Tag: Internet

  • پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری : وجہ سامنے آگئی

    پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری : وجہ سامنے آگئی

    اسلام آباد : ملک بھر میں گزشتہ شام سے انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے باعث لوگوں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کی اصل وجہ سامنے آگئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار میں اچانک آنے والی کمی کی بنیادی وجہ 25 ہزارکلومیٹر طویل ایشیا یورپ ڈبل اے ای ون کیبل میں خرابی کا آنا ہے۔

    شعبہ ٹیلی کام کے باوثوق ذرائع کے مطابق 40 ٹیرا بائیٹ کا اہم ترین کیبل فجیرا کے قریب خراب ہوگیا ہے جس کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ اسپیڈ سست ہوگئی ہے۔

    اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ ڈیٹا ٹریفک کی دیگر کم گنجائش والے کیبلز پر منتقلی کی جارہی ہیں۔ 40ٹیرابائیٹ کیبل کی مرمت میں کئی دن بھی لگ سکتے ہیں۔

  • جاپانی انجینئرز کا کارنامہ، تیز رفتار انٹرنیٹ کا نیا عالمی ریکارڈ

    جاپانی انجینئرز کا کارنامہ، تیز رفتار انٹرنیٹ کا نیا عالمی ریکارڈ

    ٹوکیو: جاپانی انجینئرز نے ناقابل یقین تیز رفتار انٹرنیٹ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی انجینئرز نے آپٹیکل فائبرز کے ذریعے فی سیکنڈ کی ناقابلِ یقین رفتار سے 319 ٹیرابائٹس ڈیٹا منتقل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

    انجینئرز نے تجربے کے دوران صرف ایک سیکنڈ میں تقریباً 817 بلیو رے ڈسک جتنا ڈیجیٹل ڈیٹا منتقل کیا، یہ کارنامہ جاپان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشنز ٹیکنالوجی (این آئی سی ٹی) کے انجینئرز نے ڈاکٹر بنجمن پٹمین کی قیادت میں یہ انجام دیا۔

    آپٹیکل فائبرز سے تیز رفتار ترین ڈیٹا منتقلی کا سابقہ عالمی ریکارڈ 178 ٹیرابائٹس فی سیکنڈ کا تھا، جو پچھلے برس یونیورسٹی کالج لندن کے انجینئرز نے بنایا تھا، نیا ریکارڈ گزشتہ ریکارڈ سے بھی تقریباً 80 فی صد زیادہ ہے۔

    واضح رہے کہ ڈیٹا ٹرانسفر کی یہ ٹیکنالوجی ’ویو لینتھ ڈویژن ملٹی پلیکسنگ‘ (WDM) کہلاتی ہے جس میں ایک لیزر شعاع کو 552 الگ الگ چینلوں میں توڑ کر 4 آپٹیکل فائبرز میں بھیج دیا جاتا ہے، جو ایک ہی کیبل میں موجود ہوتی ہیں۔

    اس انتظام کے تحت ڈیٹا منتقلی کی اوسط رفتار 580 گیگا بائٹس فی سیکنڈ رہی جب کہ زیادہ سے زیادہ رفتار 319 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔

    ہر 70 کلومیٹر کے بعد ایمپلی فائر لگائے جاتے ہیں، جو آپٹیکل فائبرز سے آنے والے سگنلز کو نئے سرے سے طاقت ور بنا کر مزید آگے بھیج دیتے ہیں، اس طرح ڈیجیٹل ڈیٹا درست طور پر اپنی منزل تک پہنچ جاتا ہے۔

  • انٹرنیٹ‌ بچا کر واٹس ایپ پر ویڈیو بھیجنے کا طریقہ

    انٹرنیٹ‌ بچا کر واٹس ایپ پر ویڈیو بھیجنے کا طریقہ

    سان فرانسسکو: واٹس ایپ نے صارفین کو درپیش ایک اور مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش شروع کردی۔

