Tag: iqama

  • سعودی اقامے کی معیاد ختم ہونے سے پریشان افراد کے لیے ایک اور سہولت

    سعودی اقامے کی معیاد ختم ہونے سے پریشان افراد کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی حکام نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ اقامے کی تاریخ ختم ہوجانے کی وجہ سے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے، یا اے ٹی ایم کارڈ ختم ہونے کی وجہ سے رقم فریز کرنے جیسی تمام کارروائیاں فی الحال روک دی جائیں اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جن کھاتے داروں کے اے ٹی ایم کارڈ ختم ہوگئے ہوں یا ختم ہونے والے ہوں ان کی تاریخ میں توسیع کردی جائے۔

    ساما نے یہ پابندی بھی لگائی ہے کہ اے ٹی ایم کارڈ میں توسیع کرتے وقت کھاتے داروں کی منظوری ضرور لی جائے، توسیع کی کارروائی میں کھاتے داروں کو ضروری سہولت مہیا کی جائے اور ممکنہ وسائل کی مدد سے تجدید شدہ کارڈ کھاتے داروں تک پہنچائے جائیں۔

    ساما نے قومی شناختی کارڈ یا اقامے کی تاریخ ختم ہوجانے کی وجہ سے بینک اکاؤنٹ منجمد نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، اسی طرح اکاؤنٹ ایکٹو نہ ہونے کی صورت میں اسے منجمد کرنے کی پابندی بھی معطل کرنے کے لیے کہا ہے۔

    ساما نے بینکوں کو ایک ہدایت یہ بھی دی ہے کہ اگر شناختی کارڈ ختم ہونے یا مختار نامے کی میعاد ختم ہوجانے کی وجہ سے کمپنیوں اور اداروں کے اکاؤنٹ کسی قسم کے اسباب کی وجہ سے منجمد کر دیے گئے ہوں تو انہیں بھی کھول دیا جائے اور تا اطلاع ثانی منجمد کھاتے بحال کردیے جائیں۔

    ساما کا کہنا ہے کہ مذکورہ تمام سہولتیں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے مسائل حل کرنے کی خاطر دی جارہی ہیں۔

  • سعودی اقامہ رکھنے والوں کے لیے خوشخبری

    سعودی اقامہ رکھنے والوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے کی مدت میں کسی فیس کے بغیر 3 ماہ کے لیے توسیع کردی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ سعودیہ میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے (رہائشی پرمٹ) کی مدت میں کسی فیس کے بغیر خود بخود 3 ماہ کے لیے توسیع کردی جائے گی۔

    محکمہ پاسپورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق نجی شعبے کےغیر ملکی کارکنان پر ہوگا جن کے اقامے کی معیاد ختم ہوچکی ہے، یا 18 مارچ کے بعد اور 30 جون تک ختم ہوگی، چاہے وہ افراد مملکت میں موجود ہیں یا نہیں۔

    ایسے تمام غیر ملکیوں کو انفرادی طور پر ٹیکسٹ میسج کے ذریعے اقامے کی توسیع کے بارے میں مطلع کردیا جائے گا۔

    محکمہ پاسپورٹ کے مطابق یہ قدم سعودی حکومت کی طرف سے کرونا وائرس کے باعث مالی اور معاشی رکاوٹ کو دور کرنے کی تازہ ترین کوشش ہے۔

    سعودی حکومت نجی اداروں اور اقتصادی سرگرمیوں پر کرونا وائرس سے پڑنے والے نقصانات کا بوجھ کم کرنے کے لیے کئی اہم اقدامات کا اعلان کر چکی ہے۔

    وائرس کے نقصانات سے اداروں کو بچانے کے لیے کئی ہنگامی پروگرام، اسکیمیں اور اقدامات طے کیے گئے ہیں۔

  • اقامہ رکھنے والے افراد کے لیے ضروری ہدایت

    اقامہ رکھنے والے افراد کے لیے ضروری ہدایت

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اقامہ رکھنے والے وہ افراد جو فضائی راستے بند ہونے کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں آسکے، ان کے ویزوں کی مدت میں توسیع کردی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ جو افراد کرونا وائرس کے سبب فضائی راستے بند ہونے کی وجہ سے سعودی عرب نہیں آسکے انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ وہ افراد جو چھٹی پر پاکستان گئے ہوئے ہیں اور وقت مقررہ پر سعودی عرب نہیں آسکے، ان کے خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری ویزوں) کی مدت میں توسیع کر دی جائے گی۔

