کوٹ ادو (18 اگست 2025): بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے سبب دریائے سندھ میں طغیانی آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے، اور پانی کا بہاؤ 450 کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے۔
محکمہ آب پاشی نے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں چشمہ بیراج کے مقام پر بھی پانی کا بہاؤ 5 لاکھ کیوسک ہو گیا ہے۔ دریں اثنا، صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش برس گئی ہے، سجاول اور گرد و نواح، ٹھٹھہ، مکلی اور گرد و نواح میں بارش ہوئی ہے۔
شانگلہ میں طغیانی سے 36 افراد جاں بحق ہوئے
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بارش اور سیلاب سے 323 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق 273 مرد، 29 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں۔ بونیر میں سب سے زیادہ 209 اموات ہوئیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 336 گھروں کو نقصان پہنچا، 106 مکمل منہدم، 230 جزوی تباہ ہوئے، وزیر اعظم کے معاون اختیار ولی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صرف ضلع دیر میں ہزار سے زائد اموات ہو سکتی ہیں۔