Tag: Involvement

  • امریکی پارلیمانی انتخابات میں بھی روس مداخلت کرسکتا ہے: انٹیلی جنس

    امریکی پارلیمانی انتخابات میں بھی روس مداخلت کرسکتا ہے: انٹیلی جنس

    واشنگٹن: امریکی انٹیلی جنس نے امریکا میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بھی روسی مداخلت کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں 2016 میں صدارتی انتخابات ہوئے تھے جس میں روس کی مداخلت کرنے کے شواہد سامنے آئے تھے تاہم اب 2018 کے امریکی پارلیمانی انتخابات میں بھی روسی مداخلت کا خطرہ ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کے انٹیلی جنس ڈائریکٹر ’ڈین کوٹس‘ نے روس پر امریکی پارلیمانی انتخابات اور رائے عامہ پر اثر انداز ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے ماسکو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انتخابات میں چند ماہ ہی باقی ہیں جبکہ روس مداخلت کے لیے اپنی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد انتخابی سرگرمیوں اور رائے عامہ پر اثر انداز ہونا ہے۔

    ڈین کوٹس کا کہنا تھا کہ اب ہم بھی وسیع پیمانے پر اقدامات کر رہے ہیں، اور روس کو کسی صورت اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ان کی سازشوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔


    ٹرمپ کا امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے معاملے پر تحقیقات روکنے کا مطالبہ


    ان کا مزید کہنا تھا کہ روس جیسے ہمارے حریف ممالک نہ صرف انتخابی عمل میں مداخلت کرتے ہیں بلکہ وہ امریکا کو تقسیم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    یاد رہے کہ نومبر 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل ماہ اکتوبر میں امریکی حکومت نے روس پر ڈیموکریٹک پارٹی پر سائبر حملوں کا الزام عائد کیا تھا۔

    واضح رہے کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما بھی اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کرنے پر روس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

  • ٹرمپ کا امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے معاملے پر تحقیقات روکنے کا مطالبہ

    ٹرمپ کا امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے معاملے پر تحقیقات روکنے کا مطالبہ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے معاملے پر تحقیقات امریکا کے لیے باعث شرم ہے، اسے روکا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ 2016 میں امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت سے متعلق تحقیقات کو روکا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل جیف شیشنز سے مطالبہ کیا ہے کہ 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کے حوالے سے جاری تفتیشی عمل ختم کر دیا جائے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل کہ یہ تفتیش امریکا کے لیے مزید بدنامی کا باعث بنے، اسے روک دینا چاہیے۔


    امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کا معاملہ، ٹرمپ کے وکیل کا اہم بیان سامنے آگیا


    دوسری جانب روس ایسے الزامات مسترد کرتا ہے کہ اس نے امریکی انتخابات میں مداخلت کی تھی، خیال رہے کہ امریکی صدر کو صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کے الزامات میں تحقیقات کا سامنا ہے۔

    یاد رہے کہ نومبر 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل ماہ اکتوبر میں امریکی حکومت نے روس پر ڈیموکریٹک پارٹی پر سائبر حملوں کا الزام عائد کیا تھا۔

    واضح رہے کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما بھی اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کرنے پر روس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