Tag: Internet

  • ًملک میں آن لائن منشیات فروخت ہورہی ہے: ایف آئی اے کا سپریم کورٹ میں انکشاف

    ًملک میں آن لائن منشیات فروخت ہورہی ہے: ایف آئی اے کا سپریم کورٹ میں انکشاف

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے سپریم کورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کے ذریعے آن لائن منشیات کی فروخت ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی نے انکشاف کیا کہ وائی فائی کے ذریعے بڑے پیمانے پر منشیات بیجی جارہی ہے۔

    ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ لاہور سے انٹرنیٹ کے ذریعے بکنے والی کچھ منشیات پکڑی گئیں ہیں۔

    سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے بتایا گرے ٹریفکنگ سے سالہ پانچ سے چھ کروڑ کا کاروبار ہوتا ہے، بچے ہیروئنچی بن رہے ہیں۔

    ایف آئی اے نے گرے ٹریفکنگ کے کتنے نیٹ ورک پکڑے؟ ‘چیف جسٹس

    سپریم کورٹ نے سماعت کے دوران اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اے این ایف کیا کررہی ہے؟ کورٹ نے اگلی سماعت میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل کو طلب کرلیا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز گرے ٹریفکنگ سے متعلق سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ ڈش باکس اسمگلنگ کے ذریعے پاکستان آتے ہیں۔

    یاد رہے کہ 8 اکتوبر کو گرے ٹیلی کمیونیکیشن ٹریفک ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

  • دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس 48 گھنٹوں تک متاثر ہونے کا خدشہ

    دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس 48 گھنٹوں تک متاثر ہونے کا خدشہ

    کیلی فورنیا: انٹرنیٹ کارپوریشن آف اسائنڈ نیمز اینڈ نمبرز نے اگلے 48 گھنٹوں تک دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس بند ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

    آئی سی اے این این کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق معمولی مرمت کے باعث انٹرنیٹ کو ضرورت پڑنے پر بند کیا جائے گا جس کی وجہ سے دنیا بھر میں سروس متاثر ہوگی۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کو اگلے 48 گھنٹوں کے دوران سروس استعمال کرنے میں مسائل پیش آسکتے ہیں جن میں ویب پیجز کا کھلنا شامل ہے۔

    آئی سی اے این این کے مطابق ہیکرز کی جانب سے سائبر حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے انتظامیہ نے اصلاحات اور سیکیورٹی کے ڈھانچے کی تبدیلی کا فیصلہ کیا۔

    مزید پڑھیں: کیبل نظام میں خرابی، پاکستان میں انٹرنیٹ سسٹم میں خلل

    مرمتی کام کے دوران عالمی انٹرنیٹ کا خفیہ کوڈ تبدیل ہوگا جو ویب سائٹس کے ڈومینز کو محفوظ بناتا ہے۔

    انٹرنیٹ کاپوریشن نے کہا ہے کہ صارفین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند نہیں ہوگی البتہ کچھ ویب سائٹس مرمتی کام کے دوران کام کرتی رہیں گی۔

    کمپنی نے رواں برس اگست میں مرمت کا اعلان کیا تھا، جس پر اب عملد درآمد ہونے جارہا ہے اور اس کام کا مقصد سائبر حملوں سمیت انٹرنیٹ کی فراہمی کو تیز ترین بنانا ہے۔

    تازہ اطلاعات کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونا شروع ہوگئی جس کی وجہ سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: فائبر کیبل کی خرابی، انٹرنیٹ اورموبائل فون نیٹ ورک بحال ہونا شروع

    یاد رہے کہ جولائی 2018 میں سیکیورٹی ماہرین نے سسٹم میں تکنیکی خرابی کی نشاندہی کی تھی جس کو قابو میں کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے مگر انتظامیہ اس میں ناکام رہی۔

