Tag: introduce

  • واٹس ایپ کی جدید فیچر متعارف کرانے کی تیاری

    واٹس ایپ کی جدید فیچر متعارف کرانے کی تیاری

    دنیا بھر میں مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ میں ایک ایسے دلچسپ اور کارآمد فیچر کا اضافہ کیا جارہا ہے جو صارفین کی مشکلات کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کرے گا۔

    میٹا کی زیر ملکیت واٹس ایپ میں اب صارفین میسجز پر تھریڈ فارمیٹ میں ریپلائی کرسکیں گے، جیسا کہ فیس بک یا ایکس (ٹوئٹر) پر کمنٹس کے ریپلائیز میں دیکھا جاتا ہے۔

    اس فیچر کا مقصد واٹس ایپ چیٹس کو زیادہ منظم اور سہل بنانا ہے۔ فی الحال ہر میسج پر کیا جانے والا ریپلائی الگ دکھائی دیتا ہے، جس سے پرانے ریپلائیز کو تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

    نئے فیچر کے تحت، گروپ چیٹس میں تمام ریپلائیز اوریجنل میسج کے نیچے ایک تھریڈ کی شکل میں نظر آئیں گے، جس سے گفتگو کا سیاق و سباق واضح رہے گا۔

    رپورٹ کے مطابق جب کوئی صارف کسی میسج پر ریپلائی کرے گا، تو اوریجنل میسج پر ایک چھوٹا آئیکون دکھائی دے گا، اس آئیکون پر کلک کرنے سے اس میسج سے متعلق تمام ریپلائیز ایک جگہ نظر آئیں گے۔

    صارفین اسی تھریڈ میں نئے ریپلائیز بھی شامل کر سکیں گے جس سے کسی مخصوص موضوع پر گفتگو ایک جگہ محدود رہے گی۔

  • جی میل میں متعدد نئے دلچسپ فیچرز متعارف

    جی میل میں متعدد نئے دلچسپ فیچرز متعارف

    ڈیجیٹل رابطے کے لیے مقبول ترین سروس جی میل میں متعدد نئے فیچرز متعارف کروائے گئے ہیں جس کے بعد اس سروس میں مزید بہتری پیدا ہوگئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں جی میل کے ویب ورژن میں متعدد نئے فیچرز متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔

    اب کسی ای میل میں ٹو، سی سی اور بی سی سی پر رائٹ کلک مینیو سے جس فرد کو ای میل بھیجیں گے اس کا پورا نام اور ای میل کو زیادہ آسانی سے دیکھ سکیں گے، کانٹیکٹ نیم کو ایڈٹ، ای میل ایڈریس کاپی اور اس کا انفارمیشن کارڈ بھی اوپن کیا جاسکے گا۔

    اب آپ کسی دوسرے صارف کو ایڈ کرتے ہوئے اس کے اواتار چپس کو دیکھ کر اس کے بارے میں زیادہ درست اندازہ لگا سکیں گے۔

    کمپنی کی جانب سے ویژول انڈیکیٹرز کو بھی بہتر بنایا گیا ہے تاکہ ای میلز تحریر کرتے ہوئے صارفین کی رہنمائی کی جاسکے۔ ہر صارف کا اپنا ایک اواتار چپ ہوگا جس سے آپ کو یہ شناخت کرنے میں مدد ملے گی کہ آپ کس کو ای میل بھیج رہے ہیں۔

    اسی طرح گوگل کی جانب سے آپ کے دفتری ساتھیوں سے باہر کے کانٹیکٹ کی شناخت کو بھی آسان بنایا گیا ہے اور ایسے افراد کو جی میل میں گہرے زرد رنگ سے ہائی لائٹ کیا جائے گا۔

    اسی طرح اب کسی ایک ادارے کے مختلف ڈومین نیم اب ایکسٹرنل نہیں سمجھیں جائیں گے۔

    صارفین اب ایک چیک مارک کو بھی دیکھیں گے جو ایسے صارف کا عندیہ دیں گے جن کو پہلے ہی ای میل کا حصہ بنایا جاچکا ہے تاکہ ڈپلیکشن نہ ہو۔ درحقیقت جی میل میں اب ڈپلیکیٹ انٹریز کو خود کار طور پر ہٹا دیا جائے گا۔

