Tag: iphone

  • عدالت نے ایپل پر 150 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا

    عدالت نے ایپل پر 150 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا

    برازیلیا: برازیل کی عدالت نے ایپل پر 100 ملین (تقریباً 150 کروڑ روپے) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل میں ایک عدالت نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر آئی فون کے نئے ماڈلز کے ساتھ بیٹری چارجرز شامل نہ ہونے پر سو ملین برازیلی روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملک میں فروخت ہونے والے آئی فو ن کے نئے ماڈلز کے ساتھ بیٹری چارجرز کو بھی شامل کیا جائے۔ یہ مقدمہ صارفین اور ٹیکس دہندگان کی ایسوسی ایشن کی طرف سے دائر کیا گیا، جن کا مؤقف تھا کہ کمپنی چارجر کے بغیر اپنی نئی پروڈکٹ فروخت کر رہی ہے۔

    ایپل نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ پیکیجنگ سے چارجرز کو ہٹانے کا اس کا اقدام اسپیئر چارجرز کی وجہ سے ہونے والے الیکٹرونک فضلے اور  کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    تاہم عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ ’گرین اقدام‘ کے جواز کے تحت کمپنی نے صارفین پر چارجر خریدنے کا اضافی بوجھ  ڈالا،جو پروڈکٹ کے ساتھ پہلے ساتھ فراہم کیا جاتا تھا۔ تاہم کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اس حالیہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔

    یاد رہے کہ پچھلے مہینے ہی برازیل کی حکومت نے ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر چارجر شامل نہ کرنے پر تقریباً 18 کروڑ روپےکا جرمانہ کیا تھا، جب کہ یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ کمپنی اپنے صارف کو ایک نامکمل پروڈکٹ فراہم کر رہی ہے۔

    برازیل کی وزارت انصاف نے اس وقت آئی فون 12 اور دیگر ویریئنٹس کی فروخت پر پابندی عائد کر دی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ کمپنی جان بوجھ کر چارجرز ڈبے میں پیک نہیں کر رہی ہے اور ’صارفین کے خلاف جان بوجھ کر امتیازی سلوک‘ کر رہی ہے۔

    وزارت انصاف نے کہا تھا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ چارجر کو خارج کرنے سے ماحول کی حفاظت ہوتی ہے۔

  • آئی فون 14 پرو میں خامیاں: ایپل نے اپ ڈیٹ جاری کردی

    آئی فون 14 پرو میں خامیاں: ایپل نے اپ ڈیٹ جاری کردی

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے حال ہی میں جاری کیے گئے آئی فون 14 پرو میں سامنے آنے والی خامیاں دور کرنے کے لیے اپ ڈیٹ جاری کردی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آئی فون صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ کمپنی نے آئی فون 14 پرو میں خامیوں کو دور کرنے کے لیے اپ ڈیٹ ریلیز کردی ہے۔

    آئی فون نے موبائل میں کیمرہ سسٹم کی خرابی دور کرنے کے لیے آئی او ایس 16.0.2 کی اپ ڈیٹ ریلیز کردی ہے۔

    خیال رہے کہ ایپل نے گزشتہ ہفتے نیا آئی فون متعارف کروایا تھا، جس کے بعد کئی صارفین نے نئے آئی فون کا کیمرہ سسٹم خراب ہونے کی شکایت کی تھی۔

    آئی فون کی جانب سے اپ ڈیٹ کی ریلیز کے بعد تھرڈ پارٹی ایپ (فیس بک، انسٹا گرام یا اسنیپ چیٹ) استعمال کرنے کے دوران آئی فون کے موبائل کیمرہ میں صارفین کو پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

    واضح رہے کہ آئی فون صارفین کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھیں کہ موبائل کیمرہ استعمال کرنے کے دوران مکینیکل آوازیں آتی ہیں یا اسکرین رک جاتی ہے۔

