Tag: iran israel

13 جون 2025 کو، اسرائیل نے ایران کے خلاف "آپریشن رائزنگ لائن” کے نام سے ایک بڑے فوجی آپریشن کا آغاز کیا۔ اس حملے میں ایران بھر میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں اس کی جوہری تنصیبات، فوجی اڈے اور یہاں تک کہ سینیئر فوجی عہدیداروں کی رہائش گاہیں بھی شامل تھیں۔

Iran Israel War News Today

تہران، نطنز (ایک اہم جوہری افزودگی کی سہولت کا گھر)، اور دیگر شہروں میں دھماکوں کی اطلاع ملی، ابتدائی رپورٹوں میں نطنز کی سہولت کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچنے اور کم از کم دو اعلیٰ ایرانی فوجی افسران اور جوہری سائنسدانوں کی ہلاکت کی نشاندہی کی گئی۔

اسرائیل نے کہا کہ یہ "پیشگی حملے” تھے جن کا مقصد ایران کے تیزی سے بڑھتے ہوئے جوہری پروگرام کو روکنا تھا، جسے وہ ایک وجودی خطرہ سمجھتا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے زور دیا کہ آپریشن "اس خطرے کو ختم کرنے کے لیے جتنے دن لگیں گے” جاری رہے گا، اور انٹیلی جنس کا حوالہ دیا کہ ایران نے جوہری ہتھیاروں کو تیزی سے تیار کرنے کے لیے کافی افزودہ یورینیم جمع کر لیا تھا۔ ان حملوں میں ایران کے فضائی دفاع کو غیر فعال کرنے کے لیے موساد کی خفیہ تخریبی کارروائیاں بھی شامل تھیں۔

اسرائیلی حملوں کے جواب میں، ایران نے "سخت سزا” کا عزم کیا اور اسرائیل کی طرف 100 سے زائد ڈرون لانچ کر کے جوابی کارروائی کی۔ اس کشیدگی نے مشرق وسطیٰ کو ممکنہ طور پر تباہ کن مکمل جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، دونوں فریق مزید کارروائی کی دھمکی دے رہے ہیں اور اقوام متحدہ اور IAEA جیسی بین الاقوامی تنظیمیں کشیدگی میں کمی اور تحمل پر زور دے رہی ہیں۔

  • ایرانی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش، نیتن یاہو مودی کے نقش قدم پر

    ایرانی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش، نیتن یاہو مودی کے نقش قدم پر

    تل ابیب: اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں، اور ایران کے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت جنگ کے دوران نریندر مودی نے پاکستانی عوام کو فوج کے خلاف کرنے کی ناکام کوشش کی تھی، اسی طرح نیتن یاہو نے بھی ایرانی عوام کو حکومت کے خلاف کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔

    گزشتہ روز نیتن یاہو نے ایرانی عوام کے نام ایک پیغام میں کہا کہ لڑائی ایرانی عوام سے نہیں بلکہ حکمراں آمریت کے خلاف ہے، انھوں نے کہا ہمارا ہدف ایرانی عوام نہیں بلکہ ان کا جابرانہ نظام ہے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اسلامی حکومت 50 سال سے ایرانی عوام کو ظلم کا نشانہ بنا رہی ہے، یہ حکومت اسرائیل کی تباہی کی دھمکیاں دے رہی ہے، ہماری جنگ عوام سے نہیں، دہشت گردی اور جبر سے ہے، مشرق وسطیٰ کا مستقبل امن اور خوش حالی کا ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا ہم امید کرتے ہیں مشرق وسطیٰ میں امن و خوش حالی کا دن جلد آئے گا۔


    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا ایرانی عوام کے نام پیغام


    خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انھیں ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان قریبی ہم آہنگی کا پتا چلتا ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے، جس میں جوہری مقامات، جوہری سائنس دانوں اور فوجی سربراہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سمیت کئی اعلیٰ فوجی عہدے دار، اور 6 جوہری سائنس دان بھی شہید ہوئے ہیں۔

    دوسری طرف ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اور اب تک اسرائیلی پولیس نے ایک شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جب کہ 41 اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔

  • ایرانی فضائی حملے میں پہلے اسرائیلی شہری کی ہلاکت

    ایرانی فضائی حملے میں پہلے اسرائیلی شہری کی ہلاکت

    تل ابیب: اسرائیل کی پولیس نے کہا ہے کہ ایران کے فضائی حملے میں پہلے اسرائیلی شہری کی ہلاکت ہوئی ہے۔

    اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہر رامات گان میں ڈرون حملے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہے، حملے میں متعدد اسرائیلی شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، ایرانی حملوں کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافد کر دی گئی ہے۔

    امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے آج علی الصبح ایک بار پھر یروشلم پر میزائل داغے ہیں، دھماکوں کی آواز دور دور تک سنائی دی اور مختلف مقامات پر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جب کہ اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی میزائل روکنے میں ناکام رہا۔

    ایرانی حکام نے کہا ہے کہ اسرائیل پر اپنے حملوں میں تیزی لائیں گے، جو ملک اسرائیل کا دفاع کرے گا اس کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا، ایران عالمی قوانین کے تحت فیصلہ کن جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔


    ایران پر حملے سے قبل امریکا نے اسرائیل کو کون سے میزائل دیے؟ برطانوی میڈیا نے بھانڈا پھوڑ دیا


    اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے کہا ہے کہ اسرائیلی عوام محفوظ پناہ گاہوں اور بنکرز میں رہیں، ایران سے اسرائیل کی جانب میزائل داغے جا رہے ہیں، آئی ڈی ایف نے کہا کہ اسرائیلی دفاعی نظام سے ایرانی میزائلوں کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے چوتھے حملے میں اسرائیل کے جوہری تحقیق کے مرکز کو نشانہ بنایا، ایران نے حملے میں اسرائیل کے کئی شہروں کو نشانہ بنایا۔

    اسرائیلی فوج نے کہا ہے ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں، اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی عمارت کے قریب آگ بھڑک اٹھی، حملوں کے سبب 41 اسرائیلی زخمی ہوئے جس میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • ایران پر حملے سے قبل امریکا نے اسرائیل کو کون سے میزائل دیے؟ برطانوی میڈیا نے بھانڈا پھوڑ دیا

    ایران پر حملے سے قبل امریکا نے اسرائیل کو کون سے میزائل دیے؟ برطانوی میڈیا نے بھانڈا پھوڑ دیا

    لندن: مڈل ایسٹ آئی نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے ایران پر حملے سے قبل اسرائیل کو لیزر گائیڈڈ میزائل فراہم کیے تھے۔

    مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق امریکا ایران پر اسرائیلی حملے کے منصوبے سے پیشگی آگاہ تھا، اور امریکا نے خاموشی سے 300 لیزر گائیڈڈ ’’ہیل فائر‘‘ میزائل اسرائیل کو دیے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لیزر گائیڈڈ میزائل کی فراہمی ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے تھی، ہیل فائر میزائل فضا سے زمین پر نشانہ بنانے کی مہارت رکھتے ہیں، امریکا نے اسرائیل کو یہ میزائل سرجیکل اسٹرائیک کے لیے دیے تھے۔

    دو امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مڈل ایسٹ آئی کو بتایا کہ اتنی بڑی مقدار میں Hellfires کی منتقلی سے پتا چلتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اسرائیل کے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملہ کرنے کے منصوبے سے اچھی طرح آگاہ تھی۔


    ایران کا میزائل حملہ، اسرائیلی فوج پریس بریفنگ چھوڑ کر بھاگ نکلی


    دوسری طرف دو امریکی عہدیداروں نے جمعہ کو روئٹرز کو بتایا تھا کہ امریکی فوج نے اسرائیل کی طرف بڑھنے والے ایرانی میزائلوں کو مار گرانے میں مدد کی ہے۔ اسرائیل کی فوج نے جمعہ کے روز اپنے حملے میں 100 سے زائد طیاروں کا استعمال کیا، جس نے اعلیٰ فوجی حکام، ایٹمی سائنس دانوں اور کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنانے کے لیے درست ٹریکنگ کا استعمال کیا تھا۔

    Axios نے جمعہ کو دو اسرائیلی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ اسرائیل کے حملے کے منصوبوں کے خلاف مزاحمت کا صرف ’’ڈھونگ‘‘ کر رہی تھی، لیکن نجی طور پر ان کی مزاحمت نہیں کی۔

