Tag: Iran

  • طیارہ حادثہ: یوکرین نے ایرانی پیش کش ٹھکرا دی

    طیارہ حادثہ: یوکرین نے ایرانی پیش کش ٹھکرا دی

    کیف: یوکرین نے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا کو معاوضے کی ایرانی پیش کش ٹھکرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے پی ایس 752 طیارے میں ہلاک ہونے والے ہر شخص کے لواحقین کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر معاوضہ ادا کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم یوکرین کی وزارت خارجہ اسے مسترد کر دیا۔

    عرب نیوز کے مطابق یوکرین کی وزارت خارجہ کا مؤقف ہے کہ معاوضہ بلاشبہ انصاف کی جانب اہم قدم ہے، تاہم اس سے قبل یہ پورا سچ سامنے لانا ضروری ہے کہ طیارہ کن حالات میں گرا، ترجمان اولیگ نیکولینکو نے کہا اس کے بعد معاوضے کی بات ممکن ہے، معاوضوں کی ادائیگی بھی یک طرفہ فیصلے کے تحت نہ ہو بلکہ ان تمام حکومتوں کے ساتھ معاہدے کے ذریعے ہو جن کے شہری ہلاک ہوئے۔

    یوکرین میں تعینات ایرانی سفیر منوچہر مرادی نے گزشتہ روز ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ایران لواحقین کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر ادا کرنے کو تیار ہے۔

    اس سے قبل کینیڈا، سویڈن، یوکرین اور برطانیہ کے وزرا پر مشتمل طیارہ حادثے کے متاثرین کے لیے بنائے گئے بین الاقوامی رابطہ اور رسپانس گروپ نے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ ایران گروپ میں شامل تمام ممالک کو معاوضہ ادا کر کے اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرے۔

    یاد رہے کہ 8 جنوری کو 2020 کو ایران کے پاسداران انقلاب نے یوکرین انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پرواز کو تہران میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔

  • امریکا ایران جوہری معاہدے سے متعلق روسی مندوب کا دعویٰ

    امریکا ایران جوہری معاہدے سے متعلق روسی مندوب کا دعویٰ

    ویانا: روسی مندوب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے سے متعلق مذاکرات آئندہ جمعے کو ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کو ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں واپس لانے کے لیے ویانا میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں چین، جرمنی، فرانس، روس اور برطانیہ کے اعلیٰ سفارت کاروں کے مابین ہونے والے مذاکرات میں اس معاہدے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

    روسی مندوب نے اس اجلاس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے سے متعلق مذاکرات آئندہ جمعے کو ہوں گے، تاہم پیش رفت کی جلد توقع نہیں کرنی چاہیے۔

    ایرانی حکام نے کہا ہے کہ ویانا مذاکرات میں ایران پر سے پابندیاں اٹھانے پر اتفاق ہو گیا ہے، آئل، بینکنگ اور دیگر سیکٹرز پر عائد پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔

    واضح رہے کہ ویانا میں ہونے والی سفارت کاروں کی اس ملاقات کے دوران امریکا کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔

    ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے چیف جوہری مذاکرات کار نے ہفتے کے روز کہا کہ تہران توقع کرتا ہے کہ ویانا مذاکرات میں اب تک معاہدوں کی بنیاد پر تیل، بینکوں اور بیش تر افراد اور اداروں پر امریکی پابندیاں ختم کر دی جائیں گی۔

    اس دوران روس اور مغربی یورپی طاقتوں نے آگے آنے والی بات چیت میں ایران اور امریکا کو 2015 کے جوہری معاہدے کی مکمل تعمیل میں لانے کے ہدف کے سلسلے میں متضاد رائے دی ہے، فی الوقت یہ مذاکرات چھ دن کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

  • ایرانی صدر کا صدر پاکستان کو خط

    ایرانی صدر کا صدر پاکستان کو خط

    اسلام آباد: ایران کے صدر حسن روحانی نے نو روز کے موقع پر صدر عارف علوی کے نام خط ارسال کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک خط کے ذریعے صدر عارف علوی کو نو روز اور نئے ہجری سال کی مبارک باد دی ہے۔

