Tag: Inzamam

  • انضمام الحق نے رونے کی وجہ بتادی

    انضمام الحق نے رونے کی وجہ بتادی

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بلے باز انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ ‘ایک میچ میں جلد آؤٹ ہونے پر سینئر بیٹسمین نے اتنی تنقید کی کہ آدھے گھنٹے تک روتا رہا اور شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا ہوگیا تھا’۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کے سابق بلے باز انضمام الحق نے ایک ویڈیو کے دوران سینئر بلے بازوں کے افسوسناک رویے سے متعلق انکشاف کیا، انہوں نے بتایا کہ میں سینئرز کی شدید تنقید کے باعث آدھے گھنٹے تک روتا رہا اور ساری رات ذہنی دباؤ میں رہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں نہا رہا اور ساتھ میں روتا جارہا تھا کیونکہ مجھ پر زندگی میں ایسی تنقید کبھی نہیں ہوئی تھی۔

    انضمام کا کہنا تھا کہ مجھے اس وقت مزید اضطراب ہوا جب مجھے پتہ چلا کہ اگلے روز پرواز میں میری سیٹ کپتان عمران خان کے ساتھ ہے، میں اگلے روز جہاز میں سوار ہوکر اپنی سیٹ تلاش کرنے لگا تو دیکھا واقعاً میری سیٹ عمران خان کے ساتھ تھی ‘ میں نے سوچا جب وقت خراب ہوتا ہے تو وہ مکمل طور پر خراب ہوتا ہے کل اتنی باتیں سننی پڑی ہیں آج بھی ایسا ہی کچھ ہونے والا ہے’۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ دعا کرنے لگے کہ عمران خان پورے سفر کے دوران سوتے رہیں تاکہ وہ ان کے غصے سے بچ سکیں۔

    انضمام نے بتایا کہ عمران بھائی جہاز میں سوار ہوئے اور کہا کہ مجھے تمہارا طریقہ دیکھ کر لگا کہ تم سامنے والے کھلاڑی کو مار دو گے، میں سوچ رہا تھا کہ آج سامنے والی ٹیم کو اڑا دو گے، انہوں نے کہا آج تم بہترین کھیل رہے تھے، انضمام نے کا کہ میں نے عمران بھائی کی بات پر کچھ نہیں کہا کہ وہ مجھ سے مذاق کررہے ہیں یا نہیں’۔

    انضمام نے بتایا کہ عمران بھائی نے یہ جملے کہنے کے بعد تکیہ گردن سے لگایا اور سو گئے اور پھر پوری پرواز میں سوتے رہے۔

    خیال رہے کہ 50 سالہ سابق کرکٹر انضمام الحق انٹرنیشنل ون ڈے میچ میں 11 ہزار 739 رنز، ٹیسٹ میں 8830 رنز بنائے ہیں۔

     

  • امید ہے عمران خان قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، انضمام الحق، مشتاق احمد

    امید ہے عمران خان قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، انضمام الحق، مشتاق احمد

    اسلام آباد: سابق کرکٹرز انضمام الحق اور مشتاق احمد نے عمران خان کو انتخابات جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے عمران خان قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم انضمام الحق اور مشتاق احمد نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں تحریک انصاف کے علی زیدی، اعجاز چوہدری، جاوید بدر اور فیصل جاوید شریک تھے۔

    انضمام الحق نے کہا کہ عمران خان کی فتح پر دلی خوشی ہوئی امید ہے عمران خان عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، قوم کی دعائیں عمران خان کے ساتھ ہیں۔

    چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو وعدے کیے ہیں وہ اس کو پورا کریں گے، ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں، انشاء اللہ وہ قوم کے لیے بہترین کام کریں گے۔

    سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے کہا کہ عمران خان نے 22 سال جدوجہد کی، اللہ نے صلہ دیا، دعا ہے اللہ عمران خان کو ان کے مقصد میں کامیاب کرے۔

    دونوں کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جیت کرکٹ کے تمام کھلاڑیوں کے لیے لمحہ مسرت ہے، اس پر انہیں خوشی ہے اور وہ عمران خان کو مبارکباد دینے آئے تھے۔

    خیال رہے کہ 1992 میں جب قومی کرکٹ ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتا تھا، انضمام الحق اور مشتاق احمد فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو قومی کرکٹرز کی جانب سے مختلف پیغامات میں مبارکباد دی جاتی رہی ہے اور ملکی و بین الاقوامی کھلاڑیوں کی طرف سے عمران خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