Tag: Iran

  • ایران: پٹاخوں میں ہولناک دھماکے نے تباہی مچا دی

    ایران: پٹاخوں میں ہولناک دھماکے نے تباہی مچا دی

    تہران: ایران میں پٹاخوں میں ہولناک دھماکے سے ایک عمارت کو آگ لگئی، دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی دارالحکومت تہران میں اتوار کو پٹاخوں میں ہونے والے دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور 2 فائر فائٹرز سمیت گیارہ افراد زخمی ہو گئے۔

    ایرانی نیوز ایجنسی آئی ایس این اے کے مطابق یہ واقعہ تہران کے گرینڈ بازار کے قریب پیش آیا، دھماکے اور آگ سے ایک پرانی دو منزلہ رہائشی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا جب کہ ایک اور عمارت بھی معمولی متاثر ہوئی۔

    محکمہ فائر بریگیڈ کے ترجمان جلال مالکی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ بڑی تعداد میں گھریلو ساختہ پٹاخوں کے پھٹنے کے باعث پیش آیا، فائر فائٹرز نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

    تہران کی میڈیکل ایمرجنسی آرگنائزیشن کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

    واضح رہے کہ ایران میں نوروز سے قبل آخری بدھ کو روایتی آتش بازی فیسٹیول منایا جاتا ہے، جو اس سال 20 مارچ کو منایا جائے گا۔ فیسٹیول سے قبل ایران میں آتش بازی سے جڑے حادثات معمول ہیں۔

  • ایران نے اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی

    ایران نے اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی

    تہران: ایران نے اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے ایک عسکری سائٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی، موساد ایجنٹ کو 28 جنوری 2023 میں اصفہان میں واقع وزارت دفاع کمپلکس پر حملے کے جرم میں سزا دی گئی ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق موساد ایجنٹ نے ایرانی وزارت دفاع کمپلیکس کی حساس عمارت کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا تھا۔ ایران کے اصفہان کے علاقے میں جوہری تحقیق کے کئی مشہور مقامات ہیں، جن میں یورینیم کی افزودگی کا پلانٹ بھی شامل ہے۔

    واضح رہے کہ ایران کا پابندیوں سے متاثرہ جوہری پروگرام تخریب کاری، سائنس دانوں کے قتل اور سائبر حملوں کا نشانہ رہا ہے، جب کہ تہران اسرائیل پر اپنی سرزمین پر کئی خفیہ کارروائیاں کرنے کا الزام بھی لگاتا رہا ہے۔

  • ایران سے آپریٹ ہونے والے 2 بھتہ خور لیاری سے گرفتار

    ایران سے آپریٹ ہونے والے 2 بھتہ خور لیاری سے گرفتار

    کراچی:ایران سے آپریٹ ہونے والے 2 بھتہ خوروں کو پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی میں لیاری اور گارڈن کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقوں گارڈن اور لیاری میں محکمہ پولیس اور رینجرز نے مل کر کارروائی کی، جس میں لیاری گینگز کے نام پر بھتہ لینے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    گرفتار ملزم عدنان اور انیس کو ایران سے آپریٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، ملزمان نے آئرن مارکیٹ کے 5 تاجروں کو واٹس ایپ کال کی تھی، اور فون پر خود کو لیاری گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی ظاہر کیا۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان نے تاجر سے 2 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا، یہ ملزمان ایک سال سے عظیم کے ساتھ بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلا رہے تھے، عظیم انتہائی مطلوب گینگ وار کمانڈر سلیم چاکلیٹی کا بھتیجا ہے۔

    ملزمان نے 10 لاکھ سے زائد رقم حوالہ ہنڈی کے ذریعے ایران بھیجی، یہ رقم لیاری سلیم چاکلیٹی کے بھتیجے عظیم کو بھجوائی جاتی تھی۔

  • ایران کے میزائل کے جواب میں پاکستان کا بھرپور جواب

    ایران کے میزائل کے جواب میں پاکستان کا بھرپور جواب

    اسلام آباد: ایران کے میزائل حملے کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ’آپریشن مرگ بر سرمچار‘ کی صورت میں بھرپور جواب دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ایران کی حدود میں کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، پاکستانی حملے میں کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان کی جانب سے جوابی حملے میں ایران کے کسی سویلین یا فوجی ہدف کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی صوبے سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فوجی کارروائی کی گئی ہے، ان حملوں کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، پاکستان کی جانب سے ایران میں بی ایل ایف کے 7 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان کئی سالوں سے ایران میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے، پاکستان نے دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق متعدد ڈوزیئر بھی شیئر کیے۔

    دفتر خارجہ نے ترجمان نے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف انتہائی مربوط فوجی کارروائی کی گئی ہے، یہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن تھا جس کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، آپریشن کا نام ’’مرگ بر سرمچار‘‘ رکھا گیا، یہ کارروائی پاکستان کے تمام خطرات کے خلاف قومی سلامتی کے تحفظ کا مظہر ہے۔