    صدرِ ایران نے خط میں لکھا کہ نو روز کا تہوار امید اور خوشیوں کا پیغام لاتا ہے، اور غم اور اداسی سے آزادی کا احساس جگاتا ہے، میں امید کرتا ہوں کہ انسان اپنے دلوں اور روح میں نئی بہار لا سکیں گے۔

    حسن روحانی کا کہنا تھا دنیا نےگزشتہ سال کرونا وبا، اور اس سے پیدا ہونے والے متعدد سماجی، معاشی چیلنجز کا سامنا کیا، امید ہے نو روز اس سال دونوں ممالک کے لوگوں کے لیے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

    خط میں ایرانی صدر نے دعائیں دیتے ہوئے لکھا ’میں اللہ تعالیٰ کے حضور آپ کی کامیابی اور اچھی صحت کے لیے، اور پاکستان کے عظیم لوگوں کے لیے خوشیوں اور رحمتوں سے بھرپور دنوں کے لیے دُعا گو ہوں۔‘

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں پاک ایران تعلقات میں دو اہم باتیں وقوع پذیر ہوئی تھیں، ایک طرف پاکستان نے ایرانی جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کے قتل کی مذمت کی، اور واضح کیا کہ ایسے اقدام بین الاقوامی تعلقات اور قانون کے تمام اصولوں کے خلاف ہیں۔ دوسری طرف پاکستان نے ترکی اور ایران کے ساتھ مل کر تینوں ممالک کے درمیان ٹرین سروس آپریشنل کرنے پر اتفاق کر کے اس پر کام کا آغاز کیا۔

  • ایران: برطانوی امدادی کارکن نازنین زغاری کی 5 سالہ قید مکمل

    ایران: برطانوی امدادی کارکن نازنین زغاری کی 5 سالہ قید مکمل

    تہران: ایرانی نژاد برطانوی امدادی کارکن نازنین زغاری رٹکلف کی پانچ سالہ قید مکمل ہونے پر انھیں رہا کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے تھامسن روئٹرز فاؤنڈیشن کی پروجیکٹ منیجر نازنین زغاری کو 5 سال قید کی سزا کے اختتام پر رہا کر دیا، تاہم انھیں ایک اور الزام میں دوبارہ عدالت میں طلب کر لیا گیا ہے۔

    نازنین زغاری رٹکلف کو اپریل 2016 میں تہران ایئر پورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا، انھیں حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی، نازنین نے اپنی سزا کا زیادہ حصہ تہران کی ایوین جیل میں گزارا، گزشتہ مارچ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران ایران کے سپریم رہنما نے انھیں معاف کر دیا تھا، جس پر انھیں رہا کر کے گھر میں نظر بند کر دیا گیا تھا۔

    نازنین کے وکیل حجت کرمانی نے بتایا کہ نازنین نے اپنی سزا کا آخری برس گھر میں نظر بند رہ کر پاؤں میں الیکٹرانک طوق پہنے ہوئے گزارا۔

    نازنین کے دوسرے کیس کی سماعت 14 مارچ کو ہوگی، اس کیس میں ان پر 2009 میں لندن میں ایرانی سفارت خانے کے سامنے ریلی میں شرکت کرنے اور ٹی وی چینل کو انٹرویو میں اسلامی جمہوریہ کے نظام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا الزام ہے، وکیل نے امید ظاہر کی کہ سابقہ تفتیش کے پیش نظر اس مقدمے کو اسی مرحلے پر بند کر دیا جائے گا۔

    زغاری کے شوہر رچرڈ رٹکلف نے بیوی کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں خوش ہوں کہ اہلیہ کے ٹخنوں کا ٹیگ ہٹا دیا گیا ہے۔

    برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے نازنین زغاری کے ٹخنے کا ٹیگ ہٹنے پر خیر مقدم کیا، تاہم انھوں نے ایرانی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

    نازنین کی قید سے رہائی ایسے وقت ہوئی ہے جب ایران اور امریکا اس ایٹمی معاہدے کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے سابق امریکی صدر ٹرمپ نے 2018 میں ختم کر دیا تھا اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

  • ایران کا روسی ویکسین سے متعلق بڑا فیصلہ

    ایران کا روسی ویکسین سے متعلق بڑا فیصلہ

    تہران: ایران نے روسی کرونا ویکسین اسپوتنک V کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا فیصلہ کر لیا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق فوڈ اینڈ ڈرگ کے ایرانی ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم اسپوتنک وی ویکسین کی 20 لاکھ خوراک خریدنے کے علاوہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

    وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں کہا Sputnik V ویکسین دنیا کی بہترین کرونا ویکسینز میں سے ایک ہے، 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے اس کی تاثیر اور مدافعتی وابستگی کا تخمینہ 92 فی صد لگایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا 70 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں بھی اس ویکسین کی مدافعتی صلاحیت زیادہ ہے اور کم ویکسینز میں یہ صلاحیت ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ روسی ویکسین کی دو خوراکیں 21 دنوں کے درمیان انجکشن کی صورت میں لگائی جاتی ہیں، اس کی پہلی اور بوسٹر خوراک کے بعد پیدا شدہ اینٹی باڈی ایسی ہے کہ جسمانی نظام اسے ختم نہیں کر سکتا۔

    کیانوش جہانپور نے کہا روس سے ویکسین کی براہ راست خریداری 20 لاکھ خوراک ہے اور ایران میں اس ویکسین کے لیے پروڈکشن لائن قائم کرنے کے لیے ضروری معاہدے کیے جا چکے ہیں، امید ہے ایران میں ویکسین کی مشترکہ پیداوار کے ساتھ ہم اس کی مزید لاکھوں خوراکیں تیار کر لیں گے اور اسے نئے ایرانی سال میں مارکیٹ کریں گے۔

    ایران میں آنے والے ہفتوں میں نجی کمپنیوں میں سے ایک میں اس ویکسین کی پروڈکشن لائن کا قیام مکمل ہو جائے گا۔

  • ایران کو بٹ کوائن انڈسٹری کے خلاف کریک ڈاؤن کیوں کرنا پڑا؟

    ایران کو بٹ کوائن انڈسٹری کے خلاف کریک ڈاؤن کیوں کرنا پڑا؟

    تہران: ایران کے متعدد شہروں میں بجلی کی بندش کے بعد حکومت نے بٹ کوائن انڈسٹری کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں حالیہ ہفتوں میں دارالحکومت تہران سمیت متعدد شہر اندھیرے میں ڈوب گئے تھے اور لاکھوں لوگوں کو کئی گھنٹے تک بجلی کے بغیر رہنا پڑا، بجلی کے اس بریک ڈاؤن کے لیے بٹ کوائن انڈسٹری کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی بحران کے لیے بٹ کوائن انڈسٹری کو ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر لوگوں نے اس ’غیر متوقع مجرم‘ کی طرف انگلیاں اٹھائیں، جس پر حکومت نے بھی عوام میں بڑھتے غصے کے پیش نظر بٹ کوائن پروسیسنگ سینٹرز کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ بٹ کوائن سینٹرز کو بہت زیادہ مقدار میں بجلی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ اپنے مخصوص کمپیوٹرز کو چلا سکیں اور انھیں ٹھنڈا رکھ سکیں، جسے ایران کے پاور گرڈ پر ایک بوجھ قرار دیا گیا، اس سلسلے میں پہلے سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہوا اور پھر حکومت بھی حرکت میں آ گئی۔

    ایرانی حکام نے پورے ملک میں 16 سو سینٹرز کو بند کر دیا ہے، پہلی بار ان سینٹرز کو بھی بندش کا سامنا کرنا پڑا ہے جنھیں قانونی طور پر کام کی اجازت ہے، حکومت کے یہ اقدامات متنازع بن گئے ہیں اور کرپٹو انڈسٹری کش مکش میں مبتلا ہو چکی ہے، یہ سمجھا جا رہا ہے کہ ملکی مسائل کی دھند میں بٹ کوائن انڈسٹری کو بلی کا بکرا بنایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ 2018 میں امریکا کے ساتھ جوہری معاہدے سے نکلنے اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد ہونے کے بعد ملک میں کرپٹو کرنسی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔

  • امریکی پابندیوں کے باوجود ایران نے پیٹرولیم مصنوعات کی ریکارڈ برآمدات کرلیں

    امریکی پابندیوں کے باوجود ایران نے پیٹرولیم مصنوعات کی ریکارڈ برآمدات کرلیں

    تہران: ایران کا کہنا ہے کہ اس نے امریکی پابندیوں کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی ریکارڈ برآمدات حاصل کر لی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے تھے کہ ہم ہلاک ہوجائیں اور ہماری برآمدات صفر تک پہنچ جائیں۔

    ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران نے کہا ہے کہ اس نے امریکی پابندیوں کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی ریکارڈ برآمدات حاصل کر لی ہیں، ایران کے وزیر برائے تیل بيژن نامدار نے یہ دعویٰ اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔

    ایرانی وزیر تیل کا کہنا تھا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو تاریخ کے کوڑے دان میں شامل ہو گئے تھے لیکن ہم زندہ ہیں اور ملک کی تعمیر کے لیے مزید امید کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دشمن اور ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے تھے کہ ہم ہلاک ہوجائیں اور ہماری برآمدات صفر تک پہنچ جائیں، ہم نے پابندی کے عرصے کے دوران تیل کی صنعت کی تاریخ میں برآمدات کا سب سے زیادہ ریکارڈ قائم کیا۔

    ایک اندازے کے مطابق ایران 2018 میں 2.8 ملین یومیہ بیرل کے مقابلے میں 3 لاکھ یومیہ بیرل سے بھی کم تیل برآمد کرتا ہے۔

    ایران نے حالیہ برسوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا ہے اگرچہ خام تیل کی طرح پیٹرولیم مصنوعات بھی امریکی پابندیوں میں آتی ہیں۔

  • ایرانی پاسداران انقلاب کی مشترکہ میزائل اور ڈرون مشقوں کا آغاز

    ایرانی پاسداران انقلاب کی مشترکہ میزائل اور ڈرون مشقوں کا آغاز

    تہران: ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) نے ملک کے وسطی صحرائی علاقے میں مشترکہ میزائل اور ڈرون مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق پندرہویں پیامبر اعظم مشقوں کے پہلے مرحلے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بڑے پیمانے پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل فائر کیے اور بم بردار ڈرونز کے ذریعے کارروائیاں کی گئیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق فرضی دشمن کے اڈے پر مشترکہ حملہ کیا گیا اور مقرر کردہ تمام اہداف کو تباہ کر دیا گیا، میزائل کی نئی نسل علیحدہ ہونے والے وار ہیڈز سے لیس ہے اور کرہ ہوائی سے باہر رہنمائی کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    حکام کے مطابق یہ میزائل دشمن کی میزائل شیلڈ میں خلل پیدا کرنے اور اس میں سے گزرنے میں بھی کامیاب ہے۔

    مذکورہ فوجی مشقوں کا انعقاد سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے چیف کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادہ اور ایرانی مسلح افواج کے دیگر اعلیٰ کمانڈروں اور عہدے داروں کی موجودگی میں کیا گیا۔

