Tag: Indonesia

  • انڈونیشیا کے صدر کا کرونا ویکسین کے حوالے سے اقوام متحدہ سے اہم مطالبہ

    انڈونیشیا کے صدر کا کرونا ویکسین کے حوالے سے اقوام متحدہ سے اہم مطالبہ

    جکارتہ: انڈونیشیا کے صدر نے کرونا ویکسین کے حوالے سے اقوام متحدہ سے اہم مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین تک ہر ایک کی رسائی یقینی بنائی جانی چاہیے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ویکسین تک ہر ایک کی رسائی کے لیے اقوام متحدہ کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کو جن عالمی مسائل کا سامنا ہے اقوام متحدہ کو اس پر توجہ دینا ضروری ہے۔

    ویدودو نے 11 ویں آسیان یو این سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کرونا وائرس کے سلسلے میں عالمی برادری کی توقعات کو پورا کرنے کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ اس کے لیے کوششیں کرے گا تو اس پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

    انھوں نے کہا کرونا ویکسین اور ادویات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کو فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے، وباؤں سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ اور آسیان ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بھی کر سکتے ہیں۔

    انڈونیشیا کا کرونا ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    انڈونیشیا کے صدر نے بتایا کہ کرونا وائرس کے خلاف جدوجہد کے لیے فنڈز اور درکار طبی سامان کی دستیابی کے لیے آسیان اپنی کوششیں کر رہی ہے۔

    انھوں نے توہین آمیز خاکوں کے سلسلے میں یہ بھی واضح کیا کہ یو این پلیٹ فارم پر نفرت انگیز بیانات کے سدباب کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، دینی حساسیت کی حامل علامات اور اقدار کا احترام کرنا چاہیے، اظہار بیان کی آزادی کوئی حتمی اور مطلق چیز نہیں۔

  • مالی مشکلات کا شکار طلبا فیس کی جگہ ناریل دے سکتے ہیں

    مالی مشکلات کا شکار طلبا فیس کی جگہ ناریل دے سکتے ہیں

    کرونا وائرس نے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کیا ہے، خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں بے حد اضافہ کردیا ہے، ایسے میں کچھ ادارے اپنے صارفین کو بھی آسانی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انڈونیشیا میں بھی ایسے ہی ایک اسکول نے معاشی مشکلات کا شکار اپنے طلبا سے کہا ہے کہ وہ فیس کی جگہ اسکول کو ناریل کا تحفہ دے سکتے ہیں۔

    انڈونیشین جزیرے بالی میں قائم وینس ون ٹور ازم اکیڈمی کا کہنا ہے کہ طلبا کے لائے ہوئے ناریلوں کو تیل بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

    طلبا سے کہا گیا ہے کہ وہ ناریل کے علاوہ مورنگا کے پتے بھی جمع کروا سکتے ہیں جو ہربل صابن سمیت دیگر اشیا بنانے میں استعمال ہوتے ہیں۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ناریل اور مورنگا سے بنے تیل اور صابن وغیرہ کو کیمپس میں فروخت کیا جائے گا جس سے اسکول کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔

  • انڈونیشیا کا امریکی جاسوس طیاروں کے حوالے سے بڑا قدم

    انڈونیشیا کا امریکی جاسوس طیاروں کے حوالے سے بڑا قدم

    جکارتہ: انڈونیشیا نے امریکی جاسوس طیاروں کے حوالے سے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انھیں لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا نے چین کی جاسوسی کرنے والے امریکی جاسوس طیاروں کو ایندھن بھرنے کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    چین کی جاسوسی کے سلسلے میں ایندھن کے لیے امریکا کو انڈونیشیا کا تعاون درکار تھا لیکن غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا نے امریکا کو انکار کر دیا ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ چین کی سمندری نگرانی کے لیے امریکی ’پی ایٹ یو سائیڈن‘ جاسوسی طیاروں کو پرواز کے دوران انڈونیشیا میں اتر کر ایندھن بھرنا پڑے گا جس کے لیے امریکا نے انڈونیشیا سے طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دینے کے لیے رابطہ کیا تھا۔

    انڈونیشیا کے ایک سینئر عہدے دار کا کہنا تھا کہ جولائی اور اگست میں امریکی حکام کی جانب سے وزرائے دفاع و خارجہ سے رابطہ کیا گیا تھا، امریکی رابطے کے بعد کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا گیا، جس میں وزرا نے امریکی منصوبہ مستر کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے تاحال اس صورت حال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

