Tag: Information Minister sindh

  • عمران خان کا میرٹ صرف جہازاورجہانگیرترین ہے، ناصرحسین شاہ

    عمران خان کا میرٹ صرف جہازاورجہانگیرترین ہے، ناصرحسین شاہ

    کراچی : وزیراطلاعات سندھ  ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا میرٹ صرف جہازاور جہانگیرترین ہے، پی آئی اے سےملازمین کو بےدخل نہیں ہونےدینگے، وزیراعظم ایل این جی کرپشن میں دھنسے ہوئے ہیں۔

    ان خیالات کا کاظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے بیان پر اپنے رد عمل میں کیا، ناصرحسین شاہ نے کہا کہ عمران خان کامیرٹ جہاز اور جہانگیر ترین ہے، چیئر مین پی ٹی آئی ہر چیزپر یوٹرن لیتے ہیں، آج کل یوٹرن لینا ہو تو کہا جاتا ہے کہ عمران خان لے لو۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں بھری جانے والی ہوا کافی حد تک نکل چکی ہے، جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے پی ٹی آئی کا کچاچٹھا کھولا اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔

    ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ایل این جی کرپشن میں دھنسے ہوئے ہیں، شاہد خاقان عباسی پرصرف الزام ہی نہیں ان کیخلاف ثبوت بھی موجود ہیں، ایل این جی ٹھیکے میں عالمی بڈنگ کے طریقہ کار پرعمل نہیں کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خاقان نے اپنی ایئرلائن کو آگے لانے کیلئےاقدامات اٹھائے، ہم پی آئی اے سےملازمین کو بے دخل نہیں ہونے دینگے۔

    شاہد خاقان نے وزیراعظم بننے سے پہلے کیے گئےاعلانات پر عمل نہیں کیا، سیلاب متاثرین قحط زدہ علاقوں کیلئےایک پائی بھی نہیں دی گئی، وزیراعظم جواعلان کریں اس پرعملدرآمد بھی کریں۔

    وزیراعظم کو اس منصب پرآنے کے بعد اتنا جھوٹ نہیں بولنا چاہیئے، شاہد خاقان عباسی سے امید ہے وہ نااہل وزیراعظم کے نقش قدم پرہی چلیں گے۔

    ناصرحسین شاہ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کو اقتدارمیں آنے سےروکنے کیلئےہمیشہ کوشش کی گئی، سندھ میں کرپشن کا تاثردینےکی کوشش کی جارہی ہے، وفاق کی جانب ہمارے50ارب تھے جو اب تک نہیں دیئے گئے، پچھلی حکومت میں آدھاسندھ سیلاب کی نذرتھا۔

    ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ توانائی شعبے میں سب سے زیادہ سندھ میں کام ہوا، سب سے زیادہ توانائی کی پیداوار ہمارے حکومت میں ہوئی، سندھ میں سرکاری اسکولوں میں غریب طلبہ نے پوزیشن لیں، غریب طلبہ کاپوزیشن لیناثبوت ہے کہ تعلیم کے شعبےمیں کام ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن پر ریفرنس ہی داخل نہیں تھا پھربھی ای سی ایل میں نام ڈالا گیا، اپوزیشن لیڈر کیلئے پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کے پاس مطلوبہ نمبر گیم نہیں ہے، ناچنا اور انگلی کے اشارے کے انتظار جیسی اپوزیشن خورشید شاہ نہیں کرینگے، پارلیمنٹ کوجاری رکھنے کیلئے پی پی ہمیشہ کردار ادا کرتی رہے گی۔

     

  • سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں،  شرجیل میمن

    سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں، شرجیل میمن

    کراچی : وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت میں تھی تب بھی ٹارگٹ ایکشن چل رہا تھا،اجمل پہاڑی ا ور صولت مرزا کو گرفتار کیا گیا۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے جیلوں کو کرمنل سہولتیں فراہم کرتے تھے، جس کے باعث جیلوں میں سرچ آپریشن کیا گیا اور مجرموں سے موبائل اور لیپ ٹاپ تحویل میں لئے، سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں، حکومت سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کام کر رہے ہیں۔

    صولت مرزا کے الزام پر وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ جیل میں کبھی کسی مجرم کو سہولت نہیں دی ، پیپلزپارٹی نے ہی صولت مرزا کو مچھ جیل بھیجا تھا۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ  پیپلزپارٹی پر جیل میں موجود ملزمان کی معاونت کا الزام بے بنیاد ہے، ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی کسی مجرم کو سہولت فرام نہیں کی، پیپلزپارٹی کے دور میں ہی جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا اور مجرموں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالا گیا۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ صولت مرزا کو مچھ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ پیپلزپارٹی کی حکومت کا تھا، موبائل فونز کی اطلاع پر جیل میں کئی مرتبہ سرچ آپریشن کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ رینجرز پولیس کو فری ہینڈ ہے، حکومت کوئی مداخلت نہیں کرتی، کے الیکٹرک کی زیادتیاں بڑھتی جارہی ہے،  حیسکو سولہ سولہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کرتی ہے، صوبہ سندھ کے ساتھ کے الیکٹرک سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے۔

