Tag: injuries

  • یمن: سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملے، 150 جنگجوہلاک

    یمن: سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملے، 150 جنگجوہلاک

    صنعا: سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملوں کے نتیجے میں 150 جنگجو ہلاک جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی اتحاد کی جانب سے یمن میں غیرمعولی نوعیت کے فضائی حملے ہوئے، جس کے باعث ڈیڑھ سو شدت پسند ہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے بندرگاہی شہر الحدیدہ میں حوثی باغیوں کے تربیتی کیمپ پر سعودی عسکری اتحاد نے اپنے لڑاکا طیاروں سے فضائی حملے کیے۔

    حملے کے بعد زخمیوں اور ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ لاشوں اور زخمیوں کی تعداد سیکڑوں میں ہونے کے باعث اسپتال میں جگہ کم پڑگئی ہے۔

    یمن: سعودی عسکری اتحاد کا فضائی حملہ، حوثی باغیوں کا اسلحہ ڈپو تباہ، متعدد باغی ہلاک

    حکام نے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ عام مریضوں کو داخل نہ کریں اور صرف فضائی حملوں اور لڑائی میں زخمی ہونے والے جنگجوؤں کا علاج کیا جائے اور ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اسپتالوں کے سرد خانوں میں رکھوا دی جائیں۔

    خیال رہے کہ الحدیدہ بندرگاہ پر سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے حوثی انخلا کے لیے ایک بڑا فوجی آپریشن کیا گیا تھا جس میں یمنی فوجیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔

    البتہ اب تک باغیوں کا انخلا عمل میں نہیں آیا، جبکہ عسکری اتحاد کے ترجمان کی جانب سے دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ وہ جلد الحدیدہ کو باغیوں سے کلیئر کرالیں گے۔

    بعد ازاں یمن میں امدادی سرگرمیاں انجام دینے والی ایجنسیوں نے شہر پر حملے کی صورت میں ڈھائی لاکھ افراد کی زندگی ضائع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا، امدادی ٹیموں نے کہا تھا کہ سعودی افواج کی شہر پر کارروائی بڑی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔

  • تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ، 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ، 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    تائپے: تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تائیوان کے شمال مشرقی علاقے میں تیز رفتار ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے باعث اٹھارہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں 366 مسافر سوار تھے، جو ملکی دارالحکومت تائپے سے مشرقی ضلع تائے تونگ جارہی تھی۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹرین مقررہ مقام پر پہنچے سے پہلے ہی حادثے کی زد میں آگئی اور پانچ بوگیاں پٹری سے اترگئیں، اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق ٹرین صرف چھ سال پرانی اور کافی بہتر حالت میں تھی، حادثے کی اصل وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی، تحقیقات جاری ہے جلد نتائج سامنے آجائیں گے۔

    بھارت: اترپردیش میں خوفناک ٹرین حادثہ، 17 افراد ہلاک

    دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملے نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تقریباً 120 اہلکاروں نے اس آپریش میں حصہ لیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے سے پہلے ٹرین سے اچانک دھواں اٹھ رہا تھا، واقعے کے بعد زخمی افراد اپنی مدد آپ ٹرین کی کھڑکیوں سے باہر آنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ ٹرین میں امریکی شہری بھی سفر کررہے تھے، تاہم وہ جانی نقصان سے محفوظ رہے، یہ ٹرین تائیوان کی تیز ترین ٹرین سروس تصور کی جاتی ہے جس سے تقریباً لاکھوں کی تعداد میں مسافر روزانہ سفر کرتے ہیں۔

  • فرانس: سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    فرانس: سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    پیرس: فرانس کے شمالی حصے میں آنے والے سیلاب کے باعث دس افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے اور نظام زندگی بھی درہم برہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے شمالی حصے میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے دس افراد کی جانیں لے لیں، جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹریب نامی سیلابی ریلہ سات میٹر تک بلند تھا جس کے باعث شمالی حصے میں آنے والے علاقے شدید متاثر ہوئے اور نظام زندگی بھی درہم برہم ہے۔

    حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے بھی ریسکیو کا کام لیا جارہا ہے۔

    فرانس میں طوفانی بارشیں اور سیلاب، 2 افراد ہلاک

    حکام کا کہنا ہے کہ یہ 1891ء کے بعد بدترین سیلابی ریلہ تھا، متاثرہ علاقوں میں محض چند گھنٹوں کے اندر اتنی بارش ہوئی جو عام طور پر تین ماہ سے زائد عرصے میں ہوتی ہے۔

    متاثرہ علاقوں میں تمام اسکول اور ادارے بند کر دیے گئے ہیں، ٹریفک کا نظام بری طرح مفلوج ہوچکا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جون میں فرانس کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں اور سیلاب کے باعث متعدد رہائشی عمارتیں متاثر جبکہ دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    رواں سال فرانس میں ہی اپریل 26 تاریخ کو 6 سالہ لڑکی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاک ہوگئی تھی جس کی لاش درخت کی شاخوں کے درمیان سے برآمد ہوئی تھی۔

  • اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 6 فلسطینی شہید، سیکڑوں زخمی

    اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 6 فلسطینی شہید، سیکڑوں زخمی

    غزہ: فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ تھم نہ سکا، صیہونی فورسز نے فائرنگ کرکے 6 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں فلسطینیون کے احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج نے فائرنگ کردی جس کے باعث چھ فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل مخالف احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں ایک چودہ سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوجی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں نے مظاہرے کے دوران فوج پر حملے کیے، جوابی کارروائی میں فلسطینی مارے گئے۔

    اسرائیلی مظالم آشکار کرنے والی فلسطین کی خاتون صحافی گرفتار

    خیال رہے کہ رواں سال مارچ سے اب تک ہر جمعے کو اسرائیل غزہ سرحد پر کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں میں اب تک 140 فلسطینی شہید اور ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکا ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل صیہونی فورسز نے ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فلسطین کے تاریخی شہر الخیلیل میں سرچ آپریشن کے نام پر خاتون صحافی کو گھر سے گرفتار کیا ہے۔

    علاوہ ازیں ایک ماہ قبل اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والی فلسطینی شاعرہ دارین طاطور کو اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف اشعار کہنے کے جرم میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، صیہونی عدالت نے دارین طاطور پر اشعار کے ذریعے شہریوں کو شدت پسندی پر ابھارنے کا الزام عائد کیا تھا۔

  • اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 4 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 4 فلسطینی شہید

    غزہ: فلسطین میں فوجی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے چار نہتے فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطین میں نہتے اور معصوم شہروں کی شہادتیں اب بھی جاری ہیں، آج چار فلسطینوں کو شہید کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز غزہ سرحد پر ہونے والے تازہ مظاہروں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے نو عمر لڑکا سمیت تین افراد شہید ہوئے۔

    جمعے کے روز فلسطینیوں کی جانب سے فلسطین اور غزہ کی سرحد پر ہونے والے مظاہروں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے ہم پر حملے کیے جارہے تھے جبکہ جوابی کارروائیوں میں ہلاکتیں ہوئیں۔

    اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید، درجنوں زخمی

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے غاصب صیہونی ریاست کے خلاف غزہ کی پٹی پر جمعے کے روز حق واپسی کے لیے احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینوں پر اسرائیلی فوجیوں کی براہ راست فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں 1 فلسطینی شہید جبکہ متعدد شہری زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ صیہونی افواج کی 10 اگست کو غزہ میں واقع عمارت پر فضائی بمباری کے نتیجے میں 18 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے، متاثرہ عمارت میں ثقافتی مرکز اور دفاتر قائم تھے۔

    گذشتہ ماہ کی 4 تاریخ کو بھی غاصب صیہونی ریاست کے خلاف غزہ کی پٹی پر احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینوں پر اسرائیلی فوجیوں کی براہ راست فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں شہری زخمی ہوئے تھے۔

