Tag: Iran

  • ایرانی صدر نے عوام کے لیے اہم ہدایت جاری کر دی

    ایرانی صدر نے عوام کے لیے اہم ہدایت جاری کر دی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کی جانب سے شدید دباؤ کی پالیسی کا مقابلہ کرنے کے پختہ عزم کا ایک بار پھر اعادہ کر لیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے آیندہ انتخابات کے سلسلے میں عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، انھوں نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی عوامی بہبود کے لیے حکومت کام کر رہی ہے۔

    حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف شدید دباؤ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، امریکا سمجھتا ہے کہ پابندیوں اور دباؤ کے سامنے ایران جھک جائے گا، لیکن ایران ان کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا، اقتصادی پابندیوں سے مشکلات ضرور ہیں مگر عوامی بہبود کے لیے کام کر رہے ہیں، ایران کےعوام آیندہ انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

    خیال رہے کہ جمعہ 3 جنوری کو بغداد میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی تھی، ایران کی جانب سے جوابی کارروائیوں کے بعد امریکی صدر نے ایران پر مزید سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

    قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران امریکا سے کیا چاہتا ہے؟

    دوسری طرف تین دن قبل ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکی ڈرون اٹیک میں ہمارا لیڈر مارا گیا لیکن اس کے باوجود ہم بات چیت سے پیچھے نہیں ہٹے، پابندیوں کے خاتمے کے بعد امریکا کے ساتھ مذاکرات ممکن ہیں۔

    امریکا کا مطالبہ ہے کہ ایران اپنے جوہری منصوبے سے دست بردار ہو جائے، 8 جنوری کو ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ میں جب تک امریکا کا صدر ہوں ایران ایٹمی طاقت نہیں بن سکتا۔

  • سعودی عرب اور ایران میں زلزلے کے جھٹکے

    سعودی عرب اور ایران میں زلزلے کے جھٹکے

    ریاض: سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں بدھ کی رات زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی علاقے اور ایران میں بدھ کی رات زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.9 ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق ایران کے جنوبی صوبے میں بھی 5.2 شدت کے زلزلے محسوس کیے گئے، زلزلہ گزشتہ رات 11 بجکر 23 منٹ پر آیا۔

    زلزلہ آتے ہی سعودی اور ایران کے شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔

    این سی ایم کے مطابق زلزلہ رات 10 بجکر 27 منٹ پر آیا جبکہ زلزلے سے متحدہ عرب امارات پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز شمالی طول بلد اور 866.56 ڈگری مشرقی طول البلد پر کیا گیا جس کی گہرائی 21 کلو میٹر پر تھی۔

    زلزلے کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

  • امریکی بزدلی کا مردانگی سے جواب دیں گے: سربراہ القدس فورس

    امریکی بزدلی کا مردانگی سے جواب دیں گے: سربراہ القدس فورس

    تہران: ایرانی قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قاآنی نے ایک بار پھر امریکا کو خبردار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قاآنی کے اعزاز میں تہران میں تقریب منعقد کی گئی جس میں ان کا تعارف پیش کیا گیا، اس دوران انہوں نے اہم خطاب بھی کیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسماعیل قاآنی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ امریکا نے بزدلی سے ہمارے عظیم جنرل کو قتل کیا، ہم اس کے جواب میں مردانگی کے ساتھ دشمن سے بدلہ لیں گے۔

    نئے ایرانی کمانڈر نے امریکا کے 13 مقامات کو نشانہ بنانے کا اعلان کر دیا

    انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم کی موت کا پوری دنیا بدلہ چاہتی ہے، خدا کی مدد اور نصرت سے میں وعدہ کرتا ہوں کہ دشمن سے مردانگی کے ساتھ خون کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے بھرے مجمع میں علی الااعلان یہ بات کہی۔

    خیال رہے کہ نئے ایرانی کمانڈر اسماعیل قاآنی نے 7 جنوری کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے ایران کے پاس 13 مقامات ہیں جن کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، سب سے کمزور ٹارگٹ بھی امریکا کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوگا، خیال رہے کہ اسماعیل قا آنی کو قاسم سلیمانی کی موت کے بعد چار دن قبل پاسداران انقلاب اسلامی القدس بریگیڈ کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا۔

    نئے ایرانی کمانڈر کا مذکورہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے جواب میں سامنے آیا تھا۔ جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ایران کے 52 اہم مقامات امریکی نشانے پر ہیں، اگر ایران نے امریکی تنصیبات پر حملہ کیا تو اس کا جواب دیں گے، امریکی حملہ تیز ہوگا اور انتہائی شدت سے کیا جائے گا۔

  • ایران کی یوکرائنی طیارے کے بلیک باکس ڈیٹا کیلئے فرانس اورامریکا سے مدد کی درخواست

    ایران کی یوکرائنی طیارے کے بلیک باکس ڈیٹا کیلئے فرانس اورامریکا سے مدد کی درخواست

    تہران : ایران نے یوکرین کے تباہ شدہ طیارے کے بلیک باکس ڈیٹا کے تجزیے کے لئے فرانس اورامریکا سے مدد فراہم کرنے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین کے تباہ شدہ طیارے کے بلیک باکس سے ڈیٹا حاصل نہ کرسکے، بلیک باکس ڈیٹا کے تجزیے کے لئے فرانس اور امریکا سے آلات اورمدد فراہم کرنے کی درخواست کررہے ہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ ایران کے پاس بلیک باکس کا جلد تجزیہ کرنے کیلئے تکنیکی مہارت اور ضروری سامان موجود نہیں، درست معلومات کے جلد حصول کیلئے ایران کو بلیک باکس فرانس بھیجنا چاہیئے۔

    مزید پڑھیں : یوکرائنی مسافر طیارے کا بلیک باکس فرانس بھیجا جائے، کینیڈین وزیراعظم

    ٹروڈو کا کہنا تھا کہ فرانس کا شمار ان چند ممالک میں ہوتا ہے ، جو طیارے کا ڈیٹا اور کاک پٹ کا ریکارڈ پڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، بلیک باکس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ بری طرح تباہ شدہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام کو بلیک باکس کو فرانس بھیجنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اس ضمن میں فرانس نے اپنی خدمات پیش کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

    واضح رہے 8 جنوری کو یوکرین کا مسافرطیارہ تہران سے پروازکے فوری بعد ایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوگیا تھا ،جس میں سوار 176 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے، اس جہاز میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 62 مسافر سوار تھے۔

    بعد ازاں ایرانی ایرواسپیس کمانڈر علی حاجی زادے نے یوکرین طیارےکی تباہی کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ ’جہاز کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا کیونکہ سیکیورٹی حکام اُسے کروز میزائل سمجھ بیٹھے تھے۔

  • یوکرینی طیارے کی تباہی ایران کے گلے پڑگئی

    یوکرینی طیارے کی تباہی ایران کے گلے پڑگئی

    لندن: یوکرین کے طیارے پر حملہ کرنا ایران کے لیے مہنگا ثابت ہوا، تہران حکومت کو بھاری معاوضہ دینا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرینی طیارے میں کینیڈا، یوکرین، سویڈن سمیت یورپی ممالک کے بھی باشندے سوار  تھے۔ پانچ ممالک نے اپنے شہریوں کو ایران سے معاوضہ دینے کا مطالبہ کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا، یوکرین، سویڈن، افغانستان اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے برطانوی دارالحکومت لندن میں ملاقات کے بعد ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کی جس میں سوگوار خاندان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ سامنے آیا۔

    پریس کانفرنس میں ایران سے مطالبہ کیا گیا کہ مسافر طیارے کی تباہی کے واقعے کی آزادانہ، شفاف اور مکمل بین الاقوامی تحقیقات کرائی جائیں اور اس کے بارے میں متاثرہ اقوام کو بھی تمام دستیاب معلومات سے آگاہ کیا جائے۔

    ایرانی میزائل سے یوکرین مسافر طیارے کی تباہی کی ویڈیو بنانے والا شخص گرفتار

    واضح رہے 8 جنوری کو یوکرین کا طیارہ کو تہران میں تباہ ہوا تھا، جس میں 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے ، ہلاک ہونے والوں میں ایرانی، کینیڈین اور دیگر ممالک کے شہری شامل تھے۔

    یاد رہے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا طیارے کی تباہی جیسے المناک واقعےکوبرادشت کرنابہت مشکل ہے، واقعے میں ملوث تمام ذمہ دار افراد کو سزائیں دی جائیں گی، خصوصی عدالت اس واقعے کی تحقیقات کرے گی، ایسا نہیں ہے کہ ایک شخص نے ٹریگر دبایا ہو اس واقعے میں اور لوگ بھی ملوث ہیں۔

    خیال رہے ایرانی ایرواسپیس کمانڈر علی حاجی زادے نے یوکرین طیارےکی تباہی کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے کہا تھا واقعہ پرقوم سے معافی مانگتے ہیں ، یوکرین طیارے کو غلطی سے کروز میزائل سمجھا گیا۔

  • امریکی فوجی اڈے پر ایک بار پھر میزائل حملے

    امریکی فوجی اڈے پر ایک بار پھر میزائل حملے

    بغداد: عراق میں امریکی ایئربیس پر ایک بار پھر حملہ ہوگیا، اڈے پر بڑی تعداد میں فوجی موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد کے شمال میں قائم امریکی فوجی ایئربیس پر میزائل داغے گئے، اڈے پر درجنوں امریکی فوجی موجود تھے۔ البتہ اموات یا زخمیوں سے متعلق کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

    مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ تاجی نامی ایئربیس پر راکٹ داغے گئے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ جبکہ امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد انتقامی کارروائی کے طور عراق میں امریکی فوجی اڈے نشانے پر ہیں۔

    عراق کے شہر بغداد میں مزید 2 راکٹ حملے

    واضح رہے کہ 9 جنوری کی رات کو عراق میں دو راکٹ حملے ہوئے تھے، عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ راکٹ بغداد کے گرین زون میں گرے۔

    قبل ازیں ایران نے امریکی فوجی عین الاسد اور دیگر پر راکٹوں کی بارش کر دی تھی، ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں 80 افراد ہلاک ہوئے، تاہم گزشتہ روز امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان حملوں میں امریکی بیس کو نقصان پہنچا لیکن کوئی امریکی ہلاک نہیں ہوا۔

    امریکا اور ایران کے درمیان موجودہ کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا جب گزشتہ جمعے کو امریکا نے بغداد ایئر پورٹ کے قریب ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو راکٹ کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا تھا۔

  • امریکا ایران کشیدگی، سعودی عرب کا اہم بیان سامنے آگیا

    امریکا ایران کشیدگی، سعودی عرب کا اہم بیان سامنے آگیا

    ریاض: مشرقی وسطیٰ میں جاری حالیہ کشیدگی کے ردعمل میں سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ عراق کے ساتھ کھڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے اپنے برادر ملک عراق کو یقین دلایا ہے کہ وہ ہر صورت میں عراق کے ساتھ کھڑا ہے اور مختلف چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی کابینہ نے مکمل طور پر عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کی مضبوطی کا ایک بار پھر اظہار کردیا۔ کابینہ نے ایران کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں سے باز رہے۔

    سعودی کابینہ اجلاس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں کی۔ اجلاس میں حالیہ کشیدگی سمیت ایران کی متنازع سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    کابینہ کے اجلاس میں مختلف اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

    مسافر طیارے کی تباہی پر ایرانی افواج نے غلطی تسلیم کی، صدر حسن روحانی

    سعودی کابینہ نے اللہ کے گھروں کی حرمت پامال کرنے، خونریزی اور امن پسند وں کو خوفزدہ کرنے کو سختی کے ساتھ ایک بار پھر مسترد کردیا۔ جبکہ سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان قابوس بن سعید کی وفات پر دلی ہمدردی اور رنج و ملال کا اظہار کیا گیا۔

    واضح رہے کہ امریکا ایران کشیدگی کے دوران یوکرینی طیارہ حادثے کے بعد مشرقی وسطیٰ میں کشیدہ صورت حال ہے۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ایرانی افواج کی اندرونی تحقیقات سے یہ نتیجہ نکلا ہے کہ انسانی غلطی کی وجہ سے غیر ارادی طور پر یوکرین کے مسافر طیارہ پر میزائل داغے گئے جس کی وجہ سے اسے خوفناک حادثہ پیش آیا اور 176 معصوم لوگ ہلاک ہوئے۔

  • ایران کی واحد خاتون اولمپک گولڈمیڈلسٹ نے ملک چھوڑ دیا

    ایران کی واحد خاتون اولمپک گولڈمیڈلسٹ نے ملک چھوڑ دیا

    تہران: حکومت کے نامناسب رویوں کے باعث ایران کی واحد اولمپک گولڈمیڈلسٹ کیمیا علی زادے نے ملک چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیمیا علی زادے تہران حکومت کے رویوں سے ناخوش تھیں جس کے باعث انہوں نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا، تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی وہ کس ملک میں رہ رہی ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کی واحد اولمپک گولڈمیڈلسٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر تفصیلی پوسٹ کی جس میں ملک چھوڑنے کا اعلان کیا۔ پوسٹ میں تہران حکومت کے اقدامات پر سوالات اٹھائے اور اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا۔

    کیمیا علی زادے کا کہنا تھا کہ میری کامیابی کو پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا گیا، ایرانی حکام میرے بارے میں تضحیک آمیز گفتگو کرتے تھے، ناانصافی اور جھوٹ کاحصہ نہیں بن سکتی، ملک میں لاکھوں خواتین کو مظلوم بنا کررکھا گیا ہے۔

    انہوں نے اپنی تفصیلی پوسٹ میں یہ بھی کہا کہ ملک میں عوامی مقامات پر زبردستی حجاب کا کہا جاتا ہے، ملک چھوڑنے کا فیصلہ بہت کٹھن تھا، لیکن میں ہمیشہ ایران کی بیٹی بن کر رہوں گی جب کبھی میری ضرورت پڑے گی۔

    خیال رہے کہ کیمیا علی زادے نے 2016 میں تائی کووانڈو میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

  • ’ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں ‌بنے گا‘: شاہ محمود قریشی کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات

    ’ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں ‌بنے گا‘: شاہ محمود قریشی کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات

    تہران: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں ایران امریکا کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں ایران امریکا کشیدگی، خطے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاک ایران کثیر الجہت تعلقات پر بھی گفتگو کی گئی، شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں گہرے مذہبی تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ایران کے مؤقف کو سمجھنے کی کوشش کریں گے: شاہ محمود

    شاہ محمود قریشی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ایرانی صدر کو پاکستانی موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی طرف سے آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزا ہیں۔

    وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، خطے میں امن کے لیے پاکستان مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، حسن روحانی نے کہا کہ ایران خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا۔

    یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں، ایران کے بعد اب وہ سعودی عرب روانہ ہوں گے، ان کے ہمراہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود ہیں۔

  • وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت، وزیر خارجہ ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ

    وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت، وزیر خارجہ ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے، دورے کے دوران اہم ملاقاتیں ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تہران میں ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے۔ وہ کل سعودی عرب کا دورہ کریں گے جہاں وہ سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کریں گے۔

    دورے کے دوران اہم ملاقاتوں میں ایران امریکا کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    روانگی سے قبل وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و سلامتی کو لاحق خطرات پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، ملاقات میں حالیہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی حمایت کی جائے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے چند روز قبل، ایران امریکا کشیدگی کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکہ اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی متعلقہ ممالک کے فوجی سربراہان سے رابطوں کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ اور آرمی چیف واضح پیغام دیں کہ پاکستان اب کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، پاکستان امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