Tag: Iran Supreme leader

  • امریکا اسرائیل کو بچانے کیلیے جنگ میں کودا مگر کچھ حاصل نہیں کر سکا، ایرانی سپریم لیڈر

    امریکا اسرائیل کو بچانے کیلیے جنگ میں کودا مگر کچھ حاصل نہیں کر سکا، ایرانی سپریم لیڈر

    تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کو بچانے کیلیے جنگ میں کودا مگر کچھ حاصل نہیں کر سکا۔

    جنگ بندی کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے پہلے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسرائیل کے خلاف فتح پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، ایران نے اسرائیل اور اس کے تمام دعوؤں کو کچل کررکھ دیا، 9 کروڑ ایرانیوں نے متحد ہوکر فوج کا ساتھ دیا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ہماری جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، ایرانی فوج ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایرانی عوام تمام اختلافات بھلا کر متحد ہو کر کھڑی ہوئی، ایرانی عوام نے دنیا کو پیغام دے دیا کہ ہم ایک ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکا کے منہ پر زوردار طمانچہ مارا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے ایرانی عوام کو سرنڈر کرنےکی دھمکی دی، ایرانی عوام نے کبھی سرنڈر نہیں کیا اور نہ کرے گی جبکہ تاریخ گواہ ہے کہ ایرانیوں نے کبھی سرنڈر نہیں کیا، اللہ کے فضل سے ایرانی عوام متحد ہوکر کھڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت براہ راست جنگ میں داخل ہوئی کیونکہ اسے لگتا تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو صیہونی حکومت مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی، صیہونی حکومت تقریباً گر چکی ہے، امریکا اسرائیلی حکومت کو بچانے کی کوشش میں جنگ میں داخل ہوا لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا۔

    آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکا نے جوہری مقامات کو نشانہ بنایا لیکن زیادہ کچھ حاصل نہ کرسکا، ہم نے قطر میں امریکی بیس کو نشانہ بناکر بڑا نقصان پہنچایا اور اگر مستقبل میں خطرہ ہوا تو امریکی اڈوں پر دوبارہ حملہ کیا جا سکتا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ہم نے اسرائیل کا دفاعی نظام توڑ کر کامیابی حاصل کی، ایران نے اس جنگ میں اسرائیل کو ناک آؤٹ کردیا ہے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  • ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای محفوظ مقام پر منتقل، ایرانی حکام

    ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای محفوظ مقام پر منتقل، ایرانی حکام

    اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کے قتل کا اعلان سامنے آنے کے بعد ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تہران کے دو عہدیداروں نے رائٹرز کو بتایا کہ ایرانی سپریم لیڈر کو سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ ملک کے اندر ہی ایک محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنوبی بیروت میں حزب اللہ کی مرکزی قیادت کو نشانہ بنانے کے بعد ایران حزب اللہ اور دیگر علاقائی اتحادیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اگلے لائحہ عمل کا تعین کیا جاسکے۔

    اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے بیروت پر کی گئی وحشیانہ بمباری کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا تھا۔۔

    رپورٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی لاریجانی نے کہا کہ اسرائیل نے سرخ لکیر عبور کردی ہے۔

    حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ مارے گئے، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

    علی لاریجانی کے مطابق حزب اللہ کے پاس قائدانہ صلاحیت رکھنے والے بہت سارے کمانڈر اور رہنما موجود ہیں جو حسن نصر اللہ کی شہادت کی صورت میں متبادل قیادت تحریک کو چلانے کے لئے تیار ہے۔

  • بھارت ایران کے سپریم لیڈر کے تبصرے پر آگ بگولا ہو گیا

    بھارت ایران کے سپریم لیڈر کے تبصرے پر آگ بگولا ہو گیا

    نئی دہلی: بھارت اقلیتوں کے ساتھ سلوک پر ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کے تبصرے پر آگ بگولا ہو گیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق ہندوستان نے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے انڈیا میں مسلمانوں کے ساتھ سلوک پر کیے گئے تبصرے کی مذمت کرتے ہوئے ان کے ریمارکس کو ’’غلط معلومات اور ناقابل قبول‘‘ قرار دیا ہے۔

    علی خامنہ ای نے پیر کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ ’’ہم اپنے آپ کو مسلمان نہیں سمجھ سکتے اگر ہم ان مصائب سے غافل ہیں جو ایک مسلمان میانمار، غزہ، ہندوستان یا کسی اور جگہ برداشت کر رہا ہے۔‘‘

    جواب میں بھارت کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اس بیان کی ’’سختی سے مذمت‘‘ کرتا ہے، ترجمان نے کہا کہ ’’اقلیتوں پر تبصرہ کرنے والے ممالک کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ دوسروں کے بارے میں کوئی مشاہدہ کرنے سے پہلے اپنے ریکارڈ کو دیکھیں۔‘‘

    واضح رہے کہ ایران اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تعلقات عموماً بہتر رہے ہیں، اور ابھی مئی میں دونوں نے ایرانی بندرگاہ چابہار کو ترقی دینے اور چلانے کے لیے 10 سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

