Tag: Iran

  • سعودی میزائل پروگرام ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہے، عالمی جریدہ

    سعودی میزائل پروگرام ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہے، عالمی جریدہ

    ریاض/واشنگٹن : عالمی نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب میزائل پروگرام صرف ایران سے سلامتی کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے تیار کررہاہے ۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی جریدہ انٹرنیشنل پالیسی ڈائجسٹ نے کہاہے کہ سعودی عرب نے چین کے براہ راست تعاون سے اپنے ملک میں بیلسٹک میزائلوں کی تیاری اور انہیں اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

    جریدے نے استفسار کیا کہ آیا سعودی عرب نے اس نوعیت کی اسلحہ سازی کی تنصیبات کے قیام میں تکنیکی طورپر کیسے مہارت حاصل کی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سعودی عرب اپنے میزائل پروگرام کو صرف دفاعی مقاصد کے لیے تیار کررہا ہے جس کا مقصد ایران کی طرف سے سعودی عرب کی سلامتی کو لاحق خطرات کا تدارک کرنا ہے۔

    ایران یمن کے حوثی باغیوں کے ذریعے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے حملے کرارہا ہے۔ سعودی عرب دیگر دنیا کے ممالک کی طرح بلا وجہ اسلحہ کے انبار نہیں لگا رہا ہے بیلسٹک میزائل ریاض کے دفاع اور سلامتی کی ضرورت بن چکا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے چین کی مدد سے بیلسٹک میزائل پروگرام پرکام کا ایک دوسرا سبب بھی ہے۔ مغربی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کم ہونے کے باعث ریاض کواپنے تزویراتی اتحادیوں کا دائرہ وسیع کرنا پڑا ہے۔

    امریکی انٹیلی جنس کے مطابق سعودی عرب چین کی مدد سے اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کو اپ گریڈ کررہا ہے حالانکہ امریکا مشرق وسطیٰ میں میزائلوں کی تیاری اور ان کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے کوشاں ہے۔

  • کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی، ایران میں یو این کے دفتر کے سامنے احتجاج

    کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی، ایران میں یو این کے دفتر کے سامنے احتجاج

    تہران: ایران میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیر کے سلسلے میں بھارتی حکومت کے حالیہ فیصلوں اور اقدامات کے خلاف تہران میں دفتر اقوام متحدہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق احتجاج میں سینکڑوں کی تعداد میں حوزہ علمیہ اور یونیورسٹیوں کے طلبہ شریک ہوئے۔ مظاہرین نے کشمیری عوام کی حمایت کرتے ہوئے حکومت ہند کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔

    مظاہرین نے کشمیری عوام کی حمایت کرتے ہوئے حکومت ہند کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے سلسلے میں اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

    2 ہفتے میں 4 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا: فرانسیسی خبر رساں ادارہ

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، فرانسیسی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2 ہفتے میں 4 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا۔

    دوسری طرف بھارتی حکام کی جانب سے مسلسل انکار کیا جا رہا ہے کہ کتنے کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا ہے، اس کے برعکس ابتدائی چند دنوں میں 100 سے زاید مقامی سیاست دانوں، ایکٹوسٹس اور ماہرین تعلیم کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • ایران دنیا بھر میں سب سے زیادہ سزائے موت دینے والے ممالک میں ہے، اقوام متحدہ

    ایران دنیا بھر میں سب سے زیادہ سزائے موت دینے والے ممالک میں ہے، اقوام متحدہ

    نیویارک : ایران میں سال 2017 میں منشیات سے متعلق جرائم کے سلسلے میں سزائے موت کی تعداد 231 تھی جو 2018 میں کم از کم 24 تک آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے ذمے دار جاوید رحمن کا کہنا ہے کہ ایران میں گذشتہ برس آزادی اظہار کے حق پر قدغن اور شخصی آزادی اور منصفانہ عدالتی کارروائی کے حوالے سے خلاف ورزیوں میں اضافہ دیکھا گیا، اس دوران بالغ افراد اور بچوں کے خلاف سزائے موت پر عمل کی 253 کارروائیاں رپورٹ کی گئیں۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقسیم کی گئی رپورٹ میں جاوید رحمن نے بتایا کہ اگرچہ سزائے موت کی کارروائیاں 2007 کے بعد کم ترین تعداد میں تھیں تاہم ایران میں سزائے موت کا تناسب اب بھی دنیا بھر میں بلند ترین سطح کے حامل ممالک میں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سزائے موت کے تناسب میں واضح کمی 2017 میں انسداد منشیات کے قانون میں ہونے والی ترمیم کا نتیجہ ہے، سال 2017 میں منشیات سے متعلق جرائم کے سلسلے میں سزائے موت کی تعداد 231 تھی جو 2018 میں کم از کم 24 تک آ گئی۔