  • افغانستان: طالبان کے متعدد دہشت گرد حملے، 56 افراد ہلاک

    افغانستان: طالبان کے متعدد دہشت گرد حملے، 56 افراد ہلاک

    کابل: افغانستان میں طالبان نے متعدد دہشت گرد حملے کیے جس کے باعث 56 افراد ہلاک ہوئے جبکہ عسکریت پسندوں نے مختلف علاقوں پر قبضہ بھی کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان نے افغان صوبے قندوز، جوزجان اور سرے پل پر دہشت گرد حملے کیے جس کے باعث تقریباً 56 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شدت پسندوں نے صوبہ قندوز، سرے پل اور جوزجان میں تازہ حملے کیے اور فوجی چھاؤنیوں سمیت مختلف علاقوں پر قبضہ بھی کرلیا۔

    افغان حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ حملوں کے نتیجے میں درجنوں سیکیورٹی اہلکاروں کے اغوا ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، حکام نے ان حملوں کو شدید ترین قرار دیا ہے۔

    افغانستان میں فورسز کی چوکیوں پر طالبان کا حملہ، 30 اہلکار ہلاک

    حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ جوابی کارروائیوں میں متعدد طالبان جنگجو بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز طالبان جنگجوؤں نے افغانستان کے صوبے بغلان میں فوجی اور پولیس چوکیوں پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 30 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل افغانستان میں شدت پسندوں کی جانب سے دو دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ افغان صوبے فریاب میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں مبینہ طور پر 73 طالبان ہلاک جبکہ 31 زخمی ہوئے تھے۔

  • عراق میں مشتعل مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے کو آگ لگا دی

    عراق میں مشتعل مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے کو آگ لگا دی

    دمشق: عراق میں جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران مشتعل مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے کو آگ لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں، عوام حکومتی اقدامات اور بنیادی سہولتیں نہ ہونے کے خلاف مظاہرہ کررہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں رساں ادارے کے مطابق مظاہروں کے پیش نظر حکام نے بصرہ میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے لیکن اس کے باوجود ایرانی قونصل خانے کو نذر آتش کردیا گیا۔

    بصرہ میں گذشتہ دنوں سے مظاہرے جاری ہیں، اب تک سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 8 مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

    علاوہ ازیں مذکورہ صوبے کی بڑی بندرگاہ کو مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان پُرتشدد جھڑپوں کے بعد بند کردیا گیا ہے۔

    عراق کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

    خیال رہے کہ مظاہرین نے گذشتہ روز صوبائی حکومت کی عمارت کو نذر آتش کردیا تھا، اس کے علاوہ بھی انھوں نے کئی ایک سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا تھا۔

    عراق کے دیگر صوبوں میں بھی ہزاروں عراقی شہری بجلی ، پانی اور دیگر بنیادی خدمات کی عدم دستیابی یا ان کے پست معیار پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ بصرہ کی آبادی بیس لاکھ سے زیادہ ہے، اس کے مکینوں کا موقف ہے کہ انہیں نمک آلود پانی مہیا کیا جارہا ہے اور یہ پانی پینے سے حالیہ مہینوں کے دوران میں ہزاروں افراد بیمار ہو کر اسپتالوں میں داخل کیے گئے ہیں۔

  • سعودی اتحادی افواج نے یمن سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کو غیر شفاف قرار دے دیا

    سعودی اتحادی افواج نے یمن سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کو غیر شفاف قرار دے دیا

    ریاض: یمن میں سعودی اتحادی افواج کی کارروائیاں اور عام شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کو عرب اتحاد نے غیر شفاف قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کی بندرگاہ الحدیدہ میں سعودی اتحادی افواج اور یمن کی سرکاری فوج کی جانب سے مشترکہ فوجی آپریشن جاری ہے، جبکہ آپریشن میں فضائی کارروائیوں کی بھی مدد لی جارہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عسکری اتحاد نے الزام عائد کیا ہے کہ یمن میں فضائی حملوں سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ غیر شفاف ہے۔

