Tag: Interest system

  • سودی نظام نے معیشت تباہ کردی ،خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، سینیٹر سراج الحق

    سودی نظام نے معیشت تباہ کردی ،خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، سینیٹر سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سودی نظام نے ملکی معیشت تباہ کردی جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑرہا ہے، عوام کی حکومت سے توقعات ختم ہورہی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں جاری مرکزی مجلس شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سود نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑرہا ہے،جب تک سودی قرضوں کی معیشت کا خاتمہ نہیں ہوتا ترقی اور خوشحالی نہیں آئے گی۔

    امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف اور مقتدر قوتوں کی بیساکھیوں پر چل رہی ہے، اچھے کام کا کریڈٹ وزیر اعظم کو اور خرابی کا الزام اسٹیبلشمنٹ پرلگ رہا ہے، سروے بتاتے ہیں کہ عوام کی پی ٹی آئی حکومت سے توقعات ختم ہورہی ہیں۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کے نظریاتی تشخص بچانے کیلئے مسلسل سرگرم ہے، ہم نے اسلامی نظام کیلئے مسلسل آواز اٹھائی ہے، اس سلسلے میں اسمبلیوں میں قراردادیں اور بعض اوقات قوانین منظور کرائے ہیں۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے ارکان شوریٰ سے کہا کہ غلبہ دین کیلئے منتخب اداروں میں اپنی قوت بڑھانے کی ضرورت ہے، اگرچہ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں ہماری تعداد محدود ہے مگر اس کے باوجود ہم ملک کی اسلامی و جمہوری شناخت کو قائم رکھنے کیلئے اپنی جاری رکھیں گے۔

  • حکومت کو الیکشن سے پہلے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا، سراج الحق

    حکومت کو الیکشن سے پہلے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا، سراج الحق

    دمام : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سودی نظام کے خاتمہ کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کریں گے، حکومت کو الیکشن سے پہلے کیےگئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے شہر دمام میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ افغانستان کے معاملات میں پیش رفت خوش آئند ہے، پرامن افغانستان خوشحال پاکستان کے لیے ضروری ہے، پاک بھارت کشیدگی کے خاتمہ اور خطے میں مستقل قیام امن کے لیے اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو الیکشن سے پہلے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا، حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی۔

    صرف سات ماہ میں ہی عوام حکومت کی پالیسیوں سے مایوس ہوچکے ہیں، بجلی، گیس، تیل اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں آسمان کو چھور رہی ہیں، حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

    سراج الحق نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف عوام کی موثر آواز بنے گی اور اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