Tag: Initial Symptoms

  • یہ علامات کینسر کا اشارہ ہوسکتی ہیں

    یہ علامات کینسر کا اشارہ ہوسکتی ہیں

    کینسر دنیا بھر میں ایک عام مرض ہوچکا ہے جس سے ہلاکت کی شرح بھی بڑھتی جارہی ہے، تاہم یہ مرض اچانک نہیں ہوتا اور اگر ابتدا میں اس کی تشخیص ہوجائے تو اسے جان لیوا بننے سے روکا جاسکتا ہے۔

    کینسر کی ابتدائی علامات کے بارے میں جاننا ضروری ہے تاکہ فوری طور پر اس کا سدباب کیا جاسکے۔

    جلد میں آنے والی تبدیلیاں

    جلد میں ایک نیا نشان یا ساخت، رنگ یا حجم میں آنے والی تبدیلیاں جلد کے کینسر کی ایک علامت ہو سکتی ہے، اگر جلد میں اچانک غیر معمولی تبدیلی آتی ہے تو ڈاکٹر سے ضرور رجوع کرنا چاہیئے۔

    مستقل کھانسی

    ویسے تو کھانسی بہت عام بیماری ہے مگر جب وہ ایسی ہو جو علاج کے باوجود ٹھیک نہ ہو رہی ہے تو یہ کینسر کی علامت ہو سکتی ہے، خاص طور پر اگر آپ تمباکو نوشی کے عادی ہوں۔

    اگر کھانستے ہوئے خون نکلنے لگے تو یہ بھی کینسر کی علامت ہو سکتی ہے۔

    پیٹ پھولنا

    ایسی خواتین جن کو پیٹ پھولنے کی شکایت ہو اور جلد افاقہ نہ ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیئے۔ یہ رحم کے کینسر کی ایک علامت ہوسکتی ہے۔

    پیشاب کے مسائل

    عمر بڑھنے کے ساتھ بیشتر مردوں کو پیشاب سے جڑے مسائل کا سامنا ہوتا ہے، جیسے بہت زیادہ پیشاب آنے لگتا ہے یا مثانہ کمزور ہو جاتا ہے، کئی بار ایسا مثانے کے کینسر کے نتیجے میں ہوتا ہے۔

    فضلے میں خون آنا

    اگر ٹوائلٹ جانے کے بعد خون نظر آئے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہوتا ہے۔

    فضلے میں خون آنا قولون کینسر کی علامت بھی ہو سکتا ہے جبکہ پیشاب میں خون نظر آئے تو یہ گردے یا مثانے کی کینسر کی نشانی ہو سکتی ہے، تاہم اس کا فیصلہ ڈاکٹر ہی ٹیسٹ کے بعد کر سکتا ہے۔

    نگلنے میں مشکلات

    کئی بار تو سینے میں تیزابیت یا نزلہ زکام کے باعث بھی چیزیں نگلنا مشکل ہو جاتا ہے مگر وقت کے ساتھ حالت بہتر نہ ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیئے۔

    چیزیں نگلنے میں مشکلات کو گلے کے کینسر یا غذائی نالی کے کینسر کی ایک نشانی تصور کیا جاتا ہے۔

    منہ کے مسائل

    سانس کی بو سے لے کر چھالے تک، منہ کے بیشتر مسائل زیادہ سنجیدہ نہیں ہوتے، تاہم اگر منہ کے اندر ایسے سفید یا سرخ نشان ابھرنے لگے جو کچھ ہفتوں تک ٹھیک نہ ہوں تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیئے۔

    یہ منہ کے کینسر کی نشانی ہوسکتی ہے، اس کی دیگر علامات میں گال میں گلٹی، جبڑوں کو حرکت دینے میں مشکل محسوس ہونا اور منہ میں تکلیف قابل ذکر ہیں۔

    جسمانی وزن میں کمی

    اگر بغیر کسی وجہ سے جسمانی وزن میں تیزی سے کمی آنے لگے تو یہ بھی خطرے کی گھنٹی ہوتا ہے، یہ لبلبے، معدے، غذائی نالی، پھیپھڑوں یا دیگر اقسام کے کینسر کی پہلی علامت بھی ہو سکتی ہے۔

    بخار

    اگر ایسا بخار ہو جائے جو ٹھیک نہ ہو اور اس کی وجہ بھی سمجھ نہ آرہی ہو تو یہ خون کے کینسر کی نشانی ہوسکتی ہے۔

