Tag: Information

  • ڈارک ویب جرائم کا گڑھ : اسے کن مقاصد کیلیے استعمال کیا جاتا ہے؟

    ڈارک ویب جرائم کا گڑھ : اسے کن مقاصد کیلیے استعمال کیا جاتا ہے؟

    انٹرنیٹ ایک وسیع اور پیچیدہ نیٹ ورک ہے اور اس کا ایک بڑا حصہ عام صارف کی نظر سے اوجھل رہتا ہے جسے ڈارک ویب کہتے ہیں۔

    "ڈارک ویب” انٹرنیٹ کے ایک مخصوص حصے کا نام ہے جو "ڈیپ ویب” کا ذیلی حصہ ہے۔ ڈیپ ویب میں وہ تمام مواد شامل ہے جو معیاری سرچ انجنز (جیسے گوگل) کے ذریعے انڈیکس نہیں کیا جاتا۔

    ڈارک ویب تک رسائی کے لیے خاص سافٹ ویئر کی ضرورت ہوتی ہے، اس میں ایسی سائٹس شامل ہیں جو گوگل سرچز پر نظر نہیں آتیں۔

    ڈارک ویب سائٹس تک رسائی کے لیے ٹور براؤزر نامی سافٹ ویئر کی ضرورت ہوتی ہے جو صرف ٹور نیٹ ورک پر دستیاب ہوتے ہیں۔

    دی اونین راؤٹر ٹور صارف کے انٹرنیٹ ٹریفک کو انکرپٹ کرتا ہے اور اسے رضا کاروں کے زیرِ انتظام سرورز کے ایک نیٹ ورک کے ذریعے روٹ کرتا ہے، جس سے صارف کا مقام اور شناخت چھپ جاتی ہے۔ یہ پرائیویسی کی تہہ اُن لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے جو نگرانی یا سینسر شپ سے بچنا چاہتے ہیں۔

    ڈارک ویب کھلنے کے بعد بالکل عام ویب سائٹ جیسی نظر آتی ہے، اس میں ڈارک نیٹ مارکیٹس ہوتی ہیں جہاں غیر قانونی کاروبار ہوتا ہے جس میں غیر اخلاقی مواد، اسلحہ، کسی بھی ویب سائیٹ یا شخصیات کا ہیک کیا گیا ڈیٹا اور جھوٹا آرٹ اور پینٹگز بیچی جاتی ہیں، یہاں پر خرید و فروخت کے لیے خصوصی کرنسی مثلاً بٹ کوائن کا استعمال کیا جاتا ہے۔

    منشیات، جعلی پاسپورٹ یا فحش مواد کی خرید و فروخت بٹ کوائن کے ذریعے کی جاتی ہے۔ یہ انٹرنیٹ کی دنیا میں سب سے تیزی سے پھیلنے والی کیٹیگری ہے۔ کریڈٹ کارڈز کی معلومات ہیک کر کے یہاں بہت سستے داموں بیچی جاتی ہے۔

    ڈارک ویب پر مختلف قسم کا مواد پایا جاتا ہے، جس میں قانونی اور غیر قانونی دونوں شامل ہیں، وکی لیکس اور پروجیکٹ ویریٹاس جیسے پلیٹ فارمز ڈارک ویب کا استعمال کرتے ہیں تاکہ اپنے ذرائع کو محفوظ رکھا جاسکے اور معلومات شائع کی جا سکیں۔

    جو صارفین آن لائن نگرانی سے پریشان ہوں، وہ گمنام رابطے کے لیے ڈارک ویب استعمال کر سکتے ہیں۔ سلک روڈ” جیسی آن لائن مارکیٹس غیر قانونی منشیات کی خرید و فروخت کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

    صرف وہی افراد ان ویب سائٹس تک پہنچ سکتے ہیں جن کا تعلق انٹرنیٹ جرائم کی اس دنیا سے ہو یا پھر وہ اس کمیونٹی کا حصہ ہوں۔ یہ ویب سائٹس فائر والز کے پیچھے چھپی ہوتی ہیں۔

    اس کے علاوہ ڈارک ویب بچوں کے جنسی استحصال کے مواد کا بڑا مرکز ہے۔ یہاں سے کرائے کے قاتلوں کا ملنا بھی ممکن ہے۔

