Tag: inqelab march

  • گورنرپنجاب کی گورنرسندھ سے ملاقات، موجودہ سیاسی صورتحال پرگفتگو

    گورنرپنجاب کی گورنرسندھ سے ملاقات، موجودہ سیاسی صورتحال پرگفتگو

    کراچی:  گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کراچی میں گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات کی، ملاقات کا پہلا دور ختم ہوگیا، دوسرا دور شام چھ بجے ہوگا۔

    گورنرپنجاب چودھری محمد سرور کراچی پہنچے اور اپنے ہم منصب ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی، ملاقات کے  دوران ملکی حالات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ آزادی اور انقلاب مارچ سے متعلق اہم امور بھی زیر غور آئے۔

    دونوں گورنرز کی ملاقات کا دوسرا دور شام چھ بجے شروع ہوگا۔

    گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور جماعت اسلامی کے کردار کو سراہتے ہوئے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    گورنر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے استعفےکے علاوہ پانچ نکات پر اتفاق ہوچکا ہے۔

  • وزیراعظم نواز شریف کا صدر سپریم کورٹ بار سے ٹیلیفونک رابطہ

    وزیراعظم نواز شریف کا صدر سپریم کورٹ بار سے ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے ماورائے آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھانے پر وکلا برادری کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ بار کے صدر کامران مرتضی سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ وکلاء کی آئین کے لیے حمایت حکومت کے لیے بہت بڑا سہارا ثابت ہوئی ۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وکلاء کا ان سے سے کوئی ذاتی تعلق نہیں تھا، پھر بھی انہوں نے آئین ساتھ کا دیا ،جس کےلیے وہ انکے مشکور ہیں ۔

    سپریم کورٹ بار کے صدر کامران مرتضی نے کہا کہ ان کا کسی سیاسی جماعت اور حکومت سے تعلق نہیں، وہ صرف آئین اور قانون کی بالادستی کےلیے کھڑے ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے وکلاء کی جدوجہد جاری رہے گی۔

  • انقلاب اور آزادی مارچ کے شرکاء پر کریک ڈاؤن کی تیاریاں

    انقلاب اور آزادی مارچ کے شرکاء پر کریک ڈاؤن کی تیاریاں

    اسلام آباد: حکومت نے دھرنوں کے خلاف کارروائی کی تیاری کرلی، پولیس کے تازہ دم دستے دھرنوں کے اطراف میں پہنچ گئے۔

    پولیس کے تازہ دم دستے اسلام آباد میں دھرنوں کے اطراف میں پہنچ گئے، پولیس دستے ریڈیو پاکستان ،سیکرٹریٹ اور کیبنٹ ڈویژن گیٹ پر تعینات کردیئے گئے ہیں اور تمام افسران کو کنٹرول روم میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، کسی بھی لمحے دھرنے کے شرکاء پر کریک ڈاؤن ہوسکتا ہے۔

    شاہراہ دستور کو خالی کرنے کے سپریم کورٹ کے اس حکم کے بعد وزیرداخلہ متحرک ہوگئے اور کی اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور ریڈزون کا دورہ کرکے پولیس سے بریفنگ لی، چوہدری نثار نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہا جائے۔

    انھوں نے ریاست کی حقیقی عملداری پولیس کے ذریعے نافذ ہوتی ہے کہہ کر پولیس ایکشن کا اشارہ بھی دیا، دھرنوں کے شرکاء کے ریڈزون سے متوقع انخلا اور کسی دوسرے محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔

  • انقلاب اور آزادی مارچ کے شرکاء نے شاہراہ دستور کا ایک راستہ خالی کردیا

    انقلاب اور آزادی مارچ کے شرکاء نے شاہراہ دستور کا ایک راستہ خالی کردیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کی ہدایت پر انقلاب مارچ کے شرکاء نے شاہراہ دستور کا ایک راستہ آمد ورفت کے لئے خالی کردیا۔

    سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد شاہراہ دستور سے سپریم کورٹ کی جانب جانے والا راستہ عوامی تحریک کے کارکنان نے پر امن طریقے سے خالی کردیا، سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ کی جانب سے منگل تک شاہراہ دستور آمدورفت کے لئے بحال کرنے کی ہدایت پر پولیس نے پاکستان عوامی تحریک کے آرگنائزر سے رابطہ کیا تو کسی مزاحمت کے پی اے ٹی آرگنائزر کی جانب سے دو گاڑیوں کی آمدورفت کا راستہ کارکنان سے خالی کرادیا گیا۔

    گزشتہ گیارہ دنوں سے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کی وجہ سے شاہراہ دستور مکمل طور پر بند رہا، گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے شاہراہ دستور کو مظاہرین سے خالی کرانے کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی تھی لیکن معاملہ امن و امان سے نمٹ گیا۔

    گذشتہ روز سپریم کورٹ نے تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کو شاہراہ دستور خالی کرانے کا حکم دے دیا، عدالت نے کہا تھا کہ منگل کو سپریم کورٹ کے جج شاہراہ دستور سے عدالت آنا چاہیں گے، ممکنہ ماورائے آئین اقدام کے خلاف اور بنیادی حقوق کی تشریح کیلئے دائر درخواست کی چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے کی۔

    بینچ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ منگل کی صبح تک شاہراہ دستور کی سڑکیں احتجاج کرنے والوں سے خالی کرائی جائیں، اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے کہا حکومت دونوں جماعتوں کو اسپورٹس کمپلیکس میں جگہ دینے کو تیار ہے، اس صورت میں شہر کی مختلف شاہراہوں پر رکھے گئے کنٹیر بھی ہٹائے جا سکیں گے۔

    سپریم کورٹ نےدھرنے کے سبب اضافی اخراجات سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلیں، لارجربینچ نے تجویز دی کہ تعلیمی اداروں میں قیام پذیر پولیس اہلکاروں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے۔

    گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی آزادی اور انقلاب مارچ کے دھرنوں کے خلاف سماعت ہوئی، عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو دو ستمبر تک جواب داخل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ بچے اسکول اور وکلا عدالتوں تک نہیں جا پا رہے، انتطامیہ نے کیا انتظامات کئے، ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان اور طاہر القادری تحریری اجازت پر دھرنے دے رہے ہیں۔

  • بحران کا حل صرف مذاکرات سے نکلے گا، چودھری محمد سرور

    بحران کا حل صرف مذاکرات سے نکلے گا، چودھری محمد سرور

    لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کی تمام شرائط ماننے کیلئے تیار تھی، پتہ نہیں وہ وزیراعظم  کے استعفے کی شرط سے پیچھے کیوں نہیں ہٹے۔

    لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ حکومت عمران خان کے آئینی مطالبات ماننے کیلئے رضامند ہو گئی تھی لیکن وہ اپنی ضد پر ڈٹے رہے، انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے تحریک انصاف کی مرضی کا چیئرمین نادرا اور ڈی جی ایف آئی اے لانے کیلئے بھی تیار تھے۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے بحران حل کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے، وہ اب بھی پرامید ہیں کہ بحران کا حل صرف مذاکرات سے نکلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے دھاندلی ثابت ہو جائے، پھر وزیراعظم سے استعفٰی مانگا جائے تو کسی کے پاس نہ کا جواز نہیں ہو گا۔

  • ریاست کی رٹ پولیس کےذریعےہی نافذ ہوتی ہے، چوہدری نثار

    ریاست کی رٹ پولیس کےذریعےہی نافذ ہوتی ہے، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرصدارت اجلاس میں انقلاب اور آزادی مارچ کے شرکا سے شاہراہ دستور کو خالی کرانے کے سپریم کورٹ کے حکم کے نتائج پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہا جائے۔

    چوہدری نثار علی خان نے امید کا اظہار کیا کہ تمام معاملات جلد پرامن طور پر حل کرلیے جائیں گے، مذاکرات کا عمل مثبت سمت میں جاری ہے، اجلاس میں دھرنوں کے شرکا کے ریڈزون سے متوقع انخلا اور کسی دوسرے محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ حقیقی معنوں میں پولیس کے ذریعے نافذ ہوتی ہے۔

  • سراج الحق کی اسپیکر قومی اسمبلی سےاستعفے منظور نہ کرنےاپیل

    سراج الحق کی اسپیکر قومی اسمبلی سےاستعفے منظور نہ کرنےاپیل

    لاہور: امیرجماعت اسلامی سراج الحق نےکہاہےکہ عمران اورقادری کی جانب سے آئین کی پاسداری سے سہارا ملا ہے،قوم کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے وقت چاہیے۔

    قومی اسمبلی کےاسپیکرسردارایازصادق سے ملاقات میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے آئین و دستور کی پاسداری کا یقین دلایاہے، امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، اٹھارہ کروڑعوام اوردوست ممالک بالخصوص چین بھی اس صورتحال پرفکرمند ہیں اور انہوں نے مذاکرات کے ذریعے بحران کے جلد خاتمے کی خواہش ظاہر کی ہے، انہوں نےچودہ اگست سےابتک اپنےکارکنان کو پرامن رکھنے پر عمران خان اورطاہر القادری کوخراج تحسین پیش کیا۔

    اس موقع پراسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نےامید ظاہر کی کہ استعفے کا معاملہ موخر ہو جائیگا، امیر جماعت اسلامی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئےاسپیکر قومی اسمبلی نےکہاکہ کسی جماعت کی طرفداری نہیں کی۔آئین و جمہوری نظام کی بالادستی کیلیےکام کرونگا۔

  • عمران خان اسلام آباد کا محاصرہ ختم کریں، بلاول بھٹو

    عمران خان اسلام آباد کا محاصرہ ختم کریں، بلاول بھٹو

    کراچی : عمران خان اسلام آباد کا محاصرہ ختم کریں، اگر یہ سرکس ایسے ہی چلتا رہا رو جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔

    ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انتخابی دھاندلیوں پر عوام کی توجہ دلانے پر پی ٹی آئی کا موقف قابل تعریف ہے، عمران خان کمیشن کے نتائج کا انتظار کر کے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کریں، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اسلام آباد کا محاصرہ ختم کریں، اگر یہ سرکس ایسے ہی چلتا رہا رو جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔

  • آصف زرداری کی سراج الحق سےمنصورہ میں ملاقات

    آصف زرداری کی سراج الحق سےمنصورہ میں ملاقات

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےکہاہےکہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ذاتی سیاسی و جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر آئین و جمہوریت کے لیے ایک ہیں۔

    منصورہ میں سابق صدراورچیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ایک پرامن و باعزت طریقے سے قوم کو اس بحران سے نکالا جائے اور فریقین کو ایک عزت کا راستہ طے کرنے میں معاونت فراہم کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی موجودہ سیاسی بحران سے نمٹنے کے لیے چار رکنی کمیٹی بنائی ہے جو موجودہ سیاسی بحران کے حل میں ہم سے معاونت کریگی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سے اپیل کی کہ وہ تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے دیئے گئے استعفے کو منظور کرنے میں عجلت سے کام نہ لیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے فریقین کی جانب سے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے پر راضی ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیا۔

  • اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ کا سیاسی بحران سے دور رہنا خوش آئند ہے، سراج الحق

    اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ کا سیاسی بحران سے دور رہنا خوش آئند ہے، سراج الحق

    لاہور: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قابلِ اطمینان بات یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور سپریم کورٹ نے خود کو موجودہ سیاسی بحران سے دور رکھا ہے۔

    جماعت اسلامی کے صدر دفتر المنصورہ میں ہونے والی ایک گھنٹہ طویل ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں سابق صدر کے ساتھ سابق وزیرِ داخلہ رحمان ملک اور قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ بھی موجود تھے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے فرید پراچہ اور لیاقت بلوچ بھی موجود تھے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کا دارالخلافہ اسلام آباد اس وقت دھرنوں کی زد میں ہے اور ہر وقت وہاں نعرے بازی ہوتی ہے جس کے باعث دن میں ایوان کی کاروائی کرنا بھی مشکل ہے اور رات میں ارکانِ اسمبلی سو بھی نہیں پاتے۔ ملک کے اٹھارہ کروڑعوام بھی ملک کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فکرمند ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فریقین کو اس انتہا پر کہ جہاں وہ آچکے ہیں وہاں سے واپسی کا باعزت راستہ دیا جائے، اس سلسلے میں سابق صدر نے چار رکنی وفد بھی تشکیل دیا ہے جو بحران کے خاتمے تک جماعت اسلامی سے رابطے میں رہے گا۔ وفد میں خورشید شاہ، رحمان ملک، رضا ربانی اور اعتزاز احسن شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ دونوں فریق مذاکرات کی میز پر آگئے ہیں اور دونوں ہی جانب سے تلخی میں کمی آرہی ہے۔
    انہوں نے کہا کہ تحریک ِ انصاف اپنے استعفے سیکریٹری اسمبلی کے پاس جمع کراچکی ہے لیکن ہم نے اسپیکر سے اپیل کی ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے ارکان ِ اسمبلی کے استعفے منظور نہ کرے اور ساتھ ہی ساتھ ہم نے عمران خان کوبھی مشورہ دیا ہے کہ فیصلے کرنے میں جلدی نہ کریں۔

    سراج الحق نے اس امر پر اطمینان کا اظہارکیا کہ اسٹیبلشمنٹ اور سپریم کورٹ نے اس بحران خود کو دور رکھا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قوتوں کے جتنے بھی خیرخواہ ہیں وہ سب ہی دونوں فریقین کو مذاکرات کے ذریعے معاملے کا پرامن حل نکالنا چاہئے ، اس وقت جو بھی قومی مفاد کے لئے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹے گا قوم اسے عزت کی نگاہ سے دیکھے گی۔