Tag: Intl Flights

  • لاہور میں شدید دھند، بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    لاہور میں شدید دھند، بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شدید دھند کے باعث قومی ایئر لائن نے رات 10 سے دن 11 بجے تک کی بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی رات 10 سے دن 11 بجے تک کی بین الاقوامی آپریٹ پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منتقلی مسافروں کو طویل انتظار سے بچانے کے لیے کی گئی ہے، منتقلی عارضی ہے، دھند کم ہونے پر صورتحال معمول پر آجائے گی۔

    ترجمان کے مطابق پروازوں کی منتقلی پر عمل درآمد آج رات سے کردیا جائے گا، مسافر پروازوں کی معلومات کے لیے کال سینٹر سے رجوع کریں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ چند دن سے شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر اندرون و بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی تھیں، لاہور ایئرپورٹ پر صبح کے اوقات میں پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت بھی نہیں دی جارہی تھی۔

  • کویت نے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا

    کویت نے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا

    کویت سٹی: کویت کی وزرا کونسل نے یکم جنوری سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا، کویت میں کرونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزرا کونسل کا وزیر اعظم کویت شیخ صباح الخالد کی زیر صدارت سیف پیلس میں ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا۔

    کونسل کو بتایا گیا کہ عزت مآب شیخ نواف الاحمد کو برادر مملکت سعودی عرب کے بادشاہ کی طرف سے پیغام موصول ہوا جس میں امیر کویت کو خلیج تعاون کونسل رہنماؤں کی مجلس اور اعلیٰ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت شامل ہے۔

    وزرا کی کونسل نے مثبت برادرانہ ماحول پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا جو اس سربراہی اجلاس کے ذریعے خلیج کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور خلیج تعاون کونسل کے اتحاد کو یکجہتی اور اتحاد کو بڑھانے کی اہمیت میں ذمہ داری اور خلوص عقیدے کی عکاسی کرتا ہے۔

    کابینہ نے دنیا بھر میں کووڈ 19 کی تازہ ترین پیشرفتوں کے بارے میں وزیر صحت کی طرف سے فراہم کردہ وضاحت کو بھی سنا۔

    کونسل کے مطابق اعداد و شمار کی بنیاد پر ملک میں صحت کی صورتحال مستحکم ہوگئی ہے، اعداد و شمار سے مریضوں اور اموات کی تعداد میں کمی کا اشارہ ملتا ہے کیونکہ اس وبا کے پھیلنے کے بعد سے ریکارڈ شدہ کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 49 ہزار 653 ہے۔

    کونسل کے مطابق 1 لاکھ 45 ہزار 579 مریض صحت یاب ہوئے جبکہ 931 مریض جاں بحق ہوئے۔

    وزیر صحت نے تصدیق کی کہ یکم جنوری کو سفری پابندی ختم کرنے کا فیصلے کیا گیا ہے۔ کونسل نے اگلے ہفتے کے روز یعنی 2 جنوری سے روزانہ کی بنیاد پر صبح 9 بجے سے شام 3 بجے تک سمندری اور زمینی سرحدوں کو کھولنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

    وزیر صحت نے کونسل کو وزیر اعظم کی سرپرستی میں تجرباتی ویکسین کا استعمال کر کے ویکسی نیشن مہم کو نافذ کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ ویکسین لینے والوں پر کسی بھی قسم کے غیر متوقع منفی اثرات کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

  • کویت نے پروازیں بحال کرنے کی شرط عائد کردی

    کویت نے پروازیں بحال کرنے کی شرط عائد کردی

    کویت سٹی: کویت کے حکام کا کہنا ہے کہ کویت میں بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا دارومدار صحت کی صورتحال پر ہے، اس بارے میں ابھی کوئی بھی فیصلہ کرنا جلد بازی ہوگا۔

    کویتی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ کویت کے ہوائی اڈے کے دوبارہ کھلنے کا انحصار کرونا وائرس کی نئی لہر کے پھیلاؤ پر ہے جبکہ کویت کے ہوائی اڈے پر شپنگ اور سرکاری طیاروں کی پروازیں معطل نہیں کی جائیں گی۔

    سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کویت نے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والی تجارتی پروازوں کو معطل کرنے کے بارے میں جو فیصلہ لیا ہے اس کا اطلاق ہوائی کارگو اور سرکاری ایئر لائنز کے سوا تمام ایئر لائنز پر ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کو بند کرنے کا فیصلہ تحقیق، مطالعہ اور صحت کی صورتحال کی تشخیص اور ابھرتے ہوئے کرونا وائرس کی نئی لہر کے پھیلاؤ پر ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق پروازوں کی معطلی میں توسیع کے فیصلے کے بارے میں ابھی فیصلہ کرنا جلد بازی ہے، یہ معاملہ صحت حکام کی جانچ سے متعلق ہے۔

    یورپ یا کچھ ممالک میں پھنسے ہوئے شہریوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ذرائع کا کہنا تھا کہ انہیں ہوائی اڈے پر دوبارہ کام ہونے تک انتظار کرنا ہوگا۔ گھریلو ملازمین کی واپسی کے لیے طے شدہ پروازیں ہوائی اڈے کے افتتاح کے بعد طے کی جائیں گی۔