    ڈارک ویب کے نقصانات و خطرات

    ڈارک ویب کی گمنامی کے ساتھ کئی خطرات بھی جڑے ہیں، ڈارک ویب کی گمنامی دھوکہ دہی کرنے والوں کو پہچاننا اور سزا دینا مشکل بناتی ہے، یہاں پر بدنیتی پر مبنی سافٹ ویئر اور ہیکنگ کی سرگرمیاں عام ہیں۔ ڈارک ویب پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونا سنگین قانونی نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔

  • ملازمت چھوڑتے ہوئے ان غلطیوں سے اجتناب کریں

    ملازمت چھوڑتے ہوئے ان غلطیوں سے اجتناب کریں

    اگر آپ اپنی ملامت کو خیرباد کہنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو آپ کو یہ منصوبہ بندی بھی کرنی چاہیے کہ آپ کس طرح صاف شفاف اور باعزت طریقے سے ادارے سے رخصت ہورہے ہیں۔

    اس کیلیے یہ بھی ضروری ہے کہ آپ اپنے باس اور ساتھی کارکنان کے ساتھ اچھے معاملات کے ساتھ رخصت ہوں، کیونکہ یہ بھی ممکن ہے ان میں سے کچھ لوگ مستقبل میں آپ کے لیے کسی بھی لحاظ سے مددگار کا کردار ادا کرسکتے ہوں۔

    جذبات پر قابو رکھیں

    جیسا کہ مثال کے طور پر آپ سے کہا گیا ہے کہ کمپنی کو اب آپ کی خدمات کی ضرورت نہیں ہے۔ جس کے بعد آپ کا چیخنے کا، غصہ کرنے کا دل چاہے گا یا شاید آپ نوکری سے نہ نکالے جانے کی درخواست کریں گے تاہم ایسے موقع پر اپنے جذبات کو قابو میں رکھنا ہی بہتر حکمت عملی ہے۔

    اپنے ساتھیوں کے سامنے جذبات کا اظہار کرنے سے بھی خود کو روکیے کیوں کہ مستقبل میں آپ چاہیں گے کہ آپ کی ٹیم کے ساتھی آپ کو آپ کی کامیابیوں کے لیے یاد کریں۔

    انتقام یا بدلہ لینے کی کوشش

    اگر آپ کو ایسا محسوس ہورہا ہے کہ آپ کے ساتھ انصاف نہیں کیا جارہا تو انتقام یا بدلہ لینے کی کوشش نہ کریں، اسکے علاوہ جاتے ہوئے دفتر کی اشیاء کو نقصان پہچانا یا چوری کرلینا بہت غیر اخلاقی حرکت ہے اس سے آپ کی ساکھ متاثر ہوگی اور پکڑے جانے پر اس کے سنگین نتائج بھی سامنے آسکتے ہیں۔

    ملازمت کے آخری ایام کی کارکردگی

    ملازمت سے استعفے کے بعد نوٹس پیریڈ کا مرحلہ بھی آتا ہے کوشش کریں کہ اس دوران آپ کی کارکردگی پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیے، بصورت دیگر آپ کے کولیگز کی نظر میں آپ کا کردار مشکوک اور عزت میں بھی فرق آئے گا، اور لوگ آپ کو اسی نظریے سے یاد رکھیں گے۔

    اپنے کام کو ادھورا چھوڑنا

    دفتر سے جانے کے بعد آپ کی جگہ پر آنے والا ملازم جب آپ کے پراجیکٹ پر کام شروع کرے گا تو اسے اندازہ ہوجائے گا کہ آپ کتنے پرافیشنل تھے۔ اس کیلئے جانے سے قبل اپنے منیجر کو تمام ترصورتحال سے آگاہ کریں اور کام کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کریں اور متعلقہ افراد کو بھی ای میل کے ذریعے آگاہ کریں۔

    اہم ڈیٹا اور سامان واپس نہ کرنا

    اہم ڈیٹا اور سامان کو واپس کرنا نہ بھولیں اور اس حوالے سے کلیئرنس حاصل کرلیں۔ کلیئرنس کو تمام متعلقہ افراد تک پہنچانا بھی آپ ہی کی ذمہ داری ہے۔

    لین دین کے تمام معاملات خوش اسلوبی سے نمٹائیں

    دفتر سے جانے سے قبل اپنے اوپر واجب الادا رقم چاہیں وہ میڈیکل بلز یا پھر سفری اخراجات کی صورت میں ہوں انہیں ادا کریں کیونکہ جانے کے بعد ایسا کرنا مشکل ہوگا۔

