Tag: Internet Services

  • پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر، وجہ کیا ہے؟

    پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر، وجہ کیا ہے؟

    کراچی: ملک بھر میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (پی ٹی سی ایل) کا انٹرنیٹ سسٹم ڈاؤن ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے بڑے شہر کراچی لاہور اسلام آباد پنڈی سمیت میں کئی شہروں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، انٹرنیٹ سروسز پی ٹی سی ایل کی فائبر آپٹک میں خرابی کے باعث تعطل کا شکار ہے۔

    پی ٹی سی ایل ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے اور حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، مسئلہ زیادہ تر عالمی ٹریفک سے متعلق ہے جبکہ مقامی نیٹ ورک کسی حد تک متاثر ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل نیٹ ورک ڈاؤن ہونے سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، ہماری ٹیمز مسئلے کے فوری حل کیلئے تیزی سے کام کررہی ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی سی ایل سروسز ڈائون ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہوگئی، پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ پر کچھ ایپس کے علاوہ برائوزنگ نہیں ہورہی جبکہ بینکوں اور دیگر سرکاری دفاتر میں کا بند کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل 26 جولائی کو ملک میں نئے انٹرنیٹ سیکیورٹی نیٹ ورک سسٹم کی آزمائش سے نہ صرف سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بلکہ انٹرنیٹ کی رفتار بھی سست ہوگئی ہے۔

  • انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار

    انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار

    اسلام آباد: انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار دے دیا ہے، اور تمام حکومتی اداروں کو ڈیٹا کے تحفظ کے لیے ڈارک فائبر استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں تمام صوبوں، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ایک مراسلہ بھجوایا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بیش تر حکومتی ادارے انٹرنیٹ سروسز کے لیے نجی فائبر آپٹکس پر انحصار کر رہے ہیں، جس سے سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آپٹیکل فائبر سے مخصوص طریقہ کار سے ڈیٹا چوری ہونے کا خدشہ ہے، اور ڈارک فائبر کے ذریعے ڈیٹا چوری کے امکانات انتہائی محدود ہیں، اس لیے اہم معلومات کی بذریعہ انٹرنیٹ ترسیل کے لیے ڈارک فائبر استعمال کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔

  • ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال

    ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال

    کراچی: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال ہو گئی ہیں۔

    ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق بین الاقوامی سب میرین کیبل میں خرابی دور کر دی گئی ہے، اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال ہو گئی ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ مصر میں بین الاقوامی سب میرین کیبل کٹنے سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی تھیں، تاہم پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز جزوی طور پر متاثر ہوئی تھیں۔

    ترجمان نے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال ہیں۔

    واضح رہے کہ مصر کے قریب سب میرین کیبل اے اے ای ون میں خرابی پیدا ہوئی تھی، سب میرین کیبل پر ایک سے زائد کٹ لگنے کی اطلاعات تھیں، جس کی وجہ سے پی ٹی سی ایل اور ٹرانس ورلڈ کی سروس متاثر ہوئی، پی ٹی سی ایل نے انٹرنیٹ ٹریفک متبادل روٹس پر ڈال دی تھی۔

  • بلوچستان میں بارشوں سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس متاثر، بحالی کا کام جاری

    بلوچستان میں بارشوں سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس متاثر، بحالی کا کام جاری

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث متاثر موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے آپٹیکل فائبر کیبل کو نقصان پہنچا ہے۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، زیارت، خضدار، لورالائی، پشین، چمن، پنجگور، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں وائس اور ڈیٹا سروسز متاثر ہوئی ہیں۔

    پی ٹی اے کے مطابق بلوچستان کے متاثرہ اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں، پی ٹی اے متاثرہ اضلاع میں ٹیلی کام سروسز کی صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