    جاوید رحمن نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ ایران میں 80 سے زیادہ جرائم ہیں جن کی سزا موت ہے جب کہ ان میں کئی جرائم ایسے ہیں جو شہری اور سیاسی حقوق سے متعلق بین الاقوامی میثاق (آئی سی سی پی آر) کی رو سے خطرناک جرائم شمار نہیں ہوتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ذمے دار کے مطابق اپریل 2018 میں ایران میں جن سات قصوروار کم عمر بچوں کو سزائے موت دی گئی ان میں دو کی عمر 17 برس تھی۔ ان پر عصمت دری اور چوری کے الزام عائد کیے گئے تھے اور اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں کم عمر افراد کو تشدد کے ذریعے اعتراف جرم پر مجبور کیا گیا۔

    جاوید رحمن نے اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی ہائی کمشنر پیچلیٹ مچل کے اس بیان کو دہرایا کہ جرم کے مرتکب بچوں کو موت کی سزا دینا مکمل طور پر ممنوع ہے اور اسے فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔

    مزید برآں جاوید رحمن نے دہری شہریت کے حامل ایرانیوں اور غیر ملکی افراد کی جبری گرفتاری اور حراست، ان کے ساتھ برے برتاو اور انہیں طبی دیکھ بھال سے محروم کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اندازہ لگاتے ہوئے بتایا کہ اس طرح کے 30 کیس موجود ہیں۔

  • ایران کو یورپی پابندیوں سے بچ نکلنے کی اجازت نہیں دیں گے، برطانیہ

    ایران کو یورپی پابندیوں سے بچ نکلنے کی اجازت نہیں دیں گے، برطانیہ

    لندن :برطانیہ نے باور کرایا ہے کہ ایران کو اپنی پیش کردہ ان ضمانتوں کی پاسداری کرنا چاہیے کہ تیل بردار جہازگریس 1 شام ہر گز نہیں جائے گا۔

    تفصیلات کے مطا بق برطانوی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ہم ایران یا کسی بھی شخص کو اس بات کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے کہ وہ ایسی حکومت کے حوالے سے یورپی یونین کی پابندیوں کو چکمہ دے جس نے اپنے عوام کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہو۔

    ترجمان کے مطابق ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو غیر قانونی طور پر تحویل میں لینے یا ان پر حملہ کرنے کا ‘ جبل طارق کی حکومت کے شام پر عائد یورپی یونین کی پابندیوں پر عمل درامد کے ساتھ کوئی موازنہ یا تعلق نہیں۔

    ادھر جبل طارق میں شائع ہونے والے ایک اخبار نے بتایا کہ جبل طارق کے حکام نے اپنی تحویل میں موجود ایرانی تیل بردار جہاز کو آزاد کر دیا،بعد ازاں اعلان کیا گیا کہ جبل طارق میں عدالت عظمی نے مذکورہ جہاز کی رہائی کا فیصلہ جاری کیا تھا۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی تیل بردار جہاز”گریس 1“ کی رہائی کا فیصلہ ، ایرانی حکومت کی جانب سے جبل طارق کے حکام کو موصول ہونے والی تحریری سرکاری یقین دہانی کے بعد عمل میں آیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تحریری یقین دہانی میں کہا گیا تھا کہ جہاز میں لدے تیل کو شام میں نہیں اتارا جائے گا۔

    دوسری جانب لندن میں ایرانی سفیر حمید بعید نجاد نے اپنی فارسی میں کی گئی ایک ٹویٹ میں کہا کہ امریکا نے آخری لمحات میں تیل بردار جہاز کی رہائی روکنے کے لیے انتہائی کوششیں کیں مگر اسے بدترین ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔

    سفیر نے مزید کہا کہ تمام تیاریاں پوری کر لی گئی ہیں اور تیل بردار جہاز جبل طارق سے جلد روانہ ہو جائے گا۔

  • ایران کے دشمنوں کو خطے سے فورأ نکل جانا چاہیے، ایرانی نیول چیف

    ایران کے دشمنوں کو خطے سے فورأ نکل جانا چاہیے، ایرانی نیول چیف

    تہران : ایرانی بحری افواج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ خطے میں عالمی جہاز رانی کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کےلیے ایرانی پالیسی کو نظر انداز کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے نیول چیف حسین خانزادی نے خبردار کیا ہے کہ خلیجی پانیوں میں عالمی فورسز کی موجودگی کے خطے کی سلامتی پر سنگین مضمرات مرتب ہوسکتے ہیں،ایرانی نیول چیف نے کہا کہ اعصابی جنگ اور خطے میں منافقت کا دور گذر چکا۔ ایران کے دشمنوں کو خطے سے فورا نکل جانا چاہیے۔