    ایپل کمپنی کا کہنا تھا کہ آئی فون 14 پرو اور آئی فون 14 پرو میکس میں تھرڈ پارٹی ایپ کا کیمرہ استعمال کرنے کے دوران دھندلی تصاویر آتی تھیں لیکن آئی فون میں اپ ڈیٹ ریلیز ہونے کے بعد یہ مسائل حل ہوجائیں گے۔

    کمپنی نے صارفین کو درپیش مسائل کی وجہ نہیں بتائی لیکن ممکن ہے کہ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن سسٹم آئی فون 14 میں ٹھیک طرح سے کام نہیں کر رہا۔

    آئی فون میں ایک اور مسئلہ صارفین کو درپیش ہے جس میں ایپ میں موجود مواد کو کاپی پیسٹ کرنے کے دوران اجازت (پرمیشن) کے اشارے کا مستقل ظاہر ہونا ہے۔

    ایپل کے سینئر منیجر رون ہوانگ نے اس سے قبل اعتراف کیا تھا کہ آئی فون میں ایسے مسائل غیر متوقع اور حیران کن ہیں لیکن کمپنی اس مسئلے کو جلد حل کر لے گی۔

    آئی او ایس 16.0.2 اپ ڈیٹ ریلیز ہونے کے بعد دیگر تمام خامیاں، جن میں سیٹ اپ کے دوران ڈیوائس کا ڈسپلے سیاہ ہوجانا یا آئی فون ایکس، آئی فون ایکس آر اور آئی فون 11 میں ٹچ اسکرین میں پیش آنے والی مشکلات سمیت تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔

  • ناقابل یقین: وہیل مچھلی نے خاتون کا آئی فون سمندر سے نکال لیا

    ناقابل یقین: وہیل مچھلی نے خاتون کا آئی فون سمندر سے نکال لیا

    بیلوگا نسل کی ایک وہیل مچھلی نے سمندر میں گرنے والا آئی فون خاتون کو واپس کر کے لوگوں کے دل موہ لیے۔

    ایک نہایت دل چسپ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہیل مچھلی ایک خاتون کا آئی فون سمندر سے نکال خاتون کو واپس کرتی دکھائی دیتی ہے۔

    بہ ظاہر یہ ایک ناقابل یقین منظر تھا، کیوں کہ عام طور پر وہیل مچھلی خطرناک تصور کی جاتی ہے، لیکن بیلوگا نسل کی وہیل مچھلی ڈولفن کی طرح انسانوں سے دوستی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    یہ ویڈیو ناروے کی ہے، جس میں ایک سیاح خاتون کا آئی فون سمندر میں تیرتی بیلوگا وہیل نے دانتوں میں پکڑ کر واپس لا کر دیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہیل مچھلی اپنے کارنامے پر منہ کھول کر خوشی کا ردِ عمل بھی ظاہر کر رہی ہے۔

    بیلوگا وہیل کے کارنامے پر ساحل پر موجود خواتین نے خوشی کے ساتھ ساتھ حیرت کا بھی اظہار کیا، اور وہ وہیل کے منھ کو چھونے کی کوشش کرتی رہیں۔

  • آئی فون کریڈٹ کارڈ کی جگہ لے لے گا

    آئی فون کریڈٹ کارڈ کی جگہ لے لے گا

    ہماری زندگی کے بے شمار کام اب آن لائن یا اسمارٹ فون کے ذریعے ہوجاتے ہیں، امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ آئی فون کریڈٹ کارڈ کی جگہ لے لے گا۔

    ٹیکنالوجی جائنٹ ایپل نے گزشتہ روز ریاست کیلی فورنیا میں شروع ہونے والی 4 روزہ ایپل ورلڈ وائڈ ڈیولپرز کانفرنس میں آئی فون کے لیے کچھ منفرد اور اہم فیچرز بھی متعارف کروا دیے ہیں۔

    کانفرس میں شامل مندوبین کا کہنا ہے کہ سلیکون ویلی میں 10 جون تک جاری رہنے والی اس ٹیکنالوجی کانفرنس میں آئی فون کو ادائیگیوں کے لیے مؤثر طور پر استعمال کرنے کا منصوبہ بھی پیش کردیا گیا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیزکے مطابق کانفرنس میں ایپل کے بائے ناؤ، پے لیٹر فیچر کو مندوبین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

