Tag: inter board

  • بڑی خبر، گیارہویں، بارہویں جماعت کے طلبہ کی 7 سال کی فیس معاف

    بڑی خبر، گیارہویں، بارہویں جماعت کے طلبہ کی 7 سال کی فیس معاف

    کراچی: حکومت سندھ نے کراچی انٹر بورڈ کے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کی 7 سال کی فیس معاف کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ناصر حسین شاہ اور ضیا لنجار پر مشتمل سندھ کابینہ کی سب کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ انٹر بورڈ کراچی کے گیارہویں اور بارہویں کے طلبہ کی سات سال کی فیس معاف کر دی جائے گی۔

    اجلاس میں فیصلے کے بعد سات سال کی فیس معاف کرنے کی مد میں ایک ارب 27 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2017-18 سے لے کر 2023-24 تک گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کی فیس معاف کر دی گئی تھی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ فیس کی مد میں ایک ارب 27 کروڑ روپے جاری کیے جائیں اور یہ واجبات حکومت سندھ ادا کرے، 7 برسوں میں 6 لاکھ 92 ہزار طلبہ رجسٹر ہوئے اور امتحانات میں 12 لاکھ 13 ہزار شریک ہوئے۔

    ان طلبہ کی فیس 4 ارب 16 کروڑ روپے تھی، حکومت سندھ نے 2 ارب 89 کروڑ روپے جاری کیے، اب ایک ارب 27 کروڑ روپے کے واجبات ہیں، اجلاس میں انٹر بورڈ کراچی کے لیے ایک ارب 27 کروڑ روپے کے واجبات کی ادائیگی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

  • امتحانی کاپیوں کی جانچ، انٹر بورڈ انتظامیہ کا بڑا فیصلہ

    امتحانی کاپیوں کی جانچ، انٹر بورڈ انتظامیہ کا بڑا فیصلہ

    کراچی: انٹر بورڈ کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال امتحانی کاپیوں کی جانچ پڑتال گھروں پر نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر بورڈ انتظامیہ نے امتحانی کاپیوں کی جانچ پڑتال گھروں پر نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، پیپرز کی جانچ پڑتال کے لیے سینٹر قائم کر دیے گئے ہیں۔

    چیئرمین انٹر بورڈ نسیم احمد میمن نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں اساتذہ تنظیموں کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے، یہ فیصلہ ماضی کے تلخ تجربے کی روشنی میں کیا گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ ماضی میں بعض اساتذہ کو پانچ سے دس ہزار کاپیاں فراہم کی گئیں، زیادہ معاوضے کے حصول کے لیے بعض اساتذہ زیادہ کاپیاں حاصل کرتے تھے، اور گھروں پر ہونے والی جانچ پڑتال اساتذہ نے اپنے نواسوں اور بچوں سے کروائی۔

    چیئرمین انٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال والدین اور طلبہ کی شکایات سامنے آئیں، جب کاپیوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کرائی گئی تو اس میں غلیطوں کی نشان دہی ہوئی۔

    انھوں نے کہا اب قائم کیے گئے سینٹر پر ہیڈ ایگزامنر کی موجودگی میں کاپیوں کی جانچ پڑتال ہوگی، اس حوالے سے کالجوں کے اساتذہ کی جانب سے ساڑھے تین ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 500 اساتذہ کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔

    چیئرمین انٹربورڈ نے کہا کہ جانچ پڑتال کے لیے سینئر لیکچرار اور جونیئر اسسٹنٹ پروفیسر کی خدمات حاصل کی ہیں، اساتذہ کی تربیت کا مرحلہ بھی مکمل ہو چکا ہے، اس بار امتحانی نتائج وقت پر جاری کریں گے، بروقت نتائج کے اجرا سے طلبہ کو جامعات میں داخلے میں آسانی ہوگی۔

  • انٹر بورڈ کے چیئرمین میعاد سے قبل عہدے سے سبک دوش، نسیم میمن نئے چیئرمین مقرر

    انٹر بورڈ کے چیئرمین میعاد سے قبل عہدے سے سبک دوش، نسیم میمن نئے چیئرمین مقرر

    کراچی: انٹر بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین کو عہدے کی میعاد سے قبل سبک دوش کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ بورڈ کے نسیم میمن انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین مقرر کر دیے گئے، محکمہ یونیورسٹی اینڈ بورڈ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے دیگر تعلیمی بورڈز کی طرح کراچی انٹر بورڈ بھی ایڈ ہاک ازم کا شکار ہو گیا ہے، انٹر سال اول کے جاری امتحانات کے دوران ہی ڈاکٹر سعید الدین کو سبک دوش کر دیا گیا۔