    شرجیل میمن نے تاجروں کے ساتھ مل کر کورنگی کے صنعتے علاقے میں صفائی مہم میں حصہ لیا اور پودوں کی پلانٹیشن کی اور سڑکوں پر جھاڑو لگائی۔

  • سندھ ہائیکورٹ: توہین عدالت کیس، شرجیل میمن اور دیگر کو نوٹس

    سندھ ہائیکورٹ: توہین عدالت کیس، شرجیل میمن اور دیگر کو نوٹس

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں وزیرِاعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور صوبائی وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

    سندھ ہائی کورٹ میں وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے بیان پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ صوبائی وزیر نے چند روز قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر عدالتیں سزا نہیں دے سکتیں تو جج مستعفی ہو جائیں، ان کا یہ بیان عدالتوں اورفاضل ججز کی توہین کے مترادف ہے، اس لیے عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ انہیں نااہل قراردیا جائے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن، الیکشن کمیشن، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت سولہ دسمبر تک ملتوی کردی۔

  • اٹھارہ اکتوبر کو سڑکوں پر عوام کا سمندر نظر آئے گا،شرجیل میمن

    اٹھارہ اکتوبر کو سڑکوں پر عوام کا سمندر نظر آئے گا،شرجیل میمن

    کراچی : وزیراطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ اٹھارہ اکتوبر کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہونے جارہا ہے، اٹھارہ اکتوبر کو سڑکوں پر عوام کا سمندر نظر آئے گا، انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زبان کو لگام دیں۔

    سندھ کے وزیراطلاعات اور پیپلزپارٹی کے رہنماء شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے بدتمیزی کی سیاست کی روایت ڈالی ،عمران خان نے اپنی تقریر میں غریب عوام کی توہین کی ہے، اٹھارہ اکتوبر کو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

    صوبائی وزیراطلاعات اور پیپلزپارٹی کے رہنماء شرجیل میمن نے باغ جناح کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بدتمیزی کی سیاست کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے، عمران خان پاکستانی عوام کی قدر کرنا سیکھیں، عمران خان کا عوام کو زندہ لاش کہنے کی مذمت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان بیان واپس لے کر عوام سی معافی مانگیں، شرجیل میمن نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔ جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

    شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے زور پر سیاست کی ہے، عمران خان ہمارے رہنماوٴں کی توہین بند کریں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پر تنقید کرکے عمران خان نے عوام کی توہین کی ہے۔

     

  • جلسے میں بدانتظامی کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے،شرجیل میمن

    جلسے میں بدانتظامی کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے،شرجیل میمن

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنماء شرجیل انعام میمن کا کہنا یے کہ جلسے میں بدانتظامی کی ذمہ داری پی ٹی آئی انتظامی کمیٹی کی تھی۔

    ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پی پی رہنماء شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملتان جلسے میں بدانتظامی کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی انتظامی کمیٹی ہے، تحریکِ انصاف کے رہنما عمران اسماعیل تسلیم کرچکے ہیں کہ جلسے کے انتظامت کی ذمہ داری پی ٹی آئی کے پاس ہی تھی۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان جلسے میں بدانتظامی کی کا الزام حکومت پر لگا رہے ہیں۔

  • قانون نافذ کرنے والے اداروں کوکسی سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں، شرجیل میمن

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کوکسی سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں، شرجیل میمن

    کراچی : سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کسی سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں، ٹارگٹڈ آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں۔

    سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے دھرنے کامیاب مذاکرات کے ذریعہ ختم کرائے گئے ، ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ زہرہ شاہد کا کیس کافی عرصہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے حل کرنے کی کوشش کررہے تھے، گذشتہ روز ان کے قاتل گرفتار کرلیے گئے ہیں، ان کا تعلق کس جماعت سے ہے نام نہیں لوں گا۔

    انہوں نے کہا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں ہورہا، اگردیکھا جائے تو سب سے زیادہ پیپلزپارٹی کے قلعہ لیاری میں ٹارگٹڈ آپریشن ہوا ہے، تحفظات کے باوجود شہرمیں قیام امن کے لیے سب کچھ برداشت کررہے ہیں۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کے خلاف ایوان کی جانب سے قرارداد منظورکرنے کے بعد نئے صوبے کے مطالبات کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔

  • شرجیل میمن کی گھوسٹ ملازمین کوملازمتوں پرآنے کی ہدایت

    شرجیل میمن کی گھوسٹ ملازمین کوملازمتوں پرآنے کی ہدایت

    کراچی: صوبائی وزیربلدیات شرجیل میمن نے واٹربورڈ کے گھوسٹ ملازمین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ملازمتوں پر آئیں نہ آنے کی صورت میں فائنل شوکازنوٹس دیکر ملازمتوں سے فارغ کردیا جائے گا۔

