Tag: Investment

  • ’دانش کی 80 لاکھ کی سرمایہ کاری نے اسٹاک مارکیٹ کو آسمان پر پہنچا دیا‘

    ’دانش کی 80 لاکھ کی سرمایہ کاری نے اسٹاک مارکیٹ کو آسمان پر پہنچا دیا‘

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں دانش کا کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید کی اسٹاک مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری اور حقیقت میں اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے ہونے والی تیزی کے بعد سوشل میڈیا پر میمز بنانے کا سلسلہ چل نکلا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والا ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ اپنی مقبولیت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ گزشتہ قسط میں دانش کا کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید کو اسٹاک مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

    اتفاقاً اسی ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں بے تحاشہ تیزی دیکھی گئی جس کے بعد سوشل میڈیا پر دانش کی سرمایہ کاری کے حوالے سے طنز و مزاح کا طوفان امڈ آیا۔

    ڈرامے کی گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ دانش کی سابقہ بیوی مہوش (عائزہ خان) اسے چھوڑ کر کروڑ پتی کاروباری شخص شہوار (عدنان صدیقی) کے پاس جا چکی ہے اور ابتدائی غم و صدمے کے بعد دانش اب زندگی کی طرف واپس لوٹ رہا ہے۔

    دانش پر بھی اب شہوار کی طرح دولت مند بننے کا بھوت سوار ہے جس کے لیے وہ سرکاری نوکری چھوڑ کر اور اپنا گھر بیچ کر کاروبار کرنا چاہتا ہے۔ تاہم ایک ہوٹل میں اتفاقاً شہوار کی کمپنی کے ملازمین کی گفتگو سننے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کرلیتا ہے۔

    وہ اپنے گھر کی فروخت سے حاصل ہونے والی 80 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے شہوار کی کمپنی کے تمام شیئرز خرید لیتا ہے جس کے دام ویسے ہی گر رہے ہوتے ہیں۔

    دانش کا دوست اسے اتنی بڑی سرمایہ کاری کرنے سے منع کرتا ہے تاہم دانش کا ارادہ اٹل ہے۔ دانش کی سرمایہ کاری کے چند گھنٹوں بعد ہی شہوار کمپنی کے شیئرز کے دام میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔

    حقیقت میں اتفاقاً اگلے ہی روز اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا گیا اور 100 انڈیکس 9 ماہ بعد 40 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔

    اس کے بعد ٹویٹر پر میمز بنانے کا سلسلہ چل نکلا اور لوگوں نے ڈرامے میں دانش کی سرمایہ کاری کو اسٹاک مارکیٹ کی تیزی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ دانش کی ہی بدولت اسٹاک مارکیٹ آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والا ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ ہر ہفتے کی رات 8 بجے نشر کیا جاتا ہے۔ ڈرامے کے کرداروں اور ڈائیلاگز کو ناظرین کی بے تحاشہ پسندیدگی موصول ہورہی ہے۔

  • 40 ہزار روپے کے پریمئم بانڈز کی سرمایہ کاری میں اضافہ

    40 ہزار روپے کے پریمئم بانڈز کی سرمایہ کاری میں اضافہ

    کراچی :  اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ 40 ہزار روپے کے پریمئم بانڈز کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا اور سرمایہ کاری کا حجم سترہ ارب روپےرہا، پریمئم بانڈز پرایک اعشاریہ نوچھ فیصد کا منافع بھی ملتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا اکتوبرمیں چالیس ہزارروپےکےپریمئم بانڈزمیں سرمایہ کاری میں اضافہ میں ایک سوبانوے فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیا اور پریمئم بانڈزمیں سرمایہ کاری کا حجم سترہ ارب روپے رہا جوگزشتہ سال اکتوبرمیں پانچ ارب اسی کروڑروپےتھا۔

    موجودہ حکومت نے معیشت کو دستاویزی کرنے کیلئے چالیس ہزار والے غیر رجسٹرڈ بانڈز بند کردئیے تھے، جس کے بعد رجسٹرڈ بانڈز سرمایہ کاری بڑھی ہے، پریمئم بانڈز پرایک اعشاریہ نوچھ فیصد کامنافع بھی ملتاہے۔

    دوسری جانب اکتوبرمیں تمام بانڈزکی مجموعی سرمایہ کاری میں بیس فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں : عوام نے دو ماہ میں 40ہزار والے 176 ارب روپے مالیت کے بانڈز فروخت کر دیئے