  • انڈونیشیا میں ’ماسک‘ کی خلاف ورزی پر انوکھی سزا

    انڈونیشیا میں ’ماسک‘ کی خلاف ورزی پر انوکھی سزا

    جکارتا: انڈونیشیا میں کورونا وبا کی روک تھام کے لیے عوامی مقامات پر فیس ماسک پہننے کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو ’قبر‘ کھودنے کی سزا دی جانے لگی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے مشرقی صوبے جاوا کے نگابیتن گاؤں میں 8 افراد نے چہرے پر ماسک پہننے سے انکار کیا تو انہیں کرونا متاثرین کے لیے قبریں کھودنے کی سزا دی گئی لیکن ان میں سے صرف 2 افراد ہی قبریں کھودنے کے لیے پہنچے اور اپنی سزا مکمل کی۔

    سیریم کے ضلعی سربراہ سوونو کا کہنا ہے کہ ’اس وقت قبر میں کھدائی کرنے والے صرف تین افراد ہی موجود ہیں لہٰذا میں نے سوچا کہ ماسک نہ پہننے والوں کو ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار کرسکتا ہوں۔

    انہوں نے بتایا کہ ’امید ہے اس سزا سے عوام فیس ماسک پہننے کی پابندی کریں گے اور کورونا وبا کے کیسز کی تعداد میں کمی آئے گی۔

    ضلعی سربراہ کا کہنا ہے کہ جو رہائشی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے انہیں جرمانے یا کمیونٹی سروسز کے تحت سزائیں دی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ انڈونیشیا میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے سبب حکام کو شہریوں کی حفاظت کے لیے اس طرح کے اقدامات اٹھانا پڑ رہے ہیں۔

    انڈونیشیا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 636 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 332 تک جاپہنچی ہے جبکہ 8 ہزار 723 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل جکارتہ میں فیس ماسک پہننے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو موت کی ہولناکی کا مزہ چکھانے کے لیے تابوت میں لیٹنے کی انوکھی سزا دی گئی تھی جس کا آغاز 3 ستمبر کو ہوا تھا۔

  • انڈونیشیا کا کرونا ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    انڈونیشیا کا کرونا ویکسین سے متعلق بڑا اعلان

    جکارتہ: مسلمان ملک انڈونیشیا نے بھی کرونا ویکسین سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا، تحقیق و ٹیکنالوجی کی وزارت کے رکن نے کہا ہے کہ انڈونیشیا اب اپنی کو وِڈ 19 ویکسین تیار کرے گا۔

    انڈونیشیا کی ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت میں سائنسی ٹیم کے سربراہ علی غفران نے کہا ہے کہ اگلے برس انڈونیشیا اپنی کرونا ویکسین کی تیاری پر کام شروع کر دے گا، یہ ویکسین صرف انڈونیشیا کے لیے ہوگی۔

    جکارتہ پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا نے یہ فیصلہ اس بڑھتی ہوئی پریشانی کے پیش نظر کیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک مستقبل میں کرونا ویکسین کے حصول میں مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں، کیوں کہ دنیا کی بائیو ٹیک کمپنیوں کی پیداواری صلاحیت محدود ہے، جب کہ گلوبل سپلائی چینز کو بڑے مسائل کا بھی سامنا ہے۔

    کو وِڈ نائنٹین ویکسین سے متعلق علی غفران نے بتایا کہ اس کے لیے ہم اپنی ہی تھیوری استعمال کر رہے ہیں اور امید ہے کہ 2021 میں اور 2022 کے بالکل شروع میں یہ لیبارٹری میں تیار ہو جائے گی، جب کہ ریاست کی اپنی کمپنی بائیو فارما اگلے برس کے نصف میں اس کی آزمائش بھی شروع کر دے گی۔

    کورونا وائرس ویکسین اسی سال بن جائے گی، امریکہ کا دعویٰ

    یاد رہے کہ انڈونیشیا کے وزیر خارجہ ریتنو مرسودی نے حال ہی میں دنیا میں تیار ہونے والی ویکسینز تک ترقی پذیر ممالک کی رسائی کی ضرورت سے متعلق بات کی تھی، اور کہا تھا کہ دولت مند ممالک ویکسین کی فراہمی کو محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔

    ان خدشات کو رواں ہفتے تقویت ملی جب امریکا نے اعلان کیا کہ اس نے گِلی یڈ سائنسز کی دوا ریمڈیسیور کی عالمی سپلائی کا بڑا حصہ خرید لیا ہے، یہ وہ دوا ہے جس کے استعمال سے کرونا انفیکشن سے صحت یابی کا وقت کم ہوا۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وبا نے ویکسین کے لیے ایک دوڑ شروع کر دی ہے، 100 سے زائد ویکسینز اس وقت تیاری کے مراحل سے گزر رہی ہیں، جن میں ایک درجن ویکسینز کی انسانوں پر آزمائش بھی شروع ہو چکی ہے۔

    انڈونیشیا میں ویکسین تیاری کے لیے بنائی جانے والی ٹیم کو اگلے 12 ماہ کے اندر ملکی سطح پر ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا ہدف دیا گیا ہے۔ تقریباً 26 کروڑ آبادی کے ساتھ انڈونیشیا کو 2 ڈوزز والی اندازاً 35 کروڑ ویکسینز کی ضرورت ہوگی۔

