Tag: INDVENG

  • تیسرا ٹیسٹ: بھارت نے انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دے دی

    تیسرا ٹیسٹ: بھارت نے انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دے دی

    ناٹنگھم: بھارت نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دے دی، بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو 203 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی، پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

    بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 397 رنز بنائے، کپتان ویرات کوہلی نے شاندار 97 رنز کی اننگز کھیلی، اجنکیا رہانے نے بھی 81 رنز بنائے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ہردیک پانڈیا کی شاندار بالنگ کی بدولت بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 161 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بٹلر 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، پانڈیا نے 5 وکٹیں حاصل کیں اور ایشانت شرما نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    بھارت نے دوسری اننگز میں ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت 352 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئرڈ کی اور انگلیںڈ کو فاتح کے لیے 521 رنز کا ہدف دیا۔

    میچ کے چوتھے روز انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار رہی، بین اسٹوکس اور جاز بٹلر کی شاندار شراکت کے باوجود ٹیم 311 رنز پر 9 وکٹیں گنوا دیں۔

    میچ کے آخری روز تیسرے ہی اوور میں ایشون نے جیمز اینڈرسن کی وکٹ لے کر بھارت کو سیریز کے پہلے میچ میں فتح سے ہمکنار کرایا۔

    ویرات کوہلی کو پہلی اننگز 97 اور دوسری اننگز میں 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    واضح رہے پانچ میچوں کی سیریز کے ابتدائی دو ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی، سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ 3 ستمبر سے ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلا جائے گا۔

  • لارڈز ٹیسٹ: بھارت کو بدترین شکست، انگلینڈ اننگز اور 159 رنز سے کامیاب

    لارڈز ٹیسٹ: بھارت کو بدترین شکست، انگلینڈ اننگز اور 159 رنز سے کامیاب

    لارڈز: انگلینڈ نے بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی اننگز اور 159 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گھر کے شیر گھر سے باہر ڈھیر ہوگئے، کوہلی الیون انگلش سرزمین پر ایک اور بار سے دوچار ہوگئی، بھارتی ٹیم اننگز اور 159 رنز سے میچ ہار گئی۔

    انگلینڈ نے پہلی اننگز 396 رنز پر ڈیکلیئر کی تھی، کرس ووکس نے شاندار 137 رنز کی اننگز کھیلی، انگلینڈ کو بھارت پر 289 رنز کی برتری حاصل ہوئی، خسارے میں جانے والی بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں بھی کچھ نہ کرپائی۔

    انگلش ٹیم کے آل راؤنڈر کرس ووکس کو میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    بھارت کی جانب سے روی چندر ایشون 33 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، تاہم انگلش بولرز کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ نے 4،4 شکار کیے جبکہ کرس ووکس کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

    قبل ازیں میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے حق میں گیا اور جیمز اینڈرسن کی تباہ کن بولنگ کی بدولت بھارتی ٹیم 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 18 اگست کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھی انگلینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