    یاد رہےاسٹیٹ بینک نے 40 ہزار روپے مالیت کے پرانے رجسٹرڈ پرائز بانڈ کی خرید و فروخت بند کردی تھی اور انہیں تبدیل کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ 2020 ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا پرانے پرائز بانڈز کی اب کوئی قرعہ ندازی بھی نہیں ہوگی، پرانے پرائز بانڈ کو کیش بھی نہیں کیا جائے گا تاہم بانڈ قومی بچت کے سرٹیفکیٹ میں تبدیل کرائے جاسکتے ہیں۔

    پرانے پرائز بانڈ پریمیم پرائز بانڈ میں بھی رجسٹرکرا ئے جاسکتےہیں۔ اس سلسلے میں فارم بھرکررقم بانڈکےمالک کےاکاؤنٹ میں منتقل کی جاسکے گی۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 2 ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری متوقع

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 2 ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری متوقع

    کراچی: چین کے ساتھ مشترکہ ٹریڈنگ کے معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 2 ارب ڈالر چینی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں چینی بروکریج فرمز نے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    چینی اسٹاک مارکیٹ سرمایہ کار فرمز اربوں ڈالر کا سرمایہ مینیج کرتی ہیں۔ اب ان کمپنیوں کی جانب سے پاکستانی حصص بازار میں 2 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا چین کے ساتھ مشترکہ ٹریڈنگ کا معاہدہ ہوا ہے۔ معاہدے کی مالیت 28 لاکھ 50 ہزار ڈالر ہے۔ یہ رقم آسان اقساط میں پانچ سال میں ادا کرنی ہوگی۔

    یہ اخراجات اسٹاک مارکیٹ اتنظامیہ اٹھا رہی ہے، اسے بروکرز پر منتقل نہیں کیا جائے گا۔ مذکورہ سسٹم سے کمپنیوں کی کراس لسٹنگ آسان اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان مہدی کے مطابق شینزین دنیا کی تیسری بڑی اسٹاک مارکیٹ ہے جہان ایک دن میں 40 لاکھ سودے ہوتے ہیں اور ایک سیکنڈ میں 2 ہزار سودے بک کیے جاتے ہیں۔

  • توانائی کے شعبے میں 60 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع ہیں: عمر ایوب

    توانائی کے شعبے میں 60 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع ہیں: عمر ایوب

    اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے جرمن سفیر برن ہارڈ شیلنگ ہیک سے ملاقات کے دوران بتایا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں 60 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب سے جرمن سفیر برن ہارڈ شیلنگ ہیک کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔

    عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ تیل اور گیس کی تلاش کی 40 نئی سائٹس کی آکشن ہوگی۔ توانائی شعبے میں 60 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔ 25 سال کی ضروریات مد نظر رکھ کرتوانائی پیداوار بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دسمبر میں 35 آف شور اور 10 آن شور سائٹس کی نیلامی ہوگی، سرکلر قرضوں کو ماہانہ 39 ارب روپے کی شرح سے 10 ارب ماہانہ تک لائے۔ آئندہ سال سرکلر قرضوں کے مسئلے پر قابو پالیا جائے گا۔

    وزیر توانائی کا کہناتھا کہ متبادل توانائی منصوبوں کے لیے بڈنگ بھی جاری ہے، متبادل توانائی سے متعلقہ مصنوعات کی تیاری میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔ تیل و گیس کی تلاش میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھایا جاسکتاہے۔

    جرمن وزیر نے کہا کہ حکومت کی توانائی سیکٹر میں کاوشیں لائق تحسین ہیں، جرمن کمپنیاں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کو تیار ہیں۔

  • چینی وفد کی وزیراعظم کو 5 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی

    چینی وفد کی وزیراعظم کو 5 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں چینی بزنس کمیونٹی کے وفد نے تین سے پانچ سال میں 5ارب ڈالر سے زائدکی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرادی ، سرمایہ کاری سے پہلے سال 85ہزار سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چینی بزنس کمیونٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد میں 55سے زائد مختلف چینی کمپنیوں کے سربراہان اور سفیر شامل تھے ، یہ ملاقات وزیراعظم کے دورے میں معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کی کڑی تھی۔

    ملاقات میں چینی وفد نے وزیراعظم کو تین سے پانچ سال میں 5ارب ڈالر سے زائدکی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی جبکہ چھوٹے اور درمیانے شعبے کی چینی کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کیا اور چھوٹے اور درمیانے شعبے کی چینی کمپنیوں نے انڈسٹری پاکستان منتقل پر غور کیا۔