    انٹر بورڈ کے سبک دوش چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین کو حیدر آباد انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ ریکٹر مقرر کیا گیا ہے، یہ وفاقی حکومت کا ادارہ ہے۔

    ڈاکٹر سعید کی انٹر بورڈ سے سبک دوشی کی مدت رواں سال کے آخر میں مکمل ہونا تھی، تاہم بہ یک وقت صوبے اور وفاق میں 2 عہدے نہیں رکھ سکتے تھے۔

    پروفیسر نسیم میمن آئندہ 2 برس یا پھر نئے چیئرمین کی تقرری تک اس عہدے پر فائض رہیں گے، نوٹیفکیشن سے واضح ہوتا ہے کہ پروفیسر نسیم میمن انٹر بورڈ کے مستقل چیئرمین نہیں ہیں۔

  • امتحانات میں کم نمبر حاصل کرنے والے  طلباء و طالبات کیلئے انٹر بورڈ کا بڑا اعلان

    امتحانات میں کم نمبر حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کیلئے انٹر بورڈ کا بڑا اعلان

    کراچی :انٹر بورڈ نے امتحانات میں ڈی اور ای گریڈ حاصل کرنے والے طالبعلموں کو اسپیشل امتحان میں شرکت کا موقع فراہم کرنے کا اعلان کردیا، تاکہ یہ امیدوار جامعات میں داخلوں کیلئے اہل ہوسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر بورڈ نے انٹر پری انجینئرنگ کے امتحانات میں پینتالیس فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو اسپیشل امتحان میں شرکت کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا تاکہ یہ امیدوار جامعات میں داخلوں کیلئے اہل ہوسکیں کیونکہ پینتالیس فیصد کم نمبر حاصل کرنے والے طالبعلموں کو جامعات میں داخلہ فراہم نہیں کیا جاتا ہے۔

    چیئرمین انٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ جلد خصوصی امتحانات کا اعلان کیا جائے گا، خصوصی امتحانات میں شرکت کرکے ڈی اور ای گریڈ والے طالبعلم نمبروں کو بہتر کرسکتے ہیں۔

    ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ طالبعلم اپنی پرسنٹیج بہتر بنا کر طالبعلم آئندہ سال جامعات میں داخلے کیلئے خود کو اہل ثابت کرسکتے ہیں۔

    انٹر بورڈ آفس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق گذشتہ تعلیمی سال میں فزکس، کیمسٹری ، ریاضی اور بائیولوجی اختیاری مضامین کے امتحانات لئے گئے تھے اور امتحانات میں شرکت کرنے والے ہر طالبعلموں کو پاس کرنا لازمی تھا۔

    ڈی اور ای گریڈ میں کامیاب ہونے والے طلبہ اسٹیئرنگ کمیٹی کی ہدایت پرپاس کئے گئے جبکہ 45 فیصد تک نمبر حاصل کرنے والے طالبعلم جامعات میں داخلے کے اہل نہیں ہوتے۔

    انٹر پری انجینئرنگ میں کامیابی کا تناسب95.55فیصد تھا ، ڈی گریڈ میں 6 ہزار 605 امیدوار کامیاب اور ای گریڈ میں3 ہزار 450امیدوار کا میاب ہوئے تھے۔

  • بارہویں جماعت (پری میڈیکل) کے نتائج کا اعلان ہو گیا

    بارہویں جماعت (پری میڈیکل) کے نتائج کا اعلان ہو گیا

    کراچی: بارہویں جماعت (پری میڈیکل) کے نتائج کا اعلان ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ بارہویں کلاس سائنس پری میڈیکل (فریش) کے سالانہ امتحانات برائے 2021 کے پہلے مرحلے کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔

    چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کے مطابق سائنس پری میڈیکل کے امتحانات میں 22 ہزار 219 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، جب کہ 21 ہزار 950 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔

    انٹر بورڈ کے مطابق امتحانات میں 20 ہزار 637 امیدوار کامیاب قرار پائے، جب کہ کامیابی کا تناسب 94.02 فی صد رہا۔

