Tag: Interim bail

  • اروند کیجریوال کو عدالت نے رہا کر دیا

    اروند کیجریوال کو عدالت نے رہا کر دیا

    نئی دہلی: عدالت نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی عارضی ضمانت منظور کر لی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے مبینہ ایکسائز پالیسی فراڈ سے جڑے منی لانڈرنگ کیس میں کیجریوال کو یکم جون تک عبوری ضمانت دے دی، کیجریوال کو 2 جون کو واپس جیل جانا پڑے گا۔

    رہائی کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اپنی اہلیہ سنیتا کیجریوال اور پنجاب کے ہم منصب بھگونت مان کے ساتھ کناٹ پلیس کے مندر میں پوجا کی، وہ آج روڈ شو کرنے سے پہلے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

    رپورٹس کے مطابق عدالت نے ملک میں جاری عام انتخابات کی مہم چلانے کے لیے عام آدمی پارٹی کے سربراہ کو عارضی ضمانت دی ہے، روئٹرز کے مطابق انڈین سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ اروند کیجریوال کی عارضی ضمانت یکم جون تک مؤثر رہے گی، جو کہ 7 مراحل پر مشتمل انتخابات میں پولنگ کا آخری روز ہے۔

    اشتعال انگیز بیان پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ نونیت رانا مشکل میں پڑ گئیں

    عدالتی فیصلے کے مطابق اروند کیجریوال دو جون کو خود کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔ واضح رہے کہ مودی کے سخت ناقد اروند کیجریوال کو 21 مارچ کو عام انتخابات سے ایک ماہ پہلے شراب کے لائسنس دینے پر مبینہ بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    مالی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی انڈیا کی مرکزی فنانشل کرائم ایجنسی نے گزشتہ ایک دہائی میں 100 سے زائد ایسے سیاست دانوں سے تفتیش کی ہے جو اپوزیشن سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ کیجریوال مقدمہ من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔ اپوزیشن کے مطابق اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے اور منصفانہ انتخابات کے امکانات کو کم کرنے کے لیے بی جے پی کی حکومت نے تفتیشی ایجنسیوں اور ٹیکس حکام کو ہتھیار بنایا ہے۔

  • گرفتاری سے بچنے کے لیے خرم شیر زمان کی عبوری ضمانت منظور

    گرفتاری سے بچنے کے لیے خرم شیر زمان کی عبوری ضمانت منظور

    کراچی: گرفتاری سے بچنے کے لیے خرم شیر زمان کی عبوری ضمانت منظور ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس، انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف کراچی میں احتجاج کا کیس چل رہا ہے، جس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے خرم شیر زمان نے عدالت سے رجوع کیا، جہاں ان کی ایک لاکھ روپے کے عوض عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔

    خرم شیر زمان نے دو مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کی فی کیس ایک لاکھ روپے کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    پولیس کے مطابق خرم شیر زمان سمیت دیگر ملزمان پر شاہراہ فیصل پر ہنگامہ آرائی کے الزامات ہیں، 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کے دوران توڑ پھوڑ اور پولیس پر حملہ کیا گیا تھا، ملزمان نے سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا، پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماوٴں کے اکسانے پر کارکنان نے جلاوٴ گھیراوٴ اور ہنگامہ آرائی کی۔

    عدالت نے خرم شیر زمان کی 26 اگست تک دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے، خرم شیر زمان کی فیروز آباد اور ٹیپو سلطان تھانے میں درج مقدمات میں ضمانت منظور کی گئی ہے۔

  • 9 مقدمات میں عبوری ضمانت ختم، عمران خان کی آج پیشی

    9 مقدمات میں عبوری ضمانت ختم، عمران خان کی آج پیشی

    اسلام آباد: 9 مقدمات میں عبوری ضمانت آج ختم ہونے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین آج اپنے مقدمات کے سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے آئی جی اور ضلع انتظامیہ کو سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کر دی گئی۔

    عمران خان کی 9 مقدمات کی عبوری ضمانت آج ختم ہو رہی ہے، ان کی درخواست ضمانت پر سماعت دن 2:30 بجے ہوگی۔

    ہائیکورٹ کے مطابق کورٹ روم نمبر 1 میں وکلا اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین اور عدالتی عملہ خصوصی پاس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    عمران خان کے ساتھ 15 وکلا کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلا کمرہ عدالت جا سکیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی۔

    ہائیکورٹ کے مطابق انتظامیہ کو خصوصی پاس اور ڈیپارٹمنٹ کارڈ ہونے والوں کو احاطہ عدالت سے نہ روکنے کی ہدایت کی گئی ہے، خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کو کمرہ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہوگی۔

    واضح رہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آج کیسز پر سماعت کریں گے۔

  • عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی

    عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی پٹرولیم کمپنی میں 54 ارب روپے سے زائد کے فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    عدالت نے اقبال اشرف کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

    ملزم کے وکیل محسن شہوانی نے کہا کہ ملزم اقبال اشرف نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا تھا، وہ جب نیشنل بینک کا صدر تھا تو حیسکول سے نیشنل بینک کو ادائیگی ہو رہی تھی۔

