں آکر اب تک 13 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوچکے ہیں، مقامی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں اور تین سو کے قریب خاندان کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

    واضح رہے کہ انڈونیشیا بحرالکاہل کے ’’رنگ آف فائر‘‘ پر واقع ہے جہاں براعظمی پلیٹوں کے ملنے سے آتش فشاں اور زلزلے کی تیز رفتار سرگرمیاں ہوتی رہتی ہیں۔

    دوہزار اٹھارہ کے آخر میں جاوا اور سماٹرا جزائر کے درمیان آبنائے میں ایک آتش فشاں پھٹ پڑا تھا جس کے باعث زیرِ آب لینڈ سلائڈنگ اور سونامی نے 400 سے زائد افراد کی جانیں لے لی تھیں۔

  • انڈونیشیا میں 6 سے 11 سالہ بچوں میں سائنوویک کے استعمال کی منظوری

    انڈونیشیا میں 6 سے 11 سالہ بچوں میں سائنوویک کے استعمال کی منظوری

    جکارتہ: انڈونیشیا نے 6 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کے لیے سائنوویک ویکسین کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایجنسی نے پیر کو کہا ہے کہ اس نے چھ سے گیارہ سال کی عمر کے بچوں کے لیے چینی کمپنی سائنوویک کی کرونا ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔

    پیر تک انڈونیشیا میں صرف 12 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے چینی ساختہ سائنوویک ویکسین کے استعمال کی اجازت تھی، انڈونیشیا کی کرونا مہم کے دوران استعمال کی جانے والی ویکسینز میں سب سے زیادہ تعداد سائنوویک ہی کی ہے، جو 20 کروڑ سے زیادہ ڈوزز پر مبنی ہے۔

    انڈونیشی حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کے لیے سائنوویک کے استعمال کی منظوری خوش آئند ہے، ہمیں یقین ہے کہ بچوں کی ویکسینیشن ایک فوری معاملہ ہے۔

    ایک اور ملک میں‌ 5 سالہ بچوں کے لیے سائنوویک ویکسین کی منظوری

    وزیر صحت بوڈی گناڈی صادقین کا کہنا تھا کہ یہ منظوری اس وقت ملی ہے جب انڈونیشیا کو ذاتی طور پر سیکھنے کی ٹرائلز میں دو ماہ ہونے کو ہیں، اور اس دوران اسکولوں میں سامنے آنے والے کیسز نسبتاً کم رہے ہیں۔

    وزارت صحت کی ایک اہل کار ستی نادیہ ترمزی نے بتایا کہ بچوں کے لیے ویکسینیشن کا آغاز اگلے برس ہی ہوگا، کیوں کہ انڈونیشیا کی پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کی مزید سفارشات اور مزید ویکسین شاٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ چلی اور کمبوڈیا نے بھی چھوٹے بچوں کے لیے سائنوویک کرونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دی ہے۔

  • گہرے سمندر میں ماہی گیروں کو گمشدہ تہذیب کا خزانہ مل گیا

    گہرے سمندر میں ماہی گیروں کو گمشدہ تہذیب کا خزانہ مل گیا

    انڈونیشیا میں سنہری جزیرے کے نام سے مشہور داستان حقیقت کے طور پر سامنے آگئی، ماہی گیروں نے غوطہ خوری کے دوران ایک مقام سے ڈھیروں سونا اور دیگر بیش قیمت اشیا دریافت کرلیں جو ایک قدیم انڈونیشی تہذیب سے تعلق رکھتی ہیں۔

    انڈونیشیا میں جزیرے سماٹرا کے قریب ایک گمشدہ جزیرے کا ذکر کیا جاتا تھا جس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہاں سونے کے خزانے موجود ہیں۔ حال ہی میں چند ماہی گیروں نے اس مقام سے ڈھیروں اشیا دریافت کی ہیں۔

    ماہی گیروں کو ملنے والی اشیا میں قیمتی جواہرات، سونے کے زیورات، سکے اور کانسی کی گھنٹیاں شامل ہیں۔ دریافت ہونے والی اشیا میں ایک قد آدم بدھا کا مجسمہ بھی شامل ہے جو بیش قیمت زیورات سے آراستہ ہے۔

    ماہرین کے مطابق یہ نوادارت 7 سے 13 صدی کے ہیں جب اس خطے میں ایک طاقتور تہذیب ہوا کرتی تھی، تاہم ایک صدی بعد یہ تہذیب پراسرار طور پر غائب ہوگئی جس کی وجوہات آج بھی نامعلوم ہیں۔

    برطانوی ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر سین کنگزلے کا کہنا ہے کہ ان زیورات کی دریافت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سلطنت کوئی دیو مالائی داستان نہیں بلکہ حقیقت ہے۔

    اس جزیرے کی تلاش گزشتہ 5 سال سے کی جارہی تھی اور اب تک یہاں سے ڈھیروں جواہرات، سونے کے سکے اور مجسمے دریافت ہوچکے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سلطنت کا زیادہ تر حصہ پانی پر آباد تھا اور مقامی افراد نقل و حرکت کے لیے لکڑی کی کشتیاں استعمال کرتے تھے۔ جب یہ سلطنت زیر آب آئی تو لکڑی کے گھر، محل اور کشتیاں سب ہی کچھ ڈوب گیا۔

