Tag: Iqama Transfer

  • روزگار کیلیے کویت جانے والوں کیلئے اہم خبر

    روزگار کیلیے کویت جانے والوں کیلئے اہم خبر

    کویتی حکام نے روزگار کیلیے مملکت میں آنے والے غیر ملکیوں کے ورک پرمٹ اور اقامہ ٹرانسفر سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔

    کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق غیر ملکیوں کے لیے نئے ورک پرمٹ جاری کرنے کا کوٹہ اور فیس بڑھا دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے کویت میں مزدوروں کی زیادہ اجرتوں اور مزدوروں کی کمی کو دور کرنے کے لیے کویت کے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور قائم مقام وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف الصباح کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔

    مذکورہ اجلاس میں وزارت افرادی قوت نے ورک پرمٹ دینے، بیرون ملک سے لائے گئے تارکین وطن کو ورک پرمٹ کے ساتھ اقامہ ٹرانسفر کرنے اور ان پر اضافی فیس عائد کرنے کے طریقہ کار میں ترمیم کرنے کی منظوری دے دی۔

    کویت

    اجلاس میں محکمہ افرادی قوت کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر اس طریقہ کار میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا جو پہلے سے ورک پرمٹ دینے کے لیے موجود تھا۔

    فیصلے مطابق آجر کمپنیاں (کفیل) اب بیرون ملک سے تارکین وطن کارکنوں کو اپنے لائسنس کے کوٹہ کے مطابق ملک میں لا سکتے ہیں جبکہ اس سے پہلے بیرون ملک بھرتی کے لیے 25 فیصد اور مقامی بھرتی کے لیے 75 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا تھا۔

    کویتی حکام کے اس اقدام کا مقصد مملکت میں مزدوروں کی کمی کے نتیجے میں زیادہ تنخواہ ڈیمانڈ کرنے کی روایت کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری ماحول کو فروغ دینا ہے۔

    یہ فیصلہ یکم جون 2024 سے نافذ العمل ہوگا، پچھلے فیصلے نے کاروباری مالکان کو بیرون ملک سے ایک خاص کوٹہ کے مطابق ورک پرمٹ حاصل کرنے اور مقامی بھرتی کے ذریعے بھرتی مکمل کرنے کا پابند کیا تھا جس سے اس سے مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا اور شہریوں پر زیادہ بوجھ پڑا۔

    نئے فیصلے میں پہلی بار ورک پرمٹ جاری کرنے پر 150 کویتی دینار کی اضافی فیس عائد کی گئی ہے، اس کا مقصد آجروں کے لیے روزگار میں زیادہ استحکام حاصل کرنا ہے۔

    اس فیصلے کے مطابق اگر بیرون ممالک سے بھرتی کئے جانے والے کارکن کو ملک میں تین سال سے زیادہ عرصہ نہیں ہوا ہے اور وہ ایک کمپنی سے دوسری کمپنی میں منتقل ہونا چاہتا ہے تو اس کے لیے 300 کویتی دینار کی فیس بھی عائد کی جائے گی، دونوں صورتوں میں، اقامہ ٹرانسفر کے لیے کفیل کی منظوری درکار ہوگی۔

  • گھریلو ملازم کے نقل کفالہ کے لیے سعودی حکام کی وضاحت

    گھریلو ملازم کے نقل کفالہ کے لیے سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے وضاحت پیش کی ہے کہ آجر کی منظوری کے بغیر کن صورتوں میں گھریلو ملازم کا نقل کفالہ ممکن ہوسکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے گھریلو ملازمین کے نقل کفالہ کی مشروط اجازت دی ہے۔

    وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ گھریلو کارکن کسی اور آجر کے نام نقل کفالہ کروا سکتے ہیں اس کے لیے موجودہ آجر کی منظوری ضروری نہیں۔

    وزارت افرادی قوت نے گھریلو عملے کے لیے آزمائشی مرحلے اور نئے آجر کی جانب سے پیش کش کے ضوابط بھی مقرر کیے ہیں، وزارت ملازمت کا معاہدہ مکمل ہونے پر گھریلو کارکن کو خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) کی کارروائی کا موقع مہیا کرے گی۔

    بیان میں کہا گیا کہ گھریلو کارکن اور وہ اجیر جو گھریلو کارکن کے دائرے میں آتے ہوں انہیں کسی اور کے یہاں نقل کفالہ کی اجازت ہے، اس کے لیے بعض صورتوں میں موجودہ آجر کی منظوری ضروری نہیں۔

    اگر مسلسل 3 ماہ یا کل ملا کر 3 ماہ تک گھریلو کارکن کے کفیل نے تنخواہ نہ دی ہو اور اس کا ذمے دار گھریلو کارکن نہ ہو تو اس صورت میں نقل کفالہ کی اجازت ہوگی۔

    اس صورت میں بھی نقل کفالہ کروایا جا سکتا ہے کہ اگر گھریلو ملازمہ باہر سے آئی ہو اور اس کے اسپانسر نے ریکروٹنگ ایجنسی یا اسے پناہ دینے والے ادارے سے اطلاع کے بعد پندرہ روز کے اندر اپنے یہاں نہ بلایا ہو۔

    ایک صورت یہ ہے کہ گھریلو ملازمہ کے آجر نے ملازمہ کا اقامہ نہ بنوایا ہو یا اقامے کی تاریخ ختم ہونے پر 30 روز گزر چکے ہوں اور اقامے کی توسیع نہ کروائی ہو، گھریلو کارکن کے آجر نے ملازم یا ملازمہ کو محنتانے پر کسی اور کے حوالے کردیا ہو۔

    ڈرائیور ویزے کی نئی شرط

    گھریلو کارکن کے ساتھ آجر یا اس کے خاندان کے کسی فرد نے برا سلوک کیا ہو، گھریلو ملازم نے اپنے آجر کے خلاف شکایت درج کروائی ہو اور شکایت کے فیصلے میں تاخیر کا ذمے دار اس کا آجر ہو اور گھریلو ملازم شکایت نمٹانے میں تاخیر کا ذمے دار نہ ہو۔

    گھریلو کارکن کے آجر نے گھریلو کارکن کے خلاف ہروب کی غلط رپورٹ درج کروائی ہو، گھریلو کارکن کا آجر یا اس کا نمائندہ شکایت کیس کی تاریخ پر متعلقہ کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوا ہو اور 2 تاریخوں پر غیر حاضر رہ چکا ہو۔

    شکایت کی سماعت کے دوران متعلقہ ادارے نے سفارش کی ہو کہ اگر نقل کفالہ نہ ہوا تو ایسی صورت میں گھریلو ملازم ممکنہ مسائل سے دو چار ہوسکتا ہے، اگر گھریلو ملازم کا آجر سفر یا قید ہوجانے یا کسی اور وجہ سے غیر حاضر ہو اور اس وجہ سے وہ گھریلو ملازم کا محنتانہ ادا نہ کر پا رہا ہو۔

    ایسی تمام صورتوں گھریلو ملازم کا نقل کفالہ دوسرے آجر کے یہاں پہلے آجر کی لا علمی میں ہوسکتا ہے، گھریلو ملازم کے آجر نے آزمائشی مرحلے میں ملازمت کا معاہدہ ختم کردیا ہو۔