Tag: International Islamic University

  • مثبت کرونا کیسز کے بعد انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی بھی بند

    مثبت کرونا کیسز کے بعد انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی بھی بند

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یونیورسٹی کو 2 روز کے لیے بند کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یونیورسٹی کو 29 اکتوبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر زعیم ضیا کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں کوویڈ 19 کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کے متعلقہ ڈپارٹمنٹس کو، جہاں سے کوویڈ کے کیسز رپورٹ ہوئے سیل کیے جانے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی میں بھی کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد گزشتہ روز اسے 6 نومبر تک سیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جامعہ میں 5 کرونا کیسز مثبت آنے پر یونیورسٹی کو سیل کیا گیا ہے، 6 نومبر تک طلبا کی کلاسز آن لائن ہوں گی، ہاسٹلز میں موجود طلبا کو ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔

  • مذاکرات اور بھائی چارے کے فروغ سے معاشرے کو بہتر کیا جا سکتا ہے: شبلی فراز

    مذاکرات اور بھائی چارے کے فروغ سے معاشرے کو بہتر کیا جا سکتا ہے: شبلی فراز

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ مذاکرات اور بھائی چارے کے فروغ سے معاشرے کو بہتر کیا جا سکتا ہے، ہمیں پرامن مذاکرات کے ذریعے مشکلات کا حل نکالنا سکھایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبعلم مستقبل کے معمار ہیں اور ان کا مستقبل روشن ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک پاکستان ایک نظریے کے تحت وجود میں آیا، مذاکرات اور بھائی چارے کے فروغ سے معاشرے کو بہتر کیا جا سکتا ہے، مشکلات کے حل کے لیے جامعات میں تحقیق بہت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات پر قابو پانے کے لیے تاریخ کا مطالعہ بہت ضروری ہے، ہمیں پرامن مذاکرات کے ذریعے مشکلات کا حل نکالنا سکھایا گیا ہے۔ پاکستان اقتصادی مشکلات پر بھی قابو پا رہا ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں ماضی میں غلط کلچر کو فروغ دیا گیا جسے تبدیل کرنا ناگزیر ہے، تبدیلی کیا ہوتی ہے ایک مرحلہ ایک پورا منصوبہ طے کیا جاتا ہے۔

    شبلی فراز نے کہا تھا کہ ریفارمز سے متعلق ایک مرحلہ ہے جو طے کیا جا رہا ہے، کچھ لوگ ہیں جو تبدیلی کے عمل کو روکنا اور رکاوٹ بننا چاہتے ہیں، جن لوگوں کے موجودہ سسٹم سے مفادات ہیں وہ مسائل پیدا کرتے ہیں۔