  • ٹیکنالوجی کی دنیا کا یادگارعہد تمام، میسنجر سروس بند

    ٹیکنالوجی کی دنیا کا یادگارعہد تمام، میسنجر سروس بند

    سانس فرانسسکو: انٹرنیٹ کی معروف کمپنی یاہو ’Yahoo‘ نے اپنے میسنجر کو مکمل بند کردیا جس کے بعد ٹیکنالوجی کی دنیا سے ایک یادگار عہد اختتام پذیر ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کمپنی کی جانب سے گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ جولائی میں صارفین کو دی جانے والی چیٹ سروس ہمیشہ کے لیے ختم کردی جائے گی۔

    ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کا ماننا ہے کہ یاہو میسنجر سروس بند کرنے کے بعد کمیونیکشن کے لیے نئے ٹولز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے تاہم کمپنی کی جانب سے ابھی اس کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی نے 9 مارچ 1998 کو میسنجر متعارف کرایا تھا، جس میں دنیا بھر کے مختلف لوگوں کے چیٹ روم میں موجود تھے جہاں صارفین اپنی مرضی سے متعلقہ شخص سے گفتگو کرسکتے تھے۔

    مزید پڑھیں: سائبر حملہ، کروڑوں صارفین کے اکاؤنٹ ہیک،’’یاہو‘‘ کی تصدیق

    چیٹ میسنجر کی کامیابی کے بعدیاہو نے ایک سال بعد آڈیو اور پھر ویڈیو کے فیچرز کو بھی چیٹ میں شامل کیا تھا، بیس برس قبل انٹرنیٹ پر یاہو اور ایم ایس این  کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔

    صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے Yahoo نے متعدد بار چیٹ روم میں تبدیلیاں کی تاہم فیس بک اور دیگر سماجی رابطے کی ویب سائٹس آنے کے بعد لوگوں کی دلچسپی کم ہوتی گئی اور  وہ میسنجر سے مزید دور ہوئے۔

    انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین کا دعویٰ ہے کہ ’یاہو آئندہ ماہ سے اپنے صارفین کے لیے اسکئرل نامی میسجنگ ایپ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے‘، مگر کمپنی کی جانب سے ابھی اس کی کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں: یاہو ! کا مطلب کیا

    کمپنی اعلامیے کے مطابق صارفین کو یاہو ای میل کی سہولت دستیاب ہوگی جبکہ وہ 16 جولائی تک کی چیٹ اپنے پاس محفوظ کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک، ٹویٹر آنے کے بعد سے یاہو اور ایم ایس این کو شدید مشکلات درپیش تھیں جو کو مدنظر رکھتے ہوئے MSN نے 2014 میں ہی اپنی چیٹ سروس بند کر کے اسکائپ سے معاہدہ طے کرلیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بھارت : افواہوں نے لوگوں کی جان لے لی،انٹرنیٹ اورموبائل ایس ایم ایس سروس معطل

    بھارت : افواہوں نے لوگوں کی جان لے لی،انٹرنیٹ اورموبائل ایس ایم ایس سروس معطل

    نئی دہلی : بھارت حکومت نے افواہوں کی روک تھام کیلیے انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس منقطع کردی، ان افواہوں کے باعث مشتعل افراد کے ہاتھوں اب تک تین افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی مشرقی ریاست تریپورا میں سوشل میڈیا اور موبائل فون پر میسج کے ذریعے پھیلائی جانے والی افواہوں نے زور پکڑ لیا، ان افواہوں میں مختلف لوگوں پر زیادہ تر مویشی چوری یا بردہ فروشی کا الزام عائد کیا جارہا ہے، جس کے ردعمل میں لوگ مشتعل ہوجاتے ہیں اور اس شخص کو تشدد کرکے ہلاک کردیا جاتا ہے۔

