Tag: Iran

  • نوبل وصولی کی تقریب کے دن نرگس محمدی کی ایرانی جیل میں بھوک ہڑتال

    نوبل وصولی کی تقریب کے دن نرگس محمدی کی ایرانی جیل میں بھوک ہڑتال

    اوسلو: نوبل انعام وصول کرنے کی تقریب میں شرکت کی بجائے نرگس محمدی ایرانی جیل میں بھوک ہڑتال کرنے پر مجبور ہو گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوبل امن انعام یافتہ ایرانی خاتون نرگس محمدی، جو اس وقت خواتین کے حقوق کے لیے اپنی سرگرمی کے باعث جیل میں قید ہیں، کے اہل خانہ نے گزشتہ روز کہا ہے کہ وہ جیل میں ایک نئی بھوک ہڑتال شروع کر رہی ہیں۔

    نرگس محمدی کو ناروے کے شہر اوسلو ميں آج اتوار کو نوبل امن انعام دیے جانے کے لیے باقاعدہ تقريب منعقد ہو رہی ہے، اوسلو میں نرگس محمدی کے شوہر طغی رحمانی، ان کے جڑواں بچوں علی اور کیانا رحمانی، اور ان کے بھائی حامد رضا محمدی ان کی نمائندگی کرنے پہنچے ہیں۔ ہفتے کو نیوز کانفرنس میں طغی رحمانی نے بتایا کہ ایران میں بہائی مذہبی اقلیت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے وہ نئی بھوک ہڑتال کرنے جا رہی ہیں۔

    نرگس رحمانی کو اکتوبر ميں ’ايران ميں عورتوں کے ساتھ زيادتيوں کے خلاف لڑنے‘ پر اس سال کے ليے نوبل انعام کا حق دار قرار ديا گیا تھا۔ اس موقع پر طغی رحمانی نے بتايا کہ ايران ميں بہائی برادری کے کئی اہم رہنما بھی اس وقت بھوک ہڑتال پر ہيں اور اسی ليے نرگس نے بھی يہ وقت چنا۔

    واضح رہے کہ ايران کی بہائی برادری ایک بڑی مذہبی اقلیت ہے، جن کے نمائندگان کا کہنا ہے کہ ان کی کمیونٹی کو معاشرے میں کئی معاملات میں امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔

    51 سالہ نرگس محمدی پچھلے برس ستمبر ميں تہران ميں زير حراست مہسا امينی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والی تحريک کی اہم آواز ہيں، نرگس کو مجموعی طور پر 13 مرتبہ گرفتار کيا گيا اور 5 مرتبہ سزائے قيد سنائی گئی جن کی مدت 31 سال بنتی ہے، جب کہ ساتھ ہی انھيں 154 کوڑے بھی مارے جانے ہيں۔

    پچھلے 20 برسوں کا کچھ وقت انھوں نے آزاد گزارا تو کچھ وقت جيلوں ميں۔ آخری مرتبہ وہ 2021 سے زير حراست ہيں، اور فرانس میں مقیم اپنے بچوں سے ملے ہوئے انھیں 8 سال ہو چکے ہيں۔

  • طوفان الاقصیٰ آپریشن فلسطینیوں کا جائز دفاع ہے: ایرانی صدر

    طوفان الاقصیٰ آپریشن فلسطینیوں کا جائز دفاع ہے: ایرانی صدر

    تہران: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے طوفان الاقصیٰ آپریشن کو فلسطینیوں کا جائز دفاع قرار دے دیا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن فلسطینیوں کا جائز دفاع ہے، اس آپریشن نے اسرائیل کی برتری کو تہس نہس کر دیا۔

    ایرانی صدر نے مزید کہا کہ غزہ میں صہیونی فوج نے جس قتل عام کا ارتکاب کیا ہے اس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، اس کے باوجود صہیونی ریاست کو کوئی فتح حاصل نہیں ہوئی۔

    ابراہیم رئیسی نے غزہ میں وحشیانہ بمباری میں شہریوں کی ہلاکتوں پر سخت رد عمل میں کہا کہ عورتوں اور بچوں کو قتل کرنا بزدلی ہے، فتح نہیں۔