    اب جی میل میں ای میل ایڈریس درست نہ ہونے پر ای میل کو بھیجنے سے قبل صارفین کو اس سے خبردار کرنے کے لیے ایرر میسج شو کیا جائے گا۔

    یہ فیچرز صارفین کے لیے متعارف کروانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ گوگل ورک اسپیس، جی سیوٹ بیسک اور بزنس کسٹمرز کو دستیاب ہوں گے اور پرسنل اکاؤنٹس تک ان کی رسائی نہیں ہوگی۔

  • واٹس ایپ صارفین کی سہولت کیلئے نیا فیچر متعارف کرنے کی تیاری

    واٹس ایپ صارفین کی سہولت کیلئے نیا فیچر متعارف کرنے کی تیاری

    کیلی فورنیا : واٹس ایپ انتظامیہ ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے جس میں صارف اپنے اکاﺅنٹ کو ایک سے زیادہ ڈیوائسز پر بیک وقت استعمال کرسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ میں ایک ایسے فیچر کو متعارف کرانے پر کام ہورہا ہے جس کا انتظار صارفین کو طویل عرصے سے ہے کیونکہ یہ دیگر مقبول ایپس میں پہلے سے موجود ہے۔

    واٹس ایپ کے اس نئے فیچر سے صارفین اپنے اکاﺅنٹ کو ایک سے زیادہ ڈیوائسز پر بیک وقت استعمال کرسکیں گے، گزشتہ چند ہفتوں کے دوران واٹس ایپ میں متعدد فیچرز متعارف ہوئے جیسے گروپ ویڈیو چیٹ کی تعداد چار سے بڑھا کر 8 کردی گئی تھی، کیو آرکوڈ سے کانٹیکٹس کو ایڈ کرنے اور انکرپٹڈ ڈیٹا بیک اپ بیٹا ورژن میں پیش کیے۔

    مگر اس سال کے چند اہم ترین فیچرز میں سے ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر استعمال کرنا ہوگا۔
    واٹس ایپ دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میسجنگ ایپ ہے اور ایس ایم ایس کی جگہ لگ بھگ لے چکی ہے مگر اب تک اس میں جو کمی سب سے زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

    وہ یہ ہے کہ صارف اپنا اکاؤنٹ ایک سے زیادہ فون میں استعمال نہیں کرسکتا، کسی دوسری ڈیوائس میں اسے ایک بار پھر نئے سرے سے سائن اپ ہونے کے عمل کو مکمل کرنا پڑتا ہے، اس کے مقابلے میں فیس

    بک کی دوسری ایپ میسنجر کو متعدد ڈیوائسز پر بیک وقت استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس فیچر کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے گزشتہ سال سے کام ہورہا تھا مگر اب واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والے ٹوئٹر اکاؤنٹWABetaInfoنے بتایا ہے کہ اب یہ فیچر بیٹا ورژن کی جانب پیشرفت کررہا ہے۔

    ابھی یہ تو کہنا مشکل ہے کہ کب تک اسے عمملی شکل دی جائے گی مگر امکان ہے کہ رواں سال ہی کسی وقت اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

    ابھی یہ واضح نہیں کہ واٹس ایپ کی جانب سے متعدد ڈیوائس کی سپورٹ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ میسجز کو انکرپٹڈ کیسے رکھا جائے گا۔

    مگر اس کا ایک اندازہ حال ہی میں واٹس ایپ کے کلاؤڈ سرور میں محفوظ ہونے والے ڈیٹا کو انکرپٹ کرنے کی جانب پیشرفت کرنا ہے۔متعدد ڈیوائسز کی سپورٹ کے فیچر کے بارے میں سب سے پہلے گزشتہ سال جولائی میں خبر سامنے آئی تھی۔

    WABetainfoنے اس وقت بتایا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم (یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم)کی تشکیل پر کام کیا جارہا ہے جو ایک اکاﺅنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر لاگ ان ہونے میں مدد دے گا۔