    واضح رہے کہ اسپیشل بینکنگ کورٹ نے چند روز قبل کیس میں 17 ملزمان کی ضمانت مسترد کر دی تھی۔

    ایف آئی اے نے حیسکول اور نیشنل بینک کے 26 افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ نجی پٹرولیم کمپنی پر 54 ارب سے زائد بینک ڈیفالٹ، مالیاتی فراڈ، منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق نیشنل بینک اور نجی پٹرولیم کمپنی کے سابق اور موجودہ افسران سمیت 30 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، ان ملزمان نے ملی بھگت سے قومی مالیاتی ادارے سے اربوں روپے کا قرضہ حاصل کیا، اور اس رقم کو مالیاتی فراڈ کے ذریعے منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔

  • عدالت نے 31 اکتوبر تک عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی

    عدالت نے 31 اکتوبر تک عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی

    اسلام آباد: عدالت نے 31 اکتوبر تک عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کی عدالت میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، جج نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر 31 اکتوبر تک عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    ایف آئی اے کے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت دائر مقدمے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی، جس کے لیے عمران خان اسپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود کی عدالت میں پیش ہوئے۔

    واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے عمران خان کی کل تک ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

    پیشی سے قبل عدالت کی اسکیننگ کا عمل کیا گیا، جس کے لیے سیکیورٹی اہل کاروں نے تمام افراد کو کمرہ سے باہر نکالا تھا۔

  • جیکولین فرنینڈس کی گرفتاری کا خدشہ ٹل گیا

    جیکولین فرنینڈس کی گرفتاری کا خدشہ ٹل گیا

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی گرفتاری کا خدشہ ٹل گیا، عدالت نے انھیں عبوری ضمانت دے دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جیکولین فرنینڈس کو پیر کے روز 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں مجرم سکیش چندر شیکھر کے خلاف عبوری ضمانت مل گئی۔

    دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے اداکارہ کو 50 ہزار روپے کے مچلکے پر عبوری ضمانت دے دی۔

    ایڈیشنل سیشن جج شیلندر ملک نے اداکارہ کی ضمانت کی درخواست پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے جواب طلب کر لیا۔ جب تک ای ڈی اپنا جواب داخل نہیں کرتا، جیکولین کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست عدالت میں زیر التوا رہے گی۔

    منی لانڈرنگ کے اس کیس کی اگلی سماعت 22 اکتوبر کو ہوگی۔

    خیال رہے کہ عدالت میں جیکولین کے گرفتار مبینہ بوائے فرینڈ سکیش چندر شیکھر کی ضمنی چارج شیٹ داخل کی جا چکی ہے، اس لیے اداکارہ کی قانونی ٹیم نے اُن کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔

    جیکولین سے دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ نے گزشتہ ہفتے 7 گھنٹے سے زیادہ تفتیش کی تھی، یہ دوسری بار تھا جب انھیں اس کیس میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

    تحقیقات کے مطابق چندر شیکھر نے اداکارہ کے ایجنٹ پرشانت کو ان کی سال گرہ پر موٹر سائیکل دینے کی پیش کش کی تھی، لیکن اُس نے لینے سے انکار کر دیا تھا، تاہم چندر شیکھر نے موٹر سائیکل اور اس کی چابیاں پرشانت کے گھر پر چھوڑ دی تھیں جسے بعد میں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

    چندر شیکھر اس وقت جیل میں ہیں، ان پر الزام عائد ہے کہ اس نے ادیتی سنگھ اور شویندر سنگھ سے 215 کروڑ بھارتی روپے بھتے کی شکل میں وصول کیے اور اسی سلسلے میں ملزمان کے خلاف تحقیقات بھی جاری ہیں۔

  • عمران خان کو مزید 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع مل گئی

    عمران خان کو مزید 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع مل گئی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو مزید 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع مل گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے عمران خان کی مزید دس مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 30 جولائی تک توسیع کر دی۔

    سابق وزیر اعظم کے خلاف درج مقدمات کی سماعت سیشن جج کامران بشارت مفتی نے کی، عمران خان کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ عمران خان لاہور میں ہیں اس لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔

    جج نے ریمارکس دیے یہ آپ کا سیاسی معاملہ ہے لیکن ملزم کا پیش ہونا بھی ضروری ہے، جونیئر وکیل رائے تجمل نے بابر اعوان کے متعلق بھی بتایا کہ وہ بیرون ملک جا رہے ہیں اس لیے کیس کی پیروی کے لیے پیش نہیں ہو سکے۔

    عمران خان کو 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع مل گئی

    دریں اثنا، عمران خان نے تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 425 میں بھی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا، عدالت نے کہا کہ تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ نمبر 425 میں عمران خان کا پیش ہونا لازمی ہے، جج نے ریمارکس دیے مقدمہ نمبر 425 میں فریش ضمانت ہے اس کے لیے ملزم پیش ہوگا تو حکم جاری کروں گا۔