  • غیر ملکی پروازوں کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    غیر ملکی پروازوں کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے سعودی عرب میں غیر ملکی آمد و رفت کے حوالے سے ایک بار پھر وضاحت کی ہے کہ تاحال حکومت کی جانب سے کسی لائحہ عمل کا اعلان نہیں ہوا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وجہ سے تاحال بیرون ملک سے آنے والے پروازوں پر پابندی برقرار ہے اور اس حوالے سے حکام کی جانب سے کسی قسم کا لائحہ عمل جاری نہیں کیا گیا۔

    محکمہ پاسپورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اعلان کے بعد غیر ملکیوں کی واپسی کے بارے میں لائحہ عمل جاری کیا جائے گا۔

    محکمہ پاسپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لیے مختلف ممالک سے پروازوں کی بحالی کے حوالے سے تاحال کسی قسم کی حتمی اطلاع نہیں، جیسے ہی متعلقہ اداروں کی جانب سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا سرکاری سطح پر اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں سعودی عرب میں رہنے والے تمام غیر ملکی جو خروج و عودہ پر اپنے ملک گئے ہوئے ہیں ان کی واپسی کے حوالے سے بھی تاحال کسی قسم کا سرکاری اعلان جاری نہیں ہوا ہے۔

    اسی طرح وہ غیر ملکی جو اپنے وطن گئے ہوئے ہیں ان کی واپسی بھی تاحال ممکن نہیں ہو رہی۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران جب مملکت میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری تھا تب حکومت نے مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کے اقاموں میں 3 ماہ کی مفت توسیع کی تھی۔

    دوسری بار ایوان شاہی سے ان تارکین کو رعایت دی گئی جو بیرون مملکت چھٹی یعنی خروج و عودہ پر گئے ہوئے تھے۔

    علاوہ ازیں وزٹ ویزے پر آنے والے غیر ملکی جو حالات کے سبب سفری پابندی کی وجہ سے مقررہ مدت کے دوران اپنے ملک نہیں جاسکے تھے، ان کے ویزوں کی مدت میں بھی مفت توسیع کی گئی تھی۔

  • سعودی عرب کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے اہم وضاحت

    سعودی عرب کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ حالات بہتر ہونے کے ساتھ جلد ہی سعودی عرب سے بیرون ملک پروازیں بھی شروع کردی جائیں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ متعلقہ وزارتوں کے ساتھ معاملات زیر غور ہیں اور حالات بہتر ہو جائیں گے تو بیرون ملک سفر پر پابندی ختم کردی جائے گی۔

    سعودی عرب میں وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق کرونا وائرس سے محفوظ رہتے ہوئے مقررہ ضوابط کے تحت معمولات زندگی بحال ہو چکے ہیں جبکہ اندرون ملک فضائی اور زمینی سفر پر بھی پابندی اٹھا لی گئی ہے۔

    مملکت میں 31 مئی سے اندرون ملک پروازوں کو ڈھائی ماہ بعد بحال کردیا گیا تھا، اس موقع پر سول ایوی ایشن نے ایئرپورٹ پر مسافروں کو الوداع کہنے یا استقبال کرنے والوں کو آنے پر پابندی لگائی تھی۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ جہازوں میں سماجی فاصلے کے اصول کے تحت ایک سیٹ خالی چھوڑی جا رہی ہے تاکہ کرونا وائرس سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • کرونا وائرس: سول ایوی ایشن کی بین الاقوامی فلائٹس کے لیے ایس او پیز جاری

    کرونا وائرس: سول ایوی ایشن کی بین الاقوامی فلائٹس کے لیے ایس او پیز جاری

    کراچی: پاکستان سول ایوی ایشن نے کرونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز میں کہا ہے کہ بین الاقوامی فلائٹ سے آنے والے مسافروں کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کرونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز جاری کردیے، حفاظتی اقدامات کے تحت عالمی پروازوں پر قواعد و ضوابط اور لازمی شرائط لاگو ہوں گی۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت عالمی فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ ایئر بس 320 میں مسافروں کی گنجائش 130 سے 150 کے درمیان ہوگی، بوئنگ 777 جہازوں میں تعداد 320 سے 350 پر مشتمل ہونا ضروری ہے۔

    قواعد کے مطابق مسافر ڈیکلیریشن فارم پر کرنے اور ہیلتھ ڈیسک پر تفصیلات دینے کے پابند ہوں گے، مسافروں کو تھرمل اسکینر سے گزارا جائے گا حتمی کلیئرنس کسٹم دے گی۔ ٹرمینل عمارت چھوڑنے سے پہلے مسافر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ ہوگا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ مسافروں کے ممکنہ رش کو با آسانی سنبھالنے کے لیے درکار عملہ لازمی تعینات ہوگا، ایئرپورٹ لاؤنج میں ہیلتھ کاؤنٹر پر صحت عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی۔

    سی اے اے کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کی تعداد کے پیش نظر افرادی قوت کی تعیناتی 24 گھنٹے میں کی جائے گی۔