    اس طرح کا فیچر ٹیلی گرام میسجنگ ایپ میں پہلے سے موجود ہے جس کے لیے کلاﺅڈ ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے صارفین کے لیے ایک اکاﺅنٹ سے کئی ڈیوائسز پر بیک وقت لاگ ان ہونا ممکن بنایا گیا۔

  • بھارتیوں کا ہاتھیوں کو ریلوے ٹریک سے دور رکھنے کا انوکھا طریقہ

    بھارتیوں کا ہاتھیوں کو ریلوے ٹریک سے دور رکھنے کا انوکھا طریقہ

    نئی دہلی : بھارت میں ریلوے اتھارٹی نے ہاتھیوں کو ریل کے ٹریکس سے دور رکھنے کے لیے ایک نیا طریقہ اپنایا ہے،اس مقصد کے واسطے اسپیکرز کے ذریعے شہد کی مکھیوں کی آوازیں پھیلائی جاتی ہیں تا کہ اس بھاری بھرکم جانور کو خوف میں مبتلا کیا جا سکے۔

    تفصیلات کےمطابق سال 2013 سے لے کر رواں سال جون تک ٹرینوں سے متعلق حادثات میں تقریبا 70 ہاتھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان میں زیادہ تر واقعات دو ریاستوں آسام اور بنگال میں پیش آئے۔

    اس سلسلے میں پلان بی (شہد کی مکھی)کے حصے کے طور پر ریاست آسام کے وسیع و عریض جنگلات میں ہاتھیوں کی درجنوں گزر گاہوں پر 50 لاؤڈ اسپیکرز نصب کیے گئے ہیں، مذکورہ جنگلات میں ہاتھیوں کی تعداد 6 ہزار ہے جو بھارت میں موجود ہاتھیوں کی مجموعی تعداد کا 20% ہے۔

    بھارتی ریلوے اتھارٹی کے ترجمان پراناؤ جیوتی شرما نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم ہاتھیوں کو ریلوے ٹریکس کی جانب آنے کے ذرائع تلاش کر رہے تھے کہ ہمارے افسران اس آلے کا آئیڈیا لے کر ہمارے پاس آ گئے۔

    ترجمان کے مطابق یہ آلات ریل کے قریب آنے پر (شہد کی مکھیوں کی) مطلوبہ آوازیں بجنا شروع ہو جاتی ہیں جو 600 میٹر کے فاصلے تک سنی جا سکتی ہیں۔

    ان آلات کے فعّال اور مؤثر ہونے کی جانچ 2017 میں پہلے مقامی اور پھر جنگلی ہاتھیوں پر کی گئی تھی۔ اس کے بعد آلات کی تنصیب کا کام 2018 میں شروع کیا گیا۔

    یہ بات معروف ہے کہ ہاتھی شہد کی مکھیوں اور ان کے کاٹنے سے ڈرتے ہیں،جنوبی ہندوستان کی ریاست کیرالا میں دیہاتی لوگ دھاوا بولنے والے ہاتھیوں کو خود سے دور رکھنے کے واسطے شہد کی مکھیوں کے خانے آڑ کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں۔

  • منیٰ کے کثیر المنزلہ خیموں میں حجام کرام کیلئے نئی سہولیات متعارف

    منیٰ کے کثیر المنزلہ خیموں میں حجام کرام کیلئے نئی سہولیات متعارف

    ریاض :سعودی عرب کی حکومت حج کا سیزن آتے ہی حجاج کرام کی سہولت کے لیے متحرک ہو جاتی ہے۔ اللہ کے مہمانوں کو زیادہ سے زیادہ آسانی اور سہولیات فراہمی کا مشن لیے سعودی حکومت امسال ایک نئے پروجیکٹ پرکام کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے یہ منصوبہ منیٰ کے مقام پر حجاج کرام کے لیے کثیرمنزلہ خیمہ بستی بسانے کا ہے، حج کے موسم میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ کثیر منزلہ خیمے لگانے کا مقصد منیٰ میں حجاج کرام کے قیام کی زیادہ سے زیادہ گنجائش پیدا کرنا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ خیمے کئی جدید خصوصیات کے حامل ہیں انہیں ایک سے دوسرے مقام پر منتقل کیا جا سکتا ہے،حسبِ ضرورت کھولا اور جوڑا جا سکتا ہے اوراس کے ساتھ ساتھ یہ خیمے فائر پروف بھی ہیں۔

