Tag: intermediate exam

  • انٹرمیڈیٹ امتحانات میں  پرچہ آؤٹ ہونے کا سلسلہ جاری،   کیمسٹری کا پرچہ بھی سوشل میڈیا پر وائرل

    انٹرمیڈیٹ امتحانات میں پرچہ آؤٹ ہونے کا سلسلہ جاری، کیمسٹری کا پرچہ بھی سوشل میڈیا پر وائرل

    کراچی : سندھ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران پرچہ آؤٹ ہونے کا سلسلہ روکا نہ جا سکا ، آج بھی کیمسٹری کا پرچہ امتحان کے آغاز کے دس منٹ بعد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ میٹرک کے بعد انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی مذاق بن گئے، امتحانات کے دوران پرچہ آؤٹ ہونے کا سلسلہ نہ رک سکا اور امتحانی مراکز میں نقل عروج پر رہی۔

    سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں حسب روایت بارہویں جماعت کا کیمسٹری کا پرچہ بھی آؤٹ ہوگیا ، نقل مافیا نے پرچے کے آغاز کے دس منٹ بعدہی حل شدہ پرچہ واٹس اپ گروپ میں شیئر کردیا۔

    امتحان کے دوران انتظاميہ کےنقل کی روک تھام کے دعوے صرف دعوے ہی رہے اور طلبا و طالبات کھلے عام موبائل فون پر نقل کرتے ںظر آئے جبکہ اور امتحانی سینٹرزکی انتظامیہ نقل روکنے میں مکمل ناکام رہی۔

    گذشتہ روز بھی انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں فزکس کا پرچہ واٹس ایپ گروپوں میں دستیاب تھا جبکہ امتحانی مراکزپرنقل بھی عروج پررہی، پرچہ ٹائم سے پہلے ہی واٹس ایپ گروپوں میں گردش کرتا رہا اور امتحانی مراکزکےباہرسہولت کاروں کاہجوم رہا۔

    خیال رہے 12ویں جماعت کا آج دوسرا پرچہ ہے، جس کا دورانیہ 2گھنٹے ہیں، رواں برس صرف اختیاری مضامین کاپرچہ لیاجارہاہے ، 12ویں جماعت کے پری میڈیکل کے طلبا 4 اور پری انجینئرنگ کے طلبا 3 پرچے دیں گے۔

  • کراچی: انٹر امتحانات میں نقل کروانے میں بھارتی موبائل فونز استعمال ہونے کا انکشاف

    کراچی: انٹر امتحانات میں نقل کروانے میں بھارتی موبائل فونز استعمال ہونے کا انکشاف

    کراچی : کراچی میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں نقل کروانے میں بھارتی موبائل فونز کے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد بھارتی سموں کےاستعمال پر تمام ایجنسیاں الرٹ ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطاب سندھ بھر میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں نقل کا بازار گرم ہے، امیدوار نے نقل کے لیے جدید ٹیکنالوجی  کا سہارا لینا شروع کردیا ہے، وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب ڈاہر انٹر کے امتحانات کے دوران پہلے دورے پر کراچی کے زمزمہ ڈگری کالج پہنچے اور امتحانات کا جائزہ لیا۔

    وزیر تعلیم سندھ نے دعویٰ کیا کہ نقل میں ’’بھارت‘‘ ملوث ہے، نقل کے لیے استعمال ہونے والے واٹس ایپ گروپس میں بھارتی فون نمبرز بھی موجود ہیں۔

    وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر نے امتحانی مرکز کے دورے پر اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ تعلیمی بورڈ کو تحقیقاتی اداروں سے تعاون کا کہہ دیا ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سی ٹی ڈی کو بھی شامل کرلیا ہے، انٹرمیڈیٹ امتحانات میں پیپرز آؤٹ ہونا اور واٹس ایپ کے ذریعے حل شدہ پرچہ شیئر ہونے کی خبریں روز رپورٹ ہورہی ہیں۔


    مزید پڑھیں : سندھ میں واٹس ایپ پر نویں دسویں کے پرچے آؤٹ


    دوسری جانب بھارتی سموں کےاستعمال پرتمام ایجنسیاں الرٹ ہوگئیں۔

    امتحانات میں سوشل میڈیا پر پرچے وائرل ہونا معمول بن گیا، مبینہ طور پر کوچنگ سینٹر کے اساتذہ پرچے حل کرکے واٹس ایپ کردیتے ہیں، معاملے پر وزیر تعلیم سندھ نے چیئرمین انٹر بورڈ کو گزشتہ روز طلب بھی کیا تھا، 60ویجی لینس ٹیمیں مختلف امتحانی مراکز کا  دورہ کرتی ہیں۔

    دوسری جانب سندھ کے مختلف شہروں میں انٹرمیڈیٹ امتحانات میں پرچے آوٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں آج ہونے والا فزکس کا پرچہ آؤٹ ہوگیا، پرچہ واٹس ایپ کے ذریعے شیئر ہوتا رہا اور امتحانی مراکز پر نقل کی شکایت بھی برقرار ہے۔

    سکھر میں بھی آج ہونے والاپرچہ آؤٹ ہوا، امتحانی مراکز پر بھی نقل مافیا کا راج رہا جبکہ شکارپور میں آج بھی پرچہ آؤٹ ہوا، نقل روکنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات ناکام ہوگئے اور طلبا موبائل فونز اورکتابوں سے نقل کرتے رہے۔