Tag: inflation

  • گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: گزشتہ ہفتے 14 سے 18 جون 2021 کے دوران مہنگائی کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا، 21 اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ، 9 اشیائے خور و نوش کی قیمت میں کمی اور 21 اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ادارہ برائے شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، 14 سے 18 جون 2021 کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد اضافہ ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران 21 اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ٹماٹر، چکن، آلو، گھی، دودھ، دہی اور آٹے کا تھیلا مہنگا ہوگیا۔

    گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 4.69 روپے اضافہ ہوا، زندہ مرغی کی قیمت میں 12.19 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد زندہ مرغی فی کلو 194 روپے سے بڑھ کر 206 روپے ہوگئی۔

    مٹن کی فی کلوقیمت میں 4.36 روپے کا اضافہ ہوا، آلو کی فی کلو قیمت میں 1 روپیہ، گڑ کی فی کلو قیمت میں 1.44 روپے اور دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 25 پیسے کا اضافہ ہوا۔

    گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 9 اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چینی کی فی کلو قیمت میں 18 پیسے اور کیلے کی فی درجن قیمت میں 8 روپے کمی ہوئی۔

    دال مونگ کی قیمت میں فی کلو 4 روپے، دال ماش کی فی کلو قیمت میں 3.18 روپے، دال مسور کی قیمت میں 1.26 روپے اور انڈوں کی فی درجن قیمت میں 55 پیسے کمی ہوئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ 21 اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔

  • تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے: بلاول زرداری

    تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے: بلاول زرداری

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ملک کی معاشی سمت درست کر سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جعلی معاشی ترقی کے گن گانا اور بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے، 21 فیصد سے زائدشرح غربت معاشی ترقی کے دعووں کو غلط ثابت کر رہی ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ ملک میں شرح غربت 40 فیصد تک ہونے کا اندازہ تشویشناک صورتحال کا اشارہ ہے، تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل سے ناواقف عمران خان نے اقتدار تو ہتھیا لیا، لیکن انہیں اب تک علم نہیں کہ ملک کیسے چلایا جاتا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ملک کی معاشی سمت درست کر سکتی ہے۔

  • ماہ رمضان سے قبل مہنگائی کا جن بے قابو، عوام پریشان

    ماہ رمضان سے قبل مہنگائی کا جن بے قابو، عوام پریشان

    اسلام آباد : مہنگائی کا جن بدستور بے قابو ہے ، ایک ماہ میں مہنگائی 0.36 فیصد تک بڑھ گئی اور مارچ2021 میں مہنگائی کی شرح 9.05 فیصد تک جا پہنچی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار ہے ، ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

    جس میں بتایا گیا ایک ماہ میں مہنگائی میں 0.36 فیصد اضافہ ہوا، مارچ 2020 کے مقابلے میں مارچ 2021 میں مہنگائی کی شرح9.05 فیصد تک پہنچ گئی۔

    ادارہ شماریات نے کہا رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں مہنگائی کی شرح 8.64 فیصد ریکارڈ کیا گیا، ایک سال میں انڈے 64 فیصد، چکن 40، گندم 35 فیصد ، مصالحہ جات 28 فیصد،چینی 23، دال ماش19 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ آٹا 19 فیصد، ویجی ٹیبل گھی17، خوردنی تیل15 فیصد مہنگےہوئے۔

    اعدادو شمار کے مطابق ایک سال میں پیاز 49 فیصد، سبزیاں 18، آلو 5 اور ٹماٹر3.79 فیصد سستےہوئے جبکہ ایک ماہ میں انڈے 12.96 فیصد، پھل 10 فیصد، آلو9.54 فیصد ، مرغی6.58فیصد،چینی 4.82فیصد،ٹماٹر4.67 فیصد،دال ماش4.57فیصد مہنگی ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ماہ میں دال چنا4.39فیصد،چاول1.61فیصداورآٹا1.46فیصد ، کاٹن کےکپڑے،گاڑیوں کےپارٹس،ادویات،واشنگ سوپ بھی مہنگا ہوا جبکہ پیاز2.37 فیصد،خشک میوہ جات2.19 فیصد اور مچھلی 1.78فیصد سستی ہوئی۔

  • روس نے مہنگائی کیخلاف بڑا قدم اٹھا لیا، ناجائز منافع خور پھنس گئے

    روس نے مہنگائی کیخلاف بڑا قدم اٹھا لیا، ناجائز منافع خور پھنس گئے

    ماسکو : روسی حکومت نے مہنگائی کے سدباب کیلئے میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کا سختی سے فیصلہ کرلیا، جس کے بعد تاجروں کے لئے مصنوعی قیمتیں بڑھانا اور ناجائز منافع خوری کرنا ناممکن ہوگا۔

    مہنگائی کے حوالے سے روسی حکام نے پرائس کنٹرول سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت کی پریس سروس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روس اب ملک میں اشیاء خود و نوش کی مصنوعات اور راشن کی قیمتوں پر مسلسل نگرانی کرے گا۔