    تنقید کرنے سے بچیں

    ملازمت چھوڑ کر جانے سے قبل آپ کا انٹرویو لیا جائے گا یہ موقع اپنے غصہ یا دل کی بھڑاس نکالنے کا نہیں۔ آپ کی ’تعمیری تنقید‘ سے آپ یا آپ کی ٹیم کے ساتھیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اس لیے صرف ایسی بات کریں کہ آپ کے لیے کیا چیز بہتر رہی اور آپ کی ٹیم کی کیا خصوصیات تھیں۔

    نئی ملازمت سے متعلق گفتگو کرنا

    نوٹس پیریڈ کے دوران اپنے ساتھ کام کرنے والے افراد کے ساتھ اپنی نئی ملازمت یا انٹرویو کے حوالے سے منصوبے شیئر نہیں کریں۔ کیونکہ اس قسم کی گفتگو آپ کے ساتھیوں کے اندر منفی تاثرات کو جنم دے گی اور ساتھ ہی ناکامی کی صورت میں آپ کو شرمندگی بھی اٹھانا پڑ سکتی ہے۔

    اپنے سینئرز کی غیبت کرنا

    دفتر کے ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے منیجر کی غیبت کرنا کسی حد تک دلچسپ تو ہوسکتا ہے لیکن ایسا ہرگز نہ کریں کیونکہ آپ کی کہی ہوئیں باتیں آپ کی آئندہ ملازمت پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہیں۔ جس کا خمیازہ بھی آپ ہی کو بھگتنا پڑے گا۔

    سی وی میں غلط معلومات کی فراہمی

    کسی بھی نئے ادارے میں انٹرویو یا سی وی پیش کرتے ہوئے خود کو زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش نہ کریں اور انتہائی احتیاط سے کام لیں کیونکہ آپ سے متعلق معلومات کی چھان بین کرتے ہوئے اگر اس میں کچھ غلط ثابت ہوگیا تو نوکری بھی جائے گی اور دیگرمشکلات بھی پیش آسکتی ہیں۔

    بغض و عناد نہ رکھیں

    ملازمت چھوڑتے ہوئے اپنے دل میں کسی کیلیے بھی بغض و عناد یا کینہ نہیں رکھیں اور دفتر سے جاتے ہوئے تمام ساتھیوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

  • گاڑی کے ٹائروں پر لکھے مخصوص ’نمبروں‘ کا مطلب کیا ہے؟ اہم معلومات

    گاڑی کے ٹائروں پر لکھے مخصوص ’نمبروں‘ کا مطلب کیا ہے؟ اہم معلومات

    مشہور محاورہ ہے کہ ’چلتی کا نام گاڑی‘ لیکن کسی بھی گاڑی کے چلنے کیلئے ٹائروں کا ہونا ضروری ہے، گاڑی کے ٹائر جتنے پائیدار اور مضبوط ہوں گے گاڑی اتنی ہی دور تک چلتی چلی جائے گی۔

    اگر ’ٹائر‘ نہ ہوں تو کوئی گاڑی چلانے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔ اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ٹائر کتنی اہم چیز ہے اور یقیناً اتنی اہم چیز کا بہت زیادہ خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

    زیر نظر مضمون میں گاڑی کے ٹائروں کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کی جارہی ہیں جسے پڑھ کر آپ کے علم میں یقیناً اضافہ ہوگا اور آپ کی گاڑی بھی بہت دیر تک آ پ کا ساتھ دے گی۔

    جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ ہر ٹائر کی رفتار کی ایک حد ہوتی ہے اور اس کی ایک مدتِ معیاد بھی ہوتی ہے جو اس پر لکھی ہوتی ہے۔ یہ معلومات ٹائر کے سائیڈ پر درج ہوتی ہے۔

    لیکن اس کی معلومات ایک خاص انداز اور کُلیے کے تحت مخصوص نمبروں میں درج ہوتی ہے جسے سمجھنے کیلئے ان نمبروں کے اشارے سمجھنا ضروری ہیں۔

    مثال کے طور پر اگر آپ کو ٹائر پر "1423” لکھا ہوا نظر آئے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ ٹائر سال 2023کے چودھویں ہفتے میں بنایا گیا ہے۔

    ویسے تو ایک عام ٹائر کے چلنے کی معیاد عام طور پر 2 سے 4 سال تک ہوتی ہے، اس کے بعد اسے تبدیل کر دینا چاہیے۔

