Tag: investor

  • امیر بنانے والی چار عادات

    امیر بنانے والی چار عادات

    بیشتر لوگوں کا خیال ہے کہ سرمایہ کاری کرنا بہت پیچیدہ کام ہے جس میں نقصان ہونے کا اندیشہ زیادہ ہوتا ہے اور کسی بھی کام میں پیسہ صرف وہ لوگ لگا سکتے ہیں جو ذہین ہوں۔

    کیا آپ جانتے ہیں کہ سرمایہ دار بننے کے لیے ذہین یا بہت زیادہ امیر ہونا ضروری نہیں بلکہ درست وقت پر درست فیصلہ آپ کو کم عرصے میں امیر آدمی بھی بنا سکتا ہے۔

    کسی بھی کام میں سرمایہ کاری کرنے والا شخص اپنے یومیہ اخراجات کو کم کردیتا اور ملازمت کے بعد کام کو وقت دیتا ہے تاکہ وہ جلد از جلد نفع حاصل کرسکے مگر یہاں یہ بات بھی ضروری ہے کہ منافع حاصل کرنے کے لیے صبر  کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔

    سرمایہ کاری سائنس اور آرٹ کی طرح کا فن ہے کیونکہ اس کے ذریعے آپ شہرت کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے اثاثوں کو دگنا بلکہ اُس سے بھی زیادہ کرسکتے ہیں جو تمام زندگی آپ کے پاس ہی رہتے ہیں۔

    آئیں ہم آپ کو بتائیں وہ عادات جو آپ کو کامیاب سرمایہ دار اور مختصر وقت میں امیر بناسکتی ہیں

    صبر کا مادہ

    دنیا بھر میں سرمایہ کاری کرنے والے کامیاب افراد کسی بھی کام میں پیسہ لگانے کے بعد اچھے وقت کا انتظار کرتے ہیں اور جیسے ہی وہ شروع ہوتا ہے تو اپنی رقم کو دگنا کرلیتے ہیں۔

    مثلاً اگر آپ نے مارکیٹ میں پیسہ لگایا اور اُس چیز کی طلب کم ہوگئی تو گھبرانے کی ضرورت نہیں بلکہ انتظار کریں کیونکہ یہ دوبارہ اپنا مقام حاصل کرسکتی ہے، اسی طرح اسٹاک مارکیٹ کا شیئر ہے جو آج کم ریٹ پر بند ہوتا ہے تو آئندہ دو تین روز یا مہینے میں دوبارہ اپنی پوزیشن پر آجاتا ہے۔

    پیسہ لگانے کے بعد نہ گھبرائیں

    اگر آپ کامیاب سرمایہ کار بننا چاہتے ہیں تو یاد رکھیں کہ انویسٹمنٹ کرنے کے بعد بالکل نہ گھبرائیں، اگر چہ آپ کو نقصان کا بہت زیادہ خدشہ بھی ہو تب بھی اُسے سوار کر کے نہ بیٹھیں اور مارکیٹ میں اچھا وقت آنے کا انتظار کریں کیونکہ آپ اپنا نقصان اچھے وقت میں پورا کرسکتے ہیں۔

    پیسہ لگانے سے پہلے جائزہ لیں

    کسی بھی پروجیکٹ یا کام پر پیسہ لگانے سے پہلے اُس کے بارے میں جاننا بہت ضروری ہے کیونکہ اگر آپ اہم باتوں سے لاعلم رہے تو اس صورت میں بہت پیچھے رہ سکتے ہیں۔

    ضرورت سے زیادہ انویسٹمنٹ نہ کریں

    کسی بھی کام پر پیسہ ضرور لگائیں اور اگر منافع ہورہا ہو تب بھی ضرورت سے زیادہ رقم نہ لگائیں کیونکہ جب آپ اپنا گھر بار، کاروبار یا دیگر اثاثے فروخت کردیں گے اور پیچھے کچھ نہیں چھوڑیں گے تو ایسی صورت میں رقم ڈوبنے سے زیادہ نقصان ہوسکتا ہے۔

  • ہالینڈ کے سرمایہ کاروں کے وفد کی کے پی ٹی کے منصوبوں میں دلچسپی

    ہالینڈ کے سرمایہ کاروں کے وفد کی کے پی ٹی کے منصوبوں میں دلچسپی

    کراچی : ہالینڈ کے سرمایہ کاروں کے وفد نے کے پی ٹی کے مستقبل کے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے، اس سلسلے میں انہوں نےہالینڈ کی سفیر کی زیر قیادت کراچی پورٹ ٹرسٹ کا دورہ کیا ۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات ہالینڈ کی سفیرگیرارڈا آڈریانہ کورنیلیا ماریہ (آرڈی) سٹوآئس بریکن کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے صدر دفتر کا دورہ کیا۔

    دورہ کا مقصد میری ٹائم سیکٹر میں بیرون سرمایہ کاری کے حامل باہمی اشتراک کے منصوبوں کے بارے میں آگہی فراہم کرنا تھا۔ چئیرمین کے پی ٹی رئیر ایڈمرل جمیل اختر نے وفد کے شرکاء کو بندرگاہ کے پورٹ انفرا اسٹرکچر ، ممکنہ منصوبوں، جغرافیہ و ترجیحات، بیرونی سرمایہ کاری والے منصوبوں اور بالخصوص میری ٹائم سیکٹر میں مواقعوں کی بھی نشاندہی کی۔

    وفد نے کے پی ٹی فریٹ کوریڈور، ماحول دوست ملٹی پرپز بلک ٹرمینل، ایل این جی کمپلیکس، میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ، اسپیشل اکنامک زون، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، کیپیٹل ڈریجنگ ، کے پی ٹی کے اثاثوں ( ڈریجر، پائلٹ بوٹس، ہوپر بارجز، فیری بوٹس اور فلوٹنگ کرینز) کی خریداری اور کے پی ٹی انجینئرنگ ورکشاپ کی از سر نو تعمیر میں دلچسپی کا اظہارکیا۔

    اس موقع پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ رئیرایڈمرل جمیل اختر نے وفد کے شرکاء کے سامنے پاکستان میں بوٹ بلڈنگ سیکٹر میں موجود لاتعداد مواقعوں کو اجاگر کیا جو کہ میری ٹائم سیکٹر کے لیے بہت اہم ہے، وفد نے کے پی ٹی انجینرنگ ورکشاپ کا بھی دورہ کیا۔