  • ایران نے جنوبی کوریا کا بحری جہاز پکڑ لیا

    ایران نے جنوبی کوریا کا بحری جہاز پکڑ لیا

    تہران: ایران نے ماحولیاتی آلودگی کے جرم میں جنوبی کوریا کے جھنڈے والا جہاز پکڑ لیا، جب کہ جنوبی کوریا نے ایران سے بحری جہاز فوری طور پر چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی بحریہ نے خلیج فارس میں جنوبی کوریا کا پرچم لگا کر چلنے والی بحری کشتی کو ماحولیات کو آلودہ کرنے کے جرم میں قبضے میں لے لیا ہے۔

    ایران کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کی کشتی نے عالمی قوانین اور پروٹوکول کی خلاف ورزی کی ہے۔

    پاسداران انقلاب کی بحریہ کی جانب سے یہ کارروائی عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر کی گئی، ایران نے جنوبی کورین کشتی پکڑ کر ایک بندرگاہ پر لنگر انداز کر دی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق جنوبی کورین کشتی کا نام ہانکوک چیمی ہے جس پر 7 ہزار 200 ٹن کیمیائی تیل لدا ہوا ہے، جب کہ کشتی پر موجود افراد کا تعلق جنوبی کوریا، انڈونیشیا، ویت نام اور میانمار سے بتایا گیا ہے۔

    ایرانی سپاہ نے میری ٹائم آرگنائزیشن کی درخواست اور صوبہ ہرمزگان کے پراسیکیوٹر کے حکم پر کشتی کو پکڑ کر ایرانی بندرگاہ پر لنگر انداز کروا دی۔

    سیئول نے بھی عمان کے سمندر میں ایرانی حکام کے ذریعے جنوبی کوریائی کیمیاوی ٹینکر کے قبضے کی تصدیق کی ہے اور ایران سے اسے فوری طور پر چھوڑنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

    واضح رہے کہ ایران کی جانب سے یہ کارروائی ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب امریکی پابندیوں کی وجہ سے جنوبی کوریائی بینکوں میں ایرانی فنڈز منجمد ہونے پر تہران اور سیئول کے مابین کشیدگی ہے۔

  • جوہری توانائی، ایران کا بڑا اعلان

    جوہری توانائی، ایران کا بڑا اعلان

    تہران: ایران نے یورینیم کی افزودگی میں 20 فی صد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ایٹمی نگران ادارے کا کہنا ہے کہ ایران نے یورینیم کی 20 فی صد افزودگی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یو این نیوکلیئر واچ ڈاگ نے کہا ہے کہ انھیں ایران نے اطلاع دی ہے کہ وہ غیر آبادی والے گاؤں فورڈو میں 20 فی صد یورینیم کی افزودگی کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

    اس سلسلے میں ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں کے لیے روس کے مستقل نمائندے میخائل اولیانوف نے بھی ایک ٹویٹ کیا ہے کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اپنے بورڈ آف گورنرز اور سلامتی کونسل کو خبر دی ہے کہ ایران فورڈو کے زیر زمین تنصیبات میں یورینیم کی افزودگي کی سطح بیس فی صد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    ایران کا ایٹمی سائنسدان کے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کرنیکا کا دعویٰ

    اولیانوف کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ عموماً اس طرح کی خفیہ رپورٹس دس منٹ میں میڈیا میں لیک ہو جاتی ہیں لیکن آج یہ بات دو گھنٹے میں سامنے آئی۔

    واضح رہے کہ ایران کے بڑے نیوکلیئر سائنس دان کے قتل کے بعد گزشتہ ماہ ایک قانون منظور کیا گیا تھا، یورینیم افزودگی کا یہ اعلان اس قدم کے بعد سامنے آیا ہے۔

    بیس فی صد اضافے کی یہ سطح وہ ہے جو ایران نے 2015 کے معاہدے سے قبل حاصل کی تھی، افزودگی کا یہ عمل فورڈو سائٹ میں عمل میں لایا جائے گا جو ایک پہاڑ کے نیچے بنی ہوئی ہے۔

    ایران حال ہی میں واشنگٹن کے ساتھ کشیدگی کے نتیجے میں کئی بار اعلان کر چکا ہے کہ وہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے معاہدے کی مزید خلاف ورزی کرے گا۔