    گزشتہ روز جمعرات کو ایسے ہی تین پرتشدد واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے تین بے گناہ لوگوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا، برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق مشتعل ہجوم کے ہاتھوں تین افراد کی ہلاکت کے بعد حکام نےمذکورہ علاقوں میں48گھنٹوں کے لیے انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس سروس منقطع کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران واٹس ایپ کے ذریعے متعدد جھوٹی افواہیں پھیلائی گئیں۔ جس کے بعد ایسے واقعات پیش آئے، زیادہ تر تشدد کا نشانہ ایسے لوگوں کو بنایا گیا جو غیرمقامی تھے اور کسی کام کے سلسلے میں یہاں آئے ہوئے تھے۔

    لوگوں کے ان افواہوں سے خوفزدہ ہونے کا یہ عالم ہے کہ متعلقہ حکام نے قتل کی وارداتوں کے بعد سکانتا چکرورتی نامی ایک شخص کو عوام میں آگاہی پھیلانے کہ ان افواہوں پر کان نہ دھریں کی ذمہ داری سونپی۔

    وہ میگا فون کے ذریعے لوگوں کو افواہیں اور من گھڑت خبریں پھیلانے سے متعلق خبردار کر رہے تھے کہ سابروم کے علاقے میں سکانتا چکرورتی کو ہی مشتعل افراد نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور لاٹھیاں اور اینٹیں مار کر ہلاک کر ڈالا، واقعے میں ان کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔

    اس سے چند گھنٹے قبل ایک ہزار افراد پر مبنی ایک ہجوم نے اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے تاجروں پر ہلہ بول کر ایک کو ہلاک جب کہ دوسرے کو شدید زخمی کر دیا تھا۔

    تشدد کے پے در پے واقعات کے بعد انتظامیہ نے افواہیں روکنے کے لیے اگلے 48 گھنٹوں کے لیے انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس سروس معطل کر دی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • پانچ ہزارسال پہلے انٹرنیٹ اورسیٹلائٹ بھارت نے ایجاد کیا، بھارتی وزیر کا مضحکہ خیز دعوی

    پانچ ہزارسال پہلے انٹرنیٹ اورسیٹلائٹ بھارت نے ایجاد کیا، بھارتی وزیر کا مضحکہ خیز دعوی

    نئی دہلی : بھارتی ریاست تریپورہ کے وزیراعلی بِپ لب کمارنے مضحکہ خیز دعوی کیا ہے کہ پانچ ہزارسال پہلے انٹرنیٹ اورسیٹلائٹ بھارت نے ایجاد کیا، بھارت صدیوں سے ٹیکنالوجی استعمال کرتا آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مودی کے وزیر بھی ان ہی کی طرح سستی شہرت کے شوقین نکلے، بھارتی ریاست تریپورہ کے وزیراعلی پبلب کمارنے خطاب کے دوران یہ دعوی کرکے سب کوحیران کردیا کہ انٹرنیٹ اورسیٹلائٹ ہزاروں سال پہلے بھارت نے ایجاد کیا تھا۔

    وزیراعلیٰ پبلب کمار  نے کہا کہ  سنجے نے دھرت راشٹر  کو ماہ بھارت کی جنگ کا آنکھوں دیکھا حال سنایا تھا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس وقت وہاں انٹرنیٹ  اور سیٹلائٹ موجود تھا۔

    بی جے پی رہنما نے مزید کہا کہ یورپی ممالک اور امریکہ دعوی کر سکتا ہے کہ یہ ان کے ایجاد ہے، یکن یہ اصل میں یہ ہندوستان کی ٹیکنالوجی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ اور سیٹلائٹ سسٹم بھارت میں لاکھوں سال قبل موجود تھا یہاں تک کہ آج انٹرنیٹ اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی میں ہم آگے ہیں، مائیکرو سافٹ کو دیکھ لیں ، یہ ایک امریکی کمپنی ہے لیکن اس کے زیادہ تر انجنیئر ہمارے ملک سے ہیں۔

    تریپورہ کے وزیراعلیٰ کواس مضحکہ خیز دعوے پرتنقید کا سامنا ہے لیکن وہ اپنے دعوی پرقائم ہیں۔