    سینے میں جلن یا بد ہضمی

    سینے میں جلن کافی عام ہے اور غذا یا تناؤ کا نتیجہ ہوتی ہے، تاہم اگر سینے میں جلن کی شکایت ہر وقت ہوتی ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کر کے وجہ تلاش کرنی چاہیئے کیونکہ یہ معدے کے کینسر کی ایک علامت بھی ہو سکتی ہے۔

    تھکاوٹ

    متعدد چیزیں لوگوں کو بہت زیادہ تھکاوٹ کا شکار بنا سکتی ہیں، مگر کئی بار تھکاوٹ کینسر کی چند اقسام کی پہلی علامت بھی ہوتی ہے۔

    خون، قولون اور معدے کے کینسر کے مریضوں کو اکثر بہت زیادہ تھکاوٹ کا سامنا ہوتا ہے جو آرام کے باوجود ختم نہیں ہوتی۔ اگر آپ کو بھی ہر وقت تھکاوٹ کا سامنا ہوتا ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیئے۔

    چھاتی میں آنے والی تبدیلیاں

    خواتین میں بریسٹ کینسر، اس بیماری کی سب سے عام قسم ہے اور اسی وجہ سے چھاتی میں آنے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنا ضروری ہوتا ہے۔

  • وہ علامات جو فالج کی طرف اشارہ کریں

    وہ علامات جو فالج کی طرف اشارہ کریں

    فالج جسم کو بے جان کردینے والا مرض ہے جو زائد عمر کے افراد کو لاحق ہوسکتا ہے، تاہم اب کم عمر افراد بھی اس کا نشانہ بن رہے ہیں۔

    دنیا بھر میں فالج یا اسٹروک کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اس کی وجوہات میں غیر متوازن غذا کا استعمال، نشہ، غیر معیاری نیند اور ماحولیاتی آلودگی شامل ہیں۔

    فالج کیا ہے؟

    فالج کا حملہ اس وقت ہوتا ہے جب دماغ کو خون کی فراہمی کم یا اس میں خلل پیدا ہونے کے سبب دماغ غذائی اجزا اور آکسیجن سے محروم ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں دماغی خلیات مردہ ہونے لگتے ہیں۔

    تاہم فالج کی دو اقسام ہیں ان میں سے ایک بلڈ کلاٹ کی وجہ سے شریانوں کے بند ہونے جسے (اسکیمک اسٹروک) کہا جاتا ہے جبکہ دوسری قسم کا فالج خون کی شریان کے پھٹنے یا رسنے جسے (ہیموریجک اسٹروک) کی وجہ سے بھی ہوسکتا ہے۔

    اسی طرح کچھ افراد اپنے دماغ میں خون کے بہاؤ میں عارضی رکاوٹ کی بنا پر بھی فالج کا سامنا کر سکتے ہیں، جسے عارضی اسکیمک اٹیک کہا جاتا ہے۔

    فالج کے نتیجے میں کچھ واضح علامات سامنے آتی ہیں جن کا جاننا نہایت ضروری ہے تاکہ ان علامات کو جان کر فوری قدم اٹھایا جاسکے اور انسانی جان بچائی جاسکے۔

    فالج کی علامات

    کبھی کبھی فالج قدرے آہستہ اور ہلکی رفتار سے آگے بڑھتا ہے جس کی علامات اتنی واضح نہیں ہوتی، تاہم ایک ایسا فالج جو اچانک ہو تو اس کی کئی واضح علامات سامنے آتی ہیں جو کچھ یوں ہیں۔

    اچانک جسم کا بے حس ہوجانا جیسے بازو، چہرے یا پیروں کی کمزوری، خاص طور پر جسم کے ایک طرف یعنی آدھے حصے کی جانب۔

    اچانک کنفیوژن پیدا ہوجانا، بولنے یا سمجھنے میں دشواری کا سامنا کرنا۔

    دیکھنے میں ایک یا دونوں آنکھوں سے دشواری پیش آنا۔

    چلنے میں اچانک پریشانی کا سامنا کرنا، توازن برقرار نہ رکھ سکنا اور چکر آنا۔

    سر میں کسی وجہ کے بغیر اچانک شدید درد ہونا۔

    احتیاطی تدابیر

    فالج کا بہترین علاج ان تمام عوامل سے دور رہنا ہے جو فالج کا سبب بنتے ہیں جو کچھ یوں ہیں۔

    ہر طرح کے نشے سے دور رہنا

    روزانہ ورزش کرنا

    پھلیاں، گری دار میوے اور سبزیاں کو زیادہ غذا میں شامل رکھنا

    مرغی اور سرخ گوشت کے بجائے سمندری غذا لینا

    چکنائی، چینی اور ریفائنڈ اناج کی مقدار کو محدود کرنا