    غزہ میں 48 ویں روز بھی اسرائیلی فورسز کی بمباری جاری، الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر گرفتار

    واضح رہے کہ اسرائیل نے حماس کے ساتھ غزہ میں عارضی جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کل تک مؤخر کر دیا ہے، فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست نہ ملنے کے باعث جنگ بندی میں تاخیر کی گئی ہے، جب کہ امریکا کے سینئر اہلکار کے مطابق اسرائیل کو اب تک فلسطینی یرغمالیوں کے پہلے گروپ کے نام نہیں ملے ہیں۔

  • ایران سے ملک بدر ہونے والے افغان باشندوں‌ کی تعداد 4 لاکھ سے بھی زیادہ

    ایران سے ملک بدر ہونے والے افغان باشندوں‌ کی تعداد 4 لاکھ سے بھی زیادہ

    پاکستان کی طرح ایران سے بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی ملک بدری کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت ایران نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی لہر میں غیر قانونی افغان باشندوں کی شمولیت پر انھیں ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ایران سے اگست 2023 سے اب تک ساڑھے چار لاکھ غیر قانونی افغان باشندوں کو افغانستان بھیجا جا چکا ہے، غیر قانونی تارکین وطن کے داخلے سے نمٹنے کے لیے ایرانی حکام نے سرحدی گزرگاہوں کو بھی بند کر دیا ہے۔

    ایرانی حکام کے مطابق دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سرحد افغان باشندوں کی غیر قانونی نقل مکانی اور منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہوتی رہی۔ واضح رہے کہ افغان باشندے نہ صرف پاکستان بلکہ ایران میں بھی کئی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔

    پاکستان سے ڈھائی لاکھ افغان ڈی پورٹ

    2021 میں طالبان کے اقتدار میں آتے ہی ہزاروں کی تعداد میں افغان باشندے افغانستان سے بھاگ کر ایران میں غیر قانونی طور پر مقیم ہو گئے تھے۔

  • ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے میں 18 ارب ڈالر جرمانے کا خدشہ، پاکستانی وفد ایران روانہ

    ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے میں 18 ارب ڈالر جرمانے کا خدشہ، پاکستانی وفد ایران روانہ

    اسلام آباد: ایران کی جانب سے گیس پائپ لائن منصوبے میں 18 ارب ڈالر جرمانے کے مطالبے کے خدشے کے پیش نظر پاکستانی وفد ایران روانہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی محمد علی کی سربراہی میں ایک وفد ایران روانہ ہوا ہے جس میں انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے ایم ڈی ندیم باجوہ سمیت وزارت کے حکام شامل ہیں، وزیر توانائی اپنے ایرانی ہم منصب سے مذاکرات کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر بات چیت ہوگی، آئی پی گیس پائپ لائن منصوبے میں پاکستان اپنے حصے کی پائپ لائن کی تعمیر کی ڈیڈ لائن میں توسیع کی درخواست کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کو مارچ 2024 تک ایرانی سرحد تک اپنے حصے کی پائپ لائن تعمیر کرنی ہے، مقررہ مدت میں منصوبہ مکمل نہ ہونے کی صورت میں ایران عالمی ثالثی عدالت میں جا سکتا ہے، اور پاکستان پر 18 ارب ڈالر تک جرمانے کا مطالبہ کر سکتا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی وفد ایران پر عائد پابندیوں کے تناظر میں ڈیڈ لائن میں توسیع کی درخواست کرے گا۔ واضح رہے کہ ایران پاکستان گیس منصوبے سے پاکستان کو ایران سے یومیہ 75 کروڑ مکعب فٹ گیس درآمد ہونی ہے۔