    سرمایہ کاری سے پہلے سال 85ہزار سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان چین کی عوام دوستی کےمضبوط بندھن میں بندھے ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، چین کی قیادت کے وژن اور تدبر سے متاثر ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا چین کا امن و ترقی،گورننس اور انسداد غربت کی حکمت عملی متاثر کن ہے، ہم چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا سی پیک منصوبہ پاکستان چین دوستی کو مزید مستحکم کرےگا، منصوبہ تجارتی تعلقات کےفروغ میں بھی گیم چینجر ثابت ہوگا، سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا ترجیح ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا سی پیک منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کیلئے خصوصی شعبہ قائم کیا، منصوبوں کی بلا رکاوٹ پیشرفت کویقینی بنایا جارہا ہے، حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے آسانیاں پیدا کررہی ہے۔

  • سعودی عرب، ورثاء اب متوفی کے اثاثوں اور سرمایہ کاری کی معلومات جان سکیں گے

    سعودی عرب، ورثاء اب متوفی کے اثاثوں اور سرمایہ کاری کی معلومات جان سکیں گے

    ریاض : سعودی حکام نے ورثا کی آسانی کےلیے متوفی کے اثاثوں اور سرمایہ کاری کی معلومات حاصل کرنے کےلیے سروس متعارف کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی(سی ایم اے ) نے مملکت میں فوت ہونے والے افراد کے مالی اثاثوں اور سرمایہ کاری کی تفصیلات ظاہر کرنے کے لیے ایک الکٹرونک سروس متعارف کرادی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ سروس متوفی کے ورثا یا مجاز افراد کو موقع فراہم کرے گی کہ وہ متوفی شخص سے متعلق سیکیورٹیز اور انویسٹمنٹ اکاونٹس کی معلومات حاصل کرنے کے واسطے براہ راست رابطہ کرسکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی کے اس اقدام کا مقصد مارکیٹ کے نظام کو ترقی دینا، اس پر اعتماد کو مضبوط بنانا اور متوفی شخص کے اثاثوں کو جاننے کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے ورثا کی معاونت کرنا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس سروس کے نتیجے میں ورثا سی ایم اے کی ویب سائٹ کے ذریعے مقررہ شرائط کے تحت متوفی شخص کے مالی اثاثوں اور سرمایہ کاری کی تفصیلات جاننے کی درخواست دے سکیں گے اور متوفی سے متعلق مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے بعد کسی بھی وقت متعلقہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔

  • خیبر پختوخوا میں دوبارہ سرمایہ کاری کی فضا قائم ہورہی ہے، عاطف خان

    خیبر پختوخوا میں دوبارہ سرمایہ کاری کی فضا قائم ہورہی ہے، عاطف خان

    پشاور : خیبر پختوخوا میں دوبارہ سرمایہ کاری کی فضا قائم ہورہی ہے، دہشت گردی کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل سرمایہ کار صوبے سے بھاگنے پر مجبور تھے لیکن اب اللہ تعالی کے فضل کرم سے سرمایہ کار واپس صوبے کا رخ کررہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر برائے سیاحت،کھیل و امور نوجوانان عاطف خان نے پشاور میں ماسٹرز موٹرز کے زیر انتظام پشاور میں نئی گاڑیوں کی لانچنگ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تقریب میں ایم پی اے ظاہر شاہ طورو اور ارباب جہانداد نے بھی شرکت کی۔ سینئر وزیر نے کہا کہ پشاور میں نئی گاڑیوں کی لانچنگ صوبے میں امن امان کی صورتحال پر سرمایہ کاروں کی تسلی کا واضح ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، حکومت سرمایہ کاروں کو ساز گار ماحول فراہم کررہی ہے۔ آٹو موبیل کے شعبے میں سرمایہ کاری سے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

    سینئر وزیر نے مزید بتایا کہ موجود حکومت سرمایہ کاروں کو سیکورٹی سمیت ہر قسم کی سہولیات فراہم کررہی ہے کیونکہ سرمایہ کاری کے ذریعے ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتی ہے۔

