Tag: Inter Board Office

  • سمندری طوفان : طلبہ و طالبات کیلئے اہم خبر

    سمندری طوفان : طلبہ و طالبات کیلئے اہم خبر

    کراچی : سمندری طوفان کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل کردیا گیا ہے، جس کے سبب امتحانات بھی نہیں ہوسکیں گے، نوٹفکیشن جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان بیپر جوائے کے ممکنہ اثرات کے خطرے کے پیش نظر جامعہ کراچی میں کل تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی، یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں کل ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے۔

     کراچی یونیورسٹی

    اس کے علاوہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے کراچی نے اعلان کیا ہے کہ کمشنر کراچی کی جانب سے سمندری طوفان کے باعث شہر میں امتحانات اور تعلیمی سرگرمیاں ملتوی کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2023بروز بدھ 14 جون اور 15 جون بروز جمعرات کو ہونے والے پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں۔

    اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے کراچی کے پریس ریلیز کے مطابق ملتوی کیے جانے والے پرچوں کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

  • امتحانی نتائج میں گھپلے، کراچی انٹر بورڈ آفس پرچھاپہ، چیئرمین شامل تفتیش

    امتحانی نتائج میں گھپلے، کراچی انٹر بورڈ آفس پرچھاپہ، چیئرمین شامل تفتیش

    کراچی : رشوت کے عوض مبینہ طور پر  امتحانی نتائج میں گھپلوں پر محکمہ اینٹی کرپشن یونٹ نے کراچی کے انٹر بورڈ آفس پر چھاپہ مار کر امتحانی ریکارڈ قبضے میں لے لیا، کرپشن میں چیئرمین بورڈ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے انٹر بورڈ آفس میں مبینہ طور پر امتحانی نتائج میں فیل طلباء کو لاکھوں روپے رشوت لے کر پاس کرنے کا انکشاف ہوا ہے، بدعنوانی میں تعلیمی بورڈ کے چیئرمین انعام احمد بھی ملوث پائے گئے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن یونٹ نے کراچی کے انٹر بورڈ آفس پر چھاپہ مار کر امتحانی ریکارڈ اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

    اس سلسلے میں چیئرمین انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی انعام احمد کی اجازت سے انٹر میڈیٹ کے نتائج تبدیل ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں، اینٹی کرپشن یونٹ نے مصدقہ ثبوت ملنے پر کارروائی کی۔

    مزید پڑھیں: کراچی، انٹرمیڈیٹ، تمام گروپس کے نتائج کا اعلان

    چیئرمین بورڈ سے تفتیش کی جارہی ہے، جبکہ نتائج تبدیل کرنے والے اساتذہ کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا، اس کے علاوہ بااثر افسر پر نتائج تبدیلی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    سکھر : گریجویشن کے امتحانات میں کھلے عام تقل، ممتحن خاموش تماشائی بنے رہے

    علاوہ ازیں سکھر میں جاری گریجویشن کے امتحانات مذاق بن کر رہ گئے،نقل کی روک تھام کیلئےدعوے صرف دعوے تک ہی محدود ہیں، امیدوار نگران عملے کی موجودگی میں دیدہ دلیری سےنقل کرتے رہے۔

    امتحانات کے دوران بوٹی مافیا کا راج رہا، ویجلینس ٹیمیں اور انتظامات کے سب اقدامات فیل ہوگئے، امتحانی مراکز میں دھڑلے سے نقل کا سلسلہ جاری رہا۔

    اس دوران ممتحن خاموش تماشائی بنے رہے، دوران امتحان مستقبل کے معمار نقل کرکے اپنا مستقبل تباہ کرنے میں مصروف تھے۔

  • انٹر بورڈ کی ہزاروں امتحانی کاپیاں اینٹی کرپشن حکام کے حوالے

    انٹر بورڈ کی ہزاروں امتحانی کاپیاں اینٹی کرپشن حکام کے حوالے

    کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے ہزاروں امتحانی کاپیوں کا ریکارڈ اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کے حکام نے ناظم آباد میں واقع انٹر بورڈ آفس کے امتحانی سیکشن سے آٹھ ہزار سے زائد امتحانی کاپیوں سمیت دفتری امور کی اشیا کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تحویل میں لی گئی کاپیاں سپلیمنٹری امتحانات کی ہیں تاہم کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا، اینٹی کرپشن حکام کو تحقیقات اور تفتیش کیلئے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی امتحانی کاپیوں کا ریکارڈ مطلوب تھا جس کے لئے بورڈ حکام کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے سیکریٹری بورڈ اور یونیورسٹیز کو ہدایت کی تھی جس کے بعد ہزاروں امتحانی کاپیوں ایک ٹرک میں بھر کر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کی گئیں۔

    واضح رہے کہ اس سے چند ماہ قبل بھی اینٹی کرپشن حکام نے امتحانی کاپیوں اور بورڈ کے بعد معاملات کا ریکارڈ حل کرنے کیلئے دو سے تین مرتبہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں کارروائی کی، تاہم اب اعلیٰ حکام کی ہدایت کے بعد بورڈ حکام متعلقہ اور مطلوبہ دستاویزات اینٹی کرپشن حکام کو فراہم کردیتے ہیں۔

    رابطہ کرنے پر انٹر بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے خود ریکارڈ اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کیا ہے جو ان کو مطلوب تھا تاہم کسی قسم کی کوئی کارروائی آج نہیں کی گئی ہے۔