    اس سلسلے میں روسی وزراء کی کابینہ کا اجلاس ہوا کابینہ اراکین نے کہا کہ نیا نظام مارکیٹ میں صورتحال کا منظم تجزیہ کرنے، اہم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پیش گوئی اور اس کو روکنے کے لئے بروقت اقدامات کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔

    کابینہ اجلاس میں روسی وزارت اقتصادی ترقی کے عہدیدار نے بتایا کہ اس نظام کی بدولت اب متعدد محکمے بیک وقت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی نگرانی کریں گے۔

    روسی حکومت کا مزید کہنا ہے کہ اگر متعلقہ محکموں کو قیمتوں میں اضافے کا پتہ چل گیا تو متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو معلومات بھیج دی جائیں گی اور قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر وزارت اپنی مختلف مصنوعات کے مخصوص گروہوں کی ذمہ دار ہوگی جیسا کہ وزارت زراعت خوراک اور تمباکو کی مصنوعات کی انچارج ہے۔

    اسی طرح وزارت صنعت و تجارت صارفین کے سامان گھریلو ایپلائینسز، فرنیچر، کمپیوٹرز، ٹیلیفون کے لئے ذمہ دار ہے۔ وزارت صحت طبی مصنوعات، دوائیں، طبی ساز و سامان کی قیمتوں کی ذمہ دار ہے۔

    اس کے علاوہ ایندھن کے لئے وزارت توانائی ذمہ دار ہے، وزارت ڈیجیٹل انڈسٹری مواصلاتی سروس کے لئے ذمہ دار ہے، رہائش اور سماجی سروسز کے لئے وزارت تعمیرات ذمہ دار ہے۔

  • ملک بھر میں مہنگائی کا پارہ پھر سے چڑھنے لگا

    ملک بھر میں مہنگائی کا پارہ پھر سے چڑھنے لگا

    اسلام آباد: ملک بھر میں مہنگائی کا پارہ پھر سے چڑھنے لگا، 4 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں مہنگائی میں 0.6 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 14.95 فی صد پر پہنچ گئی ہے، پاکستان شماریات بیورو نےگزشتہ ہفتے کے مہنگائی اعداد و شمارجاری کر دیے۔

    گزشتہ ہفتے 51 اشیا میں سے 22 کی قیمت میں اضافہ، 5 میں کمی، 24 میں استحکام رہا، ایک ہفتے میں مرغی کی قیمت میں 5.3 فی صد، اور انڈوں میں 1.1 فی صداضافہ ہوا۔

    آلو کی قیمت میں3.7 فی صد، پیاز 2.2 فی صد اور چینی میں 2.8 فی صد اضافہ ہوا، ایک ہفتے کے دوران کیلے کی قیمت میں 4.2 فی صد اضافہ ہوا۔

    دوسری طرف گزشتہ ہفتے لہسن کی قیمت میں 6، آٹے کے تھیلے میں 0.8، ٹماٹر میں 0.5 فی صد کمی ہوئی۔

    ایک ہفتے میں مرغی کی قیمت میں 13 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا، مرغی کی قیمت 250 روپے فی کلو سے بڑھ کر 263 روپے فی کلو ہوگئی۔

    چینی کی قیمت 94 روپے سے بڑھ کر 96.68 روپے فی کلو ہوگئی، جب کہ دال ماش دھلی ہوئی 258 روپے سے بڑھ کر 261.32 روپے فی کلو ہوگئی۔

  • حکومت اس سال مہنگائی کم کر کے دم لے گی: شیخ رشید

    حکومت اس سال مہنگائی کم کر کے دم لے گی: شیخ رشید

    پشاور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، عمران خان مافیا کے خلاف لڑ رہا ہے۔ حکومت اس سال مہنگائی کم کر کے دم لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آج طور خم بارڈر کا دورہ کیا، آج سے آن لائن ویزہ سروس شروع کردی گئی، آج سے مینوئل ویزا ختم ہوگیا ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت ہے ویزوں کا اجرا آسان اور کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو این جی اوز ٹھیک کام کر رہی ہیں وہ قابل احترام ہیں، جو این جی اوز سیاست میں ملوث ہیں ان کا نوٹس لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 16 فروری کو نواز شریف کا پاسپورٹ ری نیو نہیں ہوگا، ان کا پاسپورٹ ری نیو ہونے کے بجائے منسوخ کردیا جائے گا۔ پی ڈی ایم والے پاکستان میں میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں جو فیصلہ ہوگا اس پر کل بات ہوگی، مولانا فضل الرحمٰن کی وہاں کوئی سیٹ نہیں ہے۔ مولانا پچ سے باہر کھیل رہے ہیں۔ ان کا ارادہ ہے بند گلی میں لے جا کر کوئی غلطی کروائی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، عمران خان مافیا کے خلاف لڑ رہا ہے۔ حکومت اس سال مہنگائی کم کر کے دم لے گی۔

    شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ کرک واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے، تمام چیف سیکریٹریز سے کہا ہے کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت کی جائے۔