    گاڑی کے ٹائر

    اسی طرح ہر ٹائر کی رفتار کی ایک حد ہوتی ہے جو اس پر درج ایک حرف سے ظاہر ہوتی ہے،

    حرف "L” کا مطلب ہے کہ ٹائر کی زیادہ سے زیادہ رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
    حرف "M” کا مطلب ہے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ۔
    حرف "N” کا مطلب ہے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ۔
    حرف "P” کا مطلب ہے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ۔
    حرف "Q” کا مطلب ہے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ۔
    حرف "R” کا مطلب ہے 170 کلومیٹر فی گھنٹہ۔
    اور حرف "H” کا مطلب ہے کہ ٹائر 210 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار برداشت کر سکتا ہے۔
    یہی وجہ ہے کہ اکثر ٹائر تیز رفتاری کے دوران پھٹ جاتے ہیں کیونکہ وہ مقررہ رفتار سے زیادہ دباؤ برداشت نہیں کر سکتے۔

    لہٰذا، ہمیشہ ٹائر خریدتے ہوئے پر اس پر درج حرف یا نمبرز لازمی چیک کریں اور رفتار کا خیال رکھیں تاکہ آپ حادثے سے بمحفوظ رہ سکیں۔

    حروف کا مطلب

    اس کے علاوہ عموماً آپ ٹائر کے اوپر اس طرح کے نمبر درج دیکھیں گے: 195 65 R 15 91 H ان کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

    195: اس کا مطلب ہے کہ ٹائر کی چوڑائی 195 ملی میٹر ہے۔
    65: یہ چوڑائی اور اونچائی کے تناسب کو ظاہر کرنے والا نمبر ہے، یعنی اونچائی چوڑائی کا 65 فیصد ہے۔

    R: اس کا مطلب ریڈئیل (Radial) ہے۔
    15: یہ وہیل کا قطر ہے، یعنی جو ٹائر آپ دیکھ رہے ہیں وہ 15 انچ قطر کے وہیل پر فٹ ہوگا۔
    91: یہ نمبر لوڈ انڈیکس کہلاتا ہے، لوڈ انڈیکس 91 کا مطلب ہے کہ یہ ٹائر 615 کلوگرام تک وزن اٹھاسکتا ہے۔

    H: یہ حرف رفتار کو ظاہر کرتا ہے۔ جتنا بڑا حرف ہوگا ٹائر اتنی زیادہ رفتار برداشت کرسکتا ہے۔ حرف H والے ٹائر کیلئے 210 کلومیٹر فی گھنٹے تک کی رفتار محفوظ رفتار ہے۔

  • پُرتگال جانے والوں کو ویزا کیسے ملے گا؟

    پُرتگال جانے والوں کو ویزا کیسے ملے گا؟

    پرتگالی حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ آن لائن ویزا درخواست پلیٹ فارم کو اپ ڈیٹ کر رہے ہیں تاکہ محدود تعداد میں درخواستوں اور جگہ کے لیے طویل انتظار کی پریشانی سے بچا جاسکے۔

    یہ بات پرتگالی کمیونٹیز کے سکریٹری پاؤلو کیفو نے پرتگالی پارلیمنٹ کو آگاہ کرتے ہوئے بتائی، انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلیاں ان تمام غیر ملکیوں کی مشکلات کو آسان بنانے کے لیے ضروری ہیں جو کسی بھی وجوہات کی بنا پر یہاں آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    بیرون ملک پرتگالی قونصل خانوں کو درپیش مشکلات اور نائبین کو درپیش سوالات کے حوالے سے پاؤلو کیفو نے کہا کہ حغکومت سال کے آخر تک مزید 100 افراد پر مشتمل نئے عملے کو کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے کا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ درخواستوں کی پروسیسنگ کا عمل زیادہ آسانی اور تاخیر کے بغیر ممکن ہوسکے۔

    پرتگال

    شینگن ویزا انفو ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق پرتگال کی وزارت خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ ویزا پورٹل کی نئی خصوصیات میں ایک ہی رجسٹریشن شامل ہے۔

    ایک بار رجسٹر ہونے کے بعد ہر کوئی اپنا پاس ورڈ تبدیل کرسکے گا، اپنے ذاتی ڈیٹا میں ترمیم کر سکے گا، ویزے کی قسم کا تعین کرنے کے لیے مطلوبہ سوالنامہ پُر کرسکے گا اور اس میں اپنی مطلوبہ دستاویزات منسلک کرسکے گا۔