    ممکنہ طور پر اس فیچر کو ایپل آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 16 میں متعارف کروایا جائے گا، اس فیچر کی بدولت استعمال کنندگان خریدی جانے والی کسی بھی شے کی ادائیگی ڈیڑھ ماہ کی 4 برابر اقساط میں ادا کرسکیں گے۔

    یہ فیچر آئی فون صارفین کے ایپل والٹ میں بلٹ ان ہوگا اور وہ اسے آن لائن اور بذریعہ ایپ دونوں طریقوں سے استعمال کرسکیں گے۔

    ایپل کی جانب سے ایپل ورلڈ وائڈ ڈیولپرز کانفرنس 2022 میں زیادہ توجہ ادائیگیوں کے نظام پر ہے، اور اسی تناظر میں ٹیکنالوجی جائنٹ نے ٹیپ ٹو پلے کے نام سے رواں ماہ کے آخر میں اس فیچر کو متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کسی بھی اسٹور پر ایپل آئی فون کی مدد سے صرف ایک کلک سے کسی بھی چیز کی قیمت با آسانی ادا کی جاسکے گی۔

    ایپل کی جانب سے اس فیچر کو ٹیپ ٹو پے کے نام سے رواں ماہ کے آخر میں تمام آئی فون صارفین کے لیے جاری کردیا جائے گا۔

  • آئی فونز میں ای سم پیش کی جاسکتی ہے

    آئی فونز میں ای سم پیش کی جاسکتی ہے

    امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل جلد اپنے آئی فون میں ای سم پیش کرسکتی ہے، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ دو ای سم کارڈز بھی ممکن ہیں جس سے ڈیول سم کی فعالیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق ایپل نے اپنے آئی فون ایکس آر، ایکس ایس اور ایکس ایس میکس پر ای سم کے لیے حمایت کا اعلان کیا ہے، کم از کم ایک آئی فون 14 ماڈل میں فزیکل نینو سم کارڈ ٹرے ختم کیا جاسکتا ہے۔

    گلوبل ڈیٹا تجزیہ کار ایما موہر میک کلون کے مطابق ایپل 2022 میں ایپل ممکنہ طور پر صرف آئی فون 14 کا ای سم ورژن پیش کرے گا۔

    یہ بھی کہا جارہا ہے کہ دو ای سم کارڈز بھی ممکن ہیں جس سے ڈیول سم کی فعالیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ سم کارڈ سلاٹ کو ہٹانے سے واٹر ریسسٹنس کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

    اس کے علاوہ صرف اعلیٰ ترین آئی فون 14 ماڈلز میں ایپل کی پروموشن ڈسپلے ٹیکنالوجی موجود ہوگی۔

    ایپل نے سب سے پہلے آئی فون پر پروموشن کو آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس کے ساتھ ستمبر 2021 میں متعارف کروایا تھا۔ پروموشن مواد کو دیکھنے اور اسکرولنگ کے لیے ڈسپلے 120 ہرٹز تک خود بخود ریفریش ہونے لگتا ہے۔

    توقع ہے کہ ایپل اس سال آئی فون 14 کے 4 ماڈلز جاری کرے گا، جس میں دو 6.1 انچ اور 6.7 انچ کے معیاری ماڈلز اور دو 6.1 انچ اور 6.7 انچ کے پرو ماڈل شامل ہیں۔

  • نیا آئی فون14 کیسا ہوگا؟ ویڈیو دیکھیں

    نیا آئی فون14 کیسا ہوگا؟ ویڈیو دیکھیں

    امریکی کمپنی ایپل کا تیار کردہ نیا آئی فون14 چند تبدیلیوں کے بعد مارکیٹ میں آنے کیلیے تیار ہے، صارفین بھی اس جدید فون کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے نئے آئی فون 14 کو رواں سال متعارف کرانے جارہی ہے۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل نے آئی فون14 میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں جن میں "پنچ ہول ڈسپلے” قابل ذکر ہے۔