  • یورپی ممالک کی جانب سے تحمل کے مطالبے پر ایران کا رد عمل

    یورپی ممالک کی جانب سے تحمل کے مطالبے پر ایران کا رد عمل

    تہران: یورپی ممالک کی جانب سے اسرائیلی حمایت پر ایرانی وزیر خارجہ نے کڑی تنقید کی ہے، اور کہا ہے کہ ایران سے اسرائیلی جارحیت پر تحمل سے کام لینے کا مطالبہ غیر منصفانہ ہے۔

    وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایرانی سرزمین پر اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران توقع کرتا ہے کہ یورپی یونین اسرائیلی مجرمانہ حملوں کی مذمت کرے گی۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق جمعہ کے روز اپنے اطالوی ہم منصب انتونیو تاجانی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے عباس عراقچی نے ایران کے جوہری ڈھانچے اور شہری اضلاع پر ٹارگٹڈ حملوں کی مذمت کی۔ انھوں نے ان کارروائیوں کو مجرمانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران توقع کرتا ہے کہ یورپی یونین ایک واضح طور پر سرکشی کے اقدام کی مذمت میں قطعی مؤقف اختیار کرے گی۔


    ایران کی اسرائیل کا دفاع کرنے والے ممالک کو دھمکی


    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایرانی قوم اور اس کی حکومت بین الاقوامی برادری خصوصاً یورپی یونین سے اس سنگین فعل کے خلاف واضح مذمت کی توقع رکھتی ہے۔ اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے کہا کہ انھوں نے اسرائیلی حکام سے بات چیت کی ہے تاکہ اس حملے کی سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا جا سکے۔ تاجانی نے زور دے کر کہا کہ ایسی حرکتیں ناقابل برداشت ہیں اور انھیں فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔

    وزیر خارجہ اٹلی نے دونوں اطراف سے تحمل کے مظاہرے پر زور دیا، اور کہا کہ امن اور علاقائی استحکام کے حصول میں نئے سرے سے مذاکرات کے لیے اٹلی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

  • شاہ سلمان کا ایرانی عازمین حج سے متعلق بڑا اعلان

    شاہ سلمان کا ایرانی عازمین حج سے متعلق بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت میں موجود ایرانی زائرین ایران میں حالات معمول پر آنے تک ان کے مہمان ہیں۔

    عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان نے جمعہ کے روز سعودی حکام کو حکم دیا ہے کہ مملکت میں پھنسے ہوئے ایرانی عازمین حج کو اس وقت تک ہر قسم کی ضروری مدد فراہم کی جائے جب تک ان کی محفوظ وطن واپسی یقینی نہ ہو۔

    شاہ سلمان نے کہا سعودی عرب میں موجود ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں، ان کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائے، سعودی وزارت حج و عمرہ ایرانی زائرین کی ہر ممکن مدد کرے۔


    اسرائیل کا ایران پر حملہ، سعودی عرب کا سخت ردعمل آگیا


    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے یہ ہدایت اسرائیلی حکام کی جانب سے ایران کے خلاف صبح سویرے فضائی حملے شروع کیے جانے کے فوراً بعد سامنے آئی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق پھنسے ہوئے ایرانی زائرین کو مدد فراہم کرنے کا منصوبہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بادشاہ کو پیش کیا تھا۔ وزارت حج و عمرہ کو اس بات کو یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے کہ زائرین تمام ضروری تعاون حاصل کر سکیں۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے، جس میں جوہری مقامات، جوہری سائنس دانوں اور فوجی سربراہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری، اور 6 جوہری سائنس دان بھی شہید ہوئے ہیں۔

  • اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستانی مندوب

    اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستانی مندوب

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کاحق حاصل ہے۔

    اسرائیل نے اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے، اسرائیل نے حملہ کرکے خطے کو بڑی جنگ کے خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

    پاکستان خطے میں امن و استحکام کاخواہاں ہے۔ اسرائیلی جارحانہ اقدام سے خطے کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