    کراچی میں اپنے دفترمیں شہر میں پانی کی فراہمی کیلئے بنائی گئی سیاسی جماعتوں، بزنس کمیونٹی، صحافیوں پر مشتمل کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ واٹر بورڈ میں چار ہزاراضافی ملازمین ہیں، جو پانی کی تقسیم اور بلوں کی وصولی کا کام نہیں کررہے۔

    ان کاکہنا تھا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ کوئی بے روزگار ہو،لیکن اگر کوئی کام نہیں کرے گا تو کیا کیا جائے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ واٹر بورڈ کی کمیٹی کے پاس پانی کی تقسیم، غیر قانونی ہائیڈرنٹس،اور قانونی ہائیڈرنٹس کو جانچنے کا بھی اختیار حاصل ہے، کمیٹی کو واٹر بورڈ کے عملے کے خلاف ایکشن لینے کا اختیار بھی دیا جائے گا۔

  • موجودہ ملکی حالات کسی صورت بھی ملک کیلئے آئیڈیل نہیں، شرجیل میمن

    موجودہ ملکی حالات کسی صورت بھی ملک کیلئے آئیڈیل نہیں، شرجیل میمن

    کراچی : سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات کسی صورت بھی ملک کے لئے آئیڈیل نہیں ہیں، سیاسی جماعتوں کو انا کا مسئلہ بنانے کی بجائے تمام مسائل کا حل مصالحت اور بات چیت سے حل کرنا چاہیے کیونکہ ہم اس ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ چاہتے ہیں۔

    کراچی میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے موجودہ صورتحال میں کردار کو اس ملک کے عوام نے سراہا ہے کیونکہ شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے میاں محمد نواز شریف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے پر راغب کیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی ملک کی ترقی اور اس کا پہیہ چلانے میں اہم ستون کی حیثیت رکھتی ہے، کراچی کی تاجر برادری کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ سندھ حکومت کو اوون کریں اور تمام وزارتوں میں اپنی کمیٹیوں کو شامل کریں، بجلی، گیس اور پانی کا بحران صوبے میں موجود ہے اور جب بھی نواز شریف کی حکومت آتی ہے وہ ہمارے حصے پر ڈاکہ ڈالتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گذشتہ 18 سے 20 دن سے اسلام آباد میں جو تماشہ لگایا گیا ہے اور ملک کی بہتری اور نظام کو بہتر بنانے کے جو دعوے کئے جارہے ہیں اس کو کوئی بھی عقلمند انسان نہیں سراہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا پہلے دن سے یہی موقف ہے کہ مسائل کو افہام و تفہیم سے بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے اور کوئی بھی اس کو انا کا مسئلہ نہ بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کو آئین اور سسٹم کے ذریعے ہی چلایا جاسکتا ہے، ماروائے آئین کوئی بھی اقدام ملک کے مفاد میں نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ اس ملک کو میرے عظیم قائد ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی بار ایسا آئین دیا جو آج بھی اس ملک میں رائج ہے، انہوں نے کہا کہ اس ملک کو سیاستدانوں نے ہی بنایا تھا اور اس کو سیاستدان ہی چلائیں گے۔

    اس موقع پر انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی لیڈرشپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی گردن سے سریا نکال کر جمہوری انداز میں اس ملک کو چلانا ہوگا، انا اور ضد سے معاملات سلجھنے کی بجائے مزید الجھ سکتے ہیں۔ اسی طرح اب دھرنے دینے والوں کو بھی مزید ڈرامہ کرنے اور انا کی بجائے بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کا آئینی حل نکالنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونیٹی اس ملک کا پہیہ چلا رہی ہے اور کراچی سے ملک کو جانے والے 70 فیصد رونیو میں کراچی کی تاجر برادری کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی بزنس کمیونٹی کی حیثیت کو سمجھتے ہیں اور ہم یہ بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ تاجر برادری کے خدشات کو دور کرکے اور ان کو سہولتیں فراہم کرکے ہی ہم اس صوبے اور ملک کو ترقی کی رہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ شہر میں مسائل سے انکار نہیں ہے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور محکمہ بلدیات اپنی تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے میں مصروف ہے۔

    اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر عبداللہ ذکی، سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سابق چیئرمین زبیر موتی والا، یونس بشیر، ادریس میمن اور دیگر مقررین نے بھی شرجیل انعام میمن کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ان مقررین نے صنعتکاروں کو پانی، بجلی، امن و امان اور گیس کے حوالے سے درپیش مشکلات اور ان کے حل کی تجاویز بھی دی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کو ان کی خدمات پر کے سی سی آئی کی جانب سے خصوصی شیلڈ اور تحائف پیش کئے گئے۔