    جونیئر وکیل رائے تجمل نے عدالت سے استدعا کی کہ فریش ضمانت کی درخواست بھی آئندہ سماعت کے لیے مقرر کر دی جائے، جس پر عدالت نے مقدمہ نمبر 425 میں دائر فریش درخواست ضمانت بھی 30 جولائی کے لیے مقرر کر دی۔

  • عمران خان کو 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع مل گئی

    عمران خان کو 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع مل گئی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع مل گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے عمران خان کی دس مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کر دی، اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی۔

    سابق وزیر اعظم کے خلاف درج مقدمات کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ایسٹ عبدالغفور کاکڑ نے کی، عدالت نے دس مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتیں پانچ پانچ ہزار روپے مچلکوں پر منظور کیں۔

    عمران خان آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر اعظم کو 14 مقدمات میں 18 جولائی تک عبوری ضمانت دے رکھی ہے، گزشتہ سماعت پر بھی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

    عمران خان کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں مقدمہ نمبر 501،500، لوہی بھیر میں مقدمہ نمبر 593، تھانہ کورال میں مقدمہ نمبر 1078 اور تھانہ سہالہ میں 462 نمبر مقدمہ درج ہے۔

  • عمران خان کی 10 مقدمات میں 18 جولائی تک عبوری ضمانت منظور، دیگر رہنماؤں کی بھی ضمانت ہو گئی

    عمران خان کی 10 مقدمات میں 18 جولائی تک عبوری ضمانت منظور، دیگر رہنماؤں کی بھی ضمانت ہو گئی

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 10 مقدمات میں 18 جولائی تک عبوری ضمانت منظور ہو گئی، دیگر رہنماؤں کی بھی ضمانت ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت میں لانگ مارچ، توڑ پھوڑ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی، عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی عبوری ضمانت میں 18 جولائی تک توسیع کر دی۔

    بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو جان کا خطرہ ہے، تحریری طور پر دھمکیاں دی گئی ہیں، اس لیے پیش نہیں ہو سکتے، جج کامران بشارت مفتی نے عمران خان کی جان کو خطرے کے پیش نظر حاضری سے استثنیٰ کے لیے دی گئی درخواست منظور کی۔

    اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں شاہ فرمان، شہرام خان ترکئی اور عمران اسماعیل کی ضمانت بھی پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔

    واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ نمبر 708/22 اور 709/22 درج ہے، تھانہ ترنول میں مقدمہ نمبر 727/22628/22، تھانہ کوہسار میں بھی 2 مقدمات نمبر 421/224222/22، تالانی سیکریٹریٹ میں مقدمہ نمبر 260/22، تھانہ آبپارہ میں مقدمہ نمبر 485/22، تھانہ انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ نمبر 740/22، اور تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ نمبر 469 درج ہے۔

    عدالت نے علی امین گنڈاپور اور شفقت محمود کی بھی عبوری ضمانت 23 جولائی تک منظور کر لی ہے، علی امین اور شفقت محمود ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی کے عدالت میں پیش ہوئے تھے، دونوں کو پانچ پانچ ہزار کے مچلکے داخل کروانے کا حکم دیا گیا۔

    کل وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان بھی اپنی عبوری ضمانت کنفرم کروانے کے لیے عدالت میں پیش ہوں گے۔

  • شہباز شریف ،حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں20 نومبر تک توسیع

    شہباز شریف ،حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں20 نومبر تک توسیع

    لاہور: شوگرانکوائری، منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف ،حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں20 نومبر تک توسیع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی بینکنگ کورٹ میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے خلاف
    شوگر انکوائری، منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئے، عدالتی حکم پر شہباز اورحمزہ عدالت میں پیش ہوئے۔

    حمزہ شہباز اور شہبازشریف نے عدالت کے روبرو حاضری مکمل کرائی، اس موقع پر شہباز شریف کے ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے وکیل امجدپرویز کو ڈینگی ہوگیاہے، کیس میں صرف آج تاریخ ڈال دی جائے۔

    دوران سماعت عدالت نے ایف آئی اے سے کیس سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا کہا جس پر حکام نے عدالت کو بتایا کہ رپورٹ نامکمل ہے، عدالت نے ایف آئی اے حکام سے استفسار کیا کہ کیس کی تفتیش اب کس سطح پر ہے؟، آپکو عبوری رپورٹ پیش کرنے میں کتنا وقت لگے گا؟۔

    ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اگلے مہینے تک رپورٹ جمع کرا دینگے۔

    اس موقع پر شہباز شریف کے ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اگرعدالتی دائرہ اختیار نہیں بنتاتو اسکی مکمل رپورٹ پیش کریں، ہم اس چیز کو نہیں مانتےکہ اس کورٹ میں دائرہ اختیار نہیں بنتا۔

    کمرہ عدالت میں موجود شہبازشریف نے جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وکیل سےمیٹنگ ہوئی تھی،ہم اس پرمکمل دلائل دیناچاہتےہیں، امجدپرویزکی طبیعت اگرٹھیک ہوتی توضرور دلائل دیتے۔

    بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں20 نومبرتک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کو عبوری رپورٹ پیش کرنےکا حکم دیا۔