    سلامتی کونسل اسرائیل کو بےلگام نہ چھوڑے۔ حق دفاع کی آڑ پر اسرائیل مسلسل عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ ایران نے ڈیڑھ سو سے زائد میزائل داغ کر اسرائیل کیخلاف بھرپورجوابی کارروائی کی اور آپریشن وعدہ صادق سوم کے نام سے کی گئی اس کارروائی میں ایک گھنٹے میں تین وقفوں کے ساتھ ڈیڑھ سو سے 2 سو میزائل اسرائیل پر داغے گئے۔

  • ایران کی اسرائیل کا دفاع کرنے والے ممالک کو دھمکی

    ایران کی اسرائیل کا دفاع کرنے والے ممالک کو دھمکی

    اسرائیل پر کیے جانے والے حالیہ میزائل حملے کے بعد ایرانی حکام  نے دھمکی دی ہے کہ اگر کسی ملک نے اسرائیل کا دفاع یا اس کی حمایت کی تو اس پر اس سے بڑا حملہ کیا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر اپنے حملوں میں تیزی لائیں گے، ایرانی حکام نے دفمکی دی کہ جو ملک اسرائیل کے دفاع میں آگے آئے گا اس کی اہم تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

    ایرانی حکام کے ایک پیغام کے مطابق ایران عالمی قوانین کے تحت اپنی سلامتی اور دفاع کیلیے فیصلہ کن جواب دینے کا مکمل حق رکھتا ہے۔

    مزید پڑھیں : ایئر ڈیفنس سسٹم نے 2 اسرائیلی طیارے مار گرائے، ایران کا دعویٰ

    یاد رہے کہ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے 2 اسرائیلی طیارے مار گرائے ہیں۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ایرانی ایئر ڈیفنس سسٹم کی جانب سے 2 طیارے مار گرانے اور خاتون پائلٹ کے گرفتار ہونے کی تردید کردی ہے۔

    رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سینئر اہلکار نے کہا ہے کہ اسرائیل میں کوئی مقام بھی محفوظ نہیں رہے گا ہمارا بدلہ تکلیف دہ ہوگا۔

    سینئر اہلکار نے کہا کہ اسرائیل ہمارے کمانڈروں، سائنسدانوں اور لوگوں کو مارنے کی بھاری قیمت ادا کرے گا۔

    مزید پڑھیں : ایران کا دوسرا حملہ : اسرائیل پھر دھماکوں سے گونج اٹھا

    ایران نے ‘آپریشن وعدہ صادق 3’ کی ایک اور کارروائی میں اسرائیل پر میزائلوں کی برسات کردی۔ اسرائیل میں ایک بار پھر سائرن بج اٹھے۔

    ہفتے کی علی الصبح اسرائیل پر ایک اور میزائل حملہ کیا گیا اس دوران ایک میزائل تل ابیب کے عین وسط میں کامیابی سے ہدف پر آکر گرا۔

    اسرائیل میں مختلف مقامات پر گولہ باری سے آگ اور دھوئیں کے بادل چھا گئے، اسرائیلی حکام کی جانب سے عوام کو دوبارہ بنکرز میں جانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

  • اسرائیل پر حملے : ایران اور فلسطین میں جشن کا سماں، ویڈیو

    اسرائیل پر حملے : ایران اور فلسطین میں جشن کا سماں، ویڈیو

    ایران سے اسرائیل پر کیے جانے والے میزائل حملوں کے بعد ایرانی عوام خوشی سے جھوم اٹھے، فلسطین میں بھی لوگوں نے سڑکوں پر جشن منایا۔

    اسرائیل پر حملے کی خبر سن کر ایرانی شہری دیوانہ وار سڑکوں پر نکل آئے، مختلف شہروں میں جشن کا سماں ہے۔

    ایران کی جوابی کارروائی کے بعد ہزاروں ایرانی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور جشن مناناشروع کر دیا لوگوں نے اپنی افواج کے حق میں خوب نعرے بازی کی۔

    ایرانی حملے کے بعد تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ تل ابیب میں مختلف مقامات پر دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں سے تل ابیب میں 5 مقامات پر تباہی پھیل گئی ایران کے جوابی حملے میں متعدد لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں کچھ اسرائیلیوں کی حالت تشویشناک بنائی جارہی ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق عمان سے گزرنے والے چند ایرانی میزائلوں کو تباہ کیا گیا ہے، اردن میں بھی سائرن بج اٹھے، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور دشمن کو کچلنے والا ردعمل شروع ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور اسرائیل پر سینکڑوں بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں، ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی دفاعی نظام نے 2 اسرائیلی طیارے مار گرائے۔