    پرتگال شینگن ویزا کے لیے درخواست دینے والے ہر شخص کو مطلوبہ دستاویزات جمع کروانے کو یقینی بنانا چاہیے۔ پرتگال کے لیے تمام شینگن ویزا درخواست دہندگان سے ویزا درخواستوں کا فارم پُر کرنے، پاسپورٹ کی دو تصاویر، ان کے درست پاسپورٹ اور پچھلے ویزوں کی کاپیاں جمع کرانے کی ضرورت ہے۔

    ویزہ

    اس کے علاوہ ہر درخواست گزار کو راؤنڈ ٹرپ فلائٹ کا سفر نامہ، رہائش بک کروانے کا ثبوت، مالی ذرائع کا ثبوت، ایک کور لیٹر، شہری حیثیت کا ثبوت اور سفری ہیلتھ انشورنس خریدنے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔

    اضافی دستاویزات جیسے کہ ملازمت کا معاہدہ اور انکم ٹیکس ریٹرن، بھی درخواست دہندگان کی حیثیت کے لحاظ سے درکار ہیں۔

    نوٹ :  آپ پرتگال جانے کے لیے شینگن ویزا کے لیے درخواست فارم پرتگالی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ (یہاں) پر حاصل کرسکتے ہیں۔

    پرتگالی سفارت خانے میں دستاویزات جمع کرانے کے لیے ملاقات کا وقت لیں۔ مطلوبہ دستاویزات جمع کرائیں، پرتگال ٹورسٹ ویزا کی درخواست کی فیس ادا کریں۔

  • نواز شریف سے مشاورت کیلیے وزیراعظم لندن جارہے ہیں، مریم اورنگزیب

    نواز شریف سے مشاورت کیلیے وزیراعظم لندن جارہے ہیں، مریم اورنگزیب

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور  ن لیگ کا پارٹی وفد لندن جارہا ہے جو وہاں نواز شریف سے مشاورت کرے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف لندن جا رہے ہیں اور سیاسی بیروزگار یاد رکھیں کہ ن لیگ کا پارٹی وفد بھی جارہا ہے جو لندن میں نواز شریف سے مشاورت کرے گا اور سیاسی جماعتوں میں مشاورت معمول کی بات ہے، لیکن جن کے پاس کچھ دکھانے کو نہیں ہے ان کو بات کرنے کیلیے موضوع مل گیا، ہم وہ کریں گے جو پاکستان کےعوام کے حق میں بہتر ہوگا۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی سازش کو پنجاب میں دہرانے کی کوشش جاری ہے، آئین شکنی کرکے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جارہا ہے جو کہ غنڈہ گردی ہے، سیاسی بے روزگار سودا بیچ رہے ہیں، وزارت قانون کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس کا سدباب کیا جائے کہ آئندہ کوئی ایسا کرنے کی جرات نہ کرسکے، وفاقی حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کے نوٹس پر جواب دے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کارکردگی کا صفحہ خالی ہے اس لیے جعلی خط لہرا رہے ہیں اگر ایک بھی چیز کارکردگی دکھانے کے لیے ہوتی تو انہیں جھوٹا سازشی خط نہیں لانا پڑتا۔

    مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے کارٹیلز اور مافیا کے ذریعے عوام کو لوٹا لیکن موجودہ حکومت کا پلان عوام کو ریلیف دینے کا ہے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم حالات کا جائزہ لے کر بہت جلد قوم سےخطاب کریں گے جس میں عوام کی بہتری کے لیے پیکیج کا اعلان ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 3 ہفتے کے دوران 3 ضروری اشیا کے حوالے سے پرائس میکا نزم بنایا گیا ہے اور پہلی بار پہلی بارصوبوں کے ساتھ مل کر ایک طریقہ کار وضع کیا گیا ہے کہ قیمتوں کو کس طرح وفاق اور صوبوں میں مانیٹر کیا جائے، انہوں نے بتایا کہ کابینہ میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی توثیق کی گئی ہے، ای سی سی نے آٹے کا 20کلوکا تھیلہ950 سے 800 کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ چینی کی قیمت75 روپے مقررکی گئی تھی جس کو کابینہ نے برقرار رکھا ہے۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ ادوارمیں جب چینی ایکسپورٹ ہوئی تو مصنوعی قلت کی گئی، پہلے چینی ایکسپورٹ کی گئی پھر اسے امپورٹ کیا گیا لیکن ملک میں اس وقت ڈیمانڈ کے مطابق چینی موجود ہے اور وزیراعظم نے چینی کی ایکسپورٹ پر مکمل پابندی لگادی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ چینی کی قیمت کو واپس عوام کی پہنچ تک لایا جائے۔

    وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وزارت فوڈ سیکیورٹی کو ہدایت جاری کردی ہیں، گندم کی پیداوار میں اضافے کیلئے اقدامات کی ہدایات کی گئی ہیں اور کابینہ نے 10 ملین ٹن گندم منگوانے کی منظوری دی ہے جب کہ ایک سے زائد غیر ملکی پاسپورٹ منسوخ کرنے کی بھی منظوری دی ہے، وفاقی کابینہ نے چیئرمین واپڈا کے استعفے اور فواد اسد اللہ خان کو ڈی جی آئی بی تقرری کی منظوری بھی دی ہے۔

  • خوبصورت پرندہ "شہباز” : وہ معلومات جو آپ نہیں جانتے

    خوبصورت پرندہ "شہباز” : وہ معلومات جو آپ نہیں جانتے

    Peregrine falcon

    پاکستان کا خوبصورت پرندہ شہباز جسے شاہین بھی کہا جاتا ہے اس کو پاکستان کا قومی پرندہ کہا جاتا ہے جو جزوی طور پر درست بھی ہے کیونکہ شاہین پاکستان کا ریاستی پرندہ ہے، جسے قومی بھی کہا جائے تو کوئی ہرج  نہیں۔

    شہباز یعنی "پیری گرائن فالکن” دنیا کا سب سے تیزرفتار پرندہ ہے جس کی پرواز کی رفتار 390 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوتی ہے جبکہ دیگر بازوں کی رفتار "باربیری باز” 150 کلومیٹر فی گھنٹہ "سرمئی باز” 90 کلومیٹر فی گھنٹہ "ساکر فالکن” 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی اوسط سے ہیں۔

    جغرافیائی حدود :

    پیری گرائن باز دنیا کے 222 ممالک میں یا تو رہائش پذیر ہے یا موسمی مہاجر ہے۔ پاکستان میں شہباز موسم سرما گزارنے کی خاطر ہجرت کرکے آتا ہے۔ شہباز سوائے انٹارک ٹیکا کے دیگر تمام براعظموں میں ملتا ہے۔

    مسکن:

    شہباز کے مسکن میں ساحل سمندر، میدانی علاقے، جنگل، جھاڑ، نیم جنگلی خطے، ریگستانی علاقے اور دیگر بہت سے مقامات شامل ہیں۔

    جسمانی پیمائشیں:

    اس کا سائز۔۔۔58 سم، وزن۔۔۔1.5 کلو تک۔ جبکہ ونگ اسپین۔۔۔120 سم تک ہوتی ہے۔

    عمر:

    اس پرندے کی عمر آزادی میں 15 سال جبکہ چڑیا گھر میں 25 برس تک ہوتی ہے۔

    خوراک:

    شہباز ایک گوشت خور شکاری پرندہ ہے۔ اس کی خوراک بنیادی طور پر دیگر پرندوں جیسے آبی پرندے، کبوتر، فاختائیں، تلیر، میگپائی، کوا، چڑیا ودیگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یہ خرگوش، چوہے، گلہری، چھچھوندر وغیرہ بھی کھایا کرتا ہے۔

    رہن سہن و گھونسلہ:

    شہباز بلند مقامات پر رہنے کا عادی ہے جو 1300 فٹ بلند چٹانوں، پہاڑوں، متروک عمارتوں کی بلندی پر رہتا ہے۔ یہ پرندہ عام طور پر گھونسلہ نہیں بنایا کرتا بلکہ مناسب سائز کے پتھروں اور کنکروں کو یکجا کرکے ان کے درمیان بیٹھ جاتا ہے یا پھر دیگر پرندوں کے متروک گھونسلوں میں رہائش اختیار کرتا ہے۔

    افزائش نسل:

    شہباز کی افزائش کا موسم مارچ تا مئی ہوتا ہے، ایک موسم میں مادہ شہباز 3 سے 4 انڈے دیتی ہے جنہیں 32 دن تک سینے کے بعد اس کے چوزے نکلتے ہیں۔ شہباز 3 سال کی عمر میں بالغ ہوجاتا ہے۔

    انسان کے ساتھ تعلق :

    شہباز 3000 سال سے انسان کا ساتھی ہے، اسے پالا اور سدھایا جاسکتا ہے اور شکار کے علاوہ دفاعی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

    دوسری جنگ عظیم میں اتحادی ممالک کی افواج پیری گرائن فالکن کو دشمن کے پیغام رساں کبوتروں کو کھوجنے اور مار گرانے کے لیے استعمال کرتی تھیں۔

