Tag: Indore

  • بھارت کا وہ شہر جو صفائی میں یورپی شہروں کو مات کرتا ہے

    بھارت کا وہ شہر جو صفائی میں یورپی شہروں کو مات کرتا ہے

    نئی دہلی: بھارت کا شہر اندور صفائی میں یورپی شہروں کا مقابلہ کرتا ہے، اسے ملک کا صاف ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں روزانہ ایک ہزار 900 ٹن کچرے کو پراسیس کیا جاتا ہے اور اس شہر نے مسلسل چھٹی بار ملک کے صاف ترین شہر کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔

    این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے ریاستوں کی جانب سے کرائے گئے سالانہ صفائی سروے کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے اندور کو پہلا، سورت کو دوسرا اور ناوی ممبئی کو تیسرا نمبر دیا ہے۔

    حکام کے مطابق اندور میں کچرے کی پراسسینگ سے مقامی حکومت کروڑوں روپے کماتی ہے اور مقامی بسوں کو بھی چلانے میں مدد کرتی ہے۔

    بھارت میں کچرے میں خشک اور گیلے کے درجے عام ہیں، اندور میں کچرے کو اٹھاتے وقت ہی 6 درجوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اندور میں کچرا ڈالنے والے ڈرم بھی موجود نہیں، اس کے باوجود شہر میں 1200 ٹن خشک اور 700 ٹن گیلا کچرا اٹھایا جاتا ہے۔

    اندور کی میونسپل کارپوریشن کے شعبہ صفائی کے سپرنٹنڈنٹ انجینیئر مہیش شرما نے بتایا کہ ہمارے پاس 850 گاڑیاں ہیں جو گھروں اور کمرشل علاقوں سے کچرا اٹھاتی ہیں اور اسے 6 درجوں میں الگ کرتی ہیں۔

    ان گاڑیوں میں ہر قسم کے کچرے کے لیے الگ خانے مختص ہیں، مثلاً صفائی والے استعمال شدہ نیپکن الگ خانے میں جاتے ہیں۔

    مہیش شرما کے مطابق کچرا اٹھاتے وقت اس کو الگ الگ حصوں میں ڈالنا ہی اس کے پراسیسنگ کو آسان بنا دیتا ہے۔

    اندور شہر کی انتظامیہ کے مطابق میونسپل کارپوریشن کا بائیو سی این جی پلانٹ گیلے کچرے سے چلتا ہے اور ایشیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پلانٹ ہے۔

    رواں سال فروری میں وزیراعظم نریندر مودی نے روزانہ 550 ملین ٹن کچرا پراسیس کرنے والے اس پلانٹ کا افتتاح کیا تھا جس پر 150 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت آئی تھی، یہ پلانٹ 17 سے 18 ہزار ٹن بائیو سی این جی اور 10 ٹن آرگینک کھاد تیار کرتا ہے۔

    اس پلانٹ سے بنائی گئی سی این جی پر شہر کی 150 بسیں چلتی ہیں اور یہ کمرشل سی این جی سے 5 روپے کلو سستی ہے۔

    اندور میونسپل کارپوریشن نے گزشتہ مالی سال کے دوران کچرے کی پراسیسنگ سے 14 کروڑ 45 لاکھ روپے کمائے، کارپوریشن کو توقع ہے کہ رواں سال یہ کمائی 20 کروڑ روپے ہوگی۔

    اندور شہر میں گندے پانی کی صفائی کے لیے بھی 3 پلانٹ لگائے گئے ہیں جہاں سے شہر کے 200 پارکس کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

  • بھارت کے شہر اندور میں 4 منزلہ عمارت گر گئی، 10 افراد ہلاک

    بھارت کے شہر اندور میں 4 منزلہ عمارت گر گئی، 10 افراد ہلاک

    ممبئی: بھارت کے شہر اندور میں 4 منزلہ عمارت زمیں بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر اندور میں 4 منزلہ عمارت گر گئی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔

    ہوٹل کی 4 منزلہ عمارت ہفتے کی شب 9:20 منٹ پر گری جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

    ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اندور ہری ناراین مشرا کے مطابق ہوٹل کی بلڈنگ پرانی ہونے کی وجہ سے گری، 10 افراد ہلاک ہوئے اور تین زخمی ہیں، زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق 20 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، ڈسٹرکٹ کلیکٹر نشانت وارواڈے نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا، بھارتی میڈیا کے مطابق ہوٹل کی پہلی منزل پر طلباء رہائش پذیر تھے تاہم آفیشلز کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ بلڈنگ کو رہائش کے لیے خطرناک قرار دیا گیا تھا یا نہیں۔

    لوک سبھا اسپیکر سمریتا مہاجن نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

    وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 2 لاکھ جبکہ زخمی افراد کے لیے 50000 روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