    واٹس ایپ کی جانب سے دنیا بھر میں موجود دو ارب سے زائد صارفین کو جدید سہولیات تو فراہم کی جاتی ہی ہیں مگر استعمال کنندگان کو ایک مسئلہ درپیش تھا جس پر اب تک تو کوئی کام نہیں کیا گیا تھا۔

    عام طور پر صارفین کی خواہش یہ ہوتی ہے کہ وہ جو منظر خود اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں بالکل ویسا ہی اپنے دوست کو بھی دکھائیں، جس کے لیے وہ ویڈیو ریکارڈ کر کے اُسے سینڈ کرتے تھے۔

    صارفین کو  یہ مشکل درپیش تھی کہ جب وہ کوئی بھی ویڈیو کسی دوست کو بھیجتے تھے تو اُس کا رزلٹ تبدیل ہوجاتا تھا، یعنی گرافکس کم یا اُس کی کوالٹی متاثر ہوتی تھی۔

    اس وقت واٹس ایپ صارفین کو ویڈیو بھیجتے وقت یفرینس بدلنے کی اجازت نہیں جس کے باعث اُس کی کوالٹی بہت زیادہ خراب ہوتی ہے۔ مستقبل میں صارفین کو ایسی کوئی پریشانی درپیش نہیں ہوگی۔

    مزید پڑھیں: اینڈرائیڈ سے آئی فون پر چیٹ‌ منتقل کرنے کا آفیشل طریقہ

    واٹس ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے صارفین کی اس پریشانی کو حل کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔

    ڈبلیو اے بیٹا کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کی ہے، جس کے تحت اب صارف کو ویڈیو بھیجتے وقت تین آپشن نظر آئیں گے۔

    اس فیچر کے بعد صارف کو اختیار ہوگا کہ وہ کس طرح کی ویڈیو دوست کو بھیجے گا۔ جب کوئی بھی ویڈیو بھیج رہا ہوگا تو اُس کے سامنے آٹو، بیسٹ کوالٹی اور ڈیٹا سیور کے آپشنز نظر آئیں گے۔

    آٹو  

    ڈبلیو اے بیٹا کے مطابق آٹو آپشن کو مرکزی کی حیثیت حاصل ہوگی جو ویڈیو کے فارمیٹ پر ہی کام کرے گا۔

    ڈیٹا سیور (انٹرنیٹ کا کم خرچ)

    ڈیٹا سیور آپشن ان افراد کے لیے بہترین ہوگا جو انٹرنیٹ بچا کر اپنے دوستوں کو ویڈیوز بھیجنا چاہتے ہیں۔

    بیسٹ کوالٹی 

    تیسرا بیسٹ کوالٹی کا آپشن وہ ہوگا جس کی مدد سے ہائی ریزولیشن ویڈیوز سینڈ کی جاسکیں گے، جنہیں موبائل کی گیلری سے ڈاکومینٹ فارمیٹ کے ذریعے بھیجا جاسکے گا۔

    واٹس ایپ نے اس فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے، فی الوقت یہ سہولت بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ روایت کے مطابق کامیاب آزمائش کے بعد اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

  • ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ

    ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ

    اسلام آباد: ملک میں کروناوائرس کے پیش نظر نافذ العمل لاک ڈاؤن کے باعث انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی(پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں انٹرنیٹ 15 فیصد زیادہ استعمال ہوا، اضافے کی وجہ تعلیمی اور کاروباری مراکز کی آن لائن سرگرمیاں ہیں۔

    پی ٹی اے نے بتایا کہ گھر سے دفتری امور کی انجام دہی سے بھی انٹرنیٹ زیادہ استعمال ہوا۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث نوجوان طبقہ بھی گھروں میں بند ہے جن کی رسائی انٹرنیٹ تک زیادہ ہے۔