    یاد رہے کہ بھارت میں ایسا دعویٰ پہلی بارنہیں ہوا، شہرت کے شوقین وزیراعظم نریندرمودی بھی پلاسٹک سرجری کی ایجاد کا سہرا بھارت کے سرباندھ چکے ہیں۔

    اس دعویٰ پر وزیراعظم مودی پر شدید تنقید کی گئی تھی اور بہت سے سائنس دانوں کا کہنا تھا کہ انھیں سائنس اور مذہبی عقائد میں فرق کرنا چاہیے۔

    اس سے قبل ہوائی جہاز بھی انڈیا میں ہی ایجاد کرنے کے دعویٰ کئے جا چکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انٹرنیٹ کی دنیا پرایشیا کی حکمرانی

    انٹرنیٹ کی دنیا پرایشیا کی حکمرانی

    کراچی: حالیہ عالمی سروے کے مطابق انٹرنیٹ کا سب سے زیادہ استعمال براعظم یورپ میں رپورٹ کیا گیا ہے، عالمی سروے کی تحیقیق کی روشنی میں‌ دنیا میں انٹرنیٹ صارفین کی 50 فیصد تعداد ایشیا میں ہے.

    سروے کے مطابق امریکا اور یورپ سے زیادہ ایشیا میں انٹرنیٹ استعمال کیا جاتا ہے،دنیا میں 3 ارب 69 کروڑ سے زائد انٹرنیٹ صارفین ہیں،دنیا میں انٹرنیٹ صارفین کی 50 فیصد تعداد ایشیا میں ہے، ایشیا میں ایک ارب 80 کروڑ سے زائد افراد انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں.

    عالمی سروے کی روشنی میں یہ امکان ظاہر کیا گیا کہ سال 2017میں ایشیا کی آبادی 4ارب14 کروڑ تک ہو جائے گی، جبکہ ایشیا کے بعد سب سے زیادہ آبادی افریقہ کی ہوگی.

    مزید پڑھیں:انٹرنیٹ ہماری زندگیوں پرتسلط حاصل کررہا ہے، گوگل کے مالک کا دعویٰ

    عالمی سروے نے خیال ظاہر کیا کہ افریقہ کی آبادی ایک ارب 24 کروڑ ہوسکتی ہے جبکہ 2017 میں دنیا کی کل آبادی 7ارب 51 کروڑ سے زائد ہونے کا بھی امکان ہے۔

    مزید پڑھیں: دنیا بھرمیں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 3 ارب سے تجاوزکرگئی

    یاد رہے گذشتہ سال ورلڈ بینک کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ دنیا بھرمیں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد تین ارب بیس کروڑسے تجاوزکرگئی ہیں۔

  • فائبر کیبل کی خرابی، انٹرنیٹ اورموبائل فون نیٹ ورک بحال ہونا شروع

    فائبر کیبل کی خرابی، انٹرنیٹ اورموبائل فون نیٹ ورک بحال ہونا شروع

    کراچی : نوری آباد اور حب میں فائبر آپٹک کئی جگہ سے کٹنے پرملک کے کئی شہروں میں پی ٹی سی ایل اور نجی موبائل فون کا نیٹ ورک معطل ہوگیا، پی ٹی سی ایل کی فائبر آپٹک لنک متاثر ہونے سے ملک کے کئی شہروں میں  فون انٹرنیٹ اور نجی موبائل فون سروس معطل ہوگئی، بعد ازاں کیبل کی خرابی دور کر کے نیٹ ورک کو بحال کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوری آبادی کے قریب ترقیاتی کام کے دوران پی ٹی سی ایل کا فائبر لنک متاثر ہونے کے باعث کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں اچانک لینڈلائن فون،انٹرنیٹ اورموبائل فون سروس معطل ہوگئی، جس کے بعد شہربھرمیں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں،افواہوں کا بازار گرم ہوگیا۔

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ نےبیان جاری کیا کہ نوری آباد اور یونیورسٹی روڈ پر ترقیاتی کام کے دوران پی فائبر آپٹک کیبل کٹ گیا اس کے بعد حب بلوچستان میں بھی فائبر آپٹک کٹنے کی اطلاع آئی۔