    مزید پڑھیں : ایران کا دوسرا حملہ : اسرائیل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے فضائی حملوں میں جوہری تنصیبات اور 6 فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

  • ایران کا دوسرا حملہ : اسرائیل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا

    ایران کا دوسرا حملہ : اسرائیل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا

    تل ابیب : ایران نے اسرائیل پر ایک بار پھر حملہ کرتےہوئے میزائل داغ دیئے، تل ابیب اور یروشلم میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران نے ‘آپریشن وعدہ صادق 3’ کی ایک اور کارروائی میں اسرائیل پر میزائلوں کی برسات کردی۔ اسرائیل میں ایک بار پھر سائرن بج اٹھے۔

    ہفتے کی علی الصبح اسرائیل پر ایک اور میزائل حملہ کیا گیا اس دوران ایک میزائل تل ابیب کے عین وسط میں کامیابی سے ہدف پر آکر گرا۔

    اسرائیل میں مختلف مقامات پر گولہ باری سے آگ اور دھوئیں کے بادل چھا گئے، اسرائیلی حکام کی جانب سے عوام کو دوبارہ بنکرز میں جانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

    اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ایران سے اسرائیل کی جانب سے مسلسل میزائل داغے جارہے ہیں لہٰذا اسرائیلی عوام محفوظ پناہ گاہوں اور بنکرز میں رہیں۔

    آئی ڈی ایف کے مطابق اسرائیلی دفاعی نظام سے ایرانی میزائلوں کو ناکارہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں،
    واضح ہدایت کے بعد ہی عوام بنکرز اور محفوظ مقامات سے باہر آئیں۔

    missile attack

    اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے اپنی فضائی حدود میں آنے والے 3ڈرونز کو مار گرایا ہے۔

    ایران نے اسرائیلی حملے کا بھرپور اور براہ راست فوجی جواب دیا ہے، جس میں اس نے نہ صرف واضح پیغام دیا بلکہ زمینی سطح پر تباہی بھی پھیلائی۔

    اسرائیل اور امریکہ کی مشترکہ دفاعی کوششوں کے باوجود کچھ ایرانی میزائل ہدف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

    علاوہ ازیں غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بھی تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں اور فوجی و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملوں میں 6 سائنسدانوں سمیت 78 افراد شہید ہوئے۔

  • اسرائیلی حملوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی بھی قابل مذمت ہے، ایران

    اسرائیلی حملوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی بھی قابل مذمت ہے، ایران

    جنیوا : اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب عامر سعید نے کہا ہے کہ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات پر اقوام متحدہ کی خاموشی بھی قابل مذمت ہے۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مندوب نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی، ان کارروائیوں کو غیر قانونی قرار دیا۔

    انہوں نے اقوام متحدہ کو یقین دلایا کہ ایران اپنی سالمیت، عوام اور قانون کی حفاظت کے لیے عالمی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے اسرائیل کو ہر ممکن جواب دے گا۔

    ایرانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سےایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی گئی، اسرائیل مسلسل جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ہوئے دوسرے ممالک پر حملے کررہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حالیہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے،
    ایران اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جواب دینے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔

    عامرسعید کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت دنیا کی خطرناک اور دہشت گرد حکومت ہے، اسرائیل نے ایران میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا، جس میں ایران کے ملٹری افسران سمیت78افراد شہید ہوئے۔

    اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی مہم جاری رکھے ہوئے ہے، اسرائیل کے ان جارحانہ اقدامات پر اقوام متحدہ کی خاموشی بھی قابل مذمت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے بھی اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں،آئی اے ای اے کی ساکھ بھی متاثر ہوئی، اقوام متحدہ اور آئی اےای اے ناکام ہوچکے ہیں۔

    عامر سعید کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت پر اقوام متحدہ اور عالمی ادارے کیوں خاموش ہیں؟ عالمی ادارے اپنا اعتماد کھورہے ہیں اس کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ہنگامی اقدامات کریں۔