Tag: Iran presidential election

  • ایران میں قبل از وقت صدارتی انتخابات کی تیاریاں شروع، کتنے نام سامنے آئے؟

    ایران میں قبل از وقت صدارتی انتخابات کی تیاریاں شروع، کتنے نام سامنے آئے؟

    تہران: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ناگہانی موت کے سبب ایران میں قبل از وقت صدارتی انتخابات کی تیاریاں شروع ہو گئیں۔

    دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے لیے سرکاری سوگ ختم ہوتے ہی ان کی جانشینی کے لیے مقابلہ شروع ہو گیا ہے، اور اس سلسلے میں 20 معتبر نام تجویز کیے گئے ہیں۔

    وزیر داخلہ احمد واحدی نے صوبائی گورنرز اور شہری انتظامیہ کو انتخابات کے لیے کمیٹیاں بنانے کے احکامات جاری کر دیے۔

    ایران میں صدراتی انتخابات 21 جولائی کو ہوں گے، قائم مقام صدر محمد مخبر کا کہنا ہے کہ مزاحمتی قوتوں سے متعلق ایرانی حکمت عملی تبدیل نہیں ہوگی، نئی حکومت بھی فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی حمایت جاری رکھے گی۔

    گارڈین کے مطابق دو مرتبہ صدارت کے امیدوار رہنے والے سعید جلیلی نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ وہ اس بار بھی صدارت کے لیے امیدوار ہوں گے، وہ ایک سخت گیر رہنما ہیں، اور اپنے کیریئر کا بیشتر حصہ وزارت خارجہ میں گزارا ہے، چار سال قبل وہ رئیسی کے حق میں دستبردار ہوئے تھے، وہ 2007 اور 2013 کے درمیان ایران کے اہم جوہری مذاکرات کار بھی رہے۔

    صدارت کے لیے ناموں کی رجسٹریشن 4 دن تک جاری رہے گی، جو کہ اس جمعرات سے شروع ہو رہی ہے۔ پہلے راؤنڈ میں 10 امیدواروں کو شامل ہونے کی اجازت دی جا سکتی ہے، جو کہ 2021 میں صرف چار تھے۔

  • ایران میں صدارتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

    ایران میں صدارتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

    ایرانی صدر ابراہیم رئیسی و دیگر کی ہیلی کاپٹر حادثے میں المناک موت کے بعد ایران کے عبوری صدر محمد مخبر نے صدارتی انتخابات 28 جون کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے عبوری صدر محمد مخبر کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارلیمنٹ کے اسپیکر اور عدلیہ کے سربراہ شریک ہوئے۔

    ایران کے عبوری صدر محمد مخبر کی زیرصدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایران میں صدارتی انتخابات 28 جون کو کرائے جائیں گے۔

    صدارتی انتخابات کی مہم 12 سے27 جون تک چلائی جائے گی جبکہ صدارتی امیداروں کی رجسٹریشن 30 مئی سے 3 جون تک ہوگی۔

    واضح رہے کہ ایران میں صدارتی انتخابات کا اعلان صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں المناک موت کے بعد سامنے آیا ہے۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے تحقیقاتی کمیٹی بنادی ہے۔ جس نے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

    تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی بریگیڈیئر علی عبداللہی کریں گے، کمیٹی کے اراکین نے جائے حادثہ پر پہنچ کر صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    ہیلی کاپٹر حادثہ، لاشوں کی شناخت سے متعلق ایرانی حکام کا اہم بیان

    ایرانی میڈیا کے مطابق واقعہ کی تحقیقات مکمل ہوتے ہی انہیں عوام کے سامنے رکھا جائے گا، ایران کے صدر کا ہیلی کاپٹر اتوار کی دوپہر حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔

  • ایران میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا آغاز

    ایران میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا آغاز

    تہران : ایران میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، حسن روحانی اور ابراہیم رئیسی کےدرمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    ایران کے بارہویں صدر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا، ایرانی عوام آج نئے صدر کا چناؤ کریں گے، حسن روحانی اور مذہبی رہنما ابراہیم رئیسی کے درمیان کانٹے کامقابلہ متوقع ہے، ایران میں پرامن پولنگ کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، ایران کی 8 کروڑ کی آبادی میں سے 5 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

    ایران کے صدارتی انتخابات میں 6 امیدوار میدان میں تھے جن میں سے دو امیدوارو انتخابات سے دستبردار ہوگئے. اس وقت چار امیدوار میدان میں جن میں سید مصطفی آقامیرسلیم، حسن روحانی، سید ابراہیم رئیسی اور سید مصطفی ہاشمی طبا شامل ہیں۔

    حسن روحانی اور ابراہیم رئیسی کےدرمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع

    حسن روحانی دوسری مرتبہ منصبِ صدارت کےامیدوار ہیں جبکہ 56سالہ سخت گیر مذہبی رہنما ابراہیم رئیسی کو آیت اللہ خامنہ ای کا جانشین تصور کیا جاتا ہے۔

    IRAN POST 1

    ایران کے انتخابی قوانین کے تحت کسی بھی امیدوار کو جیتنے کے لئے کل ڈالے گئے ووٹوں میں سے پچاس فی صد ووٹوں کا حاصل کرنا ضروری ہے. بصورت دیگر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان ایک ہفتے کے اندر دوبارہ پولنگ کرائی جائے گی۔

    اگر صدارتی انتخابات دوسرے مرحلے میں داخل ہوتے ہیں تو جمعہ 26 مئی کو دوسرے مرحلے کے لئےووٹ ڈالے جائیں گے۔

    ایران میں صدارتی انتخاب کے ساتھ اسلا مک سٹی اینڈ ویلج کونسلز کے بلدیاتی انتخابات اور بعض حلقو ں میں درمیانی مدت کے پارلیمانی انتخابات بھی ہورہے ہیں۔

    ایران کی وزارت داخلہ کے مطابق پرامن پولنگ یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