Tag: installment

  • پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اور بری خبر

    پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اور بری خبر

    اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے ۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستان کو قرض کی اگلی قسط ملنے میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ مذاکرات جنوری میں ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) میں معاملات التوا کا شکار ہوگئے، آئی ایم سے اگلی قسط ملنے میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف معیشت کے بارے میں اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سیلاب کے بعد پاکستان کی معیشت کے مختلف اعداد و شمار پر اختلاف برقرار ہیں، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ مذاکرات جنوری میں ہونے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قرض پروگرام کی قسط میں تاخیر سے زرمبادلہ کے ذخائر دباؤ کا شکار ہیں۔

  • حکومت پاکستان نے بین الاقوامی قرضوں کی بھاری اقساط ادا کردیں

    حکومت پاکستان نے بین الاقوامی قرضوں کی بھاری اقساط ادا کردیں

    کراچی: حکومت پاکستان نے بین الاقوامی قرضوں کی 497 ملین ڈالر کی اقساط ادا کردیں، ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر کم ہو کر 15.176 بلین ڈالر رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے 497 ملین ڈالر قرضوں کی اقساط ادا کردیں۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ زر مبادلہ کے ذخائر 497 ملین ڈالر کم ہو کر 9.226 بلین ڈالر رہ گئے۔ کمرشل بینکوں کے زر مبادلہ ذخائر 98 ملین ڈالر کم ہو کر 5.950 بلین ڈالر رہ گئے۔

    ملک میں 3 جون تک زر مبادلہ کے ذخائر 594.9 ملین ڈالر کم ہو کر 15.176 بلین ڈالر رہ گئے۔

  • سابق ایرانی وزیر کا سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کا اعتراف

    سابق ایرانی وزیر کا سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کا اعتراف

    تہران : ایران کے ایک سابق وزیر سید محمد حسینی نے ضمنی طور پر سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر حملوں میں تہران کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ایرانی وزیر برائے ثقافت اور دعوت و ارشاد سید حسینی نے کہا کہ سعودی عرب میں الدوادمی اور عفیف کے مقامات پر تیل تنصیبات پر حملے ایرانی اشارے پرکیے گئے۔

    انسٹا گرام پرپوسٹ کردہ ایک بیان میں سابق صدر محمود احمدی نژاد کی کابینہ میں وزیر رہنے والے سید محمد حسینی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر یمن کے حوثی باغیوں کے ڈرون کے ذریعے حملے عالمی منڈی میں ایرانی تیل کے مکمل بائیکاٹ کا رد عمل ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی نیشنل پٹرولیم کمپنی آرامکو نے 14 مئی کو ایک بیان میں دو پٹرول اسٹیشنوںپر حملوں اور ان کے نتیجے میں تیل پائپ لائنوں کو پہنچنے والے نقصان کا اعتراف کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی تیل کی تنصیبات کو ڈرون طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔

    سابق ایرانی وزیر نے مزید کہا کہ اگر مغربی ممالک کے پیروکار اور حکومت میں شامل بعض عناصر کی طرف سے مغرب کےساتھ تعاون جاری رہا تو انقلاب کے محافظ اور مزاحمتی محاذ اسلامی جمہوریہ ایران کے مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔

    خیال رہے کی سابق ایرانی وزیرسید محمد حسنی ایرانی پاسداران انقلاب کے بھی رکن رہ چکے ہیں۔ انہیں سابق صدر محمود احمدی نژاد کے دوسرے دور حکومت میں وزارت ثقافت وارشاد کا قلم دان سونپا گیا تھا۔ وہ ماضی میں نائب وزیر تعلیم اور پارلیمنٹ کےرکن بھی رہ چکے ہیں۔