  • انٹر بورڈ آفس میں چھاپہ کھلی مہاجر دشمنی ہے، متحدہ قومی موومنٹ

    انٹر بورڈ آفس میں چھاپہ کھلی مہاجر دشمنی ہے، متحدہ قومی موومنٹ

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی انٹربورڈ آفس میں محکمہ اینٹی کرپشن پولیس کی جانب سے چھاپے، گرفتاریوں اور مہاجرافسران وملازمین کو ہراساں کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کی دلدل میں گردن تک دھنسی ہوئی سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں مہاجرافسران اور ملازمین کو ہراساں کرنا کھلی مہاجر دشمنی ہے۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیوایم ، ملک بھرسے کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے لیکن کرپشن کے خاتمے کیلئے صرف کراچی کے اداروں اورشہریوں کو نشانہ بنانا سراسر ظلم اور انتقامی کارروائیاں ہیں۔

    ملک بھرکے عوام اس حقیقت سے واقف ہیں کہ کرپشن کا ناسور سندھ سمیت ملک بھرمیں بھی پھیل چکا ہے لیکن کرپشن کی آڑمیں کارروائیاں صرف کراچی میں کی جارہی ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ صوبہ سندھ میں پیپلزپارٹی کے وزراء لاکھوں روپے رشوت لیکر کراچی بورڈ آفس میں افسران تعینات کررہے ہیں، بھاری رقوم لیکر سرکاری ملازمتیں فروخت کررہے ہیں، محض کاغذوں پراندرون سندھ میں ترقیاتی منصوبے دکھا کراربوں روپوں کی کرپشن کی جارہی ہے، سینکڑوں اسکول وڈیروں کی ذاتی اوطاق بن چکے ہیں۔

    تھانوں میں ایس ایچ اوز کی تعیناتی کیلئے بھاری رشوت وصول کی جاتی رہی ہے اوراندرون سندھ کے عوام جان ومال کے تحفظ، صحت وصفائی ، پینے کے صاف پانی ، بہترسڑکوں اوربنیادی تعلیم کی سہولیات سے محروم ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں اوروزراء کی کرپشن سے ذرائع ابلاغ بھرے ہوئے ہیں لیکن صوبہ سندھ کی متعصب حکومت خود احتسابی سے دانستہ گریز کرتے ہوئے کرپشن کی آڑ میں کراچی کے سرکاری ، نیم سرکاری ،بلدیاتی اداروں اورمہاجر افسران و ملازمین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اگرپیپلزپارٹی کی حکومت ،کرپشن کے خاتمے میں واقعی مخلص ہے تو وہ سب سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکے، کرپٹ ترین عناصر سے اپنی صفوں کو پاک کرے اورکرپشن کی آڑ میں کراچی کے اداروں اور مہاجرافسران وملازمین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا سلسلہ فی الفور بند کرے ۔

     

  • انٹر بورڈ کراچی پر اینٹی کرپشن کا چھاپہ ، ملازمین نے ہڑتال کردی

    انٹر بورڈ کراچی پر اینٹی کرپشن کا چھاپہ ، ملازمین نے ہڑتال کردی

    کراچی: اینٹی کرپشن یونٹ نے انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس میں چھاپے کے دوران اہم ریکارڈ ضبط کر کے ایک ملازم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے انٹر بورڈ آف کراچی میں کارروائی کی گئی جو 48 گھنٹوں سے زائد وقت تک جاری رہی اس دوران داخلی و خارجی راستوں کو بند کرتے ہوئے بورڈ آفس میں موجود ملازمین کو بھی گھر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    چیئرمین اینٹی کرپشن غلام قادر تھیبو نے کارروائی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’انٹر کے نتائج میں گھپلوں کے ثبوت موصول ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی، اس دوران 94 سے زائد گھپلوں کے کیسز سامنے آئے ہیں‘‘۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ’’تمام شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور انٹر بورڈ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس سے تفتیش کی جائے گی اور ملزم کی نشاندہی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائےگی‘‘۔

    دوسری جانب چیئرمین انٹر بورڈ اختر غوری نے نتائج میں ردوبدل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے اچانک دورہ کیا تو ہم نے تعاون کیا، اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’امتحانی کاپیاں سنیئراساتذہ چیک کرتے ہیں جنہیں کوڈ اور ڈی کوڈ کیا جاتا ہے‘‘۔

    اُنہوں نے مزید کہا کہ ’’کاپیوں کی جانچ پڑتال میں چار مرحلے ہوتے ہیں جب کہ آخری مرحلے میں بھی کاپیوں کو کراس چیک کیا جاتا ہے جس سے نتائج میں تبدیلی ممکن ہی نہیں ہے، اخترغوری نے گرفتاری کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’ڈپٹی کنٹرولر کے اسسٹنٹ عادل کو گرفتار کیا گیا ہے جو بورڈ کا مستقل ملازم نہیں ہے‘‘۔

    سپلا کی جانب سے اینٹی کرپشن کی کارروائی کے خلاف احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا گیا۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ’’ہمیں ہراساں کرنے کا سلسلہ ختم کرکے اور ادارے میں بے جا مداخلت بند کی جائے‘‘۔

    سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز  ایسوسی ایشن (سپلا)کے ملازمین نے اینٹی کرپشن یونٹ پر الزام عائد کیا ہے کہ ’’کارروائی کے دوران کمپیوٹر سرور خراب کردیا گیا جس کے باعث  پری میڈیکل کے نتائج اب وقت پر تیار نہیں کیے جاسکتے اور اس کے اجرا میں ایک ماہ سے زائد وقت لگ سکتا ہے‘‘۔