  • ایران: کیا اسکارف کے بغیر خواتین ملازمت نہیں کر سکیں گی؟

    ایران: کیا اسکارف کے بغیر خواتین ملازمت نہیں کر سکیں گی؟

    تہران: ایران کے وزیر ثقافت نے کہا ہے کہ حجاب کے لازمی قانون کی پابندی نہ کرنے والی خواتین کے ساتھ کام کرنا ممکن نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی وزارت ثقافت ’وزارت فرہنگ و ارشادات اسلامی‘ نے اکتوبر کے اواخر میں ان اداکاراؤں کی ایک فہرست شائع کی تھی، جن کو سر پر اسکارف کے بغیر عوامی مقامات پر جانے کی وجہ سے اپنے کام سے روک دیا گیا تھا۔ اس حوالے سے وزیر ثقافت محمد مہدی اسماعیلی نے کہا ہے کہ حجاب کے لازمی قانون کی پابندی نہ کرنے والوں کے ساتھ کام کرنا ممکن نہیں ہے۔

    اس فہرست میں تقریباً 20 نام شامل ہیں، جن میں ترانے علی دوستی جیسی عالمی شہرت یافتہ فنکارہ بھی ہیں، 39 سالہ علی دوستی نے 2016 میں بین الاقوامی شہرت یافتہ فلم ’دا سیلز مین‘ میں کام کیا تھا، اس فلم کے ڈائریکٹر اصغر فرہادی نے 2017 میں غیر ملکی زبان کی بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

    ترانے علی دوستی نے انسٹا گرام پر سر پر اسکارف کے بغیر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی تھی، جس کے فوراً بعد انھیں گرفتار کیا گیا تاہم دوستوں اور خاندان والوں کی جانب سے ضمانت لینے کے بعد انھیں دو ہفتے بعد رہا کر دیا گیا، ان کی ملازمت پر پابندی بھی عائد کی گئی، جس پر انھوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’میں ہیڈ اسکارف کے حکم کی تعمیل نہیں کروں گی۔‘‘

    واضح رہے کہ اب عوامی مقامات پر سر کو اسکارف سے نہ ڈھانپنا ایران میں خواتین کے لیے ہلاکت خیز ثابت ہو سکتا ہے، جو 17 سالہ طالبہ ارمیتا گراوند کی حالیہ موت سے ثابت ہو چکا ہے، تہران میٹرو میں سفر کے دوران اخلاقی پولیس نے اس پر حملہ کیا جس سے وہ بے ہوش ہوئی، بعد ازاں وہ کوما میں چلی اور اسے برین ڈیڈ قرار دے دیا گیا، ارمیتا کو 29 اکتوبر کو سپرد خاک کر دیا گیا۔

    اسکارف کی پابندی کے قانون کے سختی سے نفاذ کے بعد ایران میں اب اداکارائیں بھی اس کی پابندی کرنے لگی ہیں۔

  • صہیونی حکومت ریڈ لائن پار کر چکی، ایرانی صدر، خطہ بے قابو ہونے کو ہے، پاسداران

    صہیونی حکومت ریڈ لائن پار کر چکی، ایرانی صدر، خطہ بے قابو ہونے کو ہے، پاسداران

    تہران: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اسرائیل کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی حکومت ریڈ لائن پار کر چکی ہے، ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ خطہ بے قابو ہونے کو ہے، جو صہیونیوں تک نہیں پہنچ سکتے وہ امریکی افواج تک پہنچ سکتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے غزہ پر اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدام کسی کو بھی ایکشن لینے پر مجبور کر سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا امریکا اسرائیل کی وسیع حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، لیکن واشنگٹن ہمیں کچھ نہ کرنے کا کہتا ہے، امریکا نے مزاحمتی اتحاد کو پیغامات بھیجے تھے جس کا جواب انھیں میدان جنگ میں ملا۔

    ادھر ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکی فوج اس جنگ کو چلا رہی ہے، ہم خطے میں امریکی اڈوں اور پروازوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، امریکی پروازیں مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کے لیے فوجی سامان لے جا رہی ہیں۔

    ترجمان بریگیڈیئر جنرل رمضان شریف نے کہا غزہ میں بمباری اور شہریوں کی شہادت جاری رہے گی تو خطہ بے قابو ہو کر پھٹ پڑے گا، اسرائیلی حامی جان لیں مسلمانوں کے صبر کا پیمانہ کسی بھی لمحے لبریز ہو جائے گا، جو صہیونیوں تک نہیں پہنچ سکتے وہ امریکی افواج تک پہنچ سکتے ہیں۔