  • سعودی آئل کمپنی نے بھارت میں سرمایہ کاری کیلئے مذاکرات شروع کر دیئے

    سعودی آئل کمپنی نے بھارت میں سرمایہ کاری کیلئے مذاکرات شروع کر دیئے

    ریاض : سعودی عرب کی سرکاری آئل کمپنی اور دنیا میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والی آرامکو نے بھارتی ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے بھارت کی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز سے مذاکرات شروع کردیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی آئل کمپنی آرامکو نے 25 فیصد حصص کی خریداری کے لئے مذاکرات شروع کردیے ہیں جس کی مالیت 10 سے 15 ارب ڈالر ہوسکتی ہے جبکہ بھارتی کمپنی کی سرمایہ کاری 55 ارب ڈالر سے 60 ارب ڈالر تک ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آرامکو اور ریلائنس کے درمیان سنجیدہ نوعیت کے مذاکرات ہورہے ہیں اور یہ مذکرات 25 فیصد حصص کے لیے ہورہے ہیں، دوسری جانب آرامکو اور ریلائنس کی جانب سے اس بیان پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

    خیال رہے کہ ریلائنس کمپنی کے مالک ایشیا کے امیر ترین مکیش امبانی کی ملکیت ہے جو بھارت میں ریفائنری اور پیٹرو کیمکل کے شعبے میں سب سے بڑی کمپنی کے بھی مالک ہیں۔

    مکیس امبانی کی ریفائنری کمپنی مغربی بھارت کے شہر جام نگر میں 14 لاکھ بیرل تیل روزانہ ریفائنری کمپلیکس سے گزارتی ہے جبکہ حکومت کو دئیے گئے منصوبے میں انہوں نے 2030 تک اس کو 20 لاکھ بیرل روزانہ تک لے جانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تیل پیدا کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو اپنے کاروبار کو دنیا بھر میں پھیلا رہی ہے اور مختلف ممالک سے پلانٹ کی تنصیب کے لیے معاہدوں پر دستخط ہورہے ہیں۔

    یاد رہے کہ بھارت کی سرکاری آئل کمپنی سے آرامکو اور متحدہ عرب امارات کی سرکاری کمپنی ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی نے گزشتہ برس ایک معاہدہ کیا تھا جس میں ریاست مہاراشٹرا میں 13 لاکھ بیرل روزانہ کی پیداوار کا ایک منصوبہ تھا

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہزاروں کسانوں کی جانب سے زمین دینے سے انکار کرنے پر اس منصوبے پر کام تاخیر کا شکار ہوگیا تھا جبکہ مہاراشٹرا کی ریاستی حکومت اس منصوبے کو دوسرے مقام میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے رواں برس فروری میں بھارت کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے کہا تھا کہ اگلے دو برس میں بھارت میں ایک سو ارب ڈالر سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بھارتی سرمایہ کاری مکیش امبانی گزشتہ برس دسمبر سے اب تک دو مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں اور ان دوروں میں انہوں نے مشترکہ سرمایہ کاری سمیت دیگر معاملات پر آرامکو کے سربراہ امین نصیر سے تبادلہ خیال کیا۔

  • جاپان کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان

    جاپان کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان

    اسلام آباد: جاپان کی حکومت اور  معروف کمپنی مٹسوبشی نے  پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی سرمایہ کاری کے لیے مثبت پالیسیاں بار آور ثابت ہونے لگیں، وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران جاپانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیمی ہائیڈ نے سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔

    ملاقات میں مٹسو بشی کے پاکستان میں تعینات کنٹری ہیڈ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور انرجی ٹاسک فورس کے سربراہ بھی شریک تھے۔ کیمی ہائیڈ نے وزیراعظم نے سرمایہ کاری کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

    ان کا کہنا تھا پاکستان میں سرمایہ کاری کا تجربہ انتہائی شاندار رہا،موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث جاپان کی حکومت نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے جاپانی حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کریں گے۔

    یاد رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد دنیا کی نامور کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا، امریکا، روس، چین، قطر، سعودی عرب، ملائیشیا سمیت دیگر ممالک نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

    دوسری جانب ناروے اور کوریا نے بھی پاکستان میں  بڑی سطح پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا جس پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ دو روز قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان جلد تجارتی معاہدہ طے ہونے جارہا ہے، اسی طرح چین نے بھی حکومت کے ساتھ غربت مٹانے کے پروگرام کا معاہدہ طے کرلیا۔