    ایرانی نیول چیف نے ان خیالات کا اظہار جزیرہ کیش میں غوطہ خوری کے عالمی مقابلے کی اختتام تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی آزاد اقوام آج اپنے مفادات کے لیے زیادہ بیدار ہیں۔

    ایرانی نیول چیف ایڈمرل حسین خانزادی نے خطے میں دیر پا امن کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تاہم انہوں نے خطے میں عالمی جہاز رانی کو عدم استحکام سےدوچار کرنے کی ایرانی پالیسی کو نظرانداز کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ علاقائی پانیوں میں اجتماعی امن دوستی، تعاون، سمندر کے کنارے آباد ممالک کے مشترکہ فہم سے ممکن ہے۔ دنیا کی متکبر ریاستی اپنے مفادات کے حصول کے لیے خطے کے ممالک کو استعمال کرتی ہیں۔

  • ایرانی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے مہلت ختم ہونے کے قریب ہے، پومپیو

    ایرانی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے مہلت ختم ہونے کے قریب ہے، پومپیو

    واشنگٹن : مائیک پومپیو نے ٹویئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران پوری دنیا میں 40 سال سے دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ہتھیاروں کے پھیلاؤ پر دی گئی مہلت کے خاتمے کا وقت قریب آگیا ہے۔

    انہوں نے امریکی اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ ایرانی رجیم پر دباؤ بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کریں تاکہ ایران کو خطے میں عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

    مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کے ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے دی گئی مہلت ختم ہونے کے قریب ہے۔

    ایران کی سمندر پار کارروائیوں کی ذمہ دار ملیشیا کے سربراہ قاسم سلیمانی کے آزادانہ سفر پابندی کے لیے دی گئی مہلت عن قریب ختم ہوجائے گی۔

    امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس لیے ہم اپنے اتحادی ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالیں تاکہ تہران خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں کامیاب نہ ہوسکے۔

    مائیک پومپیو کی طرف سے ٹویٹر پر جاری بیان سے امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے ایک باضابطہ بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کے ہتھیاروں کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دی گئی مہلت ختم ہو رہی ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران پوری دنیا میں 40 سال سے دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ ایران کا خطے میں گھٹیا کردار پوری دنیا کے سامنے ہے اور وہ بلا جھجھک دہشت گردوں کی معاونت کر رہا ہے۔

  • حوثیوں نے ثابت کیا ہے وہ خطے میں ایران کے ایجنٹ ہیں، انورقرقاش

    حوثیوں نے ثابت کیا ہے وہ خطے میں ایران کے ایجنٹ ہیں، انورقرقاش

    ابوظبی : اماراتی وزیر مملکت انور قرقاش کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی تمام وفا داریاں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ خطے میں ایران کے ایجنٹ ہیں اور ایران کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں۔

    اماراتی وزیر کا کہنا ہے کہ حوثی قیادت کا دورہ تہران اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات سے ثابت ہوتا ہے کہ احوثی ایران کے ایجنٹ ہیں۔

    مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ ایک بیان میں انور قرقاش نے کہا کہ جب بھی حوثیوں اور ایرانی لیڈروں کے درمیان ملاقات کی بات ہو گی اس وقت یہ واضح کیا جائے گا کہ حوثیوں کی تمام وفا داریاں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ساتھ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک عرصے سے یہ کہتے آرہے ہیں کہ حوثی باغی ایران کے ایجنٹ ہیں جو تہران کے اشاروں پر ناچتے ہیں۔

    خیال رہے کہ منگل کے روز یمن کی حوثی ملیشیا کے ایک گروپ نے تہران میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کی تھی۔ وفد نے حوثی لیڈر عبدالملک الحوثی کا ایک پیغام بھی ایرانی سپریم لیڈر تک پہنچایا۔

    انور قرقاش کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے حوثی لیڈر کے بھائی ابراہیم الحوثی کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور ساتھ ہی حوثی ملیشیا کو اپنی طرف سے ہرممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

    اس موقع پر حوثی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے آیت اللہ علی خامنہ کو نبوت کے سلسلے کی کڑی قرار دیا اور کہا کہ آپ کا ولایت فقیہ کے سربراہ کے عہدے پرفائز ہونا نبوت اور علی بن طالب کی ولایت کا تسلسل ہے۔

  • بھارت کا کشمیر سے متعلق غیر قانونی اقدام، اسپیکر اسد قیصر کا ایرانی ہم منصب کو فون

    بھارت کا کشمیر سے متعلق غیر قانونی اقدام، اسپیکر اسد قیصر کا ایرانی ہم منصب کو فون

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایران نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی، توقع ہے کہ وہ اب بھی عالمی سطح پر بھرپور کردار ادا کرے گا۔ 

