Tag: iran saudia tension

  • نوازشریف اورراحیل شریف کی ایرانی صدرحسن روحانی سے ملاقات

    نوازشریف اورراحیل شریف کی ایرانی صدرحسن روحانی سے ملاقات

    تہران : سعودیہ ایران کشیدگی کے خاتمے کیلئے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف مصالحتی مشن پر ہیں۔ پاکستان کی اعلٰی قیادت سعودی عرب کے بعد ایران پہنچ گئی۔

    تہران پہنچنے پر وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا استقبال ایران کے وزیردفاع حسین دہگان نے پرتپاک انداز میں کیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے وزیردفاع کا کہنا تھا کہ خطے کے استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کا خیرمقدم کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کا دورہ ایران بہت اہمیت کا حامل ہے.

    بعد ازاں ایرانی صدر حسن روحانی سے وزیراعظم نوازشریف کی ملاقات کے موقع پر سعودیہ کے ساتھ کشیدگی کے حوالےسے اہم بات چیت ہوئی, اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف نے مسلم امہ کے اتحاد اور خطے کے استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ ثالث کامرکزی کردار نبھانےوالے پاکستان کےمصالحتی مشن میں عالمی طاقت چین بھی شامل ہوگیا۔

    چینی قیادت سعودی عرب کےبعدآج ایران پہنچ رہی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت کے سربراہان نےمشن کے پہلےمرحلے میں سعودی حکام کوراضی کرلیا ہے کہ اختلافات کاحل مذاکرات کےذریعے کیا جائے گا.

    ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیزسے ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ معاملات مذاکرات سے حل کرنا اولین ترجیح ہے۔

    عرب و عجم کو قریب لانےکیلئے پاکستان کے قائدانہ کردار کو خلیجی ریاستوں سمیت ایشیاء اور دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہاہے۔

  • دفترخارجہ نے سرتاج عزیز کے بیان کی وضاحت جاری کردی

    دفترخارجہ نے سرتاج عزیز کے بیان کی وضاحت جاری کردی

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے مشیر خارجہ سرتاج عزیزکے ان کیمرہ اجلاس میں دئیے گئے بیان کی وضاحت جاری کردی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مشیر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہواتوپاکستان بھرپورجواب دے گا۔

    سعودی ایران تنازعے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائےخارجہ امور کے ان کیمرہ اجلاس میں مشیر خارجہ نے قائمہ کمیٹی کو حکومتی مؤقف سے آگاہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق سرتاج عزیز نےبریفنگ میں بتایا کہ پاکستان سعودی عرب اورایران کے درمیان کشیدگی ختم کرانےمیں کردار اداکررہا ہے۔

    سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہواتوپاکستان بھرپورجواب دے گا۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب پاکستان کا قریبی دوست ہے۔

    پاکستان اور سعودی کا دفاع اور دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں تعاون ہے لیکن پاکستان سعودی عرب فوج نہیں بھیجے گا، حالیہ اعلیٰ سطح رابطوں سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

    سرتاج عزیز کا کہنا تھاکہ دہشت گردوں کیخلاف چونتیس ممالک کےاتحاد پر پاکستان اپنے ابتدائی مؤقف پر قائم ہے۔

    انسداد دہشت گردی کیلئے علاقائی اور عالمی تعاون کے خواہاں ہیں اور اتحاد میں تعاون کے لئے فیصلہ مشارتی اجلاسوں میں کیاجائیگا۔

  • پاک فوج کو سعودی عرب نہیں بھیجا جائے گا، سرتاج عزیز

    پاک فوج کو سعودی عرب نہیں بھیجا جائے گا، سرتاج عزیز

    اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی تکنیکی اوراسلحے سےمدد کرے گا، فوجی دستے نہیں بھیجے گا، یہ اقدام پالیسی کیخلاف ہے۔

    یہ بات انہوں نے قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کو ان کیمرہ بریفنگ دیتے ہوئے کہی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام نے سعودی عرب کو کہا ہے کہ وہ تیکنیکی اور اسلحے کے ذریعے مدد فراہم کرے گا ۔

     تاہم کسی ملک پر حملے کیلئے پاک فوج کے دستوں کو نہیں بھیجا جائے گا۔ کیوں کہ کسی بھی ملک میں فوج بھیجنا پاکستان کی خارجہ پالیسی نہیں ہے۔

    ان کیمرہ بریفنگ دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کا سارا تعاون دہشت گردوں کیخلاف اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہے۔

    انہوں نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی وزیرخارجہ اور وزیردفاع نے نہ ہی پاک فوج سعودی عرب بھیجنے کا مطالبہ کیا اور نہ پاکستان اپنی فوج کسی ملک بھیجے گا۔

    مشیر خارجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی وفود کو دونوں ممالک بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا.

