نیویارک(17 جولائی 2025): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے خطاب میں کہا کہ اسرائیل غزہ میں اقوام متحدہ امدادی تقسیم کے اداروں کو نشانہ بنارہا ہے، غزہ میں بھوک کے باعث فلسطینیوں کی اموات ہورہی ہیں۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ غزہ میں امدا د اور ایندھن کی فراہمی کو روک دیا گیا ہے، غزہ میں فوری طور پر خوراک کی رسائی یقینی بنائی جائے، اسرائیلی قبضے کا خاتمہ امن کیلئے ضروری ہے۔
پاکستانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے، غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی یقینی بنائی جائے۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کا قتل عام بڑھ رہا ہے، دنیا قحط سے دو چار غزہ کو مزید برداشت نہیں کرسکتی، فلسطینی ریاست کیلئے فرانس سعودی عرب کانفرنس مثبت امید ہے، بطور صدر سلامتی کونسل اپنی خدمات جاری رکھوں گا۔