    واضح رہے انڈونیشیا میں کرونا وائرس کے کیسز تیز رفتاری کے ساتھ بڑھ رہے ہیں، اب تک 64,958 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، جب کہ وائرس سے ہونے والی اموات 3,241 ہے، کرونا وائرس انفیکشن سے 30 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، بھوت سڑکوں پر آگئے

    لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، بھوت سڑکوں پر آگئے

    جکارتہ: انڈونیشیا میں کرونا وائرس کے پیش نظر کیے جانے والے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر بھوت سڑکوں پر نکل آئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 557 سے تجاوزکرچکی ہے اور وائرس سے 399 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انڈونیشیا میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے تاہم شہریوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کی مسلسل خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔

    Ghosts' scare Indonesians indoors and away from coronavirus, SE ...

    میڈیا کے مطابق بھوتوں کے بھیس میں رضاکار راتوں میں اندھیرے اور سنسان مقامات پر کھڑے ہوتے ہیں اور گھروں سے باہر نکلنے والوں کے سامنے اچانک نمودار ہوکر انہیں بھاگنے پرمجبور کردیتے ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لوگ کرونا وائرس کو سے تو ڈر نہیں رہے اور انہیں لاک ڈاؤن کی اہمیت سمجھ نہیں آرہی جس پر انہیں یہ اقدام کرنا پڑا ہے۔

    Coronavirus | 'Ghosts' clad in bed sheets scare people into ...

    یاد رہے کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے چوتھے بڑے ملک انڈونیشیا میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے بڑھتے جارہے ہیں۔

  • انڈونیشیا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہوگئی، لاکھوں افراد بے گھر

    انڈونیشیا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہوگئی، لاکھوں افراد بے گھر

    جکارتہ: انڈونیشیا کے مشرقی صوبے ملوکو میں آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 30 سے تجاوز کرگئی ، لاکھوں افراد تاحال بے گھر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی (بی این بی پی) کے ترجمان آگس ویبوو نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے اور 150 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو لاکھ سے زائد افراد خیموں میں موجود ہیں، جن شہریوں کے گھر تباہ ہوئے تھے ان کے لیے اسپتالوں کے قریب یا اسکول کے برآمدوں میں خیمے لگائے گئے ہیں۔

    انڈونیشیا کے حکام نے زلزلے کے بعد سمندر کے قریب رہائش پذیر شہریوں کو سونامی کے خدشے پر وسیع میدان میں منتقل کردیا حالانکہ حکام نے کسی قسم کے خطرے کے امکان کو مکمل طور پر مسترد کردیا تھا۔

    انڈونیشیا میں زلزلہ، 20 افراد ہلاک، 100 زخمی

    آگس ویبوو کے مطابق ‘زلزلے کے باعث کم از کم 100 افراد زخمی ہوئے اور 2 ہزار سے زائد مقامی افراد نے محفوظ مقام پر نقل مکانی کی۔

    ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز شمالی شہر امبو سے 37 کلومیٹر دور اور 29 کلومٹیر زیر زمین تھا۔

    ڈیزاسٹر ایجنسی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لوگ آفٹر شاکس سے خوف زدہ ہیں اور عارضی خیموں میں خود کو زیادہ محفوظ تصور کررہے ہیں۔

  • ماحولیاتی تبدیلی : انڈونیشیا کا دارالحکومت جکارتا سے بورنیو منتقل کرنے کااعلان

    ماحولیاتی تبدیلی : انڈونیشیا کا دارالحکومت جکارتا سے بورنیو منتقل کرنے کااعلان

    جکارتا: انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ملک کا دارالحکومت جکارتا سے جنگلوں سے گھرے مشرقی کنارے پر واقع بورنیو جزیرے منتقل کریں گے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیش کردہ مقام علاقائی شہروں بالکپاپان اور ساماریندا کے نزدیک ہے جہاں قدرتی آفات کا خدشہ کم ہے اور حکومت کے پاس وہاں پہلے ہی4 لاکھ 45 ہزار ایکڑ زمین کی ملکیت موجود ہے۔

     صدر جوکو ویدودو کا ایک ویڈیو میں کہنا تھا کہ بورنیو ایک بہترین جگہ ہے، یہ انڈونیشیا کے وسط میں ہے اور شہری علاقوں سے بھی قریب تر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گورننس، کاروبار، مالیات، تجارت اور سروسز کا مرکز ہونے کی وجہ سے جکارتا پر بوجھ بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔

    جوکو ویدودو کا کہنا تھا کہ پیش کردہ اقدام پر بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔حکام کا کہنا تھا کہ بورنیو جزیرے پر تعمیرات کا آغاز آئندہ سال سے ہوگا جس میں 15 لاکھ سرکاری افسران کی منتقلی 2024 تک 466 کھرب روپے (33 ارب ڈالر) کی لاگت سے کی جائے گی۔ملیشیا اور برونائی سے ملنے والے بورنیو جزیرے کا حصہ جسے کلیمنتان کے نام سے جانا جاتا ہے، میں بڑے پیمانے پر کان کنی کی جاتی ہے جبکہ یہاں گھنے جنگلات ہیں اور یہ دنیا کے ان چند مقامات میں سے ایک ہے جہاں اورانگوتان بستے ہیں۔

    ماہر ماحولیات نے دارالحکومت کی تبدیلی پر خدشات کا اظہار کیا کہ اس سے نایاب اورانگوتان کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔گرین پیس انڈونیشیا کیمپینر جیسمین پیوتری کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس بات کی یقین دہانی کرانی ہوگی کہ نئے دارالحکومت کو محفوظ مقامات پر قائم نہ کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دارالحکومت کی تبدیلی سے جکارتا میں ٹریفک جام اور شہر کے تیزی سے پھیلنے کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔واضح رہے کہ انڈونیشیا دارالحکومت منتقل کرنے والا جنوبی مشرقی ایشیا کا پہلا ملک نہیں۔اس سے قبل میانمار اور ملائشیابھی اپنے مرکز کو منتقل کرچکے ہیں جبکہ برازیل، پاکستان اور نائیجیریز بھی اپنے دارالحکومت کو منتقل کرچکے ہیں۔

    جکارتا میں مقیم پولیٹیکل رسک اینالسٹ کیون او رورکے کا کہنا تھا کہ جاوا جزیرے سے دارالحکومت تبدیل کرنے سے اتحاد مزید مستحکم ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ جکارتا میگا سٹی رہے گا اور چند دہائیوں تک مالیات اور تجارت کا مرکز بنا رہے گا تاہم اسے ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین خدشات لاحق ہیں۔

  • انڈونیشیا میں ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکے، عمارتیں لرز گئیں

    انڈونیشیا میں ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکے، عمارتیں لرز گئیں

    جکارتہ: انڈونیشیا میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکوں نے عمارتیں لرزا دیں، شہری خوف کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے نے انڈونیشیا کے جنوب مشرقی مالُوکو جزائر میں شدید زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت سات اعشاریہ تین تھی، زلزلے نے مالوکو جزائر کے بڑے شہر تیرانٹے کو ہلا کر رکھ دیا۔

    البتہ زلزلے کے باعث محکمہ موسمیات نے سونامی کی کوئی وارننگ نہیں دی، جبکہ تیرانٹے میں ضمنی جھٹکوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں، تاہم شہریوں میں خوف پایا جاتا ہے۔

    انڈونیشیا کے ’مالوکو‘ نامی جزیرے پر گذشتہ ہفتے ہی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے بعد علاقے میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی، تاہم حالات کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ موسمیات نے سونامی کی وارننگ واپس لے لی تھی۔

    انڈونیشیا میں شدید زلزلے کے جھٹکے، عمارتیں لرز اٹھیں

    یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 347 ہوگئی تھی جبکہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور سینکڑوں افراد بھی ہوئے تھے۔

  • انڈونیشیا میں شدید زلزلے کے جھٹکے، عمارتیں لرز اٹھیں

    انڈونیشیا میں شدید زلزلے کے جھٹکے، عمارتیں لرز اٹھیں

    جکارتہ: مشرقی انڈونیشیا میں شدید زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتیں لزر اٹھیں، شہریوں میں شدید خوف وہراس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ’مالوکو‘ نامی جزیرے پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد علاقے میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی، تاہم حالات کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ موسمیات نے سونامی کی وارننگ واپس لے لی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلہ کوہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز انڈونیشیا کا شہر مناڈو تھا۔

    ان زلزلوں کے جھٹکوں نے علاقے میں افرا تفری مچادی، شہری محفوظ مقامات ڈھونڈتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ کئی افراد کھلے میدان میں جمع ہوگئے۔

    اس سے قبل رواں سال 12 اپریل 2019 میں امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ سلویسی آئی لینڈ کے مشرقی ساحل کے قریب آیا تھا جس کی گہرائی 17 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی تھی، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    انڈونیشیا میں7.5 شدت کا زلزلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 347 ہوگئی تھی جبکہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور سینکڑوں افراد بھی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ انڈونیشیا بحرالکاہل کے ایک ایسے حصے میں واقعہ ہے جہاں زلزلے آنے اور آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے واقعات عموماً رونما ہوتے رہتے ہیں اور دنیا بھر تقریباً آدھے آتش فشاں اسی حصّے میں پائے جاتے ہیں۔