    انھوں نے واضح کیا کہ سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو متعدد علاقائی کھلاڑی اس لڑائی میں شامل ہو جائیں گے۔

    قیدیوں کے تبادلے کے لیے حماس فوری تیار، نیتن یاہو مشکل میں گرفتار

    واضح رہے کہ اسرائیلی بمباری کے باعث غزہ میں اسپتالوں کو تباہ کن صورت حال کا سامنا ہے، غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ادویات اور ایندھن ختم ہونے کے باعث 30 اسپتال بند ہو گئے ہیں، اور متعدد اسپتالوں میں ایندھن کی قلت کے باعث جزوی بندش کا سامنا ہے، اگر ادویات اور ایندھن نہ ملا تو مزید کئی اسپتال آئندہ گھنٹوں اور دنوں میں بند ہو جائیں گے۔

    ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے قریب اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں اسپتال کو جانے والی سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں، اس اسپتال میں ہزاروں کی تعداد میں مریض اور پناہ گزین موجود ہیں۔

  • جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں: خامنہ ای

    جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں: خامنہ ای

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر نے علی الاعلان کہہ دیا ہے کہ جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہے ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق حماس حملے کے بعد ٹی وی پر اپنے پہلے خطاب میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے منگل کے روز فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کی بھرپور حمایت کے باوجود اسرائیل پر حماس کے ’سرپرائز اٹیک‘ میں ایران کے ملوث ہونے کی تردید کر دی ہے۔

    ایران نے حماس حملے میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کر دیے

    خامنہ ای نے حملے میں اسرائیل کے حساس ڈھانچے کو پہنچنے والے ناقابل تلافی نقصان کی بات کرتے ہوئے اسرائیل کو اس کو تباہی کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل پر حماس کے حملے میں ایران ملوث نہیں ہے، گزشتہ دو تین دنوں سے صہیونی حکومت کے حامی اور غاصب اسرائیل کے کچھ لوگ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ اس کارروائی کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے، لیکن وہ غلط ہیں۔

    خطاب میں ایران کے سپریم لیڈر نے اسرائیل پر حماس کے حملے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہے، ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں، انھوں نے کہا اسرائیل پر یہ حملہ اس کی فوج اور انٹیلی جنس دونوں محاذوں پر ناقابل تلافی ناکامی ہے، سب نے ناکمی کی بات کی ہے لیکن میں اس کی ناقابل تلافی ہونے پر زور دے رہا ہوں۔

    آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ حماس کے تباہ کن حملے نے اسرائیل کے اہم انفرا اسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔

  • یونان جانے کی ایک اور کوشش، ایران میں 45 پاکستانی گرفتار

    یونان جانے کی ایک اور کوشش، ایران میں 45 پاکستانی گرفتار

    چاغی: ایران میں 45 پاکستانی یونان جانے کی ایک اور کوشش کے دوران گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے 45 پاکستانی گرفتار ہو گئے، ایرانی حکام نے گرفتار پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر کے پاکستانی سرحدی حکام کے حوالے کر دیا۔

    سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ پاکستانی غیر قانونی طور پر ایران سے یونان اور یورپی ممالک جانا چاہتے تھے، ایران سے ڈی پورٹ کیے گئے افراد تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیے گئے۔

    سرحدی حکام کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والے بیش تر افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔

    واضح رہے کہ یونان کشتی حادثے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 14 پاکستانی انسانی اسمگلرز کے نام سامنے آئے ہیں، جن میں سے پانچ کا تعلق گجرات سے ہے، انسانی اسمگلرز میں شفقت، فیصل سنیارا، آصف سنیارا، حاجی ذوالفقار، میاں عرفان، جاوید اقبال، ساجد وڑائچ، مدثر، رانا نقاش، عابد، ریاست، ندیم اسلم، طلعت کیانی کے نام شامل ہیں۔