    بہت سے شہریوں نے سوشل میڈیا پر بھی اپنی سرگرمیاں بڑھادی ہیں۔ جبکہ کئی نوجوان انٹرنیٹ کے ذریعے آن لائن گیمز بھی کھیل رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رواں ہفتے انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا کو شکست دینے والوں کی تعداد اکیس ہوگئی جبکہ ملک بھر میں1102افراد کرونا وائرس سے متاثر اور آٹھ اموات ہوگئیں۔ وفاقی حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

  • حکومت انٹرنیٹ کا غلط استعمال روکنے کیلیے سنجیدہ اقدامات کرے، جسٹس گلزار احمد

    حکومت انٹرنیٹ کا غلط استعمال روکنے کیلیے سنجیدہ اقدامات کرے، جسٹس گلزار احمد

    اسلام آباد : چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کا غلط استعمال روکنا ہوگا حکومت کو سنجیدگی سے اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کا غلط استعمال کو روکنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کے لیے سخت سزائیں مقرر کرنی پڑیں گی، سب کے پاس موبائل فون  ہیں اس مسئلے پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے کہ سائبرجرائم کیا ہوتے ہیں؟ عام تاثر ہے فیس بک،واٹس ایپ پر سائبر جرائم ہوتے ہیں، دنیا میں سائبر جرائم اور قوانین کے حوالے سے بہت کام ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت کو سنجیدگی سے اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے، متعلقہ ادارے اس کو صرف ایک عام شکایت کی طرح سمجھتے ہیں، ہمیں سائبر کرائمز کو عام جرم سے ہٹ کر سمجھنا چاہیے، بھرپور توجہ دینی ہوگی اور متاثرین کو جلد ریلیف مہیا کرنا ہوگا، موبائل، کمپیوٹر کے مثبت،منفی استعمال والے افراد کی کونسلنگ کی ضرورت ہے۔

  • سعودی عرب میں ٹیکنالوجی کی دنیا سے بڑی خوشخبری

    سعودی عرب میں ٹیکنالوجی کی دنیا سے بڑی خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب میں ٹیکنالوجی کی دنیا سے خوش خبری سامنے آگئی، اب انٹرنیٹ صارفین کو 5 جی نیٹ ورک فراہم کیا جائے گا، مجلس شوریٰ نے خصوصی ہدایت جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مجلس شوریٰ نے انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں کو خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک میں صارفین کے لیے 5 جی نیٹ ورک کی فراہمی یقینی بنائیں۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں اب شہریوں کو 5 جی کی جدید انٹرنیٹ سروس فرائم کی جائے گی، جس کے لیے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن کمیشن(آئی سی سی) کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ضروری سہولتیں فراہم کرے۔

    سعودی عرب: انٹرنیٹ کالنگ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان

    اس حکم پر عمل درآمد کے لیے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن کمیشن کا ادارہ انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں کو مدد فراہم کرے گا۔ اس اپ ڈیٹ کے بعد ناصرف انٹرنیٹ کی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ صارفین بھی مناسب قیمت ادا کریں گے۔

    سعودی عرب کی مجلس شوریٰ نے آئی سی سی کو کنگ عبد العزیز سٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سائبر کرائم کے ادارے کے تعاون سے انٹرنیٹ نیٹ ورک کے لیے ٹھوس بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

