Tag: inspectors

  • جدہ: ورکرز کے 100 سے زائد رہائشی مراکز خالی کروا لیے گئے

    جدہ: ورکرز کے 100 سے زائد رہائشی مراکز خالی کروا لیے گئے

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 100 سینٹر خالی کروا لیے گئے، جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 600 سے زائد مراکز پر چھاپے مارے تھے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 100 سینٹر خالی کروا لیے، مقررہ سینٹرز ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ میونسپلٹی حکام نے کرونا وائرس کی نئی لہر کے بعد ایک بار پھر ورکرز کے اجتماعی رہائشی مراکز کے تفتیشی دورے تیز کردیے ہیں۔

    ایس پی اے کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے 600 سے زائد مراکز پر چھاپے مارے تھے، انہوں نے یہ یقین دہانی کرنے کے لیے چھاپہ مہم شروع کی ہے کہ آیا کرونا ایس او پیز کی پابندی کی جارہی ہے یا نہیں۔

    اجتماعی رہائش کے مراکز میں سکونت پذیر ورکرز کے بارے میں یہ بھی دریافت کیا جارہا ہے کہ آیا انہوں نے مطلوبہ ٹیسٹ کروائے یا نہیں اور وہاں سینی ٹائزنگ کی کارروائی مطلوبہ شکل میں ہورہی ہے یا نہیں۔

    جدہ میونسپلٹی نے توجہ دلائی ہے کہ بلدیاتی کونسل سسٹم کے تحت اجتماعی رہائش گاہوں کے لیے 333 پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔

    جدہ میونسپلٹی نے اجتماعی رہائش گاہوں کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تاکید کی ہے کہ وہ پہلی فرصت میں جرمانے ادا کریں اور پرمٹ نہ رکھنے والے مراکز فوراً خالی کردیے جائیں۔

    پرمٹ ہولڈرز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے یہاں موجود خلاف ورزیاں پہلی فرصت میں دور کریں، اگر ایسا نہ کیا تو ان کے خلاف جرمانے سمیت متعدد اقدامات کیے جائیں گے۔

    جدہ میونسپلٹی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے درخواست کی ہے کہ اگر وہ اجتماعی رہائش کے مراکز پر کسی قسم کی کوئی خلاف ورزی دیکھیں تو پہلی فرصت میں 940 پر رابطہ کر کے مطلع کریں۔

  • ایران نے افزودہ یورینیم کی مقدار میں اضافہ کردیا، عالمی توانائی ایجنسی

    ایران نے افزودہ یورینیم کی مقدار میں اضافہ کردیا، عالمی توانائی ایجنسی

    تہران : جوہری توانائی ایجنسی کے سیکریٹری جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے 2015ء کو طے پائے جوہری سمجھوتے کی شرائط پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سیکرٹری جنرل یوکیا امانو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے افزودہ شدہ یورینیم کی مقدار بڑھا دی ہے، ایک بیان میں یوکیا امانو نے کہا کہ ایران کی طرف سے یورینیم کی افزدوگی میں اضافہ باعث تشویش ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تناؤ کی وجہ سے پہلے ہی کشیدگی کی فضاء پائی جا رہی ہے۔ ایران پر الزام ہے کہ اس نے 2015ء کو طے پائے جوہری سمجھوتے کی شرائط پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کیا۔

    انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کےدرمیان پائی جانے والی کشیدگی میں جلد کمی آئے گی اور فریقین بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل پر غور کریں گے۔

    عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ نے ان خیالات کا اظہار اجلاس سے خطاب میں کیا، مئی کے آخرمیں عالمی توانائی ایجنسی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ایران میں بھاری پانی اور افزودہ شدہ یورینیم کی مقدار میں اضافہ ہوچکا ہے تاہم سنہ 2015ء میں طے پائے معاہدے میں تعین کردہ حدود سے یہ مقدار زیادہ نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اورایران ایک دوسرے کے خلاف حالت جنگ میں ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کےساتھ معاہدہ ختم کرنےکے بعد تہران پر مزید اقتصادی پابندیاں عاید کردی ہیں اور ایران کی طرف سے کسی جوابی کارروائی میں دفاع کے لیے امریکی فوج مشرق وسطیٰ کے ممالک میں تعینات کردی ہے۔

  • شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے کا معائنہ

    شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے کا معائنہ

    دمشق: کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے (او پی سی ڈبلیو) کی جانب سے شامی شہر دوما میں کیمیائی ہتھیار کے استعمال سے متعلق چھان بین کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ میں واقع شہر دوما میں روس کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے تھے، اسی واقعے کے حوالے سے ’او پی سی ڈبلیو‘ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور نمونے اکھٹے کیے۔

    روس کا عالمی ماہرین کودوما میں جانےکی اجازت دینے کا اعلان

    عالمی میڈیا کے مطابق شامی شہر دوما میں مبینہ کیمیائی حملوں کی تحقیقات کی خاطر یہ معائنہ کار وہاں پہنچے، اور اس چھان بین کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ سات اپریل کو ہونے والے حملے میں آیا کسی ممنوعہ کیمیکل مواد کا استعمال کیا گیا تھا یا یہ محض جھوٹے دعوے ہیں۔

    دوسری جانب ترجمان او پی سی ڈبلیو کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جائے وقوعہ سے نمونے اکھٹے کر لیے ہیں، تاہم اس حوالے سے  لیبارٹری میں معائنہ کیا جارہا ہے، تین سے چار ہفتوں میں رپورٹ مرتب کر لی جائے گئ جس کے بعد واضح ہوگا کہ آیا کیمیائی ہتھیار کا استعمال کیا گیا ہے یا نہیں۔

    غیر ملکی ایجنٹس نے شام میں کیمیائی حملے کا ڈرامہ رچایا: روسی وزیر خارجہ

    خیال رہے کہ رواں ماہ 7 اپریل کو شام کے علاقے دوما میں کیمائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت درجنوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے بعد ازاں امریکا اور اس کے اتحادیوں نے حملے کا الزام براہ راست روس پر عائد کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