    بلوچستان سے لے کر خیبر پختون خوا تک کئی شہروں میں مواصلات کےذرائع خاموش ہوگئے ہیں، انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے ریلوے کا ریزرویشن سسٹم بند ہوگیا، کینٹ اسٹیشنز پر آن لائن بکنگ بند ہونے سےمسافروں کو پریشانی ہوئی۔

    دوسری جانب جی ایم پی ٹی سی ایل عمران جنجوعہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھرمیں پی ٹی سی ایل کی لینٖڈلائن سروس صحیح کام کررہی ہے، جبکہ پی ٹی سی ایل حکام کی جانب سے کہا گیا کہ سروسزکو بحال کیا جارہا ہے فون سروس بحال کردی گئی ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی جلد بحال کردی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی موبائل کمپنی کی سروس بھی بحال کردی گئی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کیبل کا فالٹ دور کردیا گیا ہے جس کے بعد تمام متاثرہ لائنیں بحال ہونا شروع ہوگئیں ہیں ۔  

  • انٹرنیٹ پرنوکری کاجھانسہ دیکرشہریوں کو لوٹنے والا نوجوان گرفتار

    انٹرنیٹ پرنوکری کاجھانسہ دیکرشہریوں کو لوٹنے والا نوجوان گرفتار

    کراچی :ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے انٹرنیٹ پر جعلی آئی ڈی کےذریعےنوکری کاجھانسہ دیکرشہریوں کو لوٹنےوالےنوجوان کوگرفتارکر لیا ہے۔

    ملزم نجی بینک کا ملازم بتایا جاتا ہے۔ کراچی میں ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ایک کارروائی کے دوران محمد حسیب نامی نوجوان کو گرفتارکرلیا۔

    ملزم پر جعلسازی کا الزام ہے۔ ملزم ویب سائٹ کے ذریعے فیک آئی ڈی پر جعلی اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو نوکری اور دیگر مراعات کا جھانسہ دیکر پیسے لوٹتا تھا۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے ایک شہری کی جانب سے شکایت پر کارروائی کی۔ ملزم محمد حسیب نجی بینک کا ملازم بتایا جاتا ہے۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق جعلسازی کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • انٹرنیٹ کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے والے چارملزمان گرفتار

    انٹرنیٹ کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے والے چارملزمان گرفتار

    فیصل آباد : انٹرنیٹ کے ذریعے سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے گروہ کے چار ملزمان کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے فیصل آباد کے علاقے ملت چوک میں کارروائی کر کے انٹرنیٹ کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے والے گروہ کے چار ارکان گرفتار کر لئے۔

    ملزمان کے قبضے سے تین سو سے زائد موبائل فون کی سمیں اور لیپ ٹاپ برآمد کرلئے ۔ ملزمان کے بائیس بینک اکاؤنٹس میں اٹھارہ لاکھ روپے موجود ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

    ایف آئی اے کی ٹیم نے منگل کی رات ملت چوک میں کارروائی کر کے تین سگے بھائیوں سمیت چار ملزمان اعظم ، عباد علی ، سعد علی اوراسفرعلی کو گرفتار کرلیا۔

     ان کے قبضے سے 280 نان ایکٹو سمیں ، 51 ایکٹو سمیں، نو لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز، پندرہ موبائل فونز اور دستاویزات برآمد کر لیں۔ جبکہ تین ملزمان لیاقت ، نثار اور وسیم موقع سے فرار ہو گئے ۔

    ملزمان کے خلاف پانچ مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزمان انٹرنیٹ کے ذریعے شہریوں کو دولت کمانے کا جھانسہ دے کر اب تک لاکھوں روپے بٹور چکے ہیں ۔

    ملزمان کے بائیس بینک اکاؤنٹس کا سراغ مل گیا ہے جن میں اٹھارہ لاکھ روپے کی رقم موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