    ایف آئی اے کی کالی بھیڑیں انسانی اسمگلرز کی پشت پناہی کرتی ہیں، سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر کا انکشاف

    سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سجاد باجوہ نے انکشاف کیا ہے کہ ایف آئی اے کی کالی بھیڑیں انسانی اسمگلرز کی پشت پناہی کرتی ہیں، ایجنٹ مافیا کے خلاف صحیح معنوں میں اب تک کارروائی نہیں کی گئی، ایجنٹ مافیا کرپشن اور ملی بھگت سے بچ نکلتی ہے، دیگر ممالک میں ان کے بڑے پیمانے پر گہرے روابط ہیں۔

  • ایران آج 7 سال بعد جدہ میں اپنا سفارت خانہ کھولے گا

    ایران آج 7 سال بعد جدہ میں اپنا سفارت خانہ کھولے گا

    ریاض: ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات میں اہم ترین پیش رفت ہوئی ہے، ایران آج 7 سال بعد ایران جدہ میں اپنا سفارت خانہ کھولے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران آج سعودی شہر جدہ میں سات سال بعد اپنا سفارتخانہ کھول رہا ہے، ریاض کے لیے نامزد ایرانی سفیر علی رضا عنایتی بھی جدہ میں موجود ہیں۔

    سفارتی مشن ایرانی سفیر علی رضا عنایتی کی سربراہی میں کام شروع کرے گا، جو اس سے قبل کویت میں ایران کے سفیر رہ چکے ہیں، جدہ میں قونصلیٹ اور او آئی سی کے دفتر بھی پھر سے فعال ہوں گے۔

    ڈپلومیٹیک کوارٹر میں تقریب مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوگی، تقریب میں سعودی وزارتِ خارجہ کے حکام بھی شرکت کریں گے۔ یاد رہے کہ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان رواں برس مارچ میں سفارتی تعلقات بحال ہوئے تھے۔

    ایران سفارتی تعلقات کی بحالی کے 3 ماہ بعد جدہ میں اپنا سفارت خانہ کھول رہا ہے۔

  • عالمی دباؤ نظرانداز، ایران نے بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی

    عالمی دباؤ نظرانداز، ایران نے بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی

    تہران: عالمی طاقتوں کا دباؤ نظراندار کرتے ہوئے ایران نے اپنے بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کے جدید ترین بیلسٹک میزائل کی رونمائی آج ایک تقریب میں کی گئی جس میں ایرانی وزیر دفاع نے بھی شرکت کی۔

    اس تقریب میں وزارت دفاع کی ایرو اسپیس انڈسٹریز آرگنائزیشن کی تازہ ترین مصنوعات کو بھی متعارف کرایا گیا جن میں 2000 کلومیٹر تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل خرمشہر بھی شامل تھا۔

    دفاعی حکام نے خرمشہر بیلسٹک میزائل کی جنریشن 4 کو خیبر کے نام سے متعارف کرایا اس کی رینج 2,000 کلومیٹر (1,243 میل) اور یہ 1,500 کلوگرام وار ہیڈ لے جا سکتا ہے۔

    میزائل کے بارے میں دعوی کیا گیا ہے کہ یہ اپنے ہدف کو درست طریقے سے نشانہ بناسکتا ہے۔

    دفاعی حکام کے مطابق خرمشہر 4 میزائل کا انجن اپنی نوعیت کے طاقتور ترین انجنوں میں شامل ہے جس کے نتیجے میں خلا میں اس کی رفتار، آواز کی رفتار سے سولہ گنا زیادہ اور زمین سے قریب آواز کی رفتار سے آٹھ گنا زیادہ ہو جاتی ہے۔

    ایران نے امریکا کی مخالفت اور یورپی ممالک کی طرف سے تشویش کے اظہار کے باوجود اپنے میزائل پروگرام بالخصوص اپنے بیلسٹک میزائلوں کو وسعت دی ہے۔

    ایران کا کہنا ہے کہ اس کا یہ پروگرام خالصتاً دفاعی ہے۔