    سعودی اداروں کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ جوں ہی حالات نارمل ہوں گے اور سفری پابندیاں ختم ہوں گی، تو ویزوں کی توسیع خود کار طریقے سے کی جائے گی۔

    تاہم اس بارے میں کیا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا اس کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 12 سو 99 سامنے آچکے ہیں جبکہ 8 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • ویزے یا اقامے کی میعاد کے خاتمے سے پریشان پاکستانیوں کیلئے سیل کا قیام

    ویزے یا اقامے کی میعاد کے خاتمے سے پریشان پاکستانیوں کیلئے سیل کا قیام

    اسلام آباد : پاکستان نے کرونا وائرس کی وجہ سے فضائی آپریشن یا بارڈرز بند ہونے کے باعث ویزے یا اقامے کی میعاد ختم ہونے کی وجہ سے پریشان پاکستانیوں کیلئے خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت سمندر پار پاکستانیز نے کورونا وائرس کے حوالے سے بیرون ملک رہنے یا ملازمت کرنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے خصوصی سیل قائم کردیا ہے۔

    کورونا وائرس ایمرجنسی سیل ان تمام افراد کے لیے قائم کیا گیا ہے جو کہ فضائی آپریشن یا بارڈرز بند ہونے کی وجہ سے ویزے یا اقامے کی میعاد ختم ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں۔

    اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایسے تمام مسائل پر میں ترجیحی بنیادوں پر کام کر ہا ہوں۔

    ٹوئٹر پر زلفی بخاری نے ان تمام افراد سے ایمرجنسی سیل سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے جن کے ویزے یا اقامے کی مدت ختم ہو چکی ہے۔
    اس سلسلے میں قائم کیے گئے ایمرجنسی سیل کے رابطہ کا طریقہ کار مندرجہ ذیل ہے۔
    ٹیلی فون نمبر : +92519212525
    موبائل نمبر :+923060329901
    اس کے علاوہ شہری ٹوئٹر اور فیس بک پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • سعودی عرب: اقامہ رکھنے والے غیرملکیوں کے لیے بڑی خبر

    سعودی عرب: اقامہ رکھنے والے غیرملکیوں کے لیے بڑی خبر

    ریاض: سعودی مالیاتی اتھارٹی نے اقامہ رکھنے والے غیرملکیوں کو خصوصی رعایت دے دی۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں غیر ملکیوں کا اقامہ ختم ہونے پر اب ان کا بینک اکاؤنٹ فریز نہیں کیا جائے گا۔ مالیاتی اتھارٹی نے تمام بینکوں کو خصوصی ہدایت جاری کردی۔

    سعودی مالیاتی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے حالات کا جائزہ لینے کے بعد صارفین کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    نئے فیصلے سے نا صرف اقامہ رکھنے والے بلکہ دیگر اعتبار سے بھی شہری مستفید ہوں گے جن میں سعودی شہریوں کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ختم ہونے پر بینک اکاؤنٹ معطل نہ کرنا بھی شامل ہے۔

    پاکستان اور بھارت میں موجود اقامہ ہولڈرز کے لئے سعودی عرب کا اہم اعلان

    نئی حکمت عملی کے تحت سعودی مالیاتی اتھارٹی نے تمام بینکوں کو ہدایت جاری کر دی۔

    کروناوائرس کے پیش نظر وہ بینک اکاؤنٹ جن میں ایک عرصے سے ٹرانزیکشن نہیں ہوئی انہیں بھی معطل نہیں کیا جائے گا۔ سعودی عرب کے تمام بینکوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مالیاتی اتھارٹی کے حکم پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

  • سعودی عرب: مخصوص خواتین کو 5 سال کے لیے مفت اقامہ دینے کا فیصلہ

    سعودی عرب: مخصوص خواتین کو 5 سال کے لیے مفت اقامہ دینے کا فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب نے مملکت میں مقیم غیر ملکی مطلقہ اور بیوہ خواتین کے لیے 5 سالہ مفت اقامہ حاصل کرنے کا طریقہ کار متعارف کروا دیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے طلاق یافتہ یا بیوہ خواتین کے لیے 5 سالہ مفت اقامہ حاصل کرنے کا طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے۔