  • پانچ ایسے کاروبار جن کے لیے سرمائے کی ضرورت نہیں

    پانچ ایسے کاروبار جن کے لیے سرمائے کی ضرورت نہیں

    آج دنیا بھر کے لوگ ملازمت کے بجائے اپنے کام کو ترجیح دے رہے ہیں، اپنے کام میں بھی اسٹارٹ اپ کا آئیڈیا سب سے زیاد ہ فروغ پا رہا ہے ، اس کی سب سے اہم وجہ ترقی کے بے پناہ مواقع اور آزادی کا احساس ہے جو کہ ملازمت کرتے ہوئے آپ کو کبھی میسر نہیں آسکتا۔

    اس آرٹیکل میں ہم آپ کو پاکستان کے کاروباری ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے بتائیں گے کہ وہ کون سے ایسے کام ہیں جو آپ بغیر سرمائے کے ، یا انتہائی قلیل سرمائے کے شروع کرسکتے ہیں۔ اپنا کام شروع کرنے کی راہ میں سب سے پہلے جو شے آڑے آتی ہے وہ آپ کی ملازمت ہے ، کاروبار شرو ع کرنے سے پہلے آپ کو اپنے وقت کو منظم کرنا ہوگا کہ ابتدا میں نوکری کےساتھ اپنے کام کے لیے معقول وقت نکال سکیں۔

    اپنے کاروبار اوراسٹارٹ اپ میں فرق


    کاروبار اور اسٹارٹ اپ درحقیقت ایک ہی کام کے دو مختلف پہلو ہیں ، کچھ بھی کرنے سے پہلے آپ کو اپنے ماضی اور حال کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا ہوگا۔ کاروبار یہ ہے کہ آپ پہلے سے موجود کسی بھی شعبے میں کام کرنا شروع کردیں اور اسے آگے بڑھائیں جیسا کہ آن لائن بزنس سب ہی کررہے ہیں ، آپ بھی کچھ پراڈکٹس میدان میں لے آئیں اور اپنا روزگار کمانا شروع کردیں۔

    کاروبار کرنے کا دوسراپہلو یہ ہے کہ آپ کسی ایسے خیال پر کام کریں جسے اس سے پہلے کسی نے نہ برتاہو، یعنی اگر آپ آن لائن کام کرنا چاہتے ہیں تو کوئی ایسی پراڈکٹ متعارف کرائیں جو کہ اس سے قبل کوئی فروخت نہ کررہا ہو، یہ اسٹارٹ اپ ہے یعنی ایسا خیال جو آئندہ کے لیے مشعلِ راہ بنے اور لوگ آپ کے آئیڈیا کو فالو کریں۔

    آن لائن خرید و فروخت


    آج کی دنیا آپ کے ہاتھ کی ہتھیلی پر دھرے اینڈرائڈ فون میں سمٹی ہوئی ہے، آن لائن خرید و فروخت ہورہی ہے۔ ایسے میں کسی بھی شخص کے پاس بے پناہ مواقع ہیں کہ وہ فیس بک ، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کے ذریعے اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کرسکے۔ اب آپ کے سامنے دو آپشن ہیں، یا تو اگر آپ کوئی شے خود بنا رہے ہیں تو اسے آن لائن فروخت کے لیے پیش کریں ۔ بصورت دیگر آپ مارکیٹ میں سے کوئی ایسی منفرد شے اٹھا کر فروخت کرسکتے ہیں جو آپ کے مدمقابل فروخت نہ کررہے ہوں ، یا ان کی فروخت کم مقدار میں کی جارہی ہو۔ آپ کو کرنا یہ ہوگا کہ اپنی پراڈکٹ مختلف آن لائن کمپنیوں کے ساتھ رجسٹر کرائیں ۔

    یاد رکھیں پاکستان میں ڈیجیٹل مارکیٹ پر حکومتی کنٹرول نہ ہونے کے سبب یہاں دھوکہ دہی بہت زیادہ ہے، آپ اپنی جگہ تب ہی بنا سکیں گے جب آپ معیار پر سمجھوتا نہیں کریں گے ، ایک بار جس صارف کو آپ نے معیاری پراڈکٹ ڈیلیور کردی ، وہ با ر بار آپ کے پاس آئے گا۔

    ایونٹ مینجمنٹ


    پاکستان میں ایونٹ مینجمنٹ ایک ایسا کاروبار ہے جس میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، لیکن ا س کو شروع کرنے سے قبل بہترین مارکیٹ اسٹڈی اور تعلقات ضروری ہیں، بہتر ہے کہ کچھ عرصہ کسی ایونٹ مینجمنٹ کمپنی میں ملازمت کی جائے اور اس کے بعد اپنے کام کا آغاز کیا جائے۔

