Tag: Indus Motors Co

  • کارساز کمپنی کا پلانٹ مکمل بند کرنے کا اعلان

    کارساز کمپنی کا پلانٹ مکمل بند کرنے کا اعلان

    لاہور : کاریں بنانے والے معروف کمپنی انڈس موٹرز نے اپنے پلانٹ مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ڈالرز کی قلت اور ایل سیز نہ کھلنے کی وجہ سے بڑی صنعتیں بھی بدترین معاشی بحران کا شکار ہوگئیں۔

    ترجمان انڈس موٹرز کا کہنا ہے کہ انڈس کمپنی نے 3 سے 8 جون تک پلانٹ مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے انڈس کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو بھی خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔

    انڈس موٹرز نے اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں آگاہ کیا ہے کہ موجودہ ملکی معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے 3سے 8 جون تک چار روز کے لیے اپنا پلانٹ مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق کمپنی کو خام مال کی سپلائی میں شدید پریشانی کا سامنا ہے اور ایل سیز کھولنے میں مشکلات سے بھی سپلائی چین شدید متاثر ہے۔

    اس کے علاوہ انڈس موٹرز کمپنی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے پاس پروڈکشن کیلئے مناسب انوینٹری موجود نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ملک کے بڑے صنعتی شعبہ کی پیداوار میں تشویش ناک حد تک 9 فیصد سے زائد کی کمی ہوچکی ہے۔

  • انڈس موٹرز کمپنی کا ملازمین کو برطرف نہ کرنے کا فیصلہ

    انڈس موٹرز کمپنی کا ملازمین کو برطرف نہ کرنے کا فیصلہ

    کراچی : انڈس موٹرز کمپنی نے جزوی طور پر اپنا پلانٹ بند کرنے کے باوجود ملازمین کو ملازمت سے برطرف نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس عزم کا اظہار ادارے کے چیف ایگزیکٹو علی اصغرجمالی نے اپنے ایک جاری بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ ایل سیز کی پابندیوں، پورٹ پر پلانٹ کی بندش کے باوجود پرعزم ہیں۔

    چیف ایگزیکٹو نے واضح الفاظ میں کہا کہ مشکلات کے باوجود کمپنی ملازمین کو نوکریوں سے فارغ نہیں کریگی، گزشتہ6ماہ سے انڈس موٹرز کی پیداوار وقفے وقفے سے تعطل کا شکار رہی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک معاشی سست روی سے گزررہا ہے اور مارکیٹ کی مجموعی حالت بدستور غیرمستحکم ہے، یہ بلاشبہ ایک مشکل صورتحال ہے لیکن ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود لوگوں کو ملازمت سے محروم نہیں کریں گے۔

    انڈس موٹرز کمپنی کے سی ای او کا مزید کہنا ہے کہ انسانی وسائل (افرادی قوت) ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ اور سب سے بڑی طاقت ہے۔

    مزید پڑھیں : انڈس موٹر کمپنی کا پاکستان میں پلانٹ بند کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان میں ٹویوٹا برانڈ آٹو موبائلز بنانے والی انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنا پلانٹ 10روز کیلئے مکمل طور پر بند کردے گی۔

    ترجمان نے سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو لکھے لیٹر میں کہا ہے کہ تمام تر حالات کی روشنی میں کمپنی نے پروڈکشن پلانٹ کے حوالے سے یہ فیصلہ 20 دسمبر سے 30 دسمبر تک کیلئے کیا ہے، جس کی بڑی وجہ درآمدات کی منظوری سے متعلق تاخیر ہے۔