    اس کے علاوہ ایپل کی پروڈکٹس پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق آئی فون 14 میں نوچ کی جگہ صرف فرنٹ کیمرہ ہوگا۔

    آئی فون کے پرانے موبائل فونز میں "نوچ سیلفی” کیمرے کے ساتھ چہرے کی شناخت (فیس آئی ڈی) بھی کام کرتی ہے، نئے آئی فون میں نوچ کی جگہ کیمرہ ہوگا اور چہرے کی شناخت کے بجائے فنگر پرنٹ سینسر لگایا جائے گا۔

    ماہرین کے مطابق اس طرح فائیو جی انٹرنیٹ والے آئی فون 14 سے مزید اچھی سیلفی لی جاسکے گی۔

    رپورٹس کے مطابق ستمبر 2022 میں متعارف ہونے والے آئی فون 14 سیریز میں فزیکل سم کارڈ کا سلاٹ ختم کردیا جائے گا اور وہ موبائل فونز صرف ای سم (eSIM)کو سپورٹ کریں گے۔

    اس سے قبل ایپل کمپنی ستمبر2018 سے اپنے ماڈل آئی فون(ایکس ایس) کے متعارف کرائے جانے کے بعد اپنے تمام ماڈلز میں ای سِم سپورٹ کا آپشن فرا ہم کررہی تھی لیکن اس کے ساتھ ساتھ صارفین فزیکل نینو سم کارڈ کا آپشن بھی استعمال کر رہے تھے۔

  • آئی فون پسند کرنے والے صارفین کے لیے بری خبر

    آئی فون پسند کرنے والے صارفین کے لیے بری خبر

    کیلیفورنیا: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے دس برسوں میں پہلی بار آئی فون کی پیداوار روک دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 2020 میں وبائی مرض شروع ہونے کے بعد پہلی بار، سپلائی چَین کی رکاوٹوں نے ایپل کو اپنے آئی فون لائن اپ کی پیداوار کو روکنے پر مجبور کر دیا ہے۔

    ایپل کے آئی فونز دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقبول اسمارٹ فونز میں سے ایک ہیں جن کے کروڑوں ماڈلز ہر سال فروخت ہوتے ہیں، مگر لوگوں کو جلد اس کے مختلف ماڈلز کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، اور اس کی وجہ چپس کی قلت بتائی گئی ہے۔

    ایک جاپانی اخبار نکائے کی رپورٹ کے مطابق ایپل کو سپلائی چَین میں رکاوٹوں، اور چین میں توانائی کے بحران کے باعث کئی دنوں تک سیل فونز کی پیداوار روکنی پڑی تھی۔

    رپورٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ رواں ہفتہ جب ایپل کی پیداوار چھٹیوں کے شاپنگ سیزن کی عالمی مانگ کو پورا کرنے کے لیے اوور ٹائم میں جانی تھی، لیکن کارکنوں کو اضافی شفٹوں اور 24 گھنٹے پروڈکشن شیڈول ملنے کی بجائے چھٹی مل رہی ہے۔

    ایک سپلائی چَین منیجر نے اخبار کو بتایا کہ پرزہ جات اور چپس کی محدود دستیابی کی وجہ سے، چھٹیوں میں اوور ٹائم کام کرنے اور فرنٹ لائن ورکرز کو اضافی تنخواہ دینے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انھوں نے کہا کہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔

    ایپل نے پہلے ہی اکتوبر میں اپنے آئی فون 13 کی پیداوار کے اہداف میں کٹوتی کی تھی، حتیٰ کہ نومبر میں ایپل کو آئی فون 13 کی پیداوار کو برقرار رکھنے کے لیے آئی پیڈ کی شپمنٹس روک لینی پڑی تھی، لیکن یہ پھر بھی پیداوار کو روکنے سے بچانے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوا۔

    2021 میں ایپل کا ابتدائی ہدف آئی فون 13 کے 95 ملین ماڈل بنانا تھا، لیکن دسمبر کے آغاز ہی میں یہ تعداد تقریباً 83 سے85 ملین تک گر گئی۔