    ان امتحانات میں 4 ہزار 686 امیدواروں نے اے وَن گریڈ، 2 ہزار 795 امیدواروں نے اے گریڈ، اور 2 ہزار 913 امیدواروں نے بی گریڈ حاصل کیا۔

    بورڈ کے مطابق 3 ہزار 800 امیدواروں نے سی گریڈ، 4 ہزار 798 امیدواروں نے ڈی گریڈ اور ایک ہزار 845 امیدواروں نے ای گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔

  • انٹر بورڈ افسران کی جعل سازی، فیل طالب علم کو پاس کرنے کا انکشاف

    انٹر بورڈ افسران کی جعل سازی، فیل طالب علم کو پاس کرنے کا انکشاف

    کراچی: انٹرمیڈیٹ بورڈ افسران کی جانب سے جعل سازی کرکے فیل طالب علم کو پاس کرنے کا انکشاف ہوا ، کاپی ری چیکنگ کےدوران طالب علم کے نمبرز میں اضافہ کیاگیا اور طالب علم کو پاس کرکےرزلٹ جاری کیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ بورڈ میں فیل طالب علم کو پاس کرنے کا انکشاف سامنے آیا ، افسران کی جعل سازی سےنتائج تبدیل کیےگئے، کاپی ری چیکنگ کے دوران طالب علم کے نمبرز میں اضافہ کیاگیا اور نمبرز میں اضافہ کرانے کے لئے بورڈ قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔

    ہیڈچیکر کے 2 بار منع کرنے کے باوجود کاپی کو آر ای ایچ کرایاگیا، جس میں طالب علم کے نمبر کو 26 سے بڑھا کر 30 کرنے کا انکشاف ہوا۔

    چیئرمین انٹربورڈ پروفیسرانعام نے کہا یہ ایک غلطی تھی جس کوٹھیک کردیاگیاہے، ری چیک کےبعدطالب علم کوپاس کرکےنتیجہ جاری کیاگیا، صورت حال کاپتہ چلا تو نتیجہ منسوخ کردیا ہے۔

    یاد رہے فروری میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے چیئرمین اور آڈٹ آفیسر کی جانب سے قریبی دوست کے بیٹے کو امتحانات میں کامیاب کرنے کے لیے نتائج میں تبدیلی کا انکشاف ہوا تھا ،جس کی تمام دستاویزات سامنے آگئیں تھیں ۔

    دستاویزات کے مطابق پیڈا گزامنر نے نتائج تبدیل کرنے سے صاف انکار کیا اور میرٹ کی بنیاد پر نتیجہ بنایا جس کے بعد بورڈ نے پروفیسر ارشد عباس سے نتائج تبدیل کرائے۔

    مزید  پڑھیں: چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ نے قریبی دوست کے بیٹے کو نتائج تبدیل کر کے پاس کردیا

    نتائج تبدیل کرنے کا عمل چیئرمین کی اجازت کے بعد آڈٹ آفیسر کے کمرے میں ہوا، رول نمبر 76938 کو اردو کے پرچے میں 26 نمبر ملے جس کو بڑھا کر 33 کیا گیا تھا۔

    یہ بھی اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ نے پیسوں کےعوض طلبہ کو اچھے گریڈ میں پاس کیا گیا، کیمسٹری میں 2 نمبر لینے والے امیدوار کو 58 نمبر دیے گئے اسی طرح غیر قانونی طریقے سے ہر پرچے میں 66 تک اضافی نمبرز دے کر مخصوص طالب علموں کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔

    بعد ازاں رشوت کے عوض مبینہ طور پر امتحانی نتائج میں گھپلوں پر محکمہ اینٹی کرپشن نے کراچی کے انٹر بورڈ آفس پر چھاپہ مار کر امتحانی ریکارڈ قبضے میں لے لیا تھا، کرپشن میں چیئرمین بورڈ کے ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا اور اینٹی کرپشن یونٹ چیئرمین انٹر بورڈ انعام احمد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کافیصلہ بھی کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن یونٹ نے نتائج تبدیل ہونے والی ایسی 179 طالب علموں کی کاپیاں حاصل کریں جن کے نمبرز چیئرمین انٹربورڈ کی اجازت سے تبدیل ہوئے۔اینٹی کرپشن نے پروفیسر انعام اور سابق کنٹرولر سے اس معاملے پر تفتیش شروع کردی تھی۔