    حجاج کرام کے لیے تیار کردہ خیموں میں خوراک کی فراہمی میں تاخیر سے نمٹنے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں جبکہ خیموں میں خوراک کا سامان فراہم کرنے کے ساتھ ریفریجیریٹر اور خوراک کو ٹھنڈہ رکھنے کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا ہے۔

    درایں اثناءسعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کے مشیر حاتم القاضی نے عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ منیٰ میں کثیر منزلہ رہائشی خیموں اور شیلٹرز کا پہلی بار تجربہ کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امسال محدود پیمانے پر حجاج کرام اس سہولت سے مستفید ہوں گے تاہم تجربے کی کامیابی کی صورت میں مستقبل میں اس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین حج اس سہولت کو استعمال کر سکیں۔

    دوسری جانب حج فاؤنڈیشن برائے جنوبی ایشیا کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر داکٹر رافت بدر کا کہنا تھا کہ کثیر منزلہ خیمے پہلی بار مشاعر 1 میں لگائے جائیں گے۔فاﺅنڈیشن مشاعر منٰی میں 20 کثیر منزلہ خیمے لگانے میں سعودی حکومت کی معاونت کر رہی ہے۔

    سعودی وزارت حج کے تعاون سے رواں سال ان خیموں سے 3000 حجاج کرام مستفید ہوں گے۔ان موبائل خیموں میں شمسی توانائی کے ذریعے روشنی فراہم کی جائے گی۔ ان میں 21 ٹوائلٹ، 14 باورچی خانے اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، آنے والے برسوں میں اس منصوبے کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

  • سول ایوی ایشن نے سیاحت کے فروغ کیلئے ٹی پی آر آئی لائسنس متعارف کرادیا

    سول ایوی ایشن نے سیاحت کے فروغ کیلئے ٹی پی آر آئی لائسنس متعارف کرادیا

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وزیراعظم عمران خان کے سیاحت کے وژن کے حوالے سے اقدامات شروع کردیئے۔ اس سلسلے میں سی اے اے نے ائیر نیوی گیشن آڈر (اے این او) جاری کر دیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت سیاحت کے فروغ کیلئے ٹی پی آر آئی لائسنس متعارف کرادیا ہے، جسے ٹورزم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن کا نام دیا گیا ہے،۔

    لائسنس متعارف کرانے کا مقصد ملک میں سیاحت کا فروغ ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے ائیر آپریٹرز کے لائسنس کے اجراء اور تجدید کے نظر ثانی شدہ تقاضے جاری کردیئے۔

    نئے تقاضوں کے مطابق ائیر آپریٹرز سرٹیفیکیٹس (لائسنس) (اے او سی).کی اقسام تین سے بڑھا کر چار کردی گئی ہیں۔ نئی قسم ٹورازم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن (ٹی پی آر آئی) لائسنس ہے، نئی قسم ٹی پی آر آئی نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت سیاحت کے فروغ کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔

    اس سے قبل محض تین اقسام کے لائسنس بنام ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ (آر پی ٹی), چارٹر اور ایریل ورک ہوا کرتی تھی، نظر ثانی شدہ دیگر تقاضوں میں لائسنس کے حصول کے لیے مالی استطاعت, تیکنیکی مہارتیں اور انتظامی اہلیتیں شامل ہیں۔

    نئے تقاضے 22اپریل 2019سے لاگو ہوچکے ہیں، نئے تقاضے ائیر نیویگیشن آرڈر ایف ایس ڈبل ایکس8.1 کے نمبر سے سی اے اے کی ویب سائٹ پر آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔

  • ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم ایجاد، سکڑنے والی موٹرسائیکل متعارف

    ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم ایجاد، سکڑنے والی موٹرسائیکل متعارف