  • مکہ پہنچنے والے عازمین حج کیلئے 10لاکھ سِم کارڈز اور مفت انٹرنیٹ کا تحفہ

    مکہ پہنچنے والے عازمین حج کیلئے 10لاکھ سِم کارڈز اور مفت انٹرنیٹ کا تحفہ

    ریاض : سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایات کی روشنی میں اس مرتبہ جدہ کے شاہ عبدالعزیزایئرپورٹ پر اترنے والے عازمین حج میں سم کارڈز تقسیم کیے جارہے ہیں اور انھیں انٹرنیٹ کی مفت سہولت مہیا کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام نے بتایاکہ امسال حجاج کرام کی خدمت کے پروگرام کے تحت ان میں دس لاکھ سمیں تقسیم کی جارہی ہیں تاکہ وہ اپنے اپنے آبائی ممالک میں اپنے پیاروں سے رابطے میں رہیں اور انھیں اپنے روحانی تجربات اور حجاز مقدس میں اپنی مصروفیات سے آگاہ کرسکیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حج سیزن کے دوران میں فیلڈ ٹیمیں پورے چوبیس گھنٹے کام کریں گی اور وہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین میں موبائل فون کی سمیں تقسیم کریں گی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان اور دوسرے ممالک سے مکہ مکرمہ سے پہلے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے والے عازمینِ حج کو سعودی حکومت کے اس پروگرام کے تحت تو سمیں مہیا نہیں کی جارہی ہیں،البتہ وہ سعودی موبائل فون کمپنیوں کے ہوٹلوں کے باہر جگہ جگہ بنے بوتھ سے یہ سمیں مفت حاصل کرسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیمیں ہوٹلوں کے چکر بھی لگاتی رہتی ہیں اور وہ معمول کی تصدیق کے بعد حجاج کرام کو سم کارڈ جاری کردیتی ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ چار سعودی موبائل فون کمپنیوں موبائلی ، زین ، لیبارا اور ایس ٹی سی کے نوجوان کارندے الحرم النبوی الشریف کی جانے والی شاہراہوں پر جگہ جگہ موجود نظر آتے ہیں اور وہ پاسپورٹ نمبر کی بنیاد پرعازمینِ حج کو انگلیوں کے نشان لے کر سمیں جاری کردیتے ہیں۔

  • دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد کتنی ہوگئی؟

    دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد کتنی ہوگئی؟

    لندن: دنیا میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 3.8 ارب ہو گئی، صارفین کی تعداد کے اعتبار سے چین اول، بھارت دوسرے اور امریکا تیسرے نمبر پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بانڈ انٹرنیٹ ٹرینڈ لائن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کے صارفین کی تعداد میں ہر گزرتے دن اضافہ ہونے کے باوجود اضافے کی رفتار میں سستی آ رہی ہے۔

    انٹرنیٹ صارفین کی تعداد سال 2018 میں اس سے قبل کے سال کے مقابلے میں 6 فیصد تک بڑھتے ہوئے 3.8 ارب تک پہنچ گئی ہے جو کل عالمی آبادی کے نصف سے زیادہ ہے۔

    نیٹ صارفین کا 53 فیصد ایشیا پیسیفک میں 15 فیصد، یورپ میں 13 فیصد، افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں 10فیصد جبکہ 9 فیصد شمالی امریکا میں ہے۔

    صارفین کی تعداد کے اعتبار سے 21 فیصد شرح کے ساتھ چین اول نمبر پر، 12 فیصد شرح کے ساتھ بھارت دوسرے اور 8 فیصد کے ساتھ امریکا تیسرے نمبر پر ہے، اس لسٹ میں ترکی کا نمبر 15واں ہے۔

    صارفین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کے بغیر گزارا نہ ممکن ہوچکا ہے، دنیا بھر کی معلومات باآسانی انٹرنیٹ سے حاصل کرلی جاتیں ہیں، جبکہ سوشل ویب سائٹس پیغام رسانی میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

    فائیو جی انٹرنیٹ کی دنگ کردینے والی رفتار سامنے آگئی

    انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے صارفین کے پیش نظر انٹرنیٹ کے استعمال کے لیے کچھ اصول بھی تیار کیے گئے ہیں، جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بچوں کی بھی بہت بڑی تعداد انٹرنیٹ صارفین کی صفوں میں شامل ہے۔