    ستمبر اور اکتوبر میں آئی فون 13 ماڈل کی پیداوار اپنے ابتدائی اہداف سے 20 فی صد کم رہی، جب کہ آئی پیڈ کی پیداوار نے اسی ٹائم فریم میں متوقع حجم کا صرف 50 فی صد حاصل کیا۔

    پرانے آئی فونز کی پیداوار میں بھی 25 فی صد کمی آئی، اور جب نومبر اپنے خاتمے پر تھا، تو اس وقت بھی صورت حال کچھ بہتر نہیں تھی۔

    رپورٹ کے مطابق آئی فون 13 کے پرزہ جات کے انفرادی سپلائرز کی جانب سے تاخیر کی وجوہ میں ملائیشیا اور ویتنامی لاک ڈاؤن اقدامات، چین میں بجلی کی غیر متوقع پابندیاں، پرزوں کی قلت، پیداوار میں رکاوٹیں، پرزوں کی تیاری کے وقت میں اضافہ اور دیگر وجوہ شامل ہیں۔

  • آئی فون کی قیمت میں کمی کا اعلان

    آئی فون کی قیمت میں کمی کا اعلان

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے آئی فونز کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا، ایپل نے اپنے نئے آئی فونز 14 ستمبر کو متعارف کروائے ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایپل نے 14 ستمبر کو اپنے نئے آئی فون 13 منی، آئی فون 13، آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس متعارف کرائے، نئے آئی فونز کے متعارف کروانے کے ساتھ کمپنی کی جانب سے پرانے ماڈلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا بھی اعلان کیا گیا۔

    ایپل کی جانب سے آئی فون 12 منی، آئی فون 12 اور آئی فون 11 کی قیمتوں میں 100 ڈالرز کی کمی کی گئی ہے۔

    سو ڈالرز کمی کے بعد 2020 کا آئی فون 12 منی اب 599 ڈالرز (81 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، آئی فون 12 699 ڈالرز جبکہ 2019 کا آئی فون 11 تاریخ کی کم
    ترین قیمت 499 ڈالرز (97 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

    یعنی ایپل کا 2020 کا مقبول ترین آئی فون اب اس کے سستے ترین آئی فون ایس ای (2020) سے کچھ زیادہ مہنگا نہیں رہا جو 399 ڈالرز میں دستیاب ہوگا۔

    اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرو میکس کو ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ آئی فون 13 منی کا 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 699 ڈالرز جبکہ آئی فون 13 کا 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 799 ڈالرز میں دستیاب ہوگا۔

    آئی فون 13 منی اور آئی فون 13 پری آرڈر میں 17 ستمبر جبکہ صارفین کو 24 ستمبر سے دستیاب ہوں گے۔

    اسی طرح آئی فون 12 پرو کی قیمت 999 ڈالرز سے شروع ہوگی جو 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل ہوگا۔ اس فون کے پری آرڈر 17 ستمبر سے شروع ہوں گے اور ایک ہفتے بعد 24 ستمبر کو صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

    آئی فون 12 پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالرز سے شروع ہوگی جو 128 جی بی والا ماڈل ہوگا۔

  • آئی فون میں پہلی بار سب سے زیادہ اسٹوریج

    آئی فون میں پہلی بار سب سے زیادہ اسٹوریج

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے آئی فونز کی نئی سیریز رواں ماہ متعارف کروائی جائے گی اور حال ہی میں اس کی کچھ خصوصیات سامنے آئی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے نئے آئی فون 13 سیریز کو 14 ستمبر کو متعارف کروایا جائے گا، مگر نئے آئی فونز کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

    نئی لیک میں عندیہ دیا گیا ہے کہ آئی فون 13 سیریز میں ایپل کی جانب سے ایک عام مسئلے کو حل کیا جارہا ہے اور وہ ہے بہت زیادہ اسٹوریج۔