  • کراچی: کالعدم جماعت کا سرگرم رکن انٹر بورڈ سے گرفتار

    کراچی: کالعدم جماعت کا سرگرم رکن انٹر بورڈ سے گرفتار

    کراچی: پولیس نے انٹر میڈیٹ بورڈ آفس کی حدود سے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے انٹر بورڈ میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم ابراہیم عرف چھوٹا پٹھان کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

    ایس ایس پی نوید خواجہ نے بتایا کہ ملزم ابراہیم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، ملزم کو انٹر بورڈ آفس نارتھ ناظم آباد سے گرفتار کیا گیا، ملزم فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہے۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزم کا ساتھی شوکت چانگ جیل سے معاملات چلاتا تھا، ملزم نے سی ٹی ڈی اہلکاروں،ایم ایل او جناح اور دیگر کی ریکی بھی کر رکھی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزم آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے باعث روپوش تھا،ملزم اپنے گروہ کو دوبارہ کراچی میں فعال کرنا چاہتا تھا، ملزم کے خلاف نارتھ ناظم آباد،منگھوپیر اور کورنگی میں مقدمات درج ہیں۔

  • کراچی انٹربورڈ میں کرپشن: لاکھوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

    کراچی انٹربورڈ میں کرپشن: لاکھوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

    کراچی : انٹربورڈ کراچی میں کرپشن کے انکشاف سے لاکھوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ۔ نتائج کا اعلان کب ہوگا اب تک کوئی حتمی تاریخ نہ دی جاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی انٹر بورڈ میں اینٹی کرپشن کے چھاپے کے بعد لاکھوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ۔میڈیکل یونیورسٹی میں داخلے قریب ہیں اور امتحانی نتائج کا کچھ پتہ نہیں۔

    انٹر بورڈ ذرائع کے مطابق نتائج اینٹی کرپشن کی کارروائی کے بعد مشکوک ہوچکے ہیں، پانچ دن تک امتحانی کاپیوں اور دیگر متعلقہ ریکارڈ بغیر اجازت اور مشیر نامہ کے بغیر بورڈز سے لے جایا گیا۔

    امتحانی کاپیاں ایوارڈ لسٹ ،ٹیبولیشن رجسٹرڈ اور دیگر ریکارڈ لے جانے کے عمل نے نتائج کو تاخیر کا شکار بنادیا۔

    نتائج کے مشکوک عمل نے میڈیکل انجینئرنگ یونیورسٹی کالجز اور دوسرے صوبوں میں داخلے کے خواہش مند امیدواروں کو بھی مایوسی کا شکار کردیا۔

     

  • کراچی: کل ہونے والے امتحانات ملتوی

    کراچی: کل ہونے والے امتحانات ملتوی

    کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت کل ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔

     ناظم امتحانات اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ عمران چشتی کے مطابق امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ طلبہ و طالبات کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت بھی کل ہونیو الے تمام امتحانات منسوخ کردیے گئے ہیں، یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    جبکہ جامعہ کراچی کے تحت بھی کل ہونیو الے تمام امتحانات منسوخ کردیے گئے ہیں۔ ترجمان جامعہ کراچی کا کہنا تھا کہ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

  • کراچی: کل ہونے والے امتحانات ملتوی

    کراچی: کل ہونے والے امتحانات ملتوی

     کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت کل ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں، ملتوی پرچے 21 مئی کو لیے جائیں گے۔

     ناظم امتحانات اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ عمران چشتی کے مطابق امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ طلبہ و طالبا ت کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جبکہ انٹر بورڈ کے ملتوی شدہ پرچے اکیس مئی کو لیے جائیں گے ۔

    وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت بھی کل ہونیو الے تمام امتحانات منسوخ کردیے گئے ہیں، یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    جبکہ جامعہ کراچی کے تحت بھی کل ہونیو الے تمام امتحانات منسوخ کردیے گئے ہیں۔

    تاہم دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو کے ترجمان شکیل میمن کے مطابق کل سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے ۔

     صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو کاکہنا ہے کہ حالات کیسے بھی ہوں تعلیم کا عمل جاری رہنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ قلم اور تعلیم سے کیا جائے گا، وزیرتعلیم نے اس امید کا مظاہرہ کیا کہ کوئی بھی فرد تعلیمی سرگرمیوں میں خلل نہیں ڈالے گا۔