    ڈاکٹر سین کا کہنا ہے کہ اب تک یہاں سے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والی متنوع اشیا دریافت ہوئی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سلطنت کے فارس (ایران)، بھارت اور چین سے بہترین تعلقات تھے اور ان ممالک کے درمیان تجارت بھی ہوا کرتی تھی۔

  • انسانوں کو کتے کا گوشت کھلانے والے تاجر کا بھیانک انجام

    انسانوں کو کتے کا گوشت کھلانے والے تاجر کا بھیانک انجام

    جکارتہ : غیر قانونی طور پر کتوں کا گوشت بیچنے والا تاجر کو سزا دے دی گئی، عدالت نے مجرم کو اس سفاکیت کے جرم میں سخت قید کی سزا سنادی۔

    انڈونیشیا کی ایک عدالت نے کتوں کا گوشت فروخت کرنے والے ایک تاجر کو دس ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیج دیا ہے، جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے ثقافتی شہر یوگیاکارتا کی ایک عدالت نے ایک شخص کو کتوں کے گوشت کی تجارت کرنے کے جرم میں دس ماہ قید اور دس ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    48سالہ شخص کو انڈونیشیا میں جانوروں پر تشدد کے قوانین کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔ اس شخص پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ بوریوں میں بند 78 کینس نسل کے کتوں کو اپنے ٹرک میں چھپا کر کہیں منتقل کر رہا تھا۔

    ایک عدالتی اہلکار کا کہنا تھا کہ اس سال مئی میں پولیس نے اس ٹرک کو پکڑا تھا۔ دس کتےخوراک اور پانی کی کمی کے باعث ہلاک ہو چکے تھے جب کہ مزید چھ کتے بعد میں ہلاک ہو گئے تھے۔ عدالت کے ترجمان ایڈی سیمیاپوتی کے مطابق، ”پہلی مرتبہ کسی ایسے کیس میں سزا سنائی گئی ہے۔‘‘

    جانوروں کو جاوا جزیرے کے شہر سولو سٹی میں لے جایا جارہا تھا جہاں ان کے گوشت کو فروخت کیا جانا تھا۔ ‘ڈاگ میٹ فری انڈونیشیا‘ نامی تنظیم کی جانب سے اس عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ تنظیم کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ”یہ فیصلہ اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث تاجروں کو ایک بہت اہم پیغام دیتا ہے کہ ایسی تجارت کوقبول نہیں کیا جائے گا۔‘‘

    انڈونیشیا میں عمومی طور پر کتوں کو ناپاک تصور کیا جاتا ہے اور گھروں میں بھی پالتو کتے رکھنے کا رواج نہیں ہے۔ لیکن کچھ علاقوں میں کتوں کا گوشت پسند بھی کیا جاتا ہے۔ یہ پروٹین حاصل کرنے کا ایک سستا ذریعہ ہے۔ ایشیا کے کئی ممالک میں اب بھی کتے کا گوشت کھایا جاتا ہے۔

  • انڈونیشیا : جزیرہ بالی میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی

    انڈونیشیا : جزیرہ بالی میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی

    جکارتہ : انڈونیشیا کے جزیرہ بالی میں4.8 کی شدت کے زلزلے کے دوران 3 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے، مقامی وقت کے مطابق شب3 بج کر 18منٹ پر آنے والے زلزلے کا مرکز 10 کلومیٹرگہرائی تھا۔

    انڈونیشیا کے ریزورٹ جزیرے بالی میں ہفتے کے روز آنے والے شدید زلزلے میں اب تک تین افراد ہلاک اور سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 4.8 تھی۔ زلزلہ کے شدید جھٹکوں کی وجہ سے کئی گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

    محکمہ موسمیات و ماحولیات اور جیو فزکس ایجنسی نے بتایا کہ زلزلہ آج مقامی وقت کے مطابق صبح 3:18 بجے آیا اور اس کا مرکز ضلع کرنگسیم سے 8 کلومیٹر شمال مغرب میں سطح زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔

    ایجنسی کے مطابق اس زلزلے کی وجہ سے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ زلزلے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی معطل ہوئی ہے ۔

  • انڈونیشیا کی جیل میں ہولناک آتشزدگی، 41 قیدی ہلاک

    انڈونیشیا کی جیل میں ہولناک آتشزدگی، 41 قیدی ہلاک

    جکارتہ: انڈونیشیا کی جیل میں آگ لگنے سے 41 قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جکارتہ پولیس چیف نے بتایا کہ جکارتہ کے قریب واقع تانگیر انگ جیل میں رات گئے آگ لگنے سے 41 قیدی ہلاک ہوئے، 8 شدید زخمی اور 72 معمولی زخمی ہوئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ سے لگی جس پر فائر فائٹرز نے صبح تک قابو پالیا۔ جب آگ لگی اس وقت زیادہ تر قیدی سو رہے تھے۔

    پولیس کے مطابق آگ سے متاثرہ جیل کے 40 قیدیوں کی گنجائش والے بلاک میں 120 قیدی رکھے گئے تھے، اس بلاک میں منشیات سے متعلق جرائم کی سزا کاٹنے والے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