  • ملک میں مہنگائی کا ایشو ختم ہوچکا ہے، فیاض چوہان

    ملک میں مہنگائی کا ایشو ختم ہوچکا ہے، فیاض چوہان

    لاہور : صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا ایشو ختم ہوچکا ہے، مریم نواز جھوٹوں کی آئی جی ہیں۔

    محکمہ تعلقات عامہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مہنگائی کے خاتمے کے بعد اب استعفے شروع کرنے ہیں تو شہبازشریف اور حمزہ شہباز اصلی استعفی قومی و صوبائی اسمبلی کے اسپیکروں کو بھجوائیں جبکہ جیل بھرو تحریک میں پہلی گرفتاری مولانا فضل الرحمان دیں۔

    فیاض چوہان نے کہا کہ اپوزیشن اپنے ریلو کٹوں کے استعفے نہ دے اگر استعفوں کی شروعات کرنی ہی ہے تو حمزہ اور شہباز شریف سے کی جائے، انہوں نے کہا کہ مریم نواز جھوٹوں کی آئی جی ہیں۔

    صوبائی وزیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں اب مہنگائی کا کوئی ایشو نہیں رہا، سبزیاں پھل آٹا اور چینی اور دیگر اشیاء عوام کو مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سیالکوٹ کی تقریبات کرونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرواتے ہوئے کی جارہی ہیں تحریک انصاف نے کرونا کے باعث اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کردی تھیں اپوزیشن کے گرفتار ہونے والے کارکنوں کو کرونا حفاظتی اقدامات کے تحت جیلوں میں رکھا جائے گا۔

  • گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں کمی

    گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں کمی

    اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.92 فیصد کمی واقع ہوئی، اس دوران 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 10 میں کمی جبکہ 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ 23 نومبر سے 27 نومبر 2020 کے دوران مہنگائی میں 0.92 فیصد کمی واقع ہوئی۔ رواں ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح 7.48 فیصد رہی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی جن میں ٹماٹر، پیاز، آلو، مرغی، آٹا، چینی اور دالیں شامل ہیں۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    اس سے قبل 16 سے 20 نومبر کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.24 فیصد اضافہ ہوا تھا، اس ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح 7.07 فیصد رہی۔

    مذکورہ ہفتے میں 13 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 18 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا تھا۔

  • سعودی عرب : ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ریکارڈ چھاپہ مار کارروائیاں

    سعودی عرب : ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ریکارڈ چھاپہ مار کارروائیاں

    ریاض : سعودی حکومت مملکت میں مہنگائی کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے اس سلسے میں حکام نے مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائیاں کیں اور تاجروں پر زائد قیمتوں کے وصول کرنے پر جرمانے عائد کیے ہیں۔

    اس حوالے سے سعودی وزیر تجارت نے کہا ہے کہ صارفین کا تحفظ ریاست کی انتہائی اولین ترجیح ہے، سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر تجارت اور قائم مقام وزیر اطلاعات ماجد القصبی نے جمعرات کو پریس کانفرنس کی۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے اقتصادی مسائل سے تاجروں کو ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تاجروں کو قیمتیں بڑھانے سے روکا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ وزارت تجارت نے مملکت بھر میں اشیاء کی زائد قیمتوں کی شکایت پر تین لاکھ 70 ہزار چھاپے مار کر37 ہزار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران انکشاف ہوا کہ بعض تاجروں نے کھانے پینے کی اشیاء ذخیرہ کر رکھی تھیں جس پر پانچ سو ٹن غذائی اشیا ضبط کرلی گئیں۔

    وزیر تجارت نے بتایا کہ مذکورہ تاجروں کی جانب سے25 ملین ماسک، سیناٹائزر اور 280 ٹن چاول مہنگا بیچنے کے لیے گوداموں میں چھپا دیا گیا تھا، وزارت نے یہ سارا سامان تحویل میں لے کر مارکیٹوں میں سپلائی کروا دیا ہے۔

    انہو ں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت نے غذائی اشیاء ذخیرہ کرنے پر خلاف ورزی کا جرمانہ 10 لاکھ درہم تک کردیا ہے تاکہ ذخیرہ اندوزوں کو سبق سکھایا جا سکے۔

  • گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں کمی

    گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں کمی

    اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 0.07 فیصد کم ہوئی، اس دوران 18 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 11 میں کمی اور 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.07 فیصد کم ہوئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح 7.68 فیصد پر آگئی ہے، ایک ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ہفتے میں چینی اوسطاً 57 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، چینی کی اوسط قیمت 101.49 سے 102.06 روپے فی کلو ہوگئی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق برائلر مرغی ساڑھے 22 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، گزشتہ ہفتے آلو، کیلا، گائے کا گوشت، دال ماش، دہی، انڈے اور گھی بھی مہنگا ہوا۔

    گزشتہ ہفتے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 4 روپے 69 پیسے سستا ہوا، ٹماٹر 4 روپے فی کلو سستے ہوئے جبکہ دال چنا، لہسن، پیاز، دال مسور اور بکرے کا گوشت بھی سستا ہوا۔