لاہور : پاک بھارت آبی تنازعات پرمذاکرات کیلئے پاکستان کے آبی ماہرین کا تین رکنی وفد آج صبح دس بجے بھارت روانہ ہوگا۔ پاکستانی وفدکی قیادت انڈس واٹرکمشنرمہرعلی شاہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کے حوالے سے مذاکرات پر جمی برف پگھل گئی، انڈس واٹر کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد آج27 جنوری بروز اتوار کو واہگہ کے راستے نئی دہلی روانہ ہوگا، پاکستانی وفدکی قیادت انڈس واٹر کمشنر مہرعلی شاہ کریں گے۔
وفد دریائے چناب پر بنائے گئے بھارتی منصوبوں کامعائنہ کرے گا، پاکستان نے لوئرکلنائی اور پکل ڈل منصوبوں پراعتراضات اٹھائے ہیں، بھارت اب تک سندھ طاس معاہدےکی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی ڈیم بنا چکا ہے، بھارتی آبی ماہرین کاوفد اگست دو ہزار اٹھارہ میں پاکستان کا دورہ کرچکا ہے۔
واضح رہے بھارتی انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا کی سربراہی میں گزشتہ برس اگست میں بھارتی وفد پاکستان آیا تھا، مذاکرات میں پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ پکل ڈل، لوئرکلنائی پن بجلی گھروں کے ڈیزائن پراعتراض ہے۔
پاکستان کا موقف تھا کہ بھارت مغربی دریاؤں پر ڈیم تعمیر کرکے پاکستان کو خشک سالی کا شکار کردینا چاہتا ہے جو کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجو د ’سندھ طاس معاہدے‘ کی خلاف ورزی ہے۔