    ایونٹ مینجمنٹ کا کام شروع کرنے سے پہلے یقین کرلیں کہ آیا آپ ایک اچھے منتظم ہیں، کام کی منصوبہ بندی اور اسے بروقت انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں تو یہ شعبہ آپ کے لیے ہے۔ اپنے ساتھ کچھ لوگوں کو ملائیے ، انہیں کام بانٹیں اور کام کا آغاز کریں۔ ابتدا آپ کو اپنےعزیز و اقارب اور احباب کی تقاریب مینج کرکے کرنا ہوگی، اس کے بعد آپ کے پاس کام آنا شروع ہوجائے گا۔

    آپ کا فوٹو گرافرز، مووی میکرز، ساؤنڈ ، اسپاٹ لائٹ، کیٹرنگ اور ڈیکوریشن کے شعبے سے وابستہ افراد سے مضبوط تعلق ہونا ضروری ہے ، اس کے بغیر آپ اس کام میں آگے نہیں بڑھ سکتے۔

    سروسز


    آج کی دنیا میں شہروں کے رہنے والوں کے پاس جس چیز کی سب سے زیادہ قلت ہے وہ وقت ہے، اگر آپ خود کوئی ہنر جانتے ہیں جیسے الیکٹریشن، پلمبگ وغیرہ تو کیا ہی بات ہے، اگر ایسا نہیں بھی ہے تو بطور منتظم آگے آئیں ، اپنے ہمراہ مختلف شعبہ جات کے ماہرین کو ملائیں جن میں الیکٹریشن، پلمبر، کار مکینک، الیکٹرانک اشیا کی مرمت کرنے والے، فریج اے سی کی مرمت کرنے والے شامل ہوں۔ ان لوگوں کی ٹیم کے ساتھ اپنے حلقہ احباب سے کام شروع کریں اور مناسب دام میں یہ ساری سہولیات لوگوں کو گھر بیٹھے مہیا کریں، بس ایک بار کلائنٹ کو مطمئن کرنا ہے ، اس کے بعد کام خود آئے گا اور آپ کو ہرمہینے اپنا اسٹاف بڑھانا پڑے گا۔

    بغیر سرمائےکےکاروبارکاروباری مشاورت


    جیسا کہ آج ہر شخص اپنا کاروبار کرنا چاہتا ہے لیکن اس کے پاس اس کام کے لیے ضروری معلومات موجود نہیں ہوتی۔ اگر آپ کسی کاروباری ادارے سے طویل عرصے سے وابستہ ہیں اور اس کام کی وسیع نالج اور تجربہ رکھتے ہیں توآپ ایک بہت اچھے بزنس کاؤنسلر بن کر نہ صرف نئے بزنس کاروباری افراد کو ٹرینڈ کر سکتے ہیں بلکہ ایک اچھا منافع کما سکتے ہیں۔

    بغیر سرمائےکےکاروبار

    آپ یہ بھی کرسکتے ہیں کہ مارکیٹ تک ان نئے کاروباریوں کی رہنمائی کریں اور انہیں مناسب دام پر چیزیں دلوا کر اپنا کمیشن حاصل کریں۔

    یو ٹیوبنگ


    آج کے نوجوانوں میں یو ٹیوبنگ ایک انتہائی مقبول شے ہے ، یونی ورسٹی میں زیرِ تعلیم ہر طالب علم چاہتا ہے کہ وہ یوٹیوبنگ شروع کرے اور راتوں رات مشہور بھی ہوجائے اور امیر بھی۔ ایسا نہیں ہے جناب اگر آپ دیکھیں تو یوٹیوب پر جو لوگ آج بہت مشہور ہیں ، انہوں نے ماضی میں بہت محنت کی ہے ، وہ جس موضوع پر ویڈیو بناتے ہیں ان کے پاس اس کی وسیع نالج ہوتی ہے۔

    بغیر سرمائےکےکاروبار

    اگر آپ کسی شعبے میں مہارت رکھتے ہیں تو اس شعبے سے متعلق ویڈیوز بنا کر انہیں یوٹیوب کی نذ ر کریں اور پھر سوشل میڈیا پر اس کی اچھی سی مارکیٹنگ کریں ۔ اگر آپ کی پیشکش میں دم ہوگا تو کوئی بعید نہیں کہ جلد ہی آپ کا چینل چل پڑے اور لاکھوں لوگ آپ کے سبسکرائبر بن جائیں۔