    9 ٹو 5 میک کی رپورٹ کے مطابق ایپل کی لیکس کے حوالے سے معروف تجزیہ کار منگ چی کیو نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس میں 128 جی بی، 256 جی بی، 512 جی بی اسٹوریج کے ساتھ ایک ٹی بی اسٹوریج کا آپشن بھی صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    یہ پہلی بار ہوگا کہ ایپل کی جانب سے کسی آئی فون میں اتنی زیادہ اسٹوریج دی جارہی ہے۔ آئی فونز میں ایس ڈی کارڈ سپورٹ نہیں ہوتی اس لیے محدود اسٹوریج کے علاوہ صارفین کو کلاؤڈ اسٹوریج پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آئی فون 13 منی اور آئی فون 13 میں اسٹوریج 64 جی بی کی بجائے 128 جی بی سے شروع ہوگی۔ آئی فون 13 منی اور آئی فون 13 میں پہلی بار 512 جی بی اسٹوریج کا آپشن بھی دیا جائے گا۔

    مختلف رپورٹس کے مطابق اس بار آئی فونز کا نوچ چھوٹا ہوگا جبکہ آل ویز آن 120 ہرٹز ریفریش ریٹ والے ڈسپلے بھی پہلی بار ایپل کے فلیگ شپ فون کا حصہ بن سکتے ہیں۔

    پہلے سے بہتر کیمرا سیٹ اپ بھی ڈیوائسز کا حصہ ہوگا جبکہ اے 15 پراسیسر اور پہلے سے کچھ بڑی بیٹری بھی ان فونز میں موجود ہوگی۔

    ایسی افواہیں بھی ہیں کہ اس بار آئی فونز میں سیٹلائٹ کال سپورٹ کا فیچر ہوسکتا ہے مگر ممکنہ طور یر یہ مخصوص علاقوں میں ایمرجنسی استعمال تک محدود ہوگا۔

    لیکس کے مطابق 2021 میں بھی 4 نئے آئی فونز متعارف ہوں گے جن میں 5.4 انچ کا آئی فون 13 منی، 6.1 انچ کا آئی فون 13، 6.1 انچ کا آئی فون 1 پرو اور 6.7 انچ کا آئی فون 13 پرو میکس شامل ہوں گے۔

  • جب سیب آرڈر کرنے والے شہری کو آئی فون موصول ہوا

    جب سیب آرڈر کرنے والے شہری کو آئی فون موصول ہوا

    ویسے تو اکثر اوقات آن لائن آئی فون خریدنے والے افراد کو دھوکا ہوجاتا ہے اور آئی فون کی جگہ انہیں کچھ اور موصول ہوجاتا ہے، لیکن ایک برطانوی شہری کو سیب آرڈر کرنے پر ایپل کا آئی فون مل گیا۔

    انگلینڈ کے رہائشی 50 سالہ نک جیمز نے سپر مارکیٹ ٹیسکو سے سیب آرڈر کیے تھے، جب وہ انہیں وصول کرنے گیا تو عملے نے اسے آگاہ کیا کہ اس کے تھیلے میں ایک سرپرائز ہے۔

    جیمز یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اسے تحفے کے طور پر ایک آئی فون دیا گیا ہے۔ تحفہ پا کر جیمز نے ٹیسکو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس کا بیٹا اس فون کو دیکھ کر نہایت خوش ہے۔

    اس کا کہنا ہے کہ سرپرائز کا سن کر مجھے لگا کہ یہ کوئی ایسٹر ایگز قسم کا تحفہ ہوگا لیکن یہ تحفہ میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔

    یہ تحفہ دراصل ٹیسکو کی پروموشن اسکیم کا حصہ تھا، ٹیسکو اپنے گاہکوں کو شاپنگ کرنے پر آئی فون، ایئر پوڈز اور سام سنگ کی ڈیوائسز تحفے میں دے رہی ہے۔

    اس کے لیے وہ شاپنگ کرنے والے کسی بھی گاہک کا انتخاب کرتے ہیں اور اسے تحفہ دیتے ہیں، ٹیسکو کی یہ اسکیم ایک ہفتے کے لیے ہے۔