    حال ہی میں اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سعودی عسکری اتحاد کی ایک فضائی کارروائی میں کم از کم چھبیس بچے مارے گئے تھے۔ بعد ازاں عرب اتحاد نے ان ہلاکتوں کی تردید کی تھی۔

    یمن میں عام شہریوں پر حملہ، سعودی اتحادی افواج نے الزامات مسترد کردیے

    دوسری جانب سعودی عسکری اتحاد نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ ایسی بعض رپورٹوں پر حیران ہیں، جو یکطرفہ اور حوثی باغیوں کی کہانیوں پر مبنی ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ اقوام متحدہ کے یمن میں انسانی حقوق کے رکن ’لیز گرانڈ‘ نے کہا تھا کہ الحدیدہ میں فضائی بمباری سے ہزاروں معصوم یمنی شہریوں کی جان خطرے میں ہے، فضائی کارروائی بند نہ کی گئی تو ہم سنگین تنائج دیکھ رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں یمنی صوبہ صعدہ میں سعودی اتحادی افواج کی جانب سے فضائی بمباری کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی تھیں، بعد ازاں عرب عسکری اتحاد نے اس حملے میں عام شہریوں کی ہلاکت کی تردید کی تھی۔

  • نوشہرہ: کار پر فائرنگ، بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی

    نوشہرہ: کار پر فائرنگ، بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی

    اکبر پورہ: خیبر پختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں کار پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس کے باعث بچی کی موت واقع ہوئی اور تین افراد زخمی بھی ہوئے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں میں 2 خواتین اور بچی شامل ہے، جبکہ فائرنگ کا واقعہ جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ لگتا ہے۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ زخمیوں کو پشاور کے ایل آر ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔

    نوشہرہ میں فائرنگ‘ماں اپنے2بچوں سمیت جاں بحق

    یاد رہے کہ گذشتہ سال جنوری میں صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے۔

    خیال رہے کہ نوشہرہ کےعلاقے ڈاگ بیسود میں کرکٹ کھیلنے کے دوران بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود پڑے تھے بعد ازاں ایک دوسرے پر فائرنگ کردی، جس سے ماں اپنے 2 بچوں سمیت جاں بحق ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں جائیداد کے تنازع کے علاوہ معمولی جھگڑوں پر بھی فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں،جن میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔

  • لندن: بچوں سے بھری وین الٹ گئی، 41 بچے زخمی، کئی کی حالت نازک

    لندن: بچوں سے بھری وین الٹ گئی، 41 بچے زخمی، کئی کی حالت نازک

    لندن: برطانوی دارالحکومت میں موٹروے پر بچوں سے بھری وین الٹ گئی جس کے نتیجے میں 41 بچے زخمی ہوگئے جبکہ کئی کی حالت نازک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے موٹروے پر چلتی وین اچانک الٹ گئی جس کے باعث بس میں سوار 41 بچے زخمی ہوئے جبکہ متعدد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، اور قریبی اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی۔

    حادثے کے فوراً بعد موٹروے پر شدید ٹریفک جام ہوگیا، اور گاڑیوں کی روانی رک گئ جبکہ حکام کی جانب سے حالات کا جائزہ لیا جارہا ہے، اور فوری طور پر اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔


    چین میں ٹریفک حادثہ، 36 افراد ہلاک


    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس کو خاص قسم کے آلے کے ذریعے کاٹ کر بھی بچوں کو ریسکیو کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والے بس ڈرائیور کو بھی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائے حادثے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اگست میں ہی برطانیہ میں ایم ون موٹر وے پر تین گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی تھیں، خوفناک حادثے میں آٹھ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے، حادثہ نیو پورٹ پیگنل کے قریب پیش آیا تھا۔