    پیری گرائن باز کو دنیا کے کئی ممالک میں ائیرپورٹس پر تعینات کیا جاتا ہے، یہ تربیت یافتہ باز ائیرپورٹس کے آس پاس پرندوں کو دور بھگانے کا کام کرتے ہیں تاکہ پرندوں کی جہازوں کے ساتھ ٹکرانے کے واقعات کو روکا جاسکے۔

    بقائی کیفیت:

    سال 1950کی دہائی تک جنگلات کی کٹائی قدرتی مساکن کی تباہی، فضائی و آبی آلودگی اور کیڑے مار اسپرے جیسے زہریلے موادوں کے بڑے پیمانے پر استعمال کی وجہ سے شہباز کی آبادی خطرناک حد تک کم ہوگئی تھی۔ اور یہ معدومی کے بہت نزدیک تھا۔

    تاہم آنے والے دہائیوں میں شہباز کی خاطر کئی ممالک نے خصوصی حفاظتی اقدامات اور اس کی بریڈنگ کے لیے ادارے قائم کیے۔ آج شہباز کی آبادی پھر سے بڑھ ہوچکی ہے اور اس کی نسل کو فی الوقت کوئی سنجیدہ خطرات لاحق نہیں۔

  • مخالفین کے بارے میں دوسرے ممالک سے معلومات اکٹھا کرسکتا ہوں، ٹرمپ

    مخالفین کے بارے میں دوسرے ممالک سے معلومات اکٹھا کرسکتا ہوں، ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ صدارتی انتخابات میں اپنے مخالفین کے بارے بیرونِ ممالک سے بھی معلومات اکٹھا کرسکتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن 2020 میں اپنی شکست کے امکانات کو کم کرنے کےلیے کہا ہے کہ آئندہ سال امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مخالف امیدواروں سے متعلق بیرونی ممالک سے معلومات لے سکتا ہوں۔

    ترک خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر آئندہ سال امریکی صدارتی انتخابات میں مجھے حساس نوعیت کی معلومات ملیں تو مخالف امیدواروں سے متعلق بیرونی ممالک سے معلومات لے سکتا ہوں۔

    امریکی صدر نے کہا کہ کسی دوسرے ملک سے معلومات کے حصول میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چین یا روس کی جانب سے معلومات کی فراہمی کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ آپ کو دوسروں کی بات سننی چاہئے اس میں کوئی حرج نہیں ہے تاہم اس عمل کو ہم بے جا مداخلت قرار نہیں دے سکتے۔

    مزید پڑھیں : آئندہ ہفتے صدارتی الیکشن میں شرکت کا باقاعدہ اعلان کروں گی، ہندو ایم پی تلسی گبّارڈ

    خیال رہے کہ آئندہ برس ہونے والے امریکی صدرارتی انتخابات میں سابق رکن کانگریس رابرٹ بیٹو،  سینیٹر برنی سینڈرز، سینیٹر الزبتھ وارن، سینیٹر کمالا حارث، ہندو رکن کانگریس تلسی گبارڈ اور انڈیانا کے میئر پیٹی بٹیگیگ سمیت متعدد سیاست دان سنہ 2020 کے صدارتی انتخابات میں امیدوار ہیں۔

  • سعودی عرب، ورثاء اب متوفی کے اثاثوں اور سرمایہ کاری کی معلومات جان سکیں گے

    سعودی عرب، ورثاء اب متوفی کے اثاثوں اور سرمایہ کاری کی معلومات جان سکیں گے

    ریاض : سعودی حکام نے ورثا کی آسانی کےلیے متوفی کے اثاثوں اور سرمایہ کاری کی معلومات حاصل کرنے کےلیے سروس متعارف کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی(سی ایم اے ) نے مملکت میں فوت ہونے والے افراد کے مالی اثاثوں اور سرمایہ کاری کی تفصیلات ظاہر کرنے کے لیے ایک الکٹرونک سروس متعارف کرادی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ سروس متوفی کے ورثا یا مجاز افراد کو موقع فراہم کرے گی کہ وہ متوفی شخص سے متعلق سیکیورٹیز اور انویسٹمنٹ اکاونٹس کی معلومات حاصل کرنے کے واسطے براہ راست رابطہ کرسکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی کے اس اقدام کا مقصد مارکیٹ کے نظام کو ترقی دینا، اس پر اعتماد کو مضبوط بنانا اور متوفی شخص کے اثاثوں کو جاننے کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے ورثا کی معاونت کرنا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس سروس کے نتیجے میں ورثا سی ایم اے کی ویب سائٹ کے ذریعے مقررہ شرائط کے تحت متوفی شخص کے مالی اثاثوں اور سرمایہ کاری کی تفصیلات جاننے کی درخواست دے سکیں گے اور متوفی سے متعلق مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے بعد کسی بھی وقت متعلقہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔

  • سوڈان میں سیکرٹری اطلاعات تقرری کے ایک دن بعد برطرف

    سوڈان میں سیکرٹری اطلاعات تقرری کے ایک دن بعد برطرف

    خرطوم : لیبیا کی فوجی عبوری کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرھان عبدالرحمان نے عبدالماجد ھارون کو وزارت اطلاعات و ٹیلی کمیونیکیشن کے سیکرٹری کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ عبدالماجد ھارون کی تقرری ایک دن پہلے کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالماجد ہارون کی تقرری سے قبل ان کی سیاسی وابستگی کے بارے میں معلومات عام نہیں تھی، جنرل البرھان کا کہنا تھا کہ فوج نے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں اقتدار اپنے ہاتھ میں لیا ہے اور وہ فوجی ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاجی دھرنا دینے والے مظاہرین کے اصولی مطالبات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

    خیال رہے کہ عبد الماجد ھارون کا نام سیکرٹری اطلاعات کے عہدے کے لیے پارلیمنٹ کے برطرف اسپیکر ابراہیم احمد عمر نے تجویز کیا تھا۔ اس کے علاوہ ان کا نام کونسل کے ترجمان کے طور پر بھی پیش کیا گیا اور سپریم نیشنل کونسل سے بھی ان کا نام سامنے آیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ قبل ازیں عسکری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرھان نے سابق سیکرٹری اطلاعات العبید احمد مروح سیکرٹری بجلی آبی وسائل انجینیر حسب النبی موسیٰ محمد اور فارما سیٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر زین العابدین عباس محمد الفحل کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

    سوٖڈانی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جنرل البرھان نے بدرالدین عبداللہ محمد احمد کو سیکرٹری خارجہ کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    خیال رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عود بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عود سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔

  • چینی ہیکرز کا امریکا کے اہم عسکری منصوبے پر سائبر حملہ

    چینی ہیکرز کا امریکا کے اہم عسکری منصوبے پر سائبر حملہ

    واشنگٹن: امریکی کمپنی پر چینی ہیکرز نے سائبر حملہ کرتے ہوئے اہم امریکی عسکری منصوبے کی تفصیلات چرا لیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک نجی کمپنی کے زیر انتظام امریکی فوج کی جانب راکٹ اور آبدوزوں کی تیاری کے لیے منصوبہ تیار کیا گیا تھا جسے چین کے ہیکرز نے باآسانی سائبر حملہ کرتے ہوئے معلومات چرا لیں۔

    امریکی میٰڈیا کی رپورٹ کے مطابق جس کمپنی سے چینی ہیکرز نے منصوبے کی معلومات چرائی ہیں وہ امریکی نیوی کو جنگی ساز وسامان مہیہ کرتی ہے جبکہ ہیک کی گئی تفصیلات میں آبدوزوں کے لیے انتہائی تیز رفتار( سپر سونک) ’اینٹی شپ‘ میزائل کی تیاری کے منصوبے بھی شامل ہیں۔


    چینی ہیکرز ’واٹس ایپ‘ پر بھارتیوں کی جاسوسی کرنے لگے؟


    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کی جانب سے اس سائبر حملے پر امریکا کو شدید تشویش ہے اور امریکی وفاقی ادارہ برائے تفتیش نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ چین کے ہیکرز کا بھی پتہ لگایا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ جس کمپنی پر سائبر حملہ ہوا ہے اس کا نام اب تک ظاہر نہیں کیا گیا جبکہ مذکورہ کمپنی نیوی کی جنگی سامان کی تیاری میں مہارت رکھتی ہے اور اس کا مرکز امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں قائم ہے۔


    دنیا بھر میں ہیکرز ایک بار پھر متحرک


    دوسری جانب امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کی جانب سے چھان بین کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، اینٹی سائبر کرائم ٹیم کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر معاملے کی تہہ تک جائیں۔

    علاوہ ازیں چینی سفارت خانے سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سائبر حملے کی چین ہمیشہ سے مذمت کرتا آیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