    بیوہ یا مطلقہ کو 5 سالہ اقامے کے حصول کے لیے مخصوص دستاویزات اور کاغذات پیش کرنا ہوں گے، محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ 5 سالہ مفت اقامہ صرف ان مطلقہ یا بیوہ خواتین کو دیا جائے گا جو سعودی اولاد کی مائیں ہوں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے سعودی اولاد کی غیر ملکی ماں کو مفت اقامہ دینے کے لیے لائحہ عمل بھی جاری کیا ہے، جس کے مطابق بیوہ یا مطلقہ کو مندرجہ ذیل دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔

    درخواست گزار کو پہلے مستقل اقامے والا فارم بھرنا ہوگا، پاسپورٹ کی فوٹو کاپی اور اقامہ کارڈ کی فوٹو کاپی پیش کرنا ہوگی اس کے علاوہ طلاق نامے کی فوٹو کاپی کے ساتھ نکاح نامے کی فوٹو کاپی بھی دینا ہوگی۔

    اس کی شرط یہ ہے کہ نکاح نامے پر وزارت داخلہ کی جانب سے شادی کی منظوری بھی تحریر ہو۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ کے مطابق  سعودی اولاد کے برتھ سرٹیفکیٹ کی کاپی  اور فیملی کارڈ کی فوٹو کاپی پیش کرنا ہوگی۔

    ایک حلفیہ دستاویز  یہ بھی پیش کرنا ہوگی کہ وہ مطلقہ یا بیوہ اپنے شوہر کی وفات یا طلاق ملنے کے بعد اب تک کسی اور کے نکاح میں نہیں ہے، شوہر کے انتقال کی صورت میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔

  • اقامہ رکھنے والوں کے لیے ایک اور سہولت متعارف

    اقامہ رکھنے والوں کے لیے ایک اور سہولت متعارف

    ریاض: سعودی عرب میں منفرد اقامہ رکھنے والے غیر ملکیوں کے لیے ایک نئی سہلوت متعارف کروادی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں سعودی کابینہ نے منفرد اقامہ قانون کی دفعہ گیارہ میں ایک نئی شق شامل کی ہے، جسے شق نمبر 3 قرار دیا گیا ہے۔

    نئی شق کے تحت منفرد اقامہ منسوخ کیے جانے پر خاندان کے افراد 2 صورتوں میں حقوق اور سہولتوں سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔

    اگر مقررہ قانون کے مطابق کسی کا منفرد اقامہ منسوخ کیا گیا تو ایسی صورت میں منفرد اقامہ رکھنے والے کے اہل و عیال مقررہ حقوق اور سہولتوں سے اتنی مدت تک ہی استفادہ کرسکیں گے، جتنا کہ منفرد اقامے کے لیے قانون میں مقرر کی گئی ہے۔

    یہ منفرد اقامہ، قانون کی دفعہ 9 کی ذیلی شق کے مطابق اس وقت منسوخ ہوسکتا ہے اگر منفرد اقامہ رکھنے والے کی موت واقع ہو جائے یا وہ منفرد اقامے کی اہلیت سے محروم ہوجائے۔

    تاہم اب نئی شق کے اضافے سے منفرد اقامہ رکھنے والے کے اہل و عیال، اقامے کی منسوخی کے بعد بھی اس سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔

    خیال رہے کہ منفرد اقامہ رکھنے والوں کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری سمیت کئی حقوق اور مراعات حاصل ہیں اور ایسے افراد کو سعودی عرب آنے جانے میں کسی طرح کی پابندی کا سامنا نہیں ہے۔

  • سعودی عرب: پولیس نے جعلی اقامے فروخت کرنے والا گروہ دھر لیا

    سعودی عرب: پولیس نے جعلی اقامے فروخت کرنے والا گروہ دھر لیا

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں جعلی اقامے فروخت کرنے والا غیر ملکی گروہ گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے گروہ کے پاس موجود متعدد جعلی اقامے بھی ضبط کرلیے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان 2 سوڈانی تارکین ہیں جو انتہائی مہارت سے اقاموں میں جعلسازی کرتے تھے اور نہایت کامیابی سے جعلی اقامے فروخت کرنے کا دھندا جاری رکھے ہوئے تھے۔

    ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کو رپورٹ ملی تھی کہ ایک غیر ملکی جعلساز گروہ دارالحکومت ریاض میں اقاموں کا دھندا کررہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس نے سراغ رسانوں کی خصوصی ٹیم کی مدد سے پہلے ان کی نشاندہی کی اور پھر انہیں ظہراللبن محلے سے گرفتار کیا۔ یہ ریاض کا مغربی محلہ ہے جہاں جعلسازوں کے اڈے سے جعلی اقامے برآمد ہوئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب سعودی حکومت نے اقامہ کی میعاد ختم ہونے پر 3 دن تک تجدید نہ کروانے کی صورت میں جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ کسی کا اقامہ ختم ہونے پر تاخیر کا جرمانہ اقامہ ختم ہونے کے 3 دن بعد نافذ ہوگا۔ اگر 3 دن کے اندر اقامے کی تجدید کروالی گئی تو ایسی صورت میں جرمانہ نہیں ہوگا۔

  • سعودی عرب کے اقامہ ہولڈرز کے لیے ایک اور سہولت متعارف

    سعودی عرب کے اقامہ ہولڈرز کے لیے ایک اور سہولت متعارف

    ریاض: سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی شہری اب اپنی انشورنس سروس، میڈیکل انشورنس کارڈ کے بجائے صرف اپنا شناختی کارڈ یعنی اقامہ دکھا کر ہی حاصل کرسکیں گے۔

    سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل کا کہنا ہے کہ یکم جنوری 2020 سے انشورنس کے لیے شناختی کارڈ (اقامہ) دکھانا ہی مؤثر ہوگا جبکہ مقامی شہریوں سے ان کا قومی شناختی کارڈ طلب کیا جائے گا۔

    ہیلتھ انشورنس کونسل کے سیکریٹری جنرل شباب الغامدی کے مطابق یکم جنوری 2020 سے اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں علاج اور طبی معائنے کے لیے جانے والوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دکھانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ سعودی شہری قومی شناختی کارڈ اور غیر ملکی اپنے اقامے کی بنیاد پر میڈیکل انشورنس سہولت حاصل کرسکیں گے۔ شناخت کا واحد ذریعہ اقامہ یا قومی شناختی کارڈ ہی ہوگا۔

    سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ ہیلتھ انشورنس کونسل نے ’سھلناھا علیک‘ کے نام سے نئی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس کے معنی ہیں ’ہم نے سروس آپ کے لیے آسان کردی‘۔

    مذکورہ مہم کے تحت انگریزی، عربی، اردو، فلپائنی، ہندی اور بنگالی 6 زبانوں میں سوشل میڈیا پر 2 ماہ تک آگہی پیغامات بھیجے جائیں گے۔ اس کے لیے ذرائع ابلاغ، ریڈیو، ٹی وی اور اخبارات سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

  • عمران خان نے خواجہ آصف کا اقامہ ٹوئٹر پر پوسٹ کر دیا

    عمران خان نے خواجہ آصف کا اقامہ ٹوئٹر پر پوسٹ کر دیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خواجہ آصف کا اقامہ ٹوئٹر پر پوسٹ کر دیا، عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اوروزیروں کی بےنقاب ہونے والی بددیانتی حیران کن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا اقامہ پوسٹ کردیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ تمام مافیا کے پاس متحدہ عرب امارات کے اقامے ہیں کیونکہ متحدہ عرب امارات کے بینک پابند نہیں ہیں اور نہ ہی اقاما ہولڈرز کے اکاؤنٹ کی تفصیلات ظاہر کرتا ہے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وزیر اعظم اوروزیروں کی بےنقاب ہونے والی بددیانتی حیران کن ہے، ان کے لالچ سے ہم واقف ہیں مگر پھر بھی اتنی بددیانتی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ بین الاقومی معاہدے کے تحت سینٹرل بینک متحدہ عرب امارات کو غیر رہائشیوں کے بینک اکاؤنٹس کی تمام معلومات کو ظاہر کرنا لازمی ہے۔


    مزید پڑھیں : خواجہ آصف وفاقی وزیر ہونے کے ساتھ دبئی کمپنی کے ملازم نکلے


    یاد رہے 2 روز قبل سیالکوٹ سے خواجہ آصف کے حلقے سے پی ٹی آئی کے امید وار عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خواجہ آصف کے اقامے کی کاپی جاری کی تھی، جس کے مطابق خواجہ آصف بھی دبئی کی کمپنی میں ملازم ہیں۔

    ی آٹی ٹی کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف سے متعلق حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں، آرٹیکل63،62کےتحت خواجہ آصف کو بھی گھر بھیجیں گے، اقامہ ان کمپنیوں سے لیا گیا، جنہیں پروجیکٹ کی مد میں فائدہ دیا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف سے متعلق جو دستاویزات ملی ہیں وہ حیران کن ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