    کیلی فورنیا: امریکی ماہرین نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور حیران کن ایجاد کرتے ہوئے فولڈ ہونے والی منفرد موٹر سائیکل متعارف کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی کمپنی نے محض چند سیکنڈ میں فولڈ ہونے والی جدید سہولیات سے آراستہ موٹرسائیکل تیار کی جس کا وزن صرف 21 کلوگرام ہے۔

    ماہرین نے اس حیران کن ایجاد کو ’مائلو ای‘ کا نام دیا جس کو بنانے کا مقصد ترقی یافتہ شہروں سے ٹرانسپورٹ  اور پارکنگ کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنا ہے، فولڈڈ موٹرسائیکل کو مخصوص رفتار تک دوڑایا جاسکتا ہے اور اس کی خاصیت یہ ہے کہ اسے پارک کرنے کے بجائے آپ فولڈ کر کے اپنے ساتھ لے کر چل سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: اڑنے والی ٹیکسی ، موٹرسائیکل کے بعد اب سوٹ بھی تیار

    ای موٹرسائیکل کو گاڑی کی ڈکی میں آسانی کے ساتھ رکھا جاسکتا ہے جبکہ سکڑنے کے بعد اس کا کل حجم 20 انچ چوڑا اور 41 انچ لمبا ہوجاتا ہے، موٹر سائیکل میں تین پہیئے دیے گئے کیونکہ تیسرا ٹائر فولڈ ہونے کے بعد مائلو کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے میں آسانی فراہم کرتا ہے۔

    چارجنگ کی سہولت سے آراستہ اس موٹرسائیکل میں 36 وولٹ کی بیٹری نصب کی گئی جو ایک بار چارج ہونے کے بعد 36 کلومیٹر تک چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ اس میں علیحدہ سے بیٹری لگانے کا آپشن بھی موجود ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: دبئی پولیس کا ڈرون یا فلائنگ بائیک کا کامیاب تجربہ

    کمپنی کی جانب سے ای موٹرسائیکل کی قیمت 1500 ڈالر مقرر کی گئی جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے کے قریب بنتی ہے، مائلو میں ہائیڈرولک ڈسک بریکس لگائے گئے جبکہ یہ 29 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • موٹرسائیکل اور کاریں بنانے والی کمپنی کا ’جیٹ طیارہ‘ متعارف

    موٹرسائیکل اور کاریں بنانے والی کمپنی کا ’جیٹ طیارہ‘ متعارف

    ٹوکیو: موٹرسائیکل اور جدید گاڑیاں بنانے والی کمپنی نے ایک اور جیٹ طیارہ متعارف کرادیا جو ایندھن بچانے کی خصوصیت صلاحیت سے مالا مال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہنڈا ائیرکرافٹ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشیماسا فوجنو نے کمپنی کی جانب سے تیار کیا جانے والا نیا جیٹ متعارف کرایا جس کو ایلیٹ کا نام دیا گیا ہے۔

    یورپین بزنس ایوی ایشن کنونشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہنڈا ائیرکرافٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی نئی پروڈکٹ کو جدید سہولیات کو دیکھتے ہوئے تیار کیا جیسے کہ سابقہ ماڈلز کے مقابلے میں یہ طیارہ ایندھن کی 17 فیصد بچت کرے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ فُل ٹینک کے ساتھ یہ طیارہ 1427 ناٹیکل میل کا سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ پرانے ماڈل میں اس طرح فیول بچانے کی سہولت موجود نہیں تھیْ

    خالی طیارے کا مجموعی وزن 100 پونڈ کے جبکہ یہ 200 پونڈ تک کا وزن برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، علاوہ ازیں دیگر طیاروں کے مقابلے میں اس کے انجن کی آواز بھی بہت کم ہے۔

    ہنڈا کی جانب سے فی الحال نئی پروڈکٹ کی قیمت کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں البتہ کمپنی کا کہنا ہے کہ رواں سال ہونے والی تیسری سہہ ماہی نمائش کے بعد اسے فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔ طیارے میں اضافی فیول کی گنجائش بھی دی گئی ہے جس کی وجہ سے اسے اڑان بھرنے یا لینڈ کرنے کے لیے بڑے رن وے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں