رحیم یارخان : پنجاب کے شہر رحیم یارخان کے سرکاری اسپتال میں ناقص اور غیر معیاری ادویات فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے، دواؤں میں سے کیڑے نکل آئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رحیم یارخان کے شیخ زید اسپتال سے ملنے والی دواؤں میں سے کیڑے نکل آئے، مقامی ضلعی انتظامیہ نے اسپتال سے غیرمعیاری دوائیں ملنے کا سختی سے نوٹس لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک نعمان نامی مریض نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، ویڈیو میں دواؤں سے باریک سنڈی نما حشرات نکلتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں مریض نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے شکایت کی ہے، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر ضلعی انتظامیہ نے فوری نوٹس لیا۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان انور کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور ڈاکٹر ظفر مجید کمیٹی میں شامل ہیں۔
مزید پڑھیں : سرکاری اسپتال سے باہر کی ادویات نہ لکھنے پر شہریوں کی اموات کاانکشاف
ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی دواؤں سے کیڑے نکلنے کی مکمل تحقیقات کرے گی اور 24گھنٹے میں ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ دے گی، انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