Tag: infected with corona virus

  • اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن بھی کورونا وائرس کا شکار

    اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن بھی کورونا وائرس کا شکار

    کراچی : پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کی ہمشیرہ اداکارہ سنبل شاہد بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں، انہوں نے اپنی بہن کی صحتیابی کیلئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

    مختصر ویڈیو اور تصاویر کی ایپ انسٹا گرام پر بشریٰ انصاری نے بہن سنبل شاہد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر ان کی تصویر کے ساتھ جاری کی۔

    اپنی پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ میری پیاری بہن سنبل شاہد ان دنوں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی بہن کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔

    اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا کہ چار چاند سلامت رہیں آمین۔

    یاد رہے کہ اداکارہ بشریٰ انصاری کی تین بہنیں ہیں جن کے نام اسماء عباس، سنبل شاہد اور نیلم بشیر ہیں اور وہ بھی شوبز سے وابستہ ہیں۔

    اس سے قبل ٹی وی اور فلموں کی متعدد شخصیات بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوچکی ہیں جن میں گلوکار جواد احمد، ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس، اداکار علی رحمٰن، علی عباس، اداکارہ ماہرہ خان اور لیجنڈ ادیب انور مقصود شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ اداکار بہروز سبزواری، اداکارہ نیلم منیر، ٹی وی میزبان و رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ میزبان و اداکارہ طوبیٰ عامر، اداکارہ سکینہ سموں، ندا یاسر، یاسر نواز، روبینہ اشرف، گلوکار ابرار الحق، بلال مقصود کامیڈین و میزبان شفاعت علی, واسع چوہدری اور نوید رضا بھی وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

  • پی آئی اے  کے ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہونے لگے

    پی آئی اے کے ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہونے لگے

    کوئٹہ : قومی ایئرلائن پی آئی اے کے ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہونے لگے ، کوئٹہ کے پانچ ملازمین میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد تمام ملازمین کو سیلف قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کوئٹہ کے پانچ ملازمین کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ، جس کی پی آئی اے کے جی ایم میڈیکل سروس نے تصدیق کردی ہے۔

    پی آئی اے کے شعبہ صحت کی انتظامیہ کے مطابق کوئٹہ اسٹیشن پر 22 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن میں سے پانچ ملازمین متاثر نکلے۔ ان میں ایک خاتون ملازمہ بھی شامل ہیں، تمام ملازمین کو سیلف قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے، بعد میں مزید ٹیسٹ کئے جائیں گے۔

    پی آئی اے کوئٹہ بکنگ آفس اور دیگر دفاتر میں کام کر نے والے عملے کے بھی ٹیسٹ کیے گئے۔

    گذشتہ روز نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پی آئی اے کو ایک لاکھ ڈالرکی حفاظتی کٹس عطیہ کی تھیں ، حفاظتی کٹس کا استعمال پی آئی اے کا عملہ دوران پرواز کرے گا۔

    چند روز قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی آسٹریلیا سے لاہور جانے والی پرواز پر تعینات پائلٹ اور 3 فضائی میزبان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