Tag: IPL 2020

  • بھارت کے سینئر کھلاڑی کا دھونی کے کیریئر سے متعلق بڑا انکشاف

    بھارت کے سینئر کھلاڑی کا دھونی کے کیریئر سے متعلق بڑا انکشاف

    ممبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کرشنمچاری سری کانت نے کہا ہے کہ اگر اس سال آئی پی ایل نہیں ہوا تو دھونی کا کیریئر ختم ہو جائے گا۔ یہ بات انہوں نے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں بات کو توڑ موڑ کر پیش نہیں کروں گا لیکن اگر اس سال آئی پی ایل نہيں ہوتا ہے تو مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم میں واپسی کی امید بالکل ختم ہو جائے گی۔

    ایک سوال کے جواب میں سری کانت نے کہا کہ میرے مطابق لوکیش راہول وکٹ کیپر بلے باز ہو سکتے ہیں، مجھے رشبھ پنت پر بھی بھروسہ ہے وہ کافی باصلاحیت ہیں تو مجھے نہیں لگتا کہ انہیں ٹیم میں شامل کرنے میں کوئی دقت ہوگی لیکن اگر آئی پی ایل نہیں ہوتا ہے تو دھونی کا عالمی کپ ٹیم میں شامل ہونا انتہائی مشکل ہوگا۔

    اس سے قبل انگلینڈ کے سابق کپتان ناصرحسین نے دھونی کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی کافی کرکٹ بچی ہے اور وہ اب بھی ہبھارت کے لئے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ دھونی جیسے کھلاڑی صدیوں میں ایک بار آتے ہیں جنہیں دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے اور ایسے میں ان پر جلد ہی ریٹائرمنٹ لینے کا دباؤ نہیں ڈالنا چاہئے۔

    یاد رہے کہ مہندر سنگھ دھونی گزشتہ سال انگلینڈ میں ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد سے اب تک میدان میں نہیں اترے ہیں اور وہ آئی پی ایل سے ٹیم میں واپسی کرنے والے تھے۔

    دھونی آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگ ٹیم کے کپتان ہیں اور آئی پی ایل ان کے لئے آسٹریلیا میں اس سال اکتوبر میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں انتخاب کے لئے کافی اہم ثابت ہوں گے۔

    آئی پی ایل کا انعقاد 29 مارچ سے ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے بی سی سی آئی نے اسے 15 اپریل تک ملتوی کر دیا تھا تاہم حالات کو دیکھتے ہوئے اس کے منعقد ہونے کےامکانات کافی کم ہیں۔

  • کرونا وائرس کا خوف، ‘انڈین پریمیئر لیگ’ کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    کرونا وائرس کا خوف، ‘انڈین پریمیئر لیگ’ کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    نئی دہلی : دنیا بھر میں وبائی صورت میں پھیلنے والے مہلک ترین کرونا وائرس نے بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کو انڈین پریمیئر لیگ مؤخر کرنے پر مجبور کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وبائی صورت میں دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والے مہلک ترین کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں متعدد میچز اور ٹورنامنٹ منسوخ یا ملتوی کروائے وہی بھارت میں 29 مارچ سے شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی منسوخ کروا دی۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 29 مارچ سے شروع ہونے والے آئی پی ایل میچز کو اب 15 اپریل کے بعد منعقد کرنے پر غور کیا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 مارچ کو آئی پی ایل کا پہلا میچ سابق چمپئن ممبئی انڈینس اور چنئی سپرکنگس کے درمیان ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔

    خیال رہے کہ ہلاکت خیز کرونا وائرس COVID-19 سے بھارت میں اب تک 78 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ایک مریض مہلک وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد دنیا سے ہی رخصت ہوگیا۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس میں مبتلا 4،990 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 135،165 افراد متاثر ہوچکے ہیں، کرونا وائرس کے وبائی صورت اختیار کرنے کے باعث چین کے بعد اٹلی میں سب سے زیادہ اموات واقع ہوئی ہیں۔

    مزید پڑھیں : بھارتی ریاست کیرالہ بھی کرونا وائرس کی زد میں؟

    چین اور یورپ سمیت دنیا بھر کے ممالک کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں تاحال ناکام ہیں لیکن اس وبا میں مبتلا ہونے والے 70،407 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