    ایران کے سپریم لیڈر کا بھارت میں مسلمانوں سے ہتک آمیز سلوک سے متعلق بیان

    روئٹرز کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے حریف پاکستان میں کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایران، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو سامان کی ترسیل کے لیے خلیج عمان کے ساتھ ساتھ ایران کے جنوب مشرقی ساحل پر چابہار میں بندرگاہ تیار کر رہا ہے۔

    اس تناظر کے باوجود سپریم لیڈر خامنہ ای ماضی میں بھی ہندوستانی مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو درپیش مظالم پر ہندوستان پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

  • ایران کے سپریم لیڈر کا بھارت میں مسلمانوں سے ہتک آمیز سلوک سے متعلق بیان

    ایران کے سپریم لیڈر کا بھارت میں مسلمانوں سے ہتک آمیز سلوک سے متعلق بیان

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی طرف سے بھارت میں اقلیتوں سے بُرے سلوک سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے بھارت، غزہ اور میانمار میں مسلمانوں سے روا رکھے جانے والے انتہائی سفاک اور ہتک آمیز سلوک پر شدید تنقید کی ہے۔

    جشنِ میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر آیت اللہ علی خامنہ ای نے دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں سے بھرپور اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری یہ سب کچھ خاموش تماشائی کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت، میانمار اور غزہ میں مسلمانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور عالمی برادری یہ سب کچھ خاموش تماشائی کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے، اسلام کے دشمنوں نے ہمیشہ ہمیں لڑانے کی کوشش کی ہے۔

    ایران کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم کیا ہے، بھارتی حکومت نے مسلمانوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، مودی دور میں جو نفرت مسلمانوں کیخلاف ریاستی سطح پر پھیلائی گئی ہے، اُسکی مثال نہیں ملتی، بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔

  • یوکرین طیارے کی تباہی کا اعتراف، ایرانی سپریم لیڈر کا مطالبہ بھی سامنے آگیا

    یوکرین طیارے کی تباہی کا اعتراف، ایرانی سپریم لیڈر کا مطالبہ بھی سامنے آگیا

    تہران : ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا اور ایرانی افواج کوخامیاں دورکرنے کی ہدایت بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکام کے یوکرین طیارے کی تباہی کے اعتراف کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کیا اور ایرانی افواج کو خامیاں دورکرنے کی ہدایت کردی۔

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے یوکرین طیارے کی تباہی کی تفصیلات بھی طلب کرتے ہوئے حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

    یاد رہے ایران نے یوکرین کے مسافر طیارے کو غلطی سے نشانہ بنانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسافر طیارہ نادانستہ طور پر حملے کا نشانہ بنا۔

    مزید پڑھیں : یوکرین طیارہ میزائل کا نشانہ بنا ، ایران کا بڑا اعتراف

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے مسافر طیارہ حادثے کا سبب انسانی غلطی کو قراردیا ، ملٹری حوالے سے بتایا گیا کہ ایران نے ’غیر ارادی‘ طور پر طیارے کو نشانہ بنایا۔

    طیارے کی تباہی کےاعتراف کے بعد ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف ان کا کہنا تھاکہ وہ ایرانی عوام ،متاثرہ خاندانوں اور قوموں سے بہت معذرت اورتعزیت کرتے ہیں،امریکا کے ایڈونچرزم کے باعث پیدا بحران میں انسانی غلطی سے تباہی ہوئی،آج افسوسناک دن ہے، مسلح افواج کی اندرونی ابتدائی تحقیقات سے غلطی کا پتہ چلا۔

  • امریکہ مشرق وسطی کے لئے مسئلہ بنا ہوا ہے، خامنہ ای

    امریکہ مشرق وسطی کے لئے مسئلہ بنا ہوا ہے، خامنہ ای

    ایران : سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کو مشرق وسطی میں بحران کی بنیادی وجہ قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں مسائل کے حل کے بجائےخود مسئلہ بنا ہوا ہے۔

    ایران میں مقیم غیر ملکی سفارتکاروں سے خطاب میں ایران کے روحانی رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی وزیر خارجہ کی موجودگی میں امریکہ کومشرق وسطی میں بدامنی پھیلانے کا سب سے بڑا ذمہ دار ٹہرا دیا.

    اپنے خطاب میں خامنہ ای کا کہنا تھا کہ جب تک شام اور عراق میں دہشت گردی پھیلانے والوں کو امریکہ اور مغرب ہتھیار دینا بند نہیں کریں گے ، اس وقت تک خطے میں دہشت گردی پر قابو نہیں پایا جا سکتا.

    انہوں نے کہا کہ شام میں عوام کو اس کا حق ملنا چاہیئے کہ وہ شام میں کیسے منتخب کرتے ہیں،انہوں نے شامی حکومت ہٹانے کے امریکی اتحادی مطالبے کو مسترد کر دیا.