Tag: Iran

  • اسرائیل نے فخری زادے کے قتل میں الیکٹرانک آلات استعمال کیے، ایران

    اسرائیل نے فخری زادے کے قتل میں الیکٹرانک آلات استعمال کیے، ایران

    تہران : ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایٹمی سائنس دان محسن فخری زادے کو ریموٹ کنٹرول ہتھیار سے قتل کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نیوکلیئر پروگرام کی انتہائی اہم شخصیت اور فادر آف نیوکلیئر پروگرام سمجھے جانے والے سائنس دان محسن فخری زادے کی موت کے بعد سے ایران کے اعلیٰ حکام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

    ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فخری زادے کے قتل میں صیہونی ریاست اسرائیل اور جلاوطن اپوزیشن گروپ ملوث ہے جنہوں نے ریموٹ کنٹرول ہتھیار سے حملہ کیا تھا۔

    سیکیورٹی کے سربراہ علی شمخانی نے فخری زادے کی تدفین کے موقع پر کہا تھا کہ سرپسندوں نے حملے کےلیے الیکٹرانک آلات کا استعمال کیا، اسی لیے جائے وقوعہ پر حملہ آور موجود نہیں تھے۔

    انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے محسن فخری زادے کے قتل کےلیے بلکل نیا طریقہ طریقہ استعمال کیا۔

    انہوں نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی خفیہ اور سکیورٹی ایجنسیوں کو فخری زادہ کے قتل کی سازش کا اندیشہ پہلے سے ہی تھا۔ اس طرح کے حملے کا پہلے سے ہی خدشہ تھا۔

  • ایران میں کرونا وائرس کی تیسری لہر، سخت پابندیوں کا نفاذ

    ایران میں کرونا وائرس کی تیسری لہر، سخت پابندیوں کا نفاذ

    تہران: ایران میں کرونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کے لیے سخت پابندیوں کا نفاذ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کرونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر کی زد پر ہے، وبا سے تحفظ کے لیے ایرانی وزارت صحت نے اہم اقدامات شروع کر دیے۔

    شہروں اور قصبوں کے درمیان غیر ضروری سفر کرنے اور کاروبار پر پابندیاں عائد کر دی گئیں۔

    نائب وزیر صحت نے عوام کو تنبیہ کی ہے کہ خاندانی اجتماعات کرونا پھیلانے کی بنیادی وجہ ہیں، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے 10 فی صد لوگ 80 فی صد افراد کو متاثر کر سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایران میں رواں برس 26 فروری کو کیسز سامنے آنا شروع ہوئے تھے، اب تک کیسز کی تعداد 8 لاکھ 41 ہزار 300 تک پہنچ چکی ہے، جب کہ اموات کی مجموعی تعداد 44 ہزار 327 ہے.

    ایران میں کرونا وائرس انفیکشن سے اب تک 5 لاکھ 96 ہزار 136 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ بند شدہ کیسز کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 40 ہزار 463 ہے۔

    تیسری لہر کے دوران بھی ایران میں کرونا کیسز بڑھتے جا رہے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 931 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی، جب کہ کرونا سے مزید 431 افراد کا انتقال ہوا۔

    ایران میں فعال کیسز کی تعداد بھی اس وقت 2 لاکھ 845 ہے، جن میں ساڑھے پانچ ہزار سے زائد کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • ایران نے بھارتی کمپنیوں کو کام سے روک دیا

    ایران نے بھارتی کمپنیوں کو کام سے روک دیا

    تہران: ایران نے ملک میں ایک گیس فیلڈ منصوبے پر کام کرنے والی بھارتی کمپنیوں کو کام سے روک دیا، منصوبہ مقامی ایرانی کمپنیوں کو دیا جا رہا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران نے ایک بہت بڑے گیس فیلڈ منصوبے پر کام کرنے والی بھارتی کمپنیوں کو کام سے روک دیا ہے۔ بھارتی کمپنیوں کے کنسورشیم کو نوٹس جاری کیا گیا ہے کہ منصوبہ مقامی ایرانی کمپنیوں کو دیا جا رہا ہے۔

    ایرانی حکام کے مطابق متعدد بار پراجیکٹ پر مذاکرات کے لیے بھارت کو دعوت دی گئی تاہم انہوں نے کچھ نہ کیا، گزشتہ سال انہیں اس حوالے سے الٹی میٹم بھی دیا گیا تھا۔

    حکام کے مطابق وہ صرف پابندیاں اٹھنے کے منتظر تھے۔ اس کے بعد یہ منصوبہ مقامی کمپنیوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خلیج فارس کے قریب فرزاد میں گیس کی دریافت سنہ 2008 میں تین انڈین کمپنیوں نے کی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایرانی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ تھا کہ فرزاد بی گیس کا پہلا مرحلہ 2 ارب ڈالر کا ہے جس پر مستقبل قریب میں دستخط کیے جائیں گے۔ ایران اس سے قبل بھارت کو چابہار بندرگاہ کے ریل منصوبے سے بھی فارغ کر چکا ہے۔

  • ایران نے جدید ترین بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی

    ایران نے جدید ترین بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی

    تہران: ایران نے ذوالفقار بصیر نامی بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی، آپٹیکل سرچ وار ہیڈ سے لیس یہ میزائل 700 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے سربراہ محمد باقر قالیباف اور کمانڈر ان چیف میجر جنرل حسین سلامی کی موجودگی میں ذوالفقار بصیر نامی بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی گئی۔

    آپٹیکل سرچ وار ہیڈ سے لیس یہ میزائل 700 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی سائنسدانوں نے فضا سے فضا، زمین سے فضا، زمین سے زمین، سطح سمندر سے سمندر، ساحل سے سمندر اور سمندر کے اندر مار کرنے والے میزائلوں اور تار پیڈو کی طاقت اور توانائی میں زبردست اضافہ کیا ہے اور ایرانی مسلح افواج، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لا رہی ہیں۔

    اس وقت ایران کے پاس مختلف قسم کے کروز میزائل ہیں جن میں قادر، ظفر، کوثر، نور، قدیر، نصرو، نصرِ بصیر اور سومار شامل ہیں، ان میزائلوں کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ تمام میزائل گاڑی یا آبدوز سے چلائے جا سکتے ہیں۔

    بعد ازاں ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے ایک ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 سالہ دفاع مقدس کے بعد واضح ہوگیا کہ اگر دشمن ایران کے خلاف جنگ شروع کرے تو اسے ختم کرنا دشمن کا کام نہیں ہے۔

  • ایران ،عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت پر جانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

    ایران ،عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت پر جانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد : ایران،عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت سے متعلق پالیسی تیار کرلی گئی، کراچی سے عراق فیری سروس شروع کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران،عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت سے متعلق پالیسی تیار کرلی گئی ، وزیرمذہبی امورکی سربراہی میں ذیلی کمیٹی نےپالیسی کو حتمی شکل دی، کمیٹی میں شیریں مزاری،علی زیدی،ندیم افضل چن،عاصم سلیم باجوہ شامل تھے۔

    مجوزہ پالیسی کے مطابق زائرین اور ٹورآپریٹرز کو وزارت مذہبی امور میں رجسٹرڈ کیا جائے گا، کوئٹہ، تفتان میں زائرین کی رہائش کیلئے انتظامات کئے جائیں گے۔

    پالیسی میں کہا گیا کوئٹہ تفتان روڈپرسروس ایریا تعمیرکئے جائیں گے، کراچی سےعراق فیری سروس شروع کی جائےگی جبکہ مستقبل میں گوادرسےعراق فیری سروس بھی شروع کی جائےگی، کراچی سےفیری سروس سے سفر کو سستا اور محفوظ بنایا جائے گا۔

    زیارت پالیسی کا حتمی مسودہ کابینہ سے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا ، وفاقی وزیرمذہبی امورنورالحق قادری نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے جامع زیارت پالیسی بنارہےہیں، زائرین کی صحت وسہولت کوبطورخاص مدنظررکھاجائےگا۔

  • ایران جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے امریکی سفیر کو قتل کرنا چاہتا ہے: امریکی میگزین

    ایران جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے امریکی سفیر کو قتل کرنا چاہتا ہے: امریکی میگزین

    ورجینیا: ایک امریکی میگزین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے امریکی سفیر کو قتل کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی میگزین پولیٹیکو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اپنے مقتول جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے جنوبی افریقہ میں امریکی سفیر کو قتل کرنا چاہتا ہے۔

    امریکی میگزین کا کہنا ہے کہ ایران جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے راہیں تلاش کر رہا ہے، امریکی سفیر کو قتل کیا گیا تو دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے.

    خیال رہے کہ جنوبی افریقہ میں تعینات امریکی خاتون سفیر لانا مارکس گزشتہ اکتوبر میں تعینات ہوئی ہیں۔

    اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس پہلے سے لانا مارکس کو لاحق خطرات سے آگاہ ہے، تاہم مذکورہ خطرات حالیہ ہفتوں میں زیادہ ’مخصوص‘ ہو چکے ہیں۔

    جنوبی افریقہ میں امریکی سفیر لانا مارکس

    لانا مارکس کو سفیر کے عہدے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں نامزد کیا تھا تاہم گزشتہ اکتوبر میں انھوں نے حلف اٹھایا۔

    ایران : جنرل قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والا شخص اپنے انجام کو پہنچ گیا

    میگزین کے مطابق امریکی حکومتی اہل کاروں نے کہا ہے کہ لانا مارکس کو بھی انٹیلی جنس کمیونٹی پروٹوکول کے تحت خطرے سے آگاہی دی جا چکی ہے، جب کہ ان کے خلاف منصوبہ بندی میں پریٹوریا، جنوبی افریقہ میں واقع ایرانی سفارت خانہ ملوث ہے، تاہم انٹیلی جنس یہ جاننے سے قاصر ہے کہ لانا مارکس ہی کیوں ہدف ہے۔

    یاد رہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب کے لیڈر جنرل قاسم سلیمانی کو عراق کے شہر بغداد میں 3 جنوری 2020 کو امریکا نے ایک ڈرون حملے میں قتل کر دیا تھا۔ ایران نے امریکا سے اس قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

  • جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی: ایرانی حکام

    جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی: ایرانی حکام

    تہران: ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم تنصیب کے ایک اہم حصے کو کافی نقصان پہنچا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایرانی ادارہ برائے جوہری توانائی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ایران کی نطنز نیو کلیئر سائٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری کا نتیجہ تھی۔

    ترجمان بہروز کمالوندی کے مطابق ایرانی سیکیورٹی فورسز مناسب وقت پر دھماکوں کی وجوہات افشا کریں گی۔

    اس سے قبل جولائی میں ایران کے اعلیٰ سیکیورٹی ادارے نے کہا تھا کہ نیو کلیئرسائٹ میں لگنے والی آگ کی وجہ کا تعین کر لیا گیا ہے لیکن واقعے کی معلومات بعد میں منظر عام پر لائی جائیں گی۔

    ایرانی حکام کے مطابق آگ لگنے سے جوہری تنصیب کو زیادہ نقصان پہنچا ہے جس کے باعث یورینیم افزوگی کے لیے سینٹری فیوجز کی تیاری سست روی کا شکار ہو سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ 6 جولائی کو ایران کی زیر زمین نطنز جوہری تنصیب میں آگ لگ گئی تھی، آگ کی وجہ سے مرکز کے ایک اہم حصے کو کافی نقصان پہنچا۔

    بہروز کمالوندی نے بتایا تھا کہ اس واقعے سے کافی نقصان پہنچا ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

    ایران کا یہ زیر زمین نطنز فیول انریچمنٹ پلانٹ یورینیم افزودہ کرنے والا سب سے بڑا پلانٹ ہے، ایران میں کئی جوہری تنصیبات ہیں جو اقوام متحدہ کے جوہری ادارے کی نگرانی میں کام کرتے ہیں اور نطنز جوہری تنصیب بھی انہی میں سے ایک ہے۔

  • ایران نے بدقسمت یوکرینی طیارے کے بلیک باکس سے گفتگو کا ریکارڈ حاصل کرلیا

    ایران نے بدقسمت یوکرینی طیارے کے بلیک باکس سے گفتگو کا ریکارڈ حاصل کرلیا

    تہران: رواں برس ایرانی دارالحکومت تہران میں تباہ ہونے والے یوکرینی مسافر طیارے کے بلیک باکس کی معلومات ایران نے حاصل کرلی ہیں، المناک واقعے میں 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    ایران نے رواں برس تباہ ہونے والے یوکرینی مسافر بردار طیارے کے بلیک باکس سے معلومات حاصل کر لی ہیں جن میں کاک پٹ میں ہونے والی بات چیت کا ریکارڈ بھی شامل ہے۔

    ایرانی سول ایوی ایشن کے سربراہ کیپٹن توراج دہغانی کا کہنا ہے کہ طیارے کے بلیک باکس میں پہلے دھماکے کے بعد کی صرف 19 سیکنڈ کی بات چیت محفوظ ہے جبکہ دوسرا میزائل 25 سیکنڈ بعد جہاز سے ٹکرایا تھا۔ رپورٹ میں توراج دہغانی کے اس بیان کے حوالے سے تفصیل نہیں دی گئی۔

    تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پرواز بھرنے والے مسافر بردار یوکرینی طیارے کو رواں برس 8 جنوری کو 2 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تھا، جہاز کے پرواز بھرنے کے 8 منٹ بعد ہی پہلے میزائل سے اسے نشانہ بنایا گیا جس سے ممکنہ طور پر جہاز میں نصب ریڈیو کو نقصان پہنچا۔

    چند لمحوں بعد دوسرا میزائل لگنے کے بعد زور دار دھماکہ ہوا جس کے بعد جہاز آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آگیا اور زمین پر جا گرا۔

    المناک واقعے میں 176 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایرانی شہریوں سمیت یوکرین، کینیڈا، برطانیہ، افغانستان، سوئیڈن اور جرمنی کے شہری شامل تھے۔

    واقعے سے تھوڑی دیر قبل ہی ایرانی میزائلوں نے بغداد میں 2 امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا جس کے بعد امریکا ایران تعلقات میں خطرناک موڑ آگیا اور مشرق وسطیٰ میں سخت کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    ابتدا میں ایرانی حکام اسے حادثہ قرار دیتے رہے تاہم جلد ہی ایران نے اعتراف کرلیا تھا کہ مسافر طیارے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

    ایرانی سول ایوی ایشن کی جانب سے شائع کردہ تحقیقاتی رپورٹ میں درج کیپٹن توراج دہغانی کے بیان کے مطابق پہلے دھماکے سے میزائل کے شارپنل جہاز کے اندر تک گئے تھے جس سے ممکنہ طور پر جہاز کے ریکارڈر کو نقصان پہنچا۔

    کیپٹن توراج دہغانی نے بلیک باکس سے حاصل کی گئی کاک پٹ میں بات چیت کی تفصیلات نہیں دیں۔

    توراج دہغانی کا کہنا تھا کہ وائس ریکارڈر سے ڈیٹا حاصل کرنے کے عمل کے دوران ان تمام ممالک کے نمائندگان موجود تھے جن کے شہری طیارہ حادثے میں ہلاک ہوئے تھے، یوکرین، امریکا، فرانس، کینیڈا، برطانیہ اور سویڈن کے نمائندگان بلیک باکس سے تفصیلات حاصل کرنے کے عمل کا حصہ رہے ہیں۔

    بعد ازاں تباہ شدہ طیارے کا بلیک باکس جون کے مہینے میں پیرس بھیجا گیا تھا جہاں مغربی ممالک سے تفتیش کاروں پر مبنی ٹیم اس کا جائزہ لے رہی تھی۔

    گزشتہ ماہ ایران نے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں اعتراف کیا تھا کہ حادثہ، ائیر ڈیفنس یونٹ کے ریڈار کی غلط سمت کی وجہ سے پیش آیا تھا، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایئر ڈیفنس یونٹ کے اہلکار نے مرکز سے ہدایات لیے بغیر دو میزائل فائر کیے تھے۔

    مغربی ممالک کے انٹیلی جنس اہلکاروں اور تجزیہ کاروں کے خیال میں ایران نے روسی ساختہ میزائل ایس اے 15 استعمال کرتے ہوئے یوکرینی طیارے کو نشانہ بنایا تھا۔

    ابتدائی رپورٹ میں پاسدارن انقلاب کے ڈیفنس سسٹم کی منتقلی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا تھا جبکہ ایئر پورٹ کے قریبی علاقے میں پاسداران انقلاب کے فوجی اڈے واقع ہیں۔

    سول ایوی ایشن کے سربراہ کیپٹن توراج دہغانی کا کہنا ہے کہ تحقیقات کرنے اور جہاز کا ریکارڈ حاصل کرنے کا مقصد آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ ایران کی فضائی حدود بین الاقوامی پروازوں کے لیے محفوظ ہیں۔

  • ایران میں کرونا وائرس سے اموات 20 ہزار ہو گئیں

    ایران میں کرونا وائرس سے اموات 20 ہزار ہو گئیں

    تہران: ایرانی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے اموات 20 ہزار ہو گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران دنیا کے 213 ممالک میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 11 ویں نمبر پر آ چکا ہے، جہاں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 47 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ایران میں 3 لاکھ 800 کرونا مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ فعال کیسز کی تعداد 27 ہزار ہے، جن میں سے 3 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 7 لاکھ 84 ہزار 800 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد بڑھ کر 2 کروڑ 23 لاکھ 27 ہزار ہو گئی ہے، کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد بھی ڈیڑھ کروڑ ہو چکی ہے۔

    سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں اب تک 1 لاکھ 75 ہزار مریضوں کی جان جا چکی ہے جب کہ 65 لاکھ 56 ہزار کرونا وائرس کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ امریکا میں اب تک 7 کروڑ 23 لاکھ 70 ہزار سے زائد ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔

    برازیل بھی ان بدقسمت ممالک میں سے سر فہرست ہے جہاں کرونا وائرس نے بے پناہ تباہ مچائی، اب تک برازیل میں وائرس سے 1 لاکھ 10 ہزار مریض جانوں سے محروم ہو چکے ہیں، جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 34 لاکھ 11 ہزار ہے، جب کہ ٹیسٹ 1 کروڑ 37 لاکھ 29 ہزار سے زائد کیے گئے ہیں۔

  • امریکا کا ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع کیلئے قرارداد پیش کرنے کا اعلان

    امریکا کا ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع کیلئے قرارداد پیش کرنے کا اعلان

    واشنگٹن : امریکی سیکریٹری خارجہ کا ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے متعلق کہنا ہے کہ امریکا رواں ہفتے سلامتی کونسل میں ایران پر لگائی گئی پابندی میں توسیع کی قرار داد پیش کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران پر اسلحے کی خرید و فروخت کےلیے عائد پابندیاں رواں برس اکتوبر میں ختم ہورہی ہیں، جس کے خلاف امریکا اور اس کے اتحادی ممالک سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

    مائیک پومپیو نے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ جی سی سی کا ایران کے خلاف سلامتی کونسل کو ایران پر عائد پابندیوں میں مزید توسیع سے متعلق خط بھیجنا کا جرات مندانہ اعلان ہے۔


    پومپیو کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک ایران پر عائد پابندیوں کے حق میں ہے اور توسیع کی حامی ہیں لہذا سلامتی کونسل کسی ایک کے ساتھ کھڑے ہو۔

    یاد رہے کہ 2007ء کے آغاز سے ایران پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے لیکن 2015ء میں جوہری معاہدے کے تحت مذکورہ پابندی رواں برس 18 اکتوبر کو ختم ہو جائے گئی۔

    تاہم امریکا اور اس کے اتحادی کوشاں ہیں کہ ایران پر عائد پابندیوں میں غیر معینہ مدت کےلیے توسیع کردی جائے گی۔