  • فائیو جی انٹرنیٹ کی دنگ کردینے والی رفتار سامنے آگئی

    فائیو جی انٹرنیٹ کی دنگ کردینے والی رفتار سامنے آگئی

    واشنگٹن: فائیو جی انٹرنیٹ کی دنگ کردینے والی رفتار سامنے آگئی، امریکا میں فائیوجی انٹرنیٹ اسپیڈ ایک ہزار میگا بائٹ فی سیکنڈ تک پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جدید ترین فائیو جی ٹیکنالوجی اس وقت جنوبی کوریا، امریکا اور چین کے مختلف حصوں میں صارفین کو دستیاب ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کی رفتار واقعی موجودہ موبائل انٹرنیٹ کنکشن سے سوگنا جبکہ گھروں کے براڈ بینڈ کنکشن سے 10 گنا تیز ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ویسے تو دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو اس ٹیکنالوجی تک رسائی میں کئی سال درکار ہوں گے مگر ٹوئٹر پر فائیو جی ٹیکنالوجی کی رفتار کی ایک ویڈیو گذشتہ دنوں وائرل ہوئی جو کہ امریکی شہر شکاگو میں ایک شخص نے ویرائزن کے فائیو جی نیٹ ورک پر سام سنگ گلیکسی ایس 10 فائیو جی کی آزمائش کی۔

    فون میں انٹرنیٹ اسپیڈ ٹیسٹ ایپ میں فائیو جی انٹرنیٹ اسپیڈ ایک ہزار میگا بائٹ فی سیکنڈ تک پہنچ گئی اور عام طور پر گھروں یا دفاتر میں وائی فائی کی رفتار 100 میگا بٹ فی سیکنڈ تک بمشکل پہنچ پاتی ہے۔

    خیال رہے کہ جنوبی کوریا گزشتہ ماہ سے فائیو جی نیٹ ورک استعمال کرنے والا دنیا کا اّولین ملک بنا، یہ نیٹ ورک فور جی سے بیس گنا تیز رفتار ہے۔ صارفین ایک مکمل فلم محض ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

    فائیو جی ٹیکنالوجی 2020 تک متعارف کرائی جائے گی

    ایک اندازے کے مطابق 2024 میں دنیا کی چالیس فیصد آبادی فائیو جی ٹیکنالوجی استعمال کرے گی۔ کئی دیگر اندازوں کے مطابق سن 2034 تک عالمی سطح پر فائیو جی نیٹ ورک مستعمل ہو جائے گا۔

  • ہیکرز کی بڑھتی صلاحیتوں سے نیا عالمی بحران پیدا ہو سکتا ہے، اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز

    ہیکرز کی بڑھتی صلاحیتوں سے نیا عالمی بحران پیدا ہو سکتا ہے، اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز

    اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ کا کہنا ہے کہ ہیکرز کی بڑھتی ہوئی اہلیت و استعداد سے ایک نیا عالمی بحران پیدا ہو رہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، رشید بٹ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائمز کو دہشت گردی سے بڑا خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے عوام اور کاروباری برادری نہ صرف خوفزدہ ہے بلکہ بینکوں اور دیگر اداروں پر انکا اعتماد بھی متاثر ہو رہا ہے۔

    اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹرینڈرز کے سرپرست کا کہنا تھا کہ اس کا اثر کاروباری سرگرمیوں پر بھی پڑ رہا ہے، پاکستانی ادارے، بینک، صنعت اور چھوٹے کاروبار سائبر حملوں کے لیے تیار نہیں ہیں اور حساس معلومات مجرموں کی رحم و کرم پر ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال قدرتی آفات سے تین سو ارب ڈالر کا نقصان ہوا جبکہ سائبر کرائمز سے ہونے والا نقصان اس سے تین گنا زیادہ تھا۔

    شاہد رشید بٹ کا کہنا تھا کہ سائبر کرائمز دہشت گردی اور دیگر تمام جرائم سے آگے نکل گئے ہیں جبکہ دنیا کا کوئی بھی ملک ان سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار نہیں ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں فنانشل سروس انڈسٹری اور دیگر سرکاری و نجی ادارے سائبر کرائمز کے خلاف اپنے نظام کو مستحکم بنائیں جبکہ مرکزی بینک بھی آن لائن جرائم کے تدارک کے لئے اپنی استعداد بڑھائے۔