    یہ بات انہوں نے ایران کی مجلس اسلامی کے سربراہ ڈاکٹرعلی لاریجانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی پارلیمانی سفارت کاری کا آغاز کرتے ہوئے دوسرے دن بھی دیگر ممالک کے پارلیمان کے سربراہوں سے رابطے تیز کردیئے۔

    کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق اسپیکر اسد قیصر نے ایران کی مجلس اسلامی کے سربراہ ڈاکٹرعلی لاریجانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدام سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، اب تک لاکھوں بےگناہوں کو قتل کیا گیا، پیلٹ گنز کے ذریعے نوجوانوں کی بینائی چھینی گئی لیکن بھارتی مظالم آزادی کشمیر کی تحریک کو سرد نہیں کرسکے۔

    اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو آئندہ اسپیکر کانفرنس کے ایجنڈے میں رکھا جائے، ایران اور کشمیر کے صدیوں پر محیط لسانی، ثقافتی اور مذہبی روابط ہیں، ایرانی قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی، توقع ہے ایران مسئلہ کشمیر سے متعلق عالمی سطح پر بھرپور کردار ادا کرے گا۔

    مجلس اسلامی ایران کے سربراہ ڈاکٹرعلی لاریجانی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کا عزیز برادر ملک ہے، مشکل گھڑی میں ایران کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، ایران کشمیر کے معاملے پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے، ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے عالمی فورمز پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا۔

  • ایران سے جنگ تمام جنگوں پر بھاری ہوگی، صدر حسن روحانی

    ایران سے جنگ تمام جنگوں پر بھاری ہوگی، صدر حسن روحانی

    تہران : ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ خطے میں اپنے فوجیوں کے لیے امن چاہیے تو سلامتی کے بدلے سلامتی ہو، ہماری سیکورٹی متاثر کر کے اپنے تحفظ کی توقع کرنا بے کار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نےایران اور امریکا کے درمیان جاری برسوں کی کشیدگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکا کو متنبہ کیا ہے کہ ایران سے جنگ تمام جنگوں پر بھاری ہوگی۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ خطے میں اپنے فوجیوں کے لیے امن چاہیے تو سلامتی کے بدلے سلامتی ہو، ہماری سیکورٹی متاثر کر کے اپنے تحفظ کی توقع کرنا بے کار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امن کے بدلے امن، تیل کے بدلے تیل کا فارمولہ ہے، جھوٹے دعوے مت کرو، سیکورٹی کے بدلے ہی سیکورٹی ملے گی، امریکا اگر ایران سے مذاکرات چاہتا ہے تو تمام پابندیاں اٹھانا ہوں گی۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اگر پابندیاں اٹھالیں تو امریکا کو مجرم تصور نہیں کیا جائے گا۔

    ایران امریکی پابندیوں کے مقابلے میں پختہ عزم کے ساتھ کھڑا ہے،حسن روحانی

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی اقتصادی اور فوجی قوت نے گزشتہ 14 ماہ سے ایران کے عوام کے خلاف سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔

    حسن روحانی نے کہا کہ امریکیوں کو اپنے اختیار کردہ ہر طریقے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، خطے میں اس کی مذمت کی جاری رہے گی۔

  • اگر امریکا پابندیاں ختم کر دے، تو مذاکرات ممکن ہیں: ایران

    اگر امریکا پابندیاں ختم کر دے، تو مذاکرات ممکن ہیں: ایران

    تہران: ایران نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکا پابندیاں ختم کر دے، تو مذاکرات کی بات کی جاسکتی ہے.

    تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ اگر امریکا ایران پر عائد کردہ پابندیاں اٹھا لے، تو بات چیت ممکن ہے۔

    ایرانی صدر روحانی نے یہ بات دفتر خارجہ میں جواد ظریف سے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں‌ کہی.

    ایرانی میڈیا کے مطابق صدر روحانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی صدر اگر مذاکرات کے خواہش مند ہیں، تو اس کے لیے آگے بڑھ کر راہ ہموار کرنا ہو گی، یہی تب ہی ممکن ہوگا.

    انھوں نے ایران کے خلاف امریکا کی یک طرفہ پابندیوں کو معاشی دہشت گردی اور قابل مذمت قرار دیا.

    تجزیہ کار جواد ظریف سے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے بیان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں، کیوں کہ ایرانی وزیر خارجہ امریکا سے مذاکرات کے امکان کو رد کرتے رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: امریکی وزیر خارجہ کو ایرانی ذرائع ابلاغ کے سنجیدہ سوالات کا سامنا ہے، جواد ظریف

    خیال رہے کہ امریکا نے گزشتہ برس کے وسط میں ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین سن 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

    ٹرمپ انتظامیہ نے اس کے بعد سے ایران کے خلاف سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے.