Tag: Iran

  • امریکا کا مغربی ایشیا میں اختتام کا آغاز ہوگیا: ایران

    امریکا کا مغربی ایشیا میں اختتام کا آغاز ہوگیا: ایران

    تہران: ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ امریکا شور مچائے یا چیخے چلائے، اس کا مغربی ایشیا میں اختتام کا آغاز ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ جمعے کو حملے کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی، امریکی صدد ھمکیاں دے کر پھر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنا چاہتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ثقافتی جگہوں کو نشانہ بنانا جنگی جرم ہے۔

    دریں اثنا چینی وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب سے فون پر رابطہ کیا۔ اس موقع پر چینی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ چین مشرقی وسطیٰ میں امن کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔

    جبکہ جواد ظریف نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران نے اقوام متحدہ کو خط لکھ دیا ہے، امید ہے چین خطے میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرے گا۔ چین نے امریکا پر زور دیا ہے کہ طاقت کا بےجا استعمال نہ کیا جائے۔

    ٕ’ایران جنرل سلیمانی کی موت کا جواب کسی بھی وقت دے دے گا‘

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس امر کا کھل کر اشارہ دے دیا کہ ایران اپنے جنرل کی موت کا جواب ضرور دے گا، انھوں نے کہا تھاکہ ایران اپنے منتخب کردہ وقت پر جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔

    جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا نے حملہ کر کے 3 بڑی غلطیاں کی ہیں، ایک تو امریکا نے عراق کی خود مختاری اور دوم عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، سوم امریکا نے خطے کے عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی۔ ایران امریکا کی مذموم مہم اور بلیک میلنگ میں ملوث نہیں ہوگا۔

  • کراچی میں امریکی و ایرانی قونصل خانوں کی سیکورٹی کے لیے اقدامات

    کراچی میں امریکی و ایرانی قونصل خانوں کی سیکورٹی کے لیے اقدامات

    کراچی: شہر قائد میں امریکی اور ایرانی قونصل خانوں کی سیکورٹی کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے، محکمہ داخلہ سندھ نے امریکی و ایرانی قونصل خانوں کے تحفظ کے لیے پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کو خط لکھ دیا۔

    ایرانی جنرل پر امریکی حملے کے خلاف کراچی میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر امریکی قونصلیٹ جانے والے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں، پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی، ایم ٹی خان روڈ، مائی کولاچی روڈ، ایوان صدر اور ضیا الدین روڈ عام ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی، جب کہ ٹاور سے بوٹ بیسن جانے والوں کو آئی آئی چندریگر روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ایران نے مسجد کے گنبد پر سرخ جھنڈا لہرا دیا، امریکا ایران جنگ خطرہ بڑھ گیا

    خیال رہے کہ مذہبی جماعت نے کراچی پریس کلب پر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے خلاف ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا نے عراق کے شہر بغداد میں ایک ڈرون راکٹ حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، امریکی صدر نے آج ایران کو بڑے حملے کی دھمکی بھی دے دی ہے۔

  • امریکا میں جنگ کے خلاف مظاہرے، فوج کی واپسی کا مطالبہ

    امریکا میں جنگ کے خلاف مظاہرے، فوج کی واپسی کا مطالبہ

    واشنگٹن: ایران امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے جنگ کے امکانات کے پیش نظر سینکڑوں افراد نے امریکی شہروں میں مظاہرے کیے، نوجوانوں نے امریکی فوج واپس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے امریکی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق مظاہرین نے ٹرمپ ہوٹل کے باہر ٹرمپ کا پتلا اٹھا کر امریکی پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔ خواتین مظاہرین نے جنرل قاسم سلیمانی کے حق میں بھی کتبے اٹھا رکھے تھے۔

    غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن اور لاس اینجلس میں امریکی شہریوں نے جنگ کے خالف مظاہرے کئے، نوجوانوں نے وائٹ ہاؤس کے باہر بھی جنگ کے خلاف احتجاج کیا۔

    دریں اثنا نیویارک، شکاگو سمیت دیگر شہروں میں بھی ایران پر امریکی پابندیوں اور جنگ کے خلاف مظاہرے کیے گئے، مظاہرین نے عراق اور افغانستان سے امریکی فوجیں واپس بلانے کا بھی مطالبہ کیا۔

    ایرانی جنرل کی ہلاکت، امریکی فوج کی آپریشنل سرگرمیوں پر پابندی عائد

    واضح رہے کہ امریکی حملے میں جنرل سلیمانی کی موت پر ایران نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے، ایرانی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ امریکا نے حملہ کر کے بڑی غلطیاں کیں، جنرل سلیمانی کی موت کا جواب کسی بھی وقت کسی بھی شکل میں دیا جائے گا، امریکا نےعراق کی خود مختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، امریکا کے خلاف قانونی اقدامات بھی کریں گے۔

    ادھر جنرل سلیمانی کی ہلاکت پر ایران میں مظاہرے جاری ہیں، قطر کے وزیرِ خارجہ محمد بن جاسم الثانی نے تہران کا دورہ کیا ہے، انھوں نے اس نازک وقت میں ایرانی صدر سے ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر گفتگو کی۔ جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد نیٹو نے بھی عراق میں تربیتی مشن معطل کر دیا ہے، نیٹو اہل کار داعش کے خلاف عراقی اہل کاروں کو تربیت دے رہے تھے۔

  • ایران نے مسجد کے گنبد پر سرخ جھنڈا لہرا دیا، امریکا ایران جنگ خطرہ بڑھ گیا

    ایران نے مسجد کے گنبد پر سرخ جھنڈا لہرا دیا، امریکا ایران جنگ خطرہ بڑھ گیا

    تہران: امریکا ایران کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، ایران نے اپنے تاریخی شہر قم کی تاریخی مسجد جمکران پر سرخ علم لہرا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ ایران کے شہر قم میں مسجد کے گنبد پر سرخ جھنڈا لہرا دیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ایران جنگ کے لیے تیار ہے، عوام بھی تیار رہیں۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاریخی مسجد جمکران کے گنبد پر سرخ علم لہرایا جانا ایران کی جانب سے انتباہ ہے، ملکی تاریخ میں ایسا پہلی بار کیا گیا ہے، جو آنے والے دنوں میں کسی انتہائی شدید جنگ کی علامت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس اقدام کا ایک مقصد جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرنا بھی ہے۔

    ایران میں 52 مقامات نشانے پر ہیں، امریکی صدر کی ایران کو بڑی دھمکی

    ادھر ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی میت ایران کے شہر اہواز پہنچا دی گئی ہے، جس کے لیے ہزاروں افراد جمع ہو گئے، امریکی حملے میں ہلاک ایرانی جنرل کی تدفین منگل کو کرمان میں ہوگی۔

    دوسری طرف امریکی ایوان نمایندگان کی اسپیکر نے امریکی صدر سے ایرانی جنرل پر حملے کی تفصیلات فوری طور پر طلب کر لی ہیں، نینسی پلوسی نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ آیندہ کی پالیسی سے متعلق بھی ایوان نمایندگان کو فوری آگاہ کرے۔

    ’ہم سب سے بڑے ہیں‘ ٹرمپ کی نئی بھڑک کا جواب ایرانی ہیکرز نے دے دیا

    واضح رہے کہ آج امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو بڑے حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں 52 مقامات امریکی میزائلوں کے نشانے پر ہیں۔ ادھر ایرانی ہیکرز نے امریکا کو جواب دیتے ہوئے فیڈرل ڈیپوزیٹری لائبریری پروگرام کی ویب سائٹ ہیک کر دی ہے، ہیکرز نے آیت اللہ خامنہ ای کی تصویر اور ایرانی پرچم ویب سائٹ پر لگایا۔

  • کشیدگی میں اضافہ، امریکی فوجی اڈے پر ایک اور حملہ

    کشیدگی میں اضافہ، امریکی فوجی اڈے پر ایک اور حملہ

    لامو: عراقی دارالحکومت بغداد کے بعد کینیا میں بھی امریکی فوجی اڈے پر حملہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیا کے ساحلی شہر لامو میں فوجی اڈے پر حملہ ہوا۔ شدت پسند تنظیم الشہاب نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی تاہم اس حملے کے بعد ایران امریکا کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے کا الزام بھی ایران پر عائد کیا جاسکتا ہے۔ ٹرمپ انتطامیہ اس حملے کو ایرانی جنرل کی ہلاکت کا ردعمل بھی قرار دے سکتی ہے۔

    کینیا کے ساحلی شہر لامو میں فوجی بیس میں امریکا اور کینیا کے اہلکار موجود تھے۔ تاہم اس حملے میں ہلاکتوں کی اطلاعات اب تک نہیں آئیں، البتہ یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ حملے میں فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

    بغداد، امریکی ائیربیس پر راکٹ‌ حملے

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بغداد سے 50 میل مسافت پر واقع بلد ایئربیس پر دو راکٹ فائر کے گئے تھے جو امریکی ائیر بیس کے اندر گرے تھے، ایئربیس پر امریکی فوجی تعینات ہیں، راکٹ فائر ہونے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے البتہ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    رپورٹ کے مطابق فائر کیے گئے راکٹ کاٹیوشا ساخت کے تھے جو پہلی بار سوویت یونین نے بنائے اور انہیں جنگ عظیم دوئم میں پہلی بار بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ امریکا نے ایک روز قبل بغداد ائیرپورٹ پر فضائی حملہ کر کے ایران کی القدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کردیا تھا، ایرانی حکومت نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

  • ایرانی جنرل کی ہلاکت، امریکی فوج کی آپریشنل سرگرمیوں پر پابندی عائد

    ایرانی جنرل کی ہلاکت، امریکی فوج کی آپریشنل سرگرمیوں پر پابندی عائد

    بغداد: امریکی فوج کے فضائی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی الحشد ملیشیا کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کی ہلاکت کے بعد بغداد حکومت نے ملک میں موجود امریکی فوج کو ہرطرح کے آپریشن سے روک دیا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق عراقی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل عبدالکریم خلف نے اعلان کیا کہ عراق نے امریکی بمباری کے بعد ملک میں امریکی افواج کے کام پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کو کام سے روکنے کا فیصلہ ایران کی قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی اور الحشد الشعبی ملیشیا کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کو جمعہ کے روز بغداد میں ہلاک کیے جانے کے بعد کیا۔

    جنرل خلف نے کہا کہ عراق کی مسلح افواج نے ملک میں امریکی افواج کے کام پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بارے میں امریکیوں کو آگاہ کردیا ہے۔

    انہوں نے بغداد میں امریکی فوج کے جمعہ کے روز کیے گئے حملے کوعراق کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق ایک خود مختار ملک ہے اور کسی غیرملکی فوج کو عراق کی رضا مندی کے بغیر کوئی آپریشن نہیں کرنا چاہیے۔

    عراقی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ قاسم سلیمانی کو شام سے عراق لانے والے طیارے کے پائلٹ اور ہوائی جہاز کے عملے کو تحقیقات کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

  • ’ہم سب سے بڑے ہیں‘ ٹرمپ کی نئی بھڑک کا جواب ایرانی ہیکرز نے دے دیا

    ’ہم سب سے بڑے ہیں‘ ٹرمپ کی نئی بھڑک کا جواب ایرانی ہیکرز نے دے دیا

    واشنگٹن: ’ہم سب سے بڑے ہیں‘ ٹرمپ کی نئی بھڑک کا جواب ایرانی ہیکرز نے دے دیا، امریکی سرکاری ویب سائٹ ہیک کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ کئی گھنٹوں سے ایران کے ساتھ کشیدگی سے متعلق متواتر ٹویٹ کیے جا رہے ہیں، انھوں نے تازہ ترین ٹویٹ میں کہا ہے ہم سب سے بڑے اور دنیا میں سب سے بہترین ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں ٹرمپ نے دھمکی آمیز طور پر باور کرانے کی کوشش کی کہ ایران نے امریکی بیس یا کسی امریکی پر حملہ کیا تو بلا جھجھک نیا خوب صورت ہتھیار بھیجیں گے، امریکا نے فوجی ساز و سامان پر 2 کھرب ڈالر خرچ کیے ہیں۔

    ایران میں 52 مقامات نشانے پر ہیں، امریکی صدر کی ایران کو بڑی دھمکی

    ادھر ایرانی ہیکرز نے امریکی حکومتی ایجنسی کی ویب سائٹ ہیک کر لی ہے، ہیکرز نے امریکا کو جواب دیتے ہوئے فیڈرل ڈیپوزیٹری لائبریری پروگرام کی ویب سائٹ ہیک کی، ہیکرز نے آیت اللہ خامنہ ای کی تصویر اور ایرانی پرچم ویب سائٹ پر لگایا۔

    ایرانی ہیکرز نے امریکا مخالف گرافکس بھی ویب سائٹ پر پوسٹ کیں، اور پیغام دیا کہ جنرل قاسم سلیمانی کو نا قابل تسخیر کاوشوں کے بدلے شہادت ملی ہے، سلیمانی اور دیگر شہیدوں کے خون کا بدلہ لیا جائے گا، ایران کی سائبر طاقت کا یہ صرف چھوٹا سا مظاہرہ ہے۔

  • ٕ’ایران جنرل سلیمانی کی موت کا جواب کسی بھی وقت دے دے گا‘

    ٕ’ایران جنرل سلیمانی کی موت کا جواب کسی بھی وقت دے دے گا‘

    تہران: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران جنرل سلیمانی کی موت کا جواب کسی بھی وقت دے دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس امر کا کھل کر اشارہ دے دیا ہے کہ ایران اپنے جنرل کی موت کا جواب ضرور دے گا، انھوں نے کہا کہ ایران اپنے منتخب کردہ وقت پر جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔

    جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا نے حملہ کر کے 3 بڑی غلطیاں کی ہیں، ایک تو امریکا نے عراق کی خود مختاری اور دوم عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، سوم امریکا نے خطے کے عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی۔ ایران امریکا کی مذموم مہم اور بلیک میلنگ میں ملوث نہیں ہوگا۔

    جنرل سلیمانی کی موت کا بدلہ لیں گے، ایرانی صدرحسن روحانی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ایرانی صدر حسن روحانی نے واضح طور پر کہا تھا کہ ایران اور خطے کے آزادی پسند ممالک جنرل سلیمانی کی موت کا بدلہ لیں گے، جنرل سلیمانی کی شہادت نے ایرانی عزم کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کا اعلان کیا ہے جب کہ عراق کے وزیر اعظم نے اسے ملکی وقار پر حملہ قرار دیا تھا۔

    واضح رہے کہ بغداد میں امریکی ڈرون راکٹ حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا ہے، خود امریکا کے اندر کانگریس اراکین کی طرف سے امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، برطانوی اپوزیشن نے بھی بورس جانسن حکومت سے استفسار کیا ہے کہ وہ بتائے کہ کیا حملے سے قبل انھیں آگاہ کیا گیا تھا۔

  • ایران امریکا کشیدگی، عالمی معیشت پر گہرے اثرات

    ایران امریکا کشیدگی، عالمی معیشت پر گہرے اثرات

    واشنگٹن: امریکا ایران کشیدگی کے نتیجے میں عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے لگے، عالمی حصص بازاروں میں مندی کا رجحان برقرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اس کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کا بحران بھی پیدا ہوسکتا ہے۔ حصص بازاروں کی اگر بات کی جائے تو امریکی ڈاؤجونز میں 234 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ نیسڈیک میں72 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

    جرمن اسٹاک مارکیٹ میں167 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔ جبکہ جاپانی نکئی میں 181پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ چینی اور ہانگ کانگ حصص بازاروں میں بھی مندی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے، عراقی میڈیا کا کہنا تھا کہ دیگر ہلاک شدگان میں ایران نواز ملیشیا الحشد الشعبی کا رہنما بھی شامل ہے۔

    بغداد میں ایران نواز ملیشیا کے کانوائے پر ایک اور حملہ

    امریکی حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، مشرق وسطیٰ میں اچانک بڑھنے والی کشیدگی کے پیش نظر امریکا نے مزید 3500 فوجی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، خبر ایجنسی کے مطابق اضافی نفری عراق، کویت اور خطے کے دیگر حصوں میں تعینات کی جائے گی۔

    دوسری جانب ایران نے ٹرمپ انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ تہران حکومت اس حملے کا بدلہ لے گی۔

  • ایران نے امریکی حملہ بے وقوفانہ قرار دے دیا، اسرائیل میں ہائی الرٹ

    ایران نے امریکی حملہ بے وقوفانہ قرار دے دیا، اسرائیل میں ہائی الرٹ

    تہران: ایران نے عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر امریکی فضائی حملے کو بے وقوفانہ قرار دے دیا، دوسری طرف اسرائیل میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے خطرناک اور بے وقوفانہ حرکت کی ہے۔

    جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایرانی جنرل کو نشانہ بنا کر عالمی دہشت گردی کی ہے، امریکا کو اپنی سرکش مہم جوئی کے نتائج کی ذمہ داری خود اٹھانے پڑے گی، امریکا کا اقدام خطرناک، احمقانہ اور کشیدگی کو بڑھانے والا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے بھی امریکی حملے کی مذمت کر دی ہے، امریکی حملے کے خلاف ایران میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔

    ایران نے تہران میں سوئٹزر لینڈ کے سفیر کو بھی طلب کر لیا ہے، سوئس سفیر تہران میں امریکا کے نمایندے کے طور پر موجود ہیں۔

    تازہ ترین:  بغداد ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملہ، ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک

    دوسری طرف امریکی حملے میں ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کے بعد اسرائیل میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ عراق کے شہر بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے، عراقی میڈیا کا کہنا ہے کہ دیگر ہلاک شدگان میں ایران نواز ملیشیا الحشد الشعبی کا رہنما بھی شامل ہے۔

    ادھر واشنگٹن میں پینٹاگون نے بھی جنرل سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر ایرانی جنرل کو نشانہ بنایا گیا، یہ کارروائی ایران کو مستقبل میں حملوں سے روکنے کے لیے کی گئی ہے۔