  • ایران سعودی کشیدگی کم کرانےکیلئے پاکستان کردارادا کریگا، سرتاج عزیز

    ایران سعودی کشیدگی کم کرانےکیلئے پاکستان کردارادا کریگا، سرتاج عزیز

    اسلام آباد : مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ایران سعودیہ کشیدگی کم کرانےکیلئے پاکستان اپنا کردارادا کرےگا۔ مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وقت آنے پرپاکستان ثالثی کا کردار ادا کرےگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں نے وزیر اطلاعات پرویز رشید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سرتاج عزیز نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب گشیدگی سے دہشت گرد اور شرپسند عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    پاکستان کے مفادات کا تحفظ سب سے اہم ہے، معاملے کو زیادہ ہوا نہیں دینی چاہیے کیونکہ وقت آنے پر پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔

    ان کا کہا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ ایران اور سعودی عرب میں تعلقات بہتر ہو ں، انہوں نے کہا کہ پٹھان کوٹ واقعے کے حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں ، پاک بھارت مذاکرات شیڈول کےمطابق ہونگے۔

  • ایران سعودیہ کشیدگی میں پاکستان معاملے کو سلجھا سکتا ہے، عمران خان

    ایران سعودیہ کشیدگی میں پاکستان معاملے کو سلجھا سکتا ہے، عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ، سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی میں قیادت فراہم کر سکتا ہے ،تاہم دفتر خارجہ کا سفارتکاری میں کوئی کردار نہیں ہے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی اور ایرانی سفیروں سے ملنے کا مقصد دونوں جانب کا موقف جاننا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مجھے کہیں بھی خارجہ پالیسی نظر نہیں آرہی۔ پاکستان کو لیڈر شپ دکھانی چاہئیے،عوام اور ملک کی بہتری کو مدنظر رکھ کر پالیسی بنائی جاتی ہے۔

    دنیا میں ذاتی دوستی کے بجائے وزارت خارجہ کے ذریعے دوسرے ملکو ں سے تعلقات رکھے اور بڑھائے جاتے ہیں ،وزارت خارجہ کے ذریعے قائم ہونے والے تعلقات زیادہ پائیدار اور سود مند ہوتے ہیں.

    اسلام آباد میں سعودی اور ایرانی سفیروں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے،مسائل کے حل میں ہمارا کردار بہت اہم ہو سکتا ہے .

    سعودی عرب اور ایران کے مابین صورتحال خراب ہونے سے انتہاء پسندی میں اضافہ ہو گا،عمران خان نے کہا کہ ایران سعودی عرب کے 34ملکی فوجی اتحاد کو اپنے خلاف بنایا جانے والا اتحاد سمجھتا ہے۔

    ایرانی سفیر نے بتایا کہ سعودی سفارتخانے پر حملہ ہمارے دشمنوں نے کروایا تھا،جن کو چند دن میں منظر عام پر لے آئیں گے،سعودی عرب میں مفتی عالم دین کودی جانے والی پھانسی کے بعد سے وہاں بہت زیادہ اشتعال ہے اور عوام میں بہت غم و غصہ ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ پھانسی کا معاملہ ان کا داخلی معاملہ ہے،انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں پاکستان اہم کردار ادا کرتے ہوئے معاملے کو سلجھا سکتا ہے،صورتحال مزید خراب ہوئی تو نقصان مسلم امہ کو ہی ہو گا ،کشیدگی کم نہ ہوئی تو اس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑیں گے ۔

    انہوں نے کہا کہ پٹھان کو ٹ حملے کی سب نے مذمت کی ہے،میں نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ پاک بھارت مذاکرات کو ڈی ریل کرنے کی کو شش کی جائے گی۔

  • سعودی ایران تنازعے میں پاکستان غیر جانبدار رہے، فاروق ستار

    سعودی ایران تنازعے میں پاکستان غیر جانبدار رہے، فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ سعودی ایران تنازعے میں پاکستان غیر جانبدار رہے،وزیر اعظم فوری آل پارٹیز کانفرنس بلا کر قومی مشاورت سے فیصلہ کریں۔

    نائن زیرو پر ملکی سیاسی صورتحال اور ایران سعودی عرب کشیدگی کے پیش نظر اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور مفکرین نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کو بین القوامی سطح پر کسی بھی قسم کی محاذ آرائی اور کشیدگی کا حصہ نہیں بنا چاہیے۔

    متحدہ رہنماء نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرکے ایران سعودی عرب معاملے پر قومی مشاورت کی جائے، کانفرنس میں علمائے کرام نے ملک میں مذہبی ہم آہنگی، اتحاد کے قیام اور افراتفری کے خاتمے پر زور اور ہاتھوں کی زنجیر بنا کر پیغام دیا کہ ملک میں انتشار اور تفرقہ کسی صورت نہیں پھیلانے دیا جائے گا ۔