    ترجمان کے مطابق یہ انتہائی پیچیدہ آپریشن پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان اپنے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتا رہے گا، پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے، اس کارروائی کا مقصد پاکستان کی سلامتی اور قومی مفاد کا حصول تھا جس پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

    ترجمان نے کہا پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کو برقرار رکھتا ہے، پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گا، ایران برادر ملک ہے، پاکستانی عوام ایرانی عوام کے لیے بہت عزت اور محبت رکھتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی لعنت سمیت چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بات چیت پر زور دیا۔ ترجمان نے کہا کہ مشترکہ حل تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

  • پاکستان کا ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان

    پاکستان کا ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان نے ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ رات ایران کی طرف سے پاکستان کی خود مختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی، پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے سفیر کو ایران سے واپس بلا رہے ہیں۔

    ترجمان نے کہا ایران کے ساتھ آئندہ چند دنوں میں ہونے والی ملاقاتیں منسوخ کر دی گئی ہیں، پاکستان سے ایرانی سفیر کو بھی اپنے ملک جانے کا کہہ دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا نتائج کی ذمہ داری پوری طرح ایران پر عائد ہوگی، ہم نے یہ پیغام ایرانی حکومت تک پہنچا دیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ ایران کی طرف سے حملہ عالمی قوانین، یو این چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی خلاف ورزی ہے، یہ غیر قانونی عمل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں، پاکستان اس غیر قانونی اقدام کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں ایرانی سفیر جو اس وقت ایران کے دورے پر ہیں، ممکن ہے کہ وہ فی الحال پاکستان واپس نہ آئیں، پاکستان نے ایران کے تمام اعلیٰ سطح دوروں کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • ایران میں آج قومی سوگ، دشمن سے بدلہ لینے کا اعلان

    ایران میں آج قومی سوگ، دشمن سے بدلہ لینے کا اعلان

    تہران: ایران میں آج کرمان دھماکے کے بعد ایک روزہ قومی سوگ ہے، جب کہ دشمن سے بدلہ لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گرد حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔

    ایران میں سابق پاسداران انقلاب کمانڈر قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کے موقعے پر ان کے مزار پر ہونے والے بم دھماکوں میں ہلاکتوں کے بعد آج جمعرات کو ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکوں میں ملوث دشمن کو سخت جواب دینے کا عہد کیا ہے۔

    پاکستان، لبنان، ترکیہ، اقوام متحدہ، یورپی یونین کی ایران میں دھماکوں کی مذمت

    ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا کہ بدھ کے روز کرمان کو ہلا دینے والے ’’دہشت گردانہ حملے‘‘ کا سخت جواب دیا جائے گا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ہم کرمان میں دہشت گرد حملے میں ملوث دشمن سے بدلہ لیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بدھ کی شام پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے مزار پر ان کی برسی کے موقعے پر جمع لوگوں کے ہجوم میں دھماکے ہوئے، جن میں تقریباً 103 افراد جاں بحق اور 188 زخمی ہوئے۔

  • ایران کا بڑا قدم، بحیرہ احمر میں بحری جنگی جہاز تعینات کر دیا

    ایران کا بڑا قدم، بحیرہ احمر میں بحری جنگی جہاز تعینات کر دیا

    تہران: اسرائیل حماس جنگ کے باعث خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایران نے بحیرہ احمر میں بحری جنگی جہاز تعینات کر دیا ہے۔

    ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق یمن کے حوثیوں کے 10 جنگجوؤں کے مارے جانے کے ایک دن بعد ایرانی بحریہ کے 94 ویں بیڑے کے فوجی جہاز کے طور پر کام کرنے والا البرز ڈسٹرائر پیر کو تزویراتی اہمیت کے حامل آبنائے باب المندب کو عبور کر کے بحیرہ احمر میں داخل ہو گیا ہے۔

    ایران کی جانب سے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب عالمی سطح پر اہم آبی گزرگاہ پر تناؤ میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ ایران کا بحری بیڑہ اس علاقے میں 2009 سے جہاز رانی کے راستوں کو محفوظ بنانے، قزاقوں کو پسپا کرنے کے علاوہ دیگر مقاصد کے لیے کام کر رہا ہے۔

    ادھر امریکا نے غزہ میں جنگ اور خطے کی صورت حال کے پیش نظر اپنے سب سے بڑے طیارہ بردار بحری بیڑے ’یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ‘ کو واپس امریکا لے جانے کا اعلان کر دیا ہے، امریکا جلد یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ کو بحیرہ روم کے پانیوں سے نکال لے گا۔

    امریکا نے بحیرہ روم سے جنگی بیڑا ہٹانے کا اعلان کر دیا

    فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تناؤ والے اس بحری علاقے میں حوثی باغیوں کی جانب سے عالمی تجارتی جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملوں کی وجہ سے جہاز رانی کمپنیوں کو اپنا راستہ تبدیل کرنا پڑا تھا، امریکا نے دسمبر کے اوائل میں بحیرہ احمر کے لیے ایک کثیر القومی بحری ٹاسک فورس بھی قائم کی ہے۔

    انٹرنیشنل چیمبر آف شپنگ کے مطابق عالمی تجارت کا 12 فی صد بحیرہ احمر سے گزرتا ہے، جو نہر سویز کے ذریعے افریقہ سے گزرنے کا شارٹ کٹ فراہم کرتا ہے۔ واضح رہے کہ دو دن قبل امریکی بحریہ کے ہیلی کاپٹروں نے یمن سے ایک مال بردار بحری جہاز پر چڑھنے کی کوشش کرنے والے حوثی باغیوں پر فائرنگ کی تھی، جس میں حوثی باغیوں کے 10 جنگجو مارے گئے تھے۔

  • ایران نے امریکا کو بحیرہ روم بند کرنے کی دھمکی دے دی

    ایران نے امریکا کو بحیرہ روم بند کرنے کی دھمکی دے دی

    تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک کمانڈر نے امریکا کو دھکمی دی ہے کہ بحیرہ روم کو بند بھی کیا جا سکتا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک کمانڈر نے کہا ہے کہ اگر امریکا اور اس کے اتحادی غزہ میں ’جرائم‘ کرتے رہے تو بحیرہ روم کو بند کیا جا سکتا ہے۔

    ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق پاسداران کے کوآرڈینیٹنگ کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے کہا کہ ’’وہ جلد ہی بحیرہ روم، آبنائے جبرالٹر اور دیگر آبی گزرگاہوں کو بند کرنے کے اقدامات کریں گے۔‘‘

    پاسداران کے کوآرڈینیٹنگ کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی

    تاہم روئٹرز نے کہا ہے کہ ان آبی گزرگاہوں کو کیسے بند کیا جائے گا، اس سلسلے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے، کیوں کہ ایران کو بحیرہ روم تک براہ راست رسائی حاصل نہیں ہے، پاسداران کے کمانڈر نے کہا کہ مزاحمت کی نئی قوتیں ابھریں گی اور دیگر آبی گزرگاہیں بھی بند کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کل خلیج فارس اور آبنائے ہرمز ان کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن گئے تھے، اور آج وہ بحیرہ احمر میں پھنس گئے ہیں۔

    جانتے ہیں ایران حوثیوں کی ہر طرح سے مدد کرتا رہا ہے، امریکا

    واضح رہے کہ یمن کے ایران سے منسلک حوثی گروپ نے گزشتہ ماہ سے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں بحیرہ احمر سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں پر حملے شروع کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں کچھ شپنگ کمپنیاں راستے تبدیل کر رہی ہیں۔

    وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو الزام لگایا ہے کہ ایران بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں باقاعدہ طور پر ملوث ہے۔

  • ایران میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملہ، 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

    ایران میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملہ، 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

    تہران: ایران میں پولیس اسٹیشن پر حملے میں 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔

    ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق جنوب مشرقی سرحدی صوبے سیستان-بلوچستان میں ایک پولیس اسٹیشن پر حملے میں کم از کم 11 ایرانی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

    صوبے کے ڈپٹی گورنر علی رضا مرہماتی نے بتایا کہ دارالحکومت تہران سے تقریباً 1400 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع قصبے راسک میں صبح 2 بجے حملہ ہوا، جس میں سینیئر پولیس افسران اور فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔

    ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق یہ حملہ افغانستان اور پاکستان کے ساتھ ایران کی سرحد کے قریب واقع خطے میں گزشتہ برسوں کے دوران ہونے والے مہلک ترین حملوں میں سے ایک تھا۔

    ریاستی میڈیا نے بتایا کہ جیش العدل (آرمی آف جسٹس) نامی مسلح گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، جس کی تشکیل 2012 میں ہوئی تھی اور اسے ایران نے ’دہشت گرد‘ گروپ کے طور پر بلیک لسٹ کر رکھا ہے۔ مذکورہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو باقاعدگی سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

  • ایران میں 15 لاکھ لیٹر ایندھن جل کر ضائع ہو گیا

    ایران میں 15 لاکھ لیٹر ایندھن جل کر ضائع ہو گیا

    تہران: ایران میں ریفائنری میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث 15 لاکھ لیٹر ایندھن جل گیا۔

    روئٹرز کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ مشرقی ایران کے بِرجند خصوصی اقتصادی زون میں ایک چھوٹی ریفائنری میں آگ لگنے سے اتوار کو دو دھماکے ہوئے، آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق آتش زدگی کا یہ واقعہ مشرقی ایران کے معاشی حب برجند کی ایک چھوٹی ریفائنری میں پیش آیا، آگ نے تیزی سے پھیل کر ریفائنری کے 18 ذخائر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتش زدگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

    ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے کہا کہ آگ لگنے کے ابتدائی مراحل میں 1.5 ملین لیٹر